برطانیہ: انڈیا کو بھی ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا گیا
برطانیہ کے وزیرِ صحت میٹ ہینکک نے کہا ہے کہ انڈیا میں کووڈ وائرس کی نئی قسم پر تشویش کی وجہ سے انڈیا کو بھی ان ریڈ لسٹ ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے جن پر برطانیہ کے سفر کی پابندی ہے۔
اس سے قبل کورونا وائرس کے حالیہ پھیلاؤ کے پیش نظر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنا دورہ انڈیا بھی منسوخ کر دیا تھا۔
مقامی اطلاعات کے مطابق بورس جانسن کا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ ’باہمی رائے سے‘ کیا گیا۔
یاد رہے کہ انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹے کورونا وائرس کی ابتدا کے بعد سے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوئے ہیں اور 1625 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔
گذشتہ روز انڈیا میں ایک دن میں سب سے زیادہ مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص بھی ہوئی ہے اور یہ تعداد دو لاکھ 75 سے بھی زیادہ رہی ہے۔
ادھر دلی میں ایک دن میں سب سے زیادہ 25 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق دلی میں ٹیسٹ ہونے والا ہر تیسرا شخص کورونا وائرس میں مبتلا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے مرکزی حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ دہلی میں صورتحال بہت خراب ہے۔
اتوار کے روز دارالحکومت نئی دہلی میں 161 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔