| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی غیر قانونی تارکین وطن رہا
پیر کے روز پاکستانی حکام نے ان سولہ سکھوں کو واہگہ کی سرحد سے واپس بھارت بھیج دیا ہے جن کو غیر قانونی تارکین وطن ہونے کی بنیاد پر دیگر ممالک نے پاکستان واپس بھیج دیا تھا۔ یہ افراد صوبہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور ان کو حکام نے وہیں حراست میں لے لیا تھا۔ سرکاری ترجمان کے مطابق وزیر اعظم جمالی نے ان افراد کو رہا کرنے کا حکم بھارت کے ساتھ خیر سگالی کے جذبے کے تحت دیا ہے۔ ان تارکین وطن میں سے ایک نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ ترکی میں پکڑے گئے تھے۔ انبالہ شہر کے بیالیس سالہ اندرجیت سنگھ نے بتایا کے وہ اور ان کے نو ساتھیوں سب نے ایک جعلی بھرتی ایجنٹ کو یورپ میں نوکری حاصل کرنے کی خاطر چھ ہزار ڈالر کی رقم دی تھی۔ ان کو اردن اور شام کے ذریعے ترکی لے جایا گیا جہاں سے ان کو یونان میں داخل ہونا تھا لیکن وہاں پر ان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان سکھ افراد کو پاکستان میں لاہور کے سنٹرل جیل اور کوئٹہ کے ڈسٹرکٹ جیل میں رکھا گیا۔ پاکستانی حکام نے ان کو رہا کر کے پیر بارہ بجے کے قریب واہگہ سرحد کے مشترکہ چیک پوسٹ پر موجود بھارتی رینجرز کے حوالے کر دیا۔ اس موقع پر بھارتی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکریٹری اے کے شرما بھی موجود تھے۔ اس سے ایک ہفتہ قبل پاکستان نے دو سو انہتر ماہی گیروں کو کراچی سے بھارت واپس بھیجا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |