ضلع خیبر میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت چار فوجی اہلکار ہلاک

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں ہونے والے سکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن کے دوران ایک لیفٹیننٹ کرنل سمیت چار فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے پہلے کاروباری روز تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا اور 100 انڈیکس 450 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 53545 پوائنٹس تک چلا گیا۔

لائیو کوریج

  1. سندھ کا سوشل میڈیا ’سٹار‘ ڈاکو جس نے اپنے اکاؤنٹ کو پولیس پر تنقید اور لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کے لیے استعمال کیا

  2. آج کا مکتوب۔۔۔ کل کا منظر نامہ! عاصمہ شیرازی کا کالم

  3. ضلع خیبر میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت چار سکیورٹی اہلکار ہلاک

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں ہونے والے سکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن کے دوران ایک لیفٹیننٹ کرنل سمیت چار فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اس کارروائی کے دوران تین شدت پسند ہلاک جبکہ تین زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کر رہے تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

    43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کا تعلق اسلام آباد سے تھا۔ ہلاک ہونے والے دیگر تین سکیورٹی اہلکاروں میں نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدل القدیر شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی شدت پسند کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

  4. ’تربت یونیورسٹی میں منشیات پہنچ جاتی ہیں مگر کتابیں لے جانے کی اجازت نہیں‘

  5. سپریم کورٹ : پنجاب پولیس کانسٹیبل برطرفی کیس میں آئی جی پنجاب کی درخواست خارج, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس کانسٹیبل کی برطرفی سے متعلق کیس میں آئی جی پنجاب کی اپیل خارج کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

    پنجاب پولیس کے کانسٹیبل کی معطلی کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

    یاد رہے کہ اس کیس میں پولیس کانسٹیبل پر مخبری کے ذریعے اپنے گھر میں کسی خاتون کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور اسے نوکری سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے بہاولنگر پولیس کے کانسٹیبل کی برطرفی ختم کر دی تھی جسے سپریم کورٹ میں چیلینج کیا گیا تھا۔

    دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ کانسٹیبل ایک خاتون کے ساتھ گھر میں نازیبا حرکات میں ملوث پایا گیا، جس پر قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا خاتون تو کہتی ہے کہ کانسٹیبل اس کا شوہر ہے۔

    ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ پولیس نے مخبری پر کانسٹیبل کا پیچھا کرکے ریڈ کیا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کیا پنجاب پولیس کے مخبر اپنے ہی اہلکاروں کی مخبری کرتے ہیں کہ کون کہاں رات گزارتا ہے؟ نجی گھر میں بغیر وارنٹ کے پولیس ریڈ کیسے کر سکتی ہے؟

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پولیس غیر قانونی ریڈ کر کے اپنے اختیار کا ناجائز استعمال کر رہی ہے، کیا پولیس کے غیر قانونی اقدام کی سپریم کورٹ توثیق کرے؟

    سپریم کورٹ نے کانسٹیبل کی برطرفی کی آئی جی پنجاب کی درخواست خارج کر دی ۔

    یاد رہے کہ آئی جی پنجاب نے برطرفی ختم کرنے کا ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا کانسٹبل کی برطرفی ختم کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

  6. قانون کے مطابق شہریوں کی ریکارڈ کی گئی گفتگو کو خفیہ رکھنا ضروری ہے: آڈیو لیکس کیس میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کا جواب, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری توقیر شاہ نے آڈیو لیکس کیس میں عدالتی سوالات کے جوابات میں بتایا ہے کہ شہریوں کی ٹیلی فونک گفتگو ریکارڈ کرنے کے لیے لیگل فریم ورک موجود ہے اورفیئر ٹرائل ایکٹ 2013 قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں کو ریگولیٹ کرنے کا فریم ورک فراہم کرتا ہے تاہم قانون کے مطابق شہریوں کی ریکارڈ کی گئی گفتگو کو خفیہ رکھنا ضروری ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں آڈیو لیکس سے متعلق عدالت کے پوچھے گئے سوالات کے تحریری جوابات وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری توقیر شاہ نے جمع کروا دیے ہیں جس میں انھوں نے بتایا ہے کہ وزیراعظم آفس انٹیلی جنس ایجنسیز کے حساس روزمرہ امور میں مداخلت نہیں کرتا۔ سیاسی اور انتظامی دفتر ہوتے ہوئے وزیراعظم آفس انٹیلیجنس ایجنسیز کے ساتھ کچھ فاصلے سے تعلقات رکھتا ہے۔

    واضح رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے اور سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آڈیو لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ سے سوالات کے جوابات طلب کیے تھے۔

    تحریری جواب کے مطابق وزیراعظم آفس انٹیلی جنس ایجنسیز سے آئینِ اور قانون کے مطابق عوامی مفاد میں کام کرنے کی امید رکھتا ہے۔ وزیراعظم آفس کا انٹیلیجنس ایجنسیز کے کام اور آپریشنز کی تفصیل میں جانا قومی سلامتی کے مفاد میں نہیں اور ایسا عمل ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات سے بچانے والی انٹیلی جنس ایجنسیز کے بھی مفاد میں نہیں۔

    اس کیس میں عدالت نے یہ سوال بھی پوچھا تھا کہ قانون کے مطابق ریکارڈ کی گئی ٹیلی فونک گفتگو کو خفیہ رکھنے کے کیا سیف گارڈز ہیں جس کے جواب میں توقیر شاہ نے بتایا کہ انوسٹی گیشن فار فیئر ٹرائل ایکٹ 2013 شہریوں کی گفتگو ریکارڈ کرنے کی اجازت دینے کا میکنزم فراہم کرتا ہے۔ قانون کے مطابق شہریوں کی ریکارڈ کی گئی گفتگو کو خفیہ رکھنا اور لیک ہونے سے روکنے کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

    توقیر شاہ نے سوالات کے جواب میں لکھا کہ ’اس بات کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے کہ ریکارڈ کی گئی گفتگو کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔ پیکا آرڈی نینس اور رولز کے تحت حاصل کیے گئے ڈیٹا یا ریکارڈ کو خفیہ رکھنا لازم ہے۔

    عدالت کے استفسار پر پرنسپل سیکریٹری نے بتایا کہ شہریوں کی ٹیلی فون پر کی گئی گفتگو ریکارڈ کر کے لیک کرنے کا معاملہ وفاقی حکومت کے علم میں ہے۔ وفاقی حکومت نے سینئر ججز پر مشتمل اعلی سطح کا انکوائری کمیشن قائم کیا، جواب انکوائری کمیشن لیک کی گئی آڈیوز کے مصدقہ ہونے کی انکوائری کرے گا۔

  7. بریکنگ, پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 53500 پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کر گیا, تنویر ملک، صحافی

    PSX

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے پہلے کاروباری روز تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے بھی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی جب انڈیکس جمے کے روز ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 53123 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

    سوموار کے روز انڈیکس میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اب تک اس میں 450 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس ملکی تاریخ کی بلند ترین 53545 پوائنٹس تک چلا گیا۔

    سٹاک مارکیٹ میں مسلسل کئی دنوں سے تیزی کے رجحان کی وجہ ملکی معاشی اشاریوں میں کچھ بہتری کے علاوہ اگلے عام انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان ہے۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات اس وقت مارکیٹ میں تیزی کا باعث ہیں اور ان مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کے جاری ہونے کا امکان ہے۔

  8. بریکنگ, عمران خان کی بیٹوں سے فون پر بات نہ کرانے پر ایس پی اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری

    Imran Khan

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کر دیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیراز رانجھا نے عمران خان کی بیٹوں سے فون پر بات نہ کرانے پر آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات نہیں کرائی اور ایس پی جیل نے عدالتی احکامات پرعملدرآمد نہیں کیا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی احکامات پرعمل نہ کرنے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے اور جیل حکام کو چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کے حکم پرعملدرآمد کا حکم دیاجائے۔

    آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آٹھ نومبر تک جواب طلب کر لیا۔

  9. سائفر گمشدگی کیس: شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت 14 نومبر تک ملتوی

    سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر گمشدگی کیس میں ان کی درخواست ضمانت کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔

    پیر کو سماعت کے آغاز پر شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری عدالت کے سامنے پیش ہوئے تو عدالت نے استفسار کیا کہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست کے ساتھ ہی سن لیں تو ٹھیک نہیں؟ جس پر شاہ محمود قریشی کے وکیل نے کہا کہ میں تو ابھی تیار ہوں عدالت مجھ سن کر فیصلہ کر دے، وکیل علی بخاری کا کہنا تھا کہ اس کیس میں شریک ملزمان کی ضمانتیں ہو چکیں ہیں ہماری بھی ضمانت ہونی ہے۔

    جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ ساتھ جیل لے جائیں گے پھر دیکھ لیں گے۔ پراسیکیوٹر نے بھی کہا تھا شریک ملزمان کی ضمانتیں کنفرم ہو چکیں ہیں۔

    اس پر جج نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خانکی درخواستوں کے ساتھ ہی جیل میں اسے بھی سن لیں گے۔جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ جیل میں ہی دونوں کیسز کی سماعت کر لیں گے۔

  10. عمران خان کے خلاف احتجاج و توڑ پھوڑ پر درج تین مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 14 نومبر تک ملتوی

    اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کے خلاف توڑ پھوڑ کے تین مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر بنا کارروائی کے سماعت 14 نومبر تک ملتوی ہو گئی ہے۔

    پیر کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے مقدمات کی سماعت کی جبکہ پی ٹی آئی وکلا خالد یوسف، سردار مصروف، مرزا عاصم بیگ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

    تاہم پراسیکیوٹر چھٹی پر ہونے کی وجہ سے عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی پر سماعت 14 نومبر تک ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تین مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں ہائیکورٹ نے بحال کر دیں تھیں اور ہائیکورٹ نے اے ٹی سی کو ضمانت کی درخواستیں دوبارہ سننے کی ہدایت کی تھی۔

  11. بریکنگ, ترقی کا سفر جہاں سے رُکا وہیں سے شروع کریں گے: نواز شریف

    PMLN

    ،تصویر کا ذریعہPMLN

    پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کا سفر جہاں سے رُکا وہیں سے شروع کریں گے اور پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن آمد پر شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔

    سابق وزیراعظم نواز شریف سے پارٹی رہنما خواجہ آصف، احسن اقبال، اسحاق ڈار اور مریم اورنگزیب نے ملاقات کی جس میں ملکی صورتحال اور پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ترقی کا سفر جہاں سے رُکا وہیں سے شروع کریں گے، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔

    وطن واپسی کے بعد نوازشریف کا پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں یہ پہلا دن تھا۔ نوازشریف کی مرکزی سیکریٹریٹ میں ملاقاتوں کے آغاز کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔

    پارٹی صدر شہباز شریف نے قائد نواز شریف کو مرکزی سیکریٹریٹ آمد پر مبارک پیش کی۔

    اجلاس میں ملکی صورتحال اور پارٹی کی مستقبل کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

  12. کانگو وائرس سے متاثرہ ڈاکٹر کوئٹہ سے کراچی منتقلی کے دوران چل بسے

    کوئٹہ میں کانگو وائرس سے متاثر ہونے والے ڈاکٹر علاج کی خاطر کراچی منتقلی کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ان کی موت نے حکومت بلوچستان کو متعلقہ اداروں کو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے الرٹ جاری کرنے پر مجبور کردیا۔

    محکمہ صحت بلوچستان کے حکام کے مطابق ڈاکٹر کی شناخت شکر اللہ کے نام سے ہوئی ہے جو ان 11 صحت کے عملے میں سے ایک تھے، جو سنڈیمن صوبائی ہسپتال میں کریمین کانگو ہیمرجک بخار (سی سی ایچ ایف) وائرس کے پھیلاؤ کے بعد متاثر ہوئے تھے۔

    محکمہ صحت بلوچستان کےتر جمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق ڈاکٹر شکراللہ کراچی میں ایک نجی ہسپتال میں دوران علاج انتقال کر گئے۔

    ینگ ڈاکٹرم ایسوسی ایشن کوئٹہ کے نمائندے ڈاکٹر حفیظ کاکڑ نے دعوی کیا ہے کہ اگر حکومت بلوچستان بروقت کارروائی کر تے ہوئے انھیں ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کرتی تو ڈاکٹر شکر اللہ کی جان بچائی جا سکتی تھی۔

  13. بریکنگ, کراچی کے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں پیپلز پارٹی 10 میں سے چھ نشستیں لے کر کامیاب

    PPP

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    کراچی کے پانچ اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخاب میں پیپلز پارٹی نے چیئرمین کی تینوں نشستوں سمیت 10 میں سے چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔

    گزشتہ روز چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ ممبران کی 10 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے ہونے والی پولنگ میں غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق چیئرمین کی تینوں نشستوں سمیت 10 میں سے چھ نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔

    گزشتہ روز ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں جماعت اسلامی دو جبکہ پی ٹی آئی اورآزاد امیدوار ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کر پائے۔

    کراچی کے پانچ اضلاع کے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی نے چیئرمین کی تین نشستیں اپنے نام کیں۔

    ضلع جنوبی صدر یوسی 13 سے پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب نے 3949 جبکہ کیماڑی ماڑی پور یوسی 3 سے پیپلز پارٹی کے ہی سیف اللہ نے 5466 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

    دوسری جانب جماعت اسلامی نے ضلع وسطی ناظم آباد یوسی 5 کا وارڈ 3 اور ضلع شرقی جناح ٹاؤن یوسی 6 کا وارڈ 4 جیت لیا، ملیرغازی داؤد بروہی یوسی 2 وارڈ 3 سے آزاد امیدوار محمد عمر نے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کے امیدوار منصور احمد نے ضلع جنوبی صدر یوسی 6 کی نشست پر فتح سمیٹی۔

    ضمنی بلدیاتی انتخاب میں کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ کیا ہے، اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک کی واحد عوامی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ جون کے بلدیاتی انتخابات کے مقابلے میں اس ضمنی انتخابات میں عوام نے پیپلز پارٹی کو زیادہ ووٹ دیے ہیں، اب کراچی کی دعویدار جماعت اسلامی کو یقین آ جانا چاہیے کہ پیپلز پارٹی ہی کراچی کے عوام کی پارٹی ہے۔

    سعید غنی نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھرے گی۔