آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر گذشتہ روز رہائی ملنے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر دوبارہ جیل میں

اسد قیصر کے وکیل ندیم شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ سابق سپیکر کو سنیچر کے روز رہائی ملنے کے بعد مردان میں دوبارہ گرفتار کیا گیا اور آج مجسٹریٹ نے انھیں ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ ’ہم نے ان کی ضمانت کی درخواست دائر کر دی ہے امید ہے کل اس پر سماعت ہو گی۔‘

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا

    یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔ پاکستان کے حوالے سے تازہ ترین خبروں کے لیے آپ اس لنک پر کلک کریں

  2. پاکستان کے مستقبل کی ضروریات کے لیے پانی کی دستیابی ایک بڑا چیلنج ہے: انوار الحق کاکڑ

    نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کی ضروریات کے لیے پانی کی دستیابی ایک بڑا چیلنج ہے۔ لیونگ انڈس ایک وسیع اقدام ہے جس کا مقصد پاکستان کی حدود میں سندھ کے ماحولیات کو بحال کرنا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے سب سے زیادہ خطرات سے دوچار ہے۔

    یہ بات انھوں نے اتوار کواقوام متحدہ کی 28ویں کانفرنس آف پارٹی(کوپ) کے پاکستان پویلین میں منعقدہ ‘لیونگ انڈس انیشی ایٹو’ کے موضوع پر تقریب سے خطاب میں کہی۔

    خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دنیا کا آٹھواں ملک ہے۔ انھوں نے کہا کہ لیونگ انڈس ایک وسیع اقدام ہے جس کا مقصد پاکستان کی حدود میں سندھ کے ماحولیات کو بحال کرنا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ہے۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی دریائے سندھ کے حوالے سے ترجیحات واضح ہیں۔ یہ اقدام شراکت داروں کے ساتھ وسیع مشاورت سے مرتب کیا گیا ہے جو 25 مختلف حکمت عملیوں کا ایک مجموعہ ہے جس میں فطرت پر مبنی حل اور ماحولیاتی نظام سے موافقت کے طریقوں پر زور دیا گیا ہے۔

  3. رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

    سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کو خیبر پختونخوا کے شہر مردان کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں نو مئی کے روز میڈیکل سٹور پر توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے انھیں جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    دوران سماعت پولیس کی جانب سے اسد قیصر کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا جس کے بعد مردان کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    اسد قیصر کے وکیل ندیم شاہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اسد قیصر کو کل رہائی ملنے کے بعد مردان میں درج کروائی گئی ایف آئی آر نمبر 832 میں دوبارہ گرفتار کیا گیا اور آج مجسٹریٹ نے چارج کرتے ہوئے ان کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔ ہم نے ان کی ضمانت کی درخواست دائر کر دی ہے امید ہے کل اس پر سماعت ہو گی۔‘

    یاد رہے کہ سنیچر کے روز مردان کی مقامی عدالت نے اسد قیصر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ اگر اسد قیصر کسی اور مقدمہ میں ملوث نہ ہوں تو انھیں ضمانت پر رہا کردیا جائے۔

    جس کے بعد اسد قیصر کو گذشتہ روز ضمانت کے بعد مردان میں نو مئی کے توڑ پھوڑ کے مقدمے میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔

  4. چلاس میں بس پر فائرنگ: ’اگر ڈرائیور نے بہادری سے کام نہ لیا ہوتا تو بس دریا میں جا گرتی‘

  5. رگڑے پے رگڑا لگتا ہی چلا جا رہا ہے: وسعت اللہ خان کا کالم

  6. رفعت زرتاج کی دس برس قبل اپنے تمام اعضا عطیہ کرنے کی وصیت جس نے تین زندگیاں بچائیں

  7. چلاس میں فائرنگ کے بعد ڈرائیور نے بس بھگانے کی کوشش کی لیکن ٹرک سے ٹکراؤ ہو گیا، وزیر داخلہ

    گلگت بلتستان میں چلاس کے قریب مسافر بس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد مسافر بس کے ڈرائیور نے بس کو بھگانے کی کوشش کی تاہم بس سامنے سے آنے والے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔

    وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ڈرائیور باہمت تھے جنھوں نے فائرنگ ہوتے ہی بس کو بھگانے کی کوشش کی۔ لیکن بدقسمتی سے سامنے سے آنے والے ایک ٹرک سے بس ٹکرا گئی اور شاید کچھ ہلاکتیں اس حادثے کی وجہ سے بھی ہوئی ہیں۔‘

    انھوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی جس سے ڈرائیور بھی ہلاک ہو گئے۔

    وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے اس واقعے کو ’دہشت گردی‘ قرار دیتے ہوئے صحافیوں کو بتایا ہے کہ چلاس کے قریب پیش آنے والے واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق مختلف علاقوں سے ہے۔

    ’کسی کا تعلق پنجاب سے ہے، کسی کا تعلق سندھ سے ہے۔ کچھ لوگ ہمارے مقامی بھی ہیں۔‘

    وزیر داخلہ گلگت بلتستان نے بتایا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں غزر کے ایک عالم دین بھی شامل ہیں۔ ’نامور عالم دین مفتی شیر زمان بھی اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔‘

  8. چلاس میں بس پر فائرنگ: ’کسی کو بھی امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘

    گلگت بلتستان میں دیامیر کے علاقے میں مسافر بس پر فائرنگ کے واقعے میں دو فوجی اہلکاروں سمیت آٹھ افراد کی ہلاکت کے بعد مقامی حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ اس واقعے کے پیچھے غیر ملکی عناصر کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ سنیچر کی رات چلاس کے علاقے ہڈور پڑی کے مقام پر گلگت سے راولپنڈی جانے والی ایک مسافر بس پر نامعلوم افراد کی طرف سے فائرنگ کی گئی جس کے باعث وہ سامنے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔

    ڈپٹی کمشنر چلاس کے مطابق اس حادثے میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ 26 زحمی ہوئے ہیں۔

    اس واقعے پر گلگت بلتستان حکومت کے مشیر اطلاعات نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’دیامیر گلگت بلتستان کا گیٹ وے ہے جہاں دیامیر بھاشا ڈیم بن رہا ہے اور اسی لیے ایسے واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ دشمن قوتیں دہشت گردی کے لیے مختلف حربے استعمال کر رہی ہیں۔‘

    معاون خصوصی اطلاعات ایمان شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرموں کی فوری گرفتاری کے احکامات دیے گیے ہیں، جس کی نگرانی خود آئی جی پی کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ ’چلاس میں دہشتگردی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو بے نقاب کرکے سخت سزا دی جائے۔‘

    صوبائی صدر پی ٹی آئی گلگت بلتستان سابق وزیراعلی خالد خورشید نے بھی مسافر بس پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے۔

  9. چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ: ’میں نے سوچا یہ میری زندگی کا آخری دن ہو گا‘

    ریجنل ہسپتال چلاس میں موجود مقامی صحافی فخرِ عالم قریشی نے زخمیوں اور اس واقعے کی عینی شاہدین سے بات کی ہے۔

    واقعے کے عینی شاہد محمد حسین نے صحافی فخرِ عالم کو بتایا کہ جب بس ہوڈور کے مقام پر پہنچی تو اچانک شدید فائرنگ شروع ہو گئی۔ مجھے خیال آیا کہ شاید چھت سے پتھر گر رہے ہیں ایسے میں میں گاڑی میں لیٹ گیا۔‘

    انھوں نے بتایا کہ ’بس بے قابو ہو کر بائیں سائیڈ سے آنے والے مال بردار ٹرک سے ٹکرا گئی۔ کافی دیر تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد منظر تبدیل ہو گیا تھا۔

    ’سب مسافر خون میں لت پت تھے اور ٹرک کو آگ لگ چکی تھی۔‘

    محمد حسین نے بتایا کہ ’واقعے کے تقریباً 45 منٹ بعد ایک سرکاری گاڑی جائے وقوعہ پر پہنچی اور ساتھ ریسکیو اہلکار بھی موجود تھے جو ہمیں ہسپتال لے آئے۔‘

    عینی شاہد اور زخمیوں کی فہرست میں شامل نذیر نے بتایا کہ ’فائرنگ اتنی شدید تھی کہ اس وقت میں نے سوچا یہ زندگی کا آخری دن ہو گا۔

    ’اس کے بعد ہم گاڑی سے باہر آئے تو عجیب سماں تھا سب چلا رہے تھے۔‘

  10. چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ سے آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی, عزیزاللہ خان، بی بی سی اردو

    چلاس کے علاقے ہڈور پڑی میں گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس پر سنیچر کی شب نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ فائرنگ کی وجہ سے بس سامنے والے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔

    تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر چلاس کیپٹن ریٹائرڈ عارف احمد نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس بس کے حادثے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 26 ہے۔

    ڈپٹی کمشنر چلاس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں فوج کے دو جوان بھی شامل ہیں۔

    اس حادثے میں عبد القیوم ولد عبدالرؤف ساکن شداد کوٹ سندھ، نصیر حوالدار 23 بلوچ سندھ، کمال عباس ولد میرزا حسین ساکن نلتر، اورنگزیب ولد صوبیدار ساکن پالس کوہستان، میر عالم ولد داؤد ساکن ہنزہ شامل ہیں۔

    ڈی سی چلاس کیپٹن عارف کے مطابق یہ بس غذر کے علاقے گاگوچ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ ان کے مطابق اس بس کے مسافروں میں گُوپس سے تعلق رکھنے والے مفتی شیر زمان بھی شامل تھے، جو اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔

  11. گذشتہ 24 گھنٹوں کی اہم خبریں

    • پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ’ہر الیکشن میں کچھ لوگ یہ تاثر دیتے ہیں کہ ان کی حکومت آ رہی ہے، حکومت آنے کا تاثر دینے والوں کو عوام بہترین جواب دیں گے‘
    • پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں احسن اقبال اور رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم میں مزید اضافہ کریں گے اور اسے مزید مضبوط بنائیں گے مگر اس ترمیم سے کسی اختیار کو صوبوں سے واپس نہیں لیا جائے گا
    • سابق وزیر اعظم عمران خان کے خط کے جواب میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے سیکریٹری کی طرف سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ انھیں ’اپنی آئینی ذمہ داریوں کا بخوبی ادراک ہے‘
    • اڈیالہ جیل میں جج ابواحسنات محمد ذوالقرنین کی خصوصی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے پیر (4 دسمبر) تک ملتوی کر دی ہے
    • انٹرا پارٹی الیکشن میں عمران خان کے نامزد کردہ بیرسٹر گوہر علی خان کو بلا مقابلہ تحریک انصاف کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے
    • منتخب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ’میں جب تک (چیئرمین) ہوں اس وقت تک عمران خان کی نمائندگی کروں گا‘