منگل کو ورلڈ کپ کے دو میچ کھیلے گئے جس میں سے ایک گروپ ون کا اور دوسری گروپ ٹو کا میچ تھا۔
دن کے پہلے میچ میں گروپ ون کی ٹیمیں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا ٹاکرا تھا اور ان دونوں کے لیے یہ میچ بہت اہم تھا کیونکہ دونوں نے اپنے پہلے میچ میں شکست کھائی تھی۔
تاہم ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اس بار بھی اچھا نہ کھیلا اور 20 اوورز میں صرف 143 رنز بنا سکی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے دبئی کے میدان پر یہ ہدف باآسانی 19ویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
اس جیت کے ساتھ ان کے دو میچوں میں دو پوائنٹس ہیں اور نیٹ رن ریٹ مثبت 0.179 ہے۔ ویسٹ انڈیز اب دو میچز کے بعد صفر پوائنٹ ہیں اور ان کا نیٹ رن ریٹ منفی 2.55 ہے۔
دوسری جانب شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان نے ایک بہت دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی اور دو میچوں میں چار پوائنٹس حاصل کر کے سرفہرست ہو گیا ہے۔
پاکستان کا نیٹ رن ریٹ اب مثبت 0.738 ہے اور ان کا اگلا میچ 29 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف دبئی میں ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کا یہ پہلا میچ تھا اور اب ان کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.738 ہے۔ کیویز اب اپنا اگلا میچ 31 اکتوبر کو انڈیا کے خلاف کھیلیں گے۔