ویسٹ انڈیز کی چھٹی مسلسل شکست، ٹورنامنٹ سے باہر
انڈیا نے ورلڈ کپ کے مقابلے ویسٹ انڈیز کو ایک یکطرفہ مقابلے میں125 رنز کے واضح فرق سے ہرا دیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم مسلسل چھٹی شکست کے بعد ٹورنامنٹ کےاگلےمرحلے سےباہر ہو گئی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹورنامنٹ میں واحد فتح پاکستان کے خلاف تھی۔
ویسٹ انڈیزکے خلاف فتح کےبعد انڈیا نے چھ میچ کھیل کر 11 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔ انڈیا کو ابھی انگلینڈ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے خلاف میچ کھیلنے ہیں۔ انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان ویراٹ کوہلی اور مہندر سنگھ دھونی کی نصف سنچریوں کی بدولت ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 269 رنز کا ہدف دیا۔
ویسٹ انڈیزکسی مرحلے پر بھی انڈین بولروں کا جم کر مقابلہ نہ کر سکی اور وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے سنیل ایمبریس نے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے۔ محمد شامی انڈیا کے سب سے کامیاب بولر رہے۔ شامی نے صرف چھ اووروں میں 16 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔