| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
گاناچوروں کےخلاف مقدمہ
امریکہ میں موسیقی کے ریکارڈز کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں ای ایم آئی، یونیورسل اور سونی کی انجمن ’ریکارڈنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن نے ان لوگوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا ہے جو بغیر اجازت انٹرنیٹ پر گانوں کے ریکارڈز تقسیم کرتے ہیں۔ فی الحال یہ مقدمہ ان دو سو اکسٹھ افراد کے خلاف قائم کیا گیا ہے جنہیں یہ کمپنیاں بڑے مجرم قرار دے رہی ہیں۔ اگر ان میں سے کسی کے خلاف جرم ثابت ہوگیا تو انہیں ڈیڑھ لاکھ ڈالر فی گانا تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔ موسیقی کی صنعت سے وابستہ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ان ریکارڈز کی جائز فروخت میں کمی کا سبب یہ ہے کہ لوگ ان گانوں کے ریکارڈ انٹرنیٹ پر ڈال دیتے ہیں جہاں سے دوسرے لوگ مفت میں ان کی نقلیں تیار کر لیتے ہیں۔ کمپیوٹر کی زبان میں اس عمل کو ’فائل شیئرنگ‘ کہا جاتا ہے۔ مقدمہ قائم کرنے کے علاوہ ایسوسی ایشن نے ان لوگوں کے ساتھ نرمی برتنے کی بھی پیشکش کی ہے جو رضاکارانہ طور غیر قانونی طور پر ڈاؤن لوڈ کیے گئے گانوں کو اپنے کمپیوٹر سے مٹا دیں گے اور آئندہ گانے چوری نہ کرنے کی تحریری ضمانت دیں گے۔ امریکہ میں کالجوں اور والدین کو خدشہ ہے کہ کہیں اس بات پر ان کے خلاف مقدمے دائر نہ ہوجائیں کہ گانوں کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے ان کے کمپیوٹر استعمال کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب جو لوگ فائل شیئرنگ کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ گانوں کی سی ڈیز بیچنے والے بہت زیادہ قیمت وصول کرتے ہیں۔ اگرچہ فائل شیئرنگ کی وجہ سے کئی سی ڈیز کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے تاہم اب ایسا کرنے والے بھاری جرمانے کے خوف سے دوبار سوچیں گے۔ تاہم ایک بات طے ہے کہ موسیقی سے مفت میں لطف اندوز ہونے والوں کی تعداد میں کمی نہیں آئے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |