| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
جتنا اچھا اتنا برا تحریر: عارف شمیم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام
میری ایک صحافی دوست کے والد پاکستان کی عدلیہ میں ایک سرکاری عہدے پر فائز تھے۔ عدالت کی طرح ان کے گھر میں بھی ایک قانون نافذ تھا اور اس پر سختی سے عمل در آمد کیا اور کروایا جاتا تھا۔ وہ قانون تھا بہتر یاداشت کے لئے روزانہ باداموں کو رات کو پانی میں بگھو کے رکھ دینا اور صبح سویرے نہار منہ کھانا۔ ان کا ماننا تھا کہ بادام کھانے سے یاداشت چمک جاتی ہے اور آدمی ہوشیار رہتا ہے۔ میری اسی دوست نے مجھے بتایا کہ ان کے گھر میں ہمیشہ اس بات پر جھگڑا رہتا تھا کہ بادام رکھے کہاں ہیں۔ میں ان کی یاداشت کے بارے میں تو کچھ نہیں کہوں گا لیکن مجھے یہ معلوم ہے کہ زیادہ بادام کھانے سے اور کچھ ہو نہ ہو کولیسٹرول ضرور بڑھ سکتا ہے۔ جسم میں موجود کولیسٹرول بھی ایک عجیب چیز ہے۔ اسے اچھا بھی بتاتے ہیں اور برا بھی۔ مجھے تو یہ بالکل ویسٹرن فلموں کی طرح گڈ، بیڈ اور اگلی دکھائی دیتا ہے۔ ان فلموں میں کہانی کچھ اس طرح سے ہوتی ہے کہ ایک اچھا فلمی ہیرو چیزوں کو سنوارتا ہے، برا انہیں بگاڑتا ہے اور کبھی کبھار گڈ اور بیڈ کی یہ کشمکش ایک اگلی یعنی بہت بھیانک صورت اختیار کر لیتی ہے۔
لیپوپروٹین دو طرح کی ہوتی ہے۔ لو ڈینسٹی لیپوپروٹین یا ایل ڈی ایل اور ہائی ڈینسٹی لیپوپروٹین یا ایچ ڈی ایل۔ یہی وہ چیز ہے جسے اچھا کولیسٹرول اور برا کولیسٹرول کہتے ہیں۔ اچھے کولیسٹرول کو ایچ ڈی ایل اور برے کو ایل ڈی ایل۔ اچھے کا کام ہے جسم کے خلیوں کو مظبوط کرنا، اور ایل ڈی ایل کے حملوں کو روکنا اور برے کا کام ہے ہمیشہ اس کوشش میں لگے رہنا کہ کوئی کام سنورنے نہ پائے۔ دل کی شریانوں میں ہونے والی اس کشمکش میں کبھی کبھار برا جیت جاتا ہے اور وہاں اتنی چربی بھر دیتا ہے کہ یہ جنگ بدھی یا خطرناک شکل اختیار کر لیتی ہے۔ سو کرنا کیا ہے۔ برے کو کم سے کم لفٹ کرانا یعنی انسیچوریٹیڈ یا وہ خوراک کھانا جو آسانی سے خون میں جذب نہ ہونے پائے اور کم سے کم روغن یا چربی والی خوراک پر ’ہاتھ ڈالنا‘۔ مطلب دن میں پانچ حصے سبزی یا پھل ضروری۔ ایک حصے کا مطلب ایک مالٹا یا ایک خوبانی وغیرہ ہے۔ اس کے علاوہ سب سے ضروری چیز سلاد جو نہ صرف ہیرو کو زندہ رکھتی ہے بلکہ ہیروئن کو پھیلنے سے بھی روکتی ہے۔ میں بھی تو آج کل سیلڈ (سلاد) ڈیز پر واپس آنے کی کوشش کر رہا ہوں ۔ انگریزی میں اس محاورے کا مطلب ہے جوانی کے گزارے ہوئے ناتجربہ کاری کے دن۔ کوشش کر رہا ہوں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |