سپریم کورٹ ایف آئی اے کے افسران کی موت پر از خود نوٹس لے: عمران خان کا مطالبہ

عمران خان نے کہا کہ اس ملک میں طاقتور مجرم کو نہیں پکڑا جاتا، اسی لیے قتل کی سازش کرنے والے سب کرداروں کے نام بتا دیے ہیں۔ مریم نواز نے کہا عمران خان ویڈیو سامنے لائیں اور پھر نواز شریف کا ظرف دیکھنا کہ کیسے شہاز شریف سے بھی زیادہ نواز شریف تمھیں سیکیورٹی دیں گے۔

لائیو کوریج

  1. عمران ویڈیو دکھائیں، سیکیورٹی کی ضمانت دیتی ہوں: مریم نواز

    مریم نواز

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا کہ پہلے تو عمران خان نے چار سال کھیل کود میں ضائع کیے اور اب امتحان کے وقت چیخ و پکار شروع کر دی ہے۔

    ان کے مطابق جب جعلی خط کی موت آئی تو پھر بین الاقوامی سازش آ گئی اور اب عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کے لیے ایک اور جھوٹ گھڑ کر لے آیا کہ میری جان خطرے میں ہے۔ ان کے مطابق اب عوام حساب مانگتی ہے۔

    مریم نواز کے مطابق عمران خان جب اقتدار میں تھے تو نہ تو خط، نہ بین الاقوامی سازش تھی اور نہ جان کو خطرہ تھا۔ ان کے مطابق جب کارکردگی زیرو ہو تو پھر بچوں والے چھوٹے موٹے ڈرامے کرنا پڑتے ہیں۔

    مریم نواز نے کہا عمران خان ویڈیو سامنے لائیں اور پھر نواز شریف کا ظرف دیکھنا کہ کیسے شہاز شریف سے بھی زیادہ نواز شریف تمھیں سیکیورٹی دیں گے۔

    ان کے مطابق ہم اپنے بدترین دشمن کے لیے بھی موت کی دعا نہیں کرتے، اللہ کرے تم زندہ رہو اور نواز شریف کی کامیابیاں دیکھو۔ اللہ کرے تم زندہ رہے اور نواز شریف کی کامبیابیاں دیکھو اور دیکھ کر لوٹ پوٹ ہوتے رہو۔

  2. قتل کی سازش کرنے والوں کے نام بتائے تاکہ عوام مجھے انصاف دلوائے: عمران

    سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا انھوں نے اپنے قتل کی سازش میں اس وجہ سے سب کرداروں کے نام بتائے تاکہ پاکستان کی عوام مجھے انصاف دلوائے۔

    عمران خان نے شرکا سے یہ وعدہ بھی لیا کہ کسی ایسی جماعت کو ووٹ نہیں دینا جس کا پیسہ ملک سے باہر ہے۔ ان کے مطابق وہ آپ کے مفادات کا کبھی تحفظ نہیں کر سکے گا۔ وہ اس ملک کے مفادات کا تحفظ کریں جہاں ان کا یہ پیسہ پڑا ہے۔

  3. سپریم کورٹ ایف آئی اے کے افسران کی موت پر از خود نوٹس لے: عمران خان

    سابق وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ سے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے حالیہ دنوں مرنے والے دو افسران کی موت کی تحقیقات کے لیے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ایف آئی اے نے 24 بلین کی کرپشن پکڑی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ اگر طاقتور مجرموں کو سزا نہیں دینی تو پھر جیلیں کھول دیں اور عام مجرموں کو بھی رہا کر دیں۔

  4. سابق حکمرانوں کے قاتل نہیں پکڑے گئے، اسی وجہ سے اپنی ویڈیو میں سب کے نام بتا دیے

    سابق وزیراعظم عمران نے کہا کہ مجھے پتا چلا کہ بند کمروں میں سازش ہورہی ہے۔ ان کے مطابق سازش کرنے والوں نے سوچا کہ جب ہماری حکومت گرائیں گے تو لوگ مٹھائی بانٹیں گے تو انھوں نے دیکھا کہ بجائے مٹھائیاں بانٹنیں کے لوگ سڑکوں پر آ گئے ہیں۔

    سابق وزیراعظم نے کہا میں نے ملک کی تاریخ میں اس طرح لوگوں کو سڑکوں پر نکلتے نہیں دیکھا۔ جب انھوں نے دیکھا کہ اچھا لوگ بھی نکل رہے ہیں اور اسلام آباد کا خوف آنے لگا۔ تو ایسے میں فیصلہ کیا کہ اس طرح تو بات نہیں بنے تو اس کو دنیا سے ہی فارغ کیا جائے۔

    عمران خان نے کہا کہ میں نے اس لیے یہ ویڈیو ریکارڈ کی ہے اور اس ویڈیو میں، میں نے ایک ایک کا نام لیا ہے اور یہ سازش گذشتہ گرمیوں سے ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق اس ملک میں طاقتور مجرم کو نہیں پکڑا جاتا، لیاقت علی خان کے قتل کے پیچھے کون تھا۔ کوئی نہیں پکڑا گیا۔ ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے پیچھے کون تھا کسی کو سزا نہیں ملی۔

    ان کے مطابق ضیاالحق کا طیارہ تباہ ہوا، کسی کو نہیں پکڑا گیا۔

    عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے صدر عارف علوی نے پاکستان کے چیف جسٹس کو خط لکھا اور امریکی سفارتکار ڈونلڈ لو کی واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر کو دی جانے والی دھمکی کے بارے میں تحقیقات کا کہا۔

  5. کیا آپ سے ملک سنبھل رہا ہے، مہنگائی ہر روز بڑھ رہی ہے: عمران خان کا حکومت کا سوال

    چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ سے ملک سنبھل رہا ہے، مہنگائی ہر روز بڑھ رہی ہے۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ اب لوگوں کے سامنے مائیک رکھیں اور پوچھیں کہ کتنی مہنگائی ہو گئی ہے، مرغی کی قیمتیں دگنی ہو گئی ہیں۔

    ان کے مطابق جب یہ باہر نکلیں گے تو دو لفظ سننے کو ملیں گے ایک ہو گا غدار اور دوسرا ہوگا چور۔

  6. یہ سازش وائٹ ہاؤس میں نہیں بلکہ بلاول ہاؤس میں ہوئی: بلاول بھٹو

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں اپنی پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں اور پاکستان کی جیت ہو چکی ہے کہ ہم نے اس سیلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کو، اس نالائق ترین وزیراعظم کو گھر بھیج دیا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ بیرونی سازش نہیں بلکہ ایک جمہوری عمل تھا۔ ان کے مطابق یہ آئین، جمہوریت اور سیاسی کارکنان کی کامیابی ہے۔

    بلاول بھٹو نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ان کے خلاف وائٹ ہاؤس میں سازش ہوئی۔ ان کے مطابق ان کے خلاف یہ سازش بلاول ہاؤس میں ہوئی۔

  7. پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر ثانی ہو سکتی ہے: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل

    وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنی پریس کانفرنس میں جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا وہیں کچھ دیر بعد ٹوئٹر پر انھوں نے یہ کہا کہ یہ درست ہے کہ آج ان قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    تاہم انھوں نے کہا مگر تبدیل شدہ حالات میں اور تیل کی عالمی منڈی میں قیمتوں کے پیش نظر ہو سکتا ہے کہ ہمیں اپنے فیصلے پر جلد نظرثانی کرنا پڑے۔

  8. حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

    وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت کا فی الحال پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے واضح کیا کہ انھوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو تجویز دی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھائی جائے لیکن وزیر اعظم نے انکار کر دیا۔

    مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم موجودہ صورت حال میں عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے۔

    انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پٹرول خریدنے کے لیے قطاروں میں نہ لگیں۔

    مفتاح اسماعیل نے واضح کیا کہ آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو رہا لیکن کبھی بھی ایڈجسمنٹ کر سکتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ’دورہ سعودی عرب میں مثبت بات ہوئی۔ انھوں نے اچھی پیشکش کی لیکن اس پر بات نہیں کر سکتا۔‘ انھوں نے کہا کہ ’سب سے بات چیت ہو رہی ہے لیکن معاملات حتمی طور پر طے ہونے میں کچھ وقت لگتا ہے۔‘

  9. ’نواز شریف زرداری کو دیکھ رہے ہیں اور آصف زرداری پتا نہیں کسے دیکھ رہے ہیں‘

    اسد عمر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی بحران ہر گزرتے دن کے ساتھ خطرناک ہوتا جا رہا ہے۔

    اسد عمر نے نون لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے حکومت میں آنے سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا۔

    اس سے قبل ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں اسد عمر نے لکھا کہ ملک کے معاشی حالات خطرناک ہوتے جا رہے ہیں اور فیصلہ سازی منجمد ہے۔

    انھوں نے لکھا ’مفتاح اسماعیل شہباز شریف کو دیکھ رہے ہیں، شہباز شریف اسحاق ڈار کو دیکھ رہے ہیں، اسحاق ڈار نواز شریف کو دیکھ رہے ہیں اور نواز شریف آصف علی زرداری کو دیکھ رہے ہیں۔ زرداری پتا نہیں کسے دیکھ رہے ہیں۔‘

  10. فواد چوہدری: ’عدالتیں کتنی بے بس ہیں اس کا اندازہ اس سے لگا لیں کہ پھر شہباز اور حمزہ کی ضمانتوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی‘

    سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’عدالتیں کتنی بے بس ہیں اس کا اندازہ اس سے لگا لیں کہ پھر شہباز شریف سینئر اور جونیئرکی ضمانتوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، وہ مصروفیات کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے تھے۔‘

    انھوں نے وزیرِاعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ماہ کی حکومت میں چوتھے غیر ملکی دورے پر ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز لاہور کی خصوصی عدالت میں وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں فرد جرم کی کارروائی موخر کر دی گئی۔

    ایف آئی اے کے وکیل نے کیس کی تیاری کے لیے عدالت سے مزید وقت مانگا تھا۔

    عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 21 مئی تک توسیع بھی کر دی ہے۔

  11. آمنہ مفتی کا کالم ’اڑیں گے پرزے‘: ہماری لنکا کون ڈھائے گا؟

  12. پیرکوہ ڈیرہ بگٹی میں ہیضے کی وبا: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی وفاقی و صوبائی اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت

    .radio.gov.pk

    ،تصویر کا ذریعہ.radio.gov.pk

    وزیرِاعظم شہباز شریف کا پیرکوہ ڈیرہ بگٹی میں ہیضے کی وبا پھیلنے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    وزیرِاعظم شہباز شریف کی پیرکوہ میں وبا کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی فوری ہدایت کی ہے۔

    وزیرِ اعظم نے متاثرین کو اشیائے خورد نوش اور پینے کے صاف پانی و دیگر امدادی اشیا فوری طور پر پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

    اس کے علاوہ انھوں نے پیر کوہ میں ادویات اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا بھی کہا ہے۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق پیر کوہ میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ادویات اور پانی کا سٹاک فراہم کیا گیا ہے جبکہ مزید ٹینکرز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

  13. حکومت عمران خان کے قتل کی سازش سے متعلق تحقیقات کروانے کے لیے تیار ہے: رانا ثنااللہ

    RANA SANAULLAH

    ،تصویر کا ذریعہPMLN

    پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت عمران خان کے قتل کی سازش سے متعلق تحقیقات کروانے کے لیے تیار ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیان پر تحقیقات کروانے کے لیے تیار ہیں، اگر وہ انتظامی یا جوڈیشل تحقیقات چاہتے ہیں تو حکومت تیار ہے اس کے لیے یہ وہ تمام شواہد فراہم کریں جن کی بنیاد پر انھوں نے یہ بات کی ہے۔ اس سے پتا چل جائے گا کہ ان کی اس بیان میں کتنی صداقت ہے۔‘

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے سنیچر کی شب سیالکوٹ جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے خلاف بند کمروں کے اندر، ملک کے اندر اور ملک سے باہر ایک سازش ہو رہی ہے۔ اور وہ یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کی جان لے لی جائے۔‘

    رانا ثنا اللہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سیالکوٹ جلسے میں ان کی جان لینے کی سازش کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان کا یہ بیان بھی امریکی سازش کے بیانیے جیسا فراڈ پر مبنی بیانیہ ہے۔‘

    وزیر داخلہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اس طرح کے فراڈ بیان ماہر ہیں، ان کا امریکی سازش کا فراڈ بیانیے کچھ کمزور ہوا تو آج انھوں نے قتل کی سازش کا بیانیے شروع کر دیا۔‘

    سابق وزیراعظم عمران خان کا سیالکوٹ جلسے میں خطاب میں کہنا تھا کہ ’چند دن پہلے مجھے اس کا پورا علم ہو چکا ہے۔ میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کرا کر ایک محفوظ جگہ پر رکھ لی ہے۔ اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ ویڈیو قوم کے سامنے آ جائے گی۔ اس ویڈیو میں، میں نے سازش میں ہر ہر فرد کا نام لیا ہے۔‘

  14. قتل کرنے کی سازش کا بیان سیاسی شعبدہ بازی ہے: وزیردفاع خواجہ آصف

    وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ قتل کی سازش کا بیان سیاسی شعبدہ بازی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جن باتوں کا عمران خان ذکر کر رہے ہیں، ان کا حقیقیت سے کوئی تعلق نہیں۔

    نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ان (عمران خان) کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں کوئی سچائی نہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک سیاسی شعبدہ بازی ہے جو ماضی میں بہت لوگ کر چکے ہیں۔ اگر یہ کہہ رہے ہیں کہ جولائی میں سازش تیار ہوئی تو اس وقت کیوں نہیں بولے، اس وقت تو یہ خود ملک کے حکمران تھے۔

  15. ہمارے دور میں سب سے زیادہ صنعتی ترقی ہوئی ہے: عمران خان

    عمران خان نے کہا کہ اب یہ امریکہ سے پیسے مانگنے جائیں گے۔ ان کے مطابق اب بلاول امریکہ جا رہا ہے۔ انھوں نے بلاول بھٹو سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ امریکیوں سے آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات نہیں کر سکو گے کیونکہ انھیں پتا ہے کہ آپ کے کن اکاؤنٹس میں پیسہ رکھا ہوا ہے۔

    سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب ہماری حکومت گرائی گئی تو جب اعدادوشمار آئے ہیں تو ان سے یہ پتا چلا کہ سب سے زیادہ صنعتی پیداوار ہمارے دور میں ہوئی۔

    انھوں نے موجودہ مہنگائی کا تذکرہ کرتے ہوئے پوچھا کہ اب جو مہنگائی ہو رہی ہے تو وہ میڈیا ہاؤسز کدھر ہیں۔

  16. ایف آئی اے کے دو افسران دباؤ کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے سے مر گئے: عمران خان کا الزام

    عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف، حمزہ شریف اور ان کے مفرور بیٹے سلمان شہباز کے خلاف 24 ارب روپے کے بدعنوانی کے کیسز ہیں۔

    عمران خان نے کہا ایف آئی اے آپ کے خلاف کیسز بناتی ہے اور پھر اقتدار میں آ کر آپ ان کو ہٹا دیتے ہیں۔ انھوں نے ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر محمد رضوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر رضوان کی شدید دباؤ میں دل کا دورہ پڑا اور وہ مر گیا۔

    عمران خان کے مطابق ایف آئی اے کے ایک دوسرے افسر کو بھی جمعے کے روز ہارٹ اٹیک ہو گیا ہے۔

    سابق وزیراعظم نے عدلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں کوئی اتنا بڑا خطرہ تھا کہ میرے لیے رات 12 بجے عدالتیں کھول دی گئی ہیں۔ عمران خان نے عدلیہ کی توجہ شہباز شریف کے خلاف مقدمات پر دلائی۔

  17. بریکنگ, مجھے قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، ویڈیو میں سازش میں شامل ہر فرد کا نام لیا ہے: عمران خان

    سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف بند کمروں کے اندر، ملک کے اندر اور ملک سے باہر ایک سازش ہو رہی ہے۔ اور وہ یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کی جان لے لی جائے۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ چند دن پہلے مجھے اس کا پورا علم ہو چکا ہے۔ میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کرا کر ایک محفوظ جگہ پر رکھ لی ہے۔ اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ ویڈیو قوم کے سامنے آ جائے گی۔ اس ویڈیو میں، میں نے سازش میں ہر ہر فرد کا نام لیا ہے۔

    ان کے مطابق مجھے مارنے کی سازش ہے۔ اگر مجھے کچھ ہو گا تو میں اپنے سارے پاکستانیوں کو کہتا ہوں کہ تا کہ آپ کو پتا چل سکے کہ کون کون اس میں شامل ہے۔ ان کے مطابق ملک کے اندر اور باہر تمام کرداروں کے نام لیے ہیں جنھوں نے مجھے قتل کرنے کی سازش کی ہے۔

    میں نے اس وجہ سے یہ ویڈیو ریکارڈ کرائی ہے کیونکہ اس ملک میں کبھی کسی طاقتور کو نہیں پکڑا جاتا۔ ان کے مطابق میں نے اس وجہ سے یہ ویڈیو ریکارڈ کرائی ہے تاکہ میری قوم کے سامنے سب شکلیں آئیں کہ کون کون سا ملک سے غداری کر رہا تھا اور کس کس نے غداری کی۔

    عمران خان کے مطابق لیاقت علی خان کے قتل سے لے کر آج تک تمام ایسے واقعات میں طاقتور مجرموں کو چھوڑ کر کمزور لوگوں کو ہی پکڑا گیا ہے۔

  18. سازش کے تحت بڑے گراؤنڈ سے جلسے سے روکا: عمران خان

    سابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے سیالکوٹ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایک سازش کے تحت ہمیں بڑے گراؤنڈ میں جلسہ کرنے سے روکا۔ انھوں نے کہا کہ یہاں تک پہنچنے کے لیے ایک گھنٹہ لگا۔

    عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

  19. سیالکوٹ جلسہ سے عمران خان کا خطاب جاری

    اس وقت سیالکوٹ میں تحریک انصاف کا جلسہ جاری ہے، جس سے سابق وزیر اعظم عمران خان خطاب کر رہے ہیں۔ اپنے خطاب کے آغاز میں عمران خان نے کہا کہ اللہ سے مدد مانگتے ہیں اور کسی سپر پاور کے سامنے نہیں جھکتے۔