انڈیا میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے متاثرین کی وجہ سے مختلف ریاستوں میں لاک ڈاؤن کی حد بڑھا دی گئی ہے۔
ملک کے دارالحکومت دہلی میں کورونا انفیکشن پر قابو پانے کے لیے ایک بار پھر لاک ڈاؤن میں اضافہ کیا گیا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دہلی میں لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اس بار کی قانونی کارروائی مزید سخت ہوگی۔
ریاست اتر پردیش جو کورونا انفیکشن سے بدترین متاثرہ ہے، نے کورونا انفیکشن پر قابو پانے کے لیے لاک ڈاؤن کی مدت میں بھی اضافہ کیا ہے۔
اترپردیش حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 17 مئی تک نافذ کرفیو میں توسیع کردی ہے۔ اس سے قبل کرفیو صبح سات بجے ختم ہونا تھا۔
انڈیا کے زیرِ انتظام جموں وکشمیر کے تمام 20 اضلاع میں، کورونا کرفیو میں 17 مئی کی شام 7 بجے تک توسیع کردی گئی ہے۔
تازہ ترین آرڈر کے مطابق اس بار کورونا کرفیو پہلے کے مقابلے میں سخت ہوگا اور اس دوران صرف میڈیکل اور کھانے پینے جیسی ضروری خدمات ہی کھولنے کی اجازت ہوگی۔
اس دوران 25 سے زائد افراد کو شادی کی تقاریب میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس سے قبل کورونا کرفیو کی مدت 10 تاریخ کو صبح سات بجے تک ختم ہونے والی تھی۔
ہماچل پردیش حکومت نے کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے متاثرین کے باعث پابندیوں میں اضافہ کیا ہے۔
کانگرا کے ضلعی مجسٹریٹ راکیش کمار پرجاپتی نے کہا ’نئے قواعد 10 مئی سے صبح 6 بجے سے نافذ ہوں گے۔ سنیما ہال، مال ، مارکیٹ، کمپلیکس، جم بند رہیں گے۔‘
اتراکھنڈ میں بھی کورونا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کے جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ 10 مئی کو صبح چھ بجے سے دوپہر ایک بجے تک تمام ضروری چیزوں کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
11 مئی کو صبح 6 بجے سے 18 مئی کی صبح 6 بجے تک کورونا کرفیو نافذ رہے گا۔
اس کے علاوہ تمل ناڈو حکومت نے بھی 10 مئی سے دو ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کرناٹک میں بھی، لاک ڈاؤن کا اطلاق آج سے 24 مئی تک ہوگا۔ کرناٹک میں لاک ڈاؤن پہلے ہی نافذ ہے، لیکن بڑھتے ہوئے متاثرین کی وجہ سے، دورانیے میں توسیع کردی گئی ہے۔
گوا میں بھی کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے متاثرین کے باعث 24 مئی تک کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
کیرالا میں لاک ڈاؤن کو 16 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔
ہریانہ میں لاک ڈاؤن میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ہریانہ حکومت نے لاک ڈاؤن کی آخری تاریخ میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔
راجستھان میں 10 مئی سے 24 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ میزورم حکومت نے بھی 10 مئی سے سات دن کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔