افغانستان سے کیے گئے ڈرون حملے میں چینی کمپنی کے تین ملازمین ہلاک: تاجکستان کا دعویٰ

تاجکستان کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’یہ حملہ ایک ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں گرینیڈز اور اسلحہ نصب تھا۔‘

خلاصہ

  • ہانگ کانگ کے فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق ٹاور بلاک میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 65 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 70 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
  • ایف آئی اے لاہور زون کے ڈائریکٹرکیپٹن ریٹائرڈ علی ضیا نے ایئرپورٹس پر لوگوں کو مبینہ طور پر جہاز سے اتارنے کے واقعات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ 'گمراہ کن اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز اور غلط معلومات' پر مبنی ہیں۔
  • بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو کرپشن کے مقدمات میں 21 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
  • وائٹ ہاؤس کے نزدیک فائرنگ میں نیشنل گارڈ کے دو اہلکار شدید زخمی: مبینہ حملہ آور افغان شہری ہے، ٹرمپ نے واقعے کو 'دہشتگردی' قرار دے دیا
  • امریکہ کا افغان شہریوں کی امیگریشن کی درخواستیں معطل کرنے کا اعلان

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔ مزید خبروں اور تازہ ترین اپڈیٹس کے لیے آپ ہمارے اس لنک پر کلک کریں۔

  2. ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی میں 22 شدت پسند ہلاک: پاکستانی فوج

    پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک کارروائی میں 22 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔

    جمعرات کو ایک بیان میں پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 22 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

    پاکستانی وزیرِ اعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ: ’ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔‘

  3. بریکنگ, ہانگ کانگ: رہائشی عمارتوں میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 75 ہو گئی

    ہانگ کانگ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ہانگ کانگ میں رہائشی عمارتوں میں لگنے والے آگ سے اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 75 ہو گئی ہے۔

    مقامی میڈیا اور اے ایف پی نیوز ایجنسی نے ہانگ کانگ فائر ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ اب تک آگ میں 76 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق بہت سے رہائشی دوسری رات بغیر گھر کے گزارنے والے ہیں۔

    بلند عمارت میں اب بھی آگ دکھائی دے رہی ہے۔

    ہانگ کانگ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    متاثرین کے لیے خوراک، کپڑے اور رقوم کے عطیات مسلسل آ رہے ہیں، جبکہ آگ کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے فوجداری تحقیقات کی جائیں گی اس کے علاوہ ہاؤسنگ بیورو کی جانب سے یہ تحقیقات بھی ہوں گی کہ آیا عمارت کی بیرونی دیوار پر حفاظتی مواد ’آگ سے بچاؤ کے معیار پر پورا اترتا ہے‘ یا نہیں۔

  4. افغانستان سے کیے گئے ڈرون حملے میں چینی کمپنی کے تین ملازمین ہلاک: تاجکستان کا دعویٰ

    تاجکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    تاجکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے سرحدی علاقے میں افغانستان کی سرزمین سے کیے جانے والے ایک ڈرون حملے میں ایک چینی کمپنی کے تین ملازمین ہلاک ہوئے ہیں۔

    جمعرات کو ایک بیان میں تاجکستان کی وزارتِ خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرون حملہ اس کے صوبے ختلان کے سرحدی علاقے میں ہوا ہے۔

    تاجکستان کے دعوے پر افغانستان کی جانب سے تاحال کوئی بیان نہیں سامنے آیا ہے۔

    تاہم تاجکستان کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’یہ حملہ ایک ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں گرینیڈز اور اسلحہ نصب تھا۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تاجکستان افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں سکیورٹی ور استحکام برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ’افغانستان کی سرزمین پر موجود جرائم پیشہ گروہوں کی تباہ کُن کارروائیاں جاری ہیں۔‘

  5. ورک ویزا پر بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کو آف لوڈ کرنے کی ویڈیوز ’گمراہ کن اے آئی سے تیار کردہ ہیں‘: ایف آئی اے

    ایف آئی اے

    ،تصویر کا ذریعہFIA

    ایف آئی اے لاہور زون کے ڈائریکٹرکیپٹن ریٹائرڈ علی ضیا نے ایئرپورٹس پر لوگوں کو مبینہ طور پر جہاز سے اتارنے کے واقعات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ ’گمراہ کن اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز اور غلط معلومات‘ پر مبنی ہیں۔

    انھوں نے زور دیا کہ ’ایسا گھڑت مواد عوام کو گمراہ کرنے اور ادارہ جاتی ساکھ کو کمزور کرنے کا مقصد رکھتا ہے‘

    انھوں نے بیان میں شہریوں کو صرف سرکاری ایف آئی اے پلیٹ فارمز سے تصدیق شدہ معلومات پر انحصار کرنے کی ترغیب دی۔ سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ویڈیو بیان میں ایف آئی اے لاہور زون کے ڈائریکٹر، کیپٹن ریٹائرڈ علی ضیا نے کہا کہ ’ان سب باتوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز پوسٹ کی جا رہی ہیں۔ ‘

    انھوں نے وضاحت کی کہ ’جو لوگ مستند ویزا اور ٹکٹ پر جا رہے ہیں انھیں نہیں روکا جائے گا۔ بلکہ امیگریشن عملہ ان سے تعاون کرے گا۔ ‘

    انھوں نے کہا کہ ’کچھ لوگ انسانی سمگلنگ کرنے والوں کے جھانسے میں آتے ہیں۔ ماضی میں ڈنکی کے لیے بعض لوگوں کو ٹرانزٹ کیسز میں دوسرے ملکوں میں پھنسایا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ اب کئی ممالک ویزا نہیں دے رہے۔ ان ملکوں کے بھی جہاں 48 گھنٹے میں ویزا مل جائے گا۔ ہمارے پاس ڈی پورٹ ہونے والے کئی لوگوں کے کسیز آتے ہیں۔‘

    علی ضیا نے مزید کہا کہ ’آپ افواہوں پر کن نہ دھریں۔ اور اپنے پیسے نوسر بازوں کو نہ دیں۔‘

    انھوں نے وضاحت کی کہ ’آپ کو کوئی بھی وہم ہو ہمارے دفاتر آئیں تمام ابہام دور کیے جائیں گے۔ جن لوگوں کو باہر جانے سے روکا جاتا ہے ان کے ادھورے کاغدات کی وجہ سے کیا جاتا ہے۔ یا کسی فرضی کمپنی میں ملازمت کے لیے جاتے ہیں۔شک کی بنا پر ایسے لوگوں کو آئندہ سے مشکلات سے بچانے کے لیے روک دیا جاتا ہے۔‘

    یاد رہے کہ ایسی اطلاعات تھیں کہ حالیہ عرصے کے دوران پاکستان میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں کے ایئر پورٹس پر امیگریشن حکام نے بعض ایسے لوگوں کو بیرون ملک پروازوں پر سوار ہونے سے روکا جن کے پاسپورٹس پر ورک ویزا تھے۔

    اس سے پہلے بھی ایک بیان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا کہنا ہے کہ روکے جانے والے مسافروں میں سے کچھ کو انسانی سمگلنگ کا شکار بننے کے شک میں روکا گیا ہے۔

  6. ہانگ کانگ رہائشی عمارتوں میں آگ کے باعث ہلاکتیں 65 ہوگئیں، 70 زخمیوں کو بچا لیا گیا

    ہانگ کانگ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ہانگ کانگ کے فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق ٹاور بلاک میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 65 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 70 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    محکمے کے مطابق دس فائر فائٹرز بھی زخمی ہو گئے ہیں۔

    ہانگ کانگ انتظامیہ کے چیف سیکرٹری ایرک چان نے مہلک آتشزدگی کے بعد کی جانے والی ’جامع تحقیقات‘ کی تازہ ترین اپ ڈیٹ بھی فراہم کی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے فوجداری تحقیقات کی جائیں گی اس کے علاوہ ہاؤسنگ بیورو کی جانب سے یہ تحقیقات بھی ہوں گی کہ آیا عمارت کی بیرونی دیوار پر حفاظتی مواد ’آگ سے بچاؤ کے معیار پر پورا اترتا ہے‘ یا نہیں۔

    چان کا کہنا تھا کہ ’ان کا مقصد ’آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنا اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانا‘ ہے۔

    اس سے پہلے، ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے کہا تھا کہ فائر فائٹرز نے کامیابی سے 55 افراد کو بچا لیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ’جائے وقوعہ پر پیچیدہ حالات کے باوجود، فائر فائٹرز کی ریسکیو کوششیں رکیں گی نہیں‘۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے اب تک نو ایمرجنسی شیلٹرز کھولے ہیں، جن میں اس وقت 500 سے زائد افراد ہائش پذیر ہیں۔

    دریں اثنا رضاکار گروپ ہانگ کانگ گارڈینز کا کہنا ہے کہ اس کے پاس 20 افراد ہیں جو فلیٹس سے جانوروں اور لوگوں کو بچانے میں مدد کر رہے ہیں۔

    گروپ نے مزید بتایا کہ ویٹرنری ڈاکٹرز اور ویٹرنری نرسیں موقع پر موجود ہیں۔

  7. بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کو کرپشن کیسز میں 21 سال قید کی سزا

    شیخ حسینہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو پرباچل میں کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے پلاٹ حاصل کرنے کے لیے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں ان کے خلاف دائر تین مقدمات میں 21 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    ان کی بیٹی صائمہ وازید پتل اور سجیب وازید جوئے کو پانچ پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

    عدالت نے کہا کہ یہ پلاٹ شیخ حسینہ اور ان کے خاندان کو ان کے دائرہ اختیار سے باہر بغیر کسی درخواست کے الاٹ کیا گیا۔

    دریں اثنا فیصلے کے حوالے سے سجیب وازید جوئے نے بی بی سی بنگلہ کو بتایا، ’ہمارے خلاف ایک جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے تاکہ ہم ووٹ نہ ڈال سکیں، ان فیصلوں کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ میری والدہ اور میرے خاندان کا کوئی فرد ووٹ نہ ڈال سکے۔‘

    ڈھاکہ کے پانچویں خصوصی جج محمد عبداللہ المامون نے جمعرات کو فیصلہ سنایا۔

    فیصلے کے موقعے پر جمعرات کو ڈھاکہ میٹروپولیٹن سیشن جج کی عدالت کے علاقے میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

    پولیس اور بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) سمیت قانون نافذ کرنے والے افسران کی بڑی تعداد عدالت کے احاطے میں صبح سے ہی تعینات تھی۔

    سزائے موت کے بعد انسانیت کے خلاف جرائم میں سب سے زیادہ سزا پانی والی شیخ حسینہ کے خلاف کرپشن کیس میں یہ دوسرا فیصلہ ہے۔

    چونکہ شیخ حسینہ، ان کا بیٹا اور بیٹی سبھی مفرور ہیں، اس لیے ان کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا۔

    کیس کے 23 ملزمان میں سے صرف ایک اہلکار خورشید عالم جیل میں ہیں۔ عدالت نے خورشید عالم کو ایک سال قید کی سزا سنائی۔

    انھیں جمعرات کی صبح فیصلے کے دن جیل سے عدالت لایا گیا۔ تینوں مقدمات میں شیخ حسینہ سمیت 23 ملزمان میں سے 21 کو سزا ہو چکی ہے۔

  8. ’میری پڑوسن کے شوہر مر چکے ہیں، میری بیٹی اور شوہر ابھی تک نکالے نہیں گئے‘

    ہانگ کانگ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ہانگ کانگ کی رہائشی عمارتوں وانگ فوک کورٹ میں ہونے والی مہلک آتشزدگی کے بعد وہاں سے زندہ نکل آنے والے رہائشیوں نہ بتایا کہ وہ بہت بے بس محسوس کر رہے ہیں۔

    البرٹ لائی جو وانگ فوک کورٹ کے ریٹائرڈ رہائشی ہیں، نے اے ایف پی کو بتایا کہ آگ لگنے کے فورا بعد پولیس نے ان کے دروازے پر دستک دی اور انھیں کہا کہ تمام کھڑکیاں اور دروازے بند کر کے وہاں سے نکل جائیں۔

    انھوں نے رات ایک شاپنگ سینٹر کے فرش پر گزاری۔ بہ کہتے ہیں ’اگر میں کہوں کہ میں سو گیا تو جھوٹ بولوں گا۔ یہ جگہ اجنبی اور بہت شور والی تھی۔‘

    ڈیزی یان کی عمر 60 سال ہے انھیں بحفاظت عمارت سے نکال لیا گیا تھا کیونکہ وہ وانگ فوک کورٹ کے ساتھ والی ایک عمارت میں رہتی ہیں۔

    وہ روئٹرز کو بتاتی ہیں کہ اس علاقے میں رہنے والے ان کے کچھ دوستوں سے رابطہ نہیں ہو رہا۔

    وہ کہتی ہیں ’مجھے نہیں معلوم کہ میں آج رات گھر واپس جا سکوں گی یا نہیں‘۔

    ایک 51 سالہ رہائشی جن کا خاندانی نام وان ہے ، انھوں نے روئٹرز کو بتایا کہ انھوں نے وانگ فوک کورٹ میں اپنا اپارٹمنٹ 20 سال سے زیادہ پہلے خریدا تھا۔

    ’ہماری ساری چیزیں اسی اپارٹمنٹ میں تھیں اور اب جب سب کچھ اس طرح جل گیا ہے، تو کیا بچے گا۔‘

    ’مجھے تو مرنے کا بھی دل چاہتا ہے۔ یہ حالت میں دیکھ کر اور ہم مدد بھی نہیں کر پا رہے، ہم کیا کر سکتے ہیں؟‘

    ایک اور رہائشی52 سالہ نگ کہتی ہیں کہ ان کا بلاک ابھی بھی آگ میں ہے اور ان کی بیٹی اور شوہر ابھی تک نکالے نہیں گئے۔

    ’میری پڑوسن کے شوہر مر چکے ہیں۔‘

  9. ہانگ کانگ رہائشی عمارتوں میں آتشزدگی کے متاثرین کے لیے امداد کا اعلان اور انتخابی سرگرمیاں معطل

    ہانگ کانگ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی وانگ فوک کورٹ میں ہونے والی مہلک آتشزدگی کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں سے خطاب میں بتایا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد اب بھی 55 ہے اور بے گھر رہائشیوں کی مدد کے لیے تقریبا 1,800 رہائشی یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔

    انھوں نے فی گھرانے 10 ہزار ڈالر نقد ریلیف فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

    انھوں نے کہا ہے کہ متاثرہ افراد کی مدد کے لیے تین کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا امدادی فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ آنے والی تقریبات کی سرگرمیاں منسوخ یا ملتوی کر دے گی۔

    ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی کا کہنا ہے کہ ’بیجنگ کی مدد کے لیے ایک رسمی درخواست تیار کی جا رہی ہے، جس میں ساختی معائنہ کے لیے ڈرونز اور اضافی طبی سامان شامل ہے۔‘

    انھوں نے مزید بتایا کہ ’تمام سرکاری قانون ساز کونسل کے انتخابی فورمز اور انتخابی تقریبات معطل کر دی گئی ہیں۔ ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ سات دسمبر کو ہونے والے انتخابات ملتوی کیے جائیں گے یا نہیں۔‘

    دوسری جانب چینی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ہانگ کانگ کی ’حفاظت‘ کرے گی۔

    چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے یہ بیان اس وقت دیا جب پوچھا گیا کہ کیا وہ فائر ریسکیو کے لیے کوئی مدد فراہم کریںگے۔

    جیانگ بن نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی ’احکامات کے مطابق عمل کرے گی، قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دے گی اور ہانگ کانگ کی حفاظت کرے گی۔‘

    ادھر ہانگ کانگ میں آگ سے متاثرہ افراد میں سے کئی کو قریبی ایمرجنسی شیلٹرز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اب تک یہ واضح نہیں کہ آگ لگنے کے وقت وانگ فوک کورٹ میں واقعی کتنے لوگ موجود تھے۔

    سنہ 2021 کی سرکاری مردم شماری کے مطابق، اس کمپلیکس میں تقریبا 4,600 رہائشی رہتے ہیں۔

  10. پاکستان کی ضلع خیبر میں داعش کے ٹھکانوں پر مبینہ ڈرون حملوں اور جانی نقصان کی تردید

    ڈرون

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ضلع خیبر میں داعش کے مبینہ ٹھکانوں پر مبینہ ڈرون حملوں کی خبریں غیر مصدقہ ہیں۔

    پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی غلط خبریں گردش کر رہی ہیں کہ جن میں ’خیبر ضلع میں داعش کے ٹھکانوں پر ڈرون حملے‘ کا الزام لگایا گیا ہے۔

    وزرات نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ ’نامعلوم ڈرونز نے جیبرمیلہ ،خیبر ضلع میں داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے جس سے سینیئر داعش کے ارکان کو ہلاک کیا۔ حملے کے بعد پاکستانی فورسز نے ان پر فائرنگ کی تاہم وہ افغانستان کی طرف چلے گئے۔‘

    پاکستان کی وزرات اطلاعات و نشریات نے بیان میں وضاحت کی کہ ’پاکستان میں کسی بھی ڈرون حملے کے واقعے کی کسی اور ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی۔ آئی ایس پی آر، خیبر پختونخوا پولیس اور ضلع انتظامیہ نے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے جس میں ڈرون حملے، شدت پسندوں کی ہلاکتیں، یا فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تصدیق کی گئی ہو۔ ‘

    بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی معتبر میڈیا نے پاکستان میں اس قسم کے کسی ڈرون حملے کی کوریج نہیں کی۔

    مزید یہ کہ ’یہ خبر صرف ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی اور نامعلوم ’ذرائع ‘کا حوالہ دیا گیا ہے اور کوئی تصاویر، ویڈیوز یا زمینی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔‘

    وزارت کے بیان کے مطابق ایسے کسی واقعے کی ’کوئی مقامی تصدیق نہیں ہوئی، خیبر کے صحافیوں اور رہائشیوں نے کسی دھماکے، ڈرون سرگرمی، فائرنگ یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی۔ اور نہ ہی مقامی یا سوشل چینلز پر کوئی فوٹیج نظر آئی۔ ‘

    پاکستان کی وزرات اطلاعات و نشریات نے پاکستان میں داعش کی قیادت کے چھپنے کا دعوے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جولائی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ داعش کے قیادت، تربیت، اور آپریشنز افغانستان میں قائم ہیں، جہاں اس گروپ نے خطے میں 2024 کے بڑے حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔‘

  11. ہانگ کانگ میں رہائشی اپارٹمنٹس میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 55 تک جا پہنچی

    ہانگ کانگ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ہانگ کانگ میں رہائشی اپارٹمنٹس میں لگنے والے آگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔

    شہر کے فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ 51 افراد کی جائے وقوعہ پر جبکہ چار کی موت ہسپتال میں ہوئی۔ آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران ایک ایک فائر فائٹر بھی ہلاک ہو گیا ہے۔

    آتشزدگی کے بعد سے 270 سے زائد افراد کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سات میں سے چار عمارتوں میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ دیگر عمارتیں اب بھی جل رہی ہیں۔

    آگ کیسے لگی اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ سائٹ پر کھڑکیوں کو بلاک کرنے کے لیے پولی سٹیرین بورڈز استعمال کیے گئے تھے اور عین ممکن ہے اس نے آگ کو مزید تیزی سے پھیلنے میں مدد دی ہو۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ بانس کی سکیف فولڈنگ کے استعمال کی وجہ سے آگ دیگر عمارتوں تک پھیلی ہے۔

    آتشزدگی کے بعد ایک تعمیراتی کمپنی کے تین افسران کو غفلت برتنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

  12. واشنگٹن میں نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر حملے کے بعد امریکہ کا افغان شہریوں کی امیگریشن کی درخواستیں معطل کرنے کا اعلان

    نیشنل گارڈ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کے شہریت اور امیگریشن سروسز کے محکمے کا کہنا ہے کہ ’سکیورٹی اور جانچ کے پروٹوکولز‘ کے جائزے تک افغان شہریوں کی امیگریشن کی تمام درخواستوں پر کارروائی معطل کی جا رہی ہے۔

    ایکس پر جاری ایک بیان میں محکمے کا کہنا ہے کہ اپنے ملک اور امریکی عوام کی حفاظت ہمارا واحد مشن ہے۔

    محکمے کی جانب سے یہ فیصلہ وائٹ ہاؤس کے نزدیک فائرنگ کے نتیجے میں نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کے شدید زخمی ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔

    حملے کے بعد امریکی حکام کا کہنا تھا کہ مبینہ حملہ افغان شہری تھا جو ستمبر 2021 میں امریکہ میں داخل ہوا تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حملے کو ’دہشت گردی کی کارروائی‘ قرار دیا تھا۔

    حملے کے بعد خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مشتبہ حملہ آور سابق صدر بائیڈن کے منظور کردہ ایک قانون کے تحت افغانستان سے آیا تھا اور اب بائیڈن انتظامیہ کے دور میں افغانستان سے امریکہ آئے تمام افراد کی دوبارہ جانچ پڑتال کی جائی گی۔

    امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں کسی بھی ایسے غیر ملکی کو امریکہ سے نکالنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جن کا یہاں سے تعلق نہیں یا جن سے ہمارے ملک کو فائدہ نہیں پہنچتا۔

    ’اگر وہ ہمارے ملک سے محبت نہیں کر سکتے تو ہمیں وہ نہیں چاہیے۔‘

  13. پوپ لیو اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر ترکی اور لبنان روانہ

    پوپ لیو

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    پوپ لیو چار دہم آج سے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز کر رہے ہیں۔ اپنے چھ روزہ دورے کے دوران وہ پہلے ترکی جائیں گے اور بعد ازاں وہ لبنان کا دورہ کریں گے۔

    ان دونوں ممالک کے دوروں کی منصوبہ بندی اصل میں ان کے پیشرو پوپ فرانسس نے کی تھی لیکن مئی میں پوپ منتخب ہونے کے بعد پوپ لیو نے ان کے رابطے جوڑنے کے مشن کو اپنا لیا تھا۔

    خیال رہے کہ پوپ بننے کے بعد سے لیو کافی محتاط انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس دورے کے دوران ان کی سفارت کاری کو بھی باریک بینی سے دیکھا جائے گا۔

    ترکی میں پوپ لیو سلطان محمد مسجد جسے نیلی مسجد بھی کہا جاتا ہے کا دورہ کریں گے۔ پوپ لیو سے پہلے ان کے دونوں پیشرو پوپ فرانسس اور پوپ بینیڈکٹ بھی اس مسجد کا دورہ کر چکے ہیں۔

    لبنان کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل وہ بین المذاہب مکالمے کی غرض سے دیگر مذہبوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

  14. جنوبی افریقہ کو 2026 کے جی 20 سربراہی اجلاس میں مدعو نہیں کیا جائے گا: ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگلے سال امریکہ کے شہر میامی میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں جنوبی افریقہ کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس سال کے جی 20 اجلاس میں امریکی نمائندے کے ساتھ کیے گئے سلوک کے باعث جنوبی افریقہ کو کی جانے والی ’تمام ادائیگیاں اور امداد‘ بھی روک دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی افریقہ میں سفید فام افراد پر ہونے والے مبینہ مظالم کے خلاف احتجاج کے طور جوہانسبرگ میں ہونے والے جی 20 کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ افریکانرز (وہ افراد جو ڈچ آباد کاروں اور فرانسیسی اور جرمن تارکین وطن کی نسل سے ہیں) کو قتل اور ذبح کیا جا رہا ہے، اور ان کی زمینوں اور کھیتوں پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔‘

    جنوبی افریقہ نے ان الزامات کو ’بے بنیاد‘ قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ جی 20 کے اختتامی اجلاس کے موقع پر جنوبی افریقہ نے جی 20 کی صدارت امریکی سفارت خانے کے ایک سینیئر نمائندے کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا تھا جو اس تقریب میں شریک تھے۔

    امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ان کی ہدایت پر جنوبی افریقہ کو 2026 میں میامی میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں مدعو نہیں کیا جائے گا۔

  15. وائٹ ہاؤس کے نزدیک نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ: مشتبہ حملہ آور بائیڈن کے منظور کردہ قانون کے تحت افغانستان سے آیا تھا، ٹرمپ

    ڈونلڈ ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے نزدیک نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور سابق صدر بائیڈن کے منظور کردہ ایک قانون کے تحت افغانستان سے آیا تھا اور اب بائیڈن انتظامیہ کے دور میں افغانستان سے امریکہ آئے تمام افراد کی دوبارہ جانچ پڑتال کی جائی گی۔

    امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس سے محض چند قدم کے فاصلے پر ہونے والے اس بھیانک حملے میں نیشنل گارڈز کے دو اہلکاروں پر ’پوائنٹ بلینک رینج‘ سے گولی چلائی گئی۔

    حکام کے مطابق، بدھ کے روز ہونے والے حملے میں زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ گھناؤنا حملہ برائی پر مبنی، دہشت گردانہ اور نفرت انگیز کارروائی تھی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے یہ نہ صرف ہماری قوم بلکہ انسانیت کے خلاف ایک جرم ہے۔

    ’بطور امریکی صدر میں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہوں کہ جس جانور نے یہ ظلم کیا ہے، اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے۔‘

    انھوں نے بتایا کہ ہوم لینڈ سکیورٹی کو حاصل معلومات کے مطابق، زیرِ حراست مشتبہ شخص کا تعلق افغانستان سے ہے جسے بائیڈن انتظامیہ 2021 میں ملک میں لے کر آئی تھی۔

    صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ مشتبہ حملہ آور بھی ان فلائیٹس میں امریکہ پہنچا تھا جن کے بارے میں کسی کو بھی معلوم نہیں تھا کہ ان میں سوار افراد کون ہیں اور صدر بائیڈن کی جانب سے منظور کیے گئے ایک قانون کے نتیجے میں اس شخص کی قانونی حیثیت میں توسیع کی گئی۔

    ’یہ حملہ ہمارے ملک کو درپیش سب سے بڑے خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔‘

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ سابقہ امریکی انتظامیہ نے بنا کسی جانچ پڑتال کے دو کروڑ سے زائد غیر ملکیوں کو امریکہ میں داخل کیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہمیں بائیڈن انتظامیہ کے دور میں افغانستان سے امریکہ آئے تمام افراد کی دوبارہ جانچ پڑتال کی جائی گی۔

    صدر ٹرمپ کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں کسی بھی ایسے غیر ملکی کو امریکہ سے نکالنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جن کا یہاں سے تعلق نہیں یا جن سے ہمارے ملک کو فائدہ نہیں پہنچتا۔

    ’اگر وہ ہمارے ملک سے محبت نہیں کر سکتے تو ہمیں وہ نہیں چاہیے۔‘

  16. ہانگ کانگ میں رہائشی اپارٹمنٹس میں آتشزدگی کے نتیجے میں 44 افراد ہلاک، 279 تاحال لاپتہ

    ہانگ کانگ

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    ہانگ کانگ میں متعدد رہائشی عمارتوں میں لگنے والی آگ میں ہلاکتوں کی تعداد 44 ہو گئی ہے جبکہ مزید 45 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

    حکام کے مطابق، 40 افراد جائے وقوعہ پر ہی مارے گئے تھے جبکہ چار افراد ہسپتال پہنچنے کے بعد ہلاک ہوئے ہیں۔

    حکام کا مزید کہنا ہے کہ 279 اب بھی لا پتہ ہیں۔

    رہائشی عمارتوں میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور 800 سے زیادہ فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں میں حصہ لے رہے ہیں جو کہ پچھلے 18 گھںٹوں سے جل رہی ہے۔

    اسے پانچویں درجے کی آگ قرار دیا گیا ہے جو کہ ہانگ کانگ میں آتشزدگی کا سب سے اونچا درجہ ہوتا ہے۔

    آتشزدگی کے بعد ایک تعمیراتی کمپنی کے تین افسران کو غفلت برتنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    آگ کیسے لگی اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ سائٹ پر کھڑکیوں کو بلاک کرنے کے لیے پولی سٹیرین بورڈز استعمال کیے گئے تھے اور عین ممکن ہے اس نے آگ کو مزید تیزی سے پھیلنے میں مدد دی ہو۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ بانس کی سکیف فولڈنگ کے استعمال کی وجہ سے آگ دیگر عمارتوں تک پھیلی ہے۔

    ہانگ کانگ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

  17. وائٹ ہاؤس کے نزدیک فائرنگ، نیشنل گارڈ کے دو اہلکار شدید زخمی

    وائٹ ہاؤس

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس سے دو بلاکس سے بھی کم فاصلے پر نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کو گولی مار کر شدید زخمی کر دیا گیا ہے۔ واشنگٹن ڈی سی کے میئر نے اسے ’ٹارگٹڈ شوٹنگ‘ قرار دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایک تنہا مشتبہ شخص نے بدھ کی سہ پہر نیشنل گارڈ کے ارکان پر گولیاں چلائی۔ فائرنگ کی آواز سن کر نیشنل گارڈ کے دیگر اہلکاروں نے حملہ آور کو پکڑ لیا۔

    اس حملے کے فوراً بعد کچھ وقت کے لیے وائٹ ہاؤس میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا جبکہ شہر کے مرکزی ہوائی اڈے پر پروازوں کو بھی عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو کہ حملے کے وقت فلوریڈا میں تھے نے کہا ہے کہ حملہ آور کو اس کی ’بہت بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔‘

    حملہ آور مبینہ طور پر افغان شہری ہے۔ امریکہ میں بی بی سی کے شراکتدار سی بی ایس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے متعدد ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملہ آور کی شناخت رحمان اللہ لکنوال کے نام سے ہوئی ہے جو 2021 میں امریکہ آیا تھا۔

  18. بلوچستان: کچھی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں تین بچے ہلاک، تین افراد زخمی, محمد کاظم، بی بی سی کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع کچھی میں بدھ کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں تین بچے ہلاک جبکہ ایک بچی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔

    سرکاری حکام نے اس دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع کچھی کے علاقے سنّی کے ایک گھر میں پیش آیا۔

    فون پر رابطہ کرنے پر بھاگ پولیس کے ڈی ایس پی جان محمد کھوسہ نے بتایا کہ دو روز قبل نامعلوم مسلح افراد سنّی میں عبدالحئی جتوئی نامی شخص کے گھر آئے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلح افراد کے آنے سے پہلے گھر کے مکین نکل گئے تھے اور مسلح افراد کی آمد کے وقت گھر میں کوئی نہیں تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ مسلح افراد نے گھر میں بارودی سرنگ بچھائی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز جب گھر میں لوگ واپس آئے تو ان میں سے ایک کا پیر بارودی سرنگ پر آنے سے زوردار دھماکہ ہوا جس میں تین بچے ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

    ہلاک ہونے والوں میں ایک بچی اور دو بچے شامل ہیں جن کی عمریں 12 سے 14 سال کے درمیان ہیں جبکہ زخمیوں میں ایک بچی اور دو مرد شامل ہیں۔

    ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    پولیس کے ڈی ایس پی نے بتایا کہ واقعے کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  19. ہنگو: پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں تین اہلکار ہلاک

    gettyimages

    ،تصویر کا ذریعہgettyimages

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کے حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

    یہ حملہ ہنگو کے علاقے شاہو روڈ پر واقع پولیس چیک پوسٹ پر ہوا۔

    ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) خان زیب مہمند نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں تین پولیس اہلکار شامل ہیں۔

    ڈی پی او کا کہنا ہے کہ حملے کے فوراً بعد پولیس نے جوابی کارروائی شروع کر دی تھی اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انھوں نے جائے وقوعہ پر اضافی نفری بھیجنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

    وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور ایسے بزدلانہ حملے عوام اور سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

    سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ صوبہ دہشت گردی کے خلاف جنگ مزید مضبوط عزم کے ساتھ جاری رکھے گا۔

  20. ’پاکستان کے پاس دوسروں کو لیکچر دینے کا حق نہیں‘: کشمیر میں انسانی حقوق کی ’خلاف ورزیوں‘ پر اسلام آباد کی تشویش اور نئی دہلی کا جواب

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے دفتر خارجہ نے بدھ کے روز اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ’منظم انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔‘

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ماہرین نے پیر 24 نومبر کو انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا، جو رواں سال اپریل میں پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سامنے آئیں۔ جس کا الزام انڈیا کی جانب سے پاکستان پر عائد کیا گیا تھا۔

    پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے اس بیان پر انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ ’ہم نے پاکستان کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات دیکھے ہیں۔ ہم پاکستان کے بیانات کو اس انداز میں مسترد کرتے ہیں جس کے وہ مستحق ہیں۔‘

    انھوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’ایک ایسے ملک کے طور پر جس کے پاس اقلیتوں کے ساتھ جبر، تعصب اور منظم طریقے سے ناروا سلوک کا پرانا اور داغدار ریکارڈ ہے، پاکستان کو دوسروں کو لیکچر دینے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔‘

    پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ’پاکستان اقوام متحدہ کے سپیشل پروسیجرز کے ماہرین کی جانب سے انڈیا کے غیر قانونی اقدامات کے حوالے سے حالیہ نتائج پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے جو انڈیا غیر قانونی طور پر اپنے زیرانتظام کشمیر میں کر رہا ہے۔‘

    اقوام متحدہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں ماہرین نے ان مشاہدات پر بھی شدید پریشانی کا اظہار کیا گیا کہ انڈیا کے اقدامات کے نتیجے میں تقریباً 2800 افراد، جن میں صحافی، طلبہ اور انسانی حقوق کے علمبردار شامل ہیں، کو حراست میں رکھا گیا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) جیسے سخت قوانین کے مسلسل نفاذ نے غیر معینہ اور غیر منطقی حراستوں کی راہ ہموار کی ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ نے انڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے جابرانہ اقدامات بند کرے اور اپنے زیرانتظام کشمیر میں تمام من مانے طور پر گرفتار شدہ افراد کو غیر مشروط طور پر رہا کرے۔

    اس کے علاوہ پاکستان نے انڈیا پر زور دیا کہ وہ تمام مذہبی اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں اور مسیحیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

    پاکستانی دفترِ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’پاکستان کشمیری عوام کی غیر ملکی قبضے کے خلاف منصفانہ جدوجہد میں اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔‘

    @ForeignOfficePk

    ،تصویر کا ذریعہ@ForeignOfficePk