آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, پاکستان، انڈیا اور سعودی عرب کی متحدہ عرب امارات پر ایرانی حملوں کی مذمت، تہران کی امریکہ کو تنبیہ

پاکستانی اور انڈین وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات پر ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے۔ دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ’آبنائے ہرمز کے حوالے سے نئی حکمتِ عملی کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔‘

خلاصہ

  • پاکستان، انڈیا اور سعودی عرب کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کی گئی ہے
  • ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکہ کا ’پروجیکٹ فریڈم‘ دراصل ’پروجیکٹ ڈیڈلاک‘ کے مترادف ہے۔
  • سعودی عرب کا آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی مکمل بحالی کا مطالبہ، پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کا بھی اعلان
  • ایران سے متعلق منصوبے بہت اچھے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں: ٹرمپ
  • متحدہ عرب امارات کا سکولوں کے لیے آن لائن کلاسز کا اعلان،
  • یو اے ای کا تین ایرانی میزائل مار گرانے کا دعویٰ
  • امریکہ کا اپنے بحری جہاز اور ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزارنے کا دعویٰ
  • گذشتہ چند گھنٹوں میں کوئی تجارتی جہاز یا آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے نہیں گزرا: پاسدارانِ انقلاب
  • آبنائے ہرمز میں امریکی ڈسٹرائر جہازوں کو متنبہ کرنے کے لیے 'کروز میزائل، راکٹ اور جنگی ڈرون' فائر کیے گئے: ایرانی فوج

لائیو کوریج

  1. امریکہ ہر جہاز کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتا، واحد راستہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنا ہے: سابق برطانوی سلامتی کے مشیر

    برطانیہ کے سابق قومی سلامتی کے مشیر لارڈ رکیٹس نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکہ اور ایران کی جانب سے ایک دوسرے پر حملے کی اطلاعات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

    لارڈ رکیٹس نے بی بی سی بریک فاسٹ سے گفتگو میں امریکہ کے اس منصوبے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا کہ تجارتی جہازوں کو اس اہم آبی گزرگاہ سے بحفاظت گزارا جا سکے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سیکڑوں جہاز آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ جنگ سے قبل روزانہ درجنوں جہاز یہاں سے گزرتے تھے۔

    ان کے مطابق ’امریکہ ہر ایک جہاز کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتا،‘ اور انھوں نے ساتھ ہی خبردار کیا کہ اگر ایک یا دو جہاز بھی نشانہ بن گئے تو جہاز رانی کی صنعت ’محفوظ آمدورفت کے امکان پر مکمل اعتماد کھو بیٹھے گی۔‘

    لارڈ رکیٹس نے کہا کہ ’آبنائے ہرمز میں قابلِ اعتماد اور محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنانے کا ’واحد راستہ‘ ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنا ہے۔‘

  2. جنوبی لبنان کے دو قصبوں کے رہائشیوں کو اسرائیلی فوج کی جانب سے انخلا کا حکم

    اسرائیلی فوج کی جانب سے منگل کی صبح اعلان کیا گیا کہ لبنان کے دو جنوبی قصبوں کے رہائشی اپنے گھر خالی کرکے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔

    آئی ڈی ایف کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف ’سخت کارروائی پر مجبور‘ ہے۔

    اسرائیلی فوج نے حزب اللہ پر جنوبی لبنان میں اپنی افواج پر مارٹر گولوں سے دو حملے کرنے کا الزام عائد کیا ہے تاہم تاحال حزب اللہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

    دوسری جانب لبنانی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ پیر کے روز اسرائیلی حملوں میں 17 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد جمعرات سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 110 ہو گئی ہے۔

    اسرائیل کا کہنا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ کشیدگی میں مارچ سے اب تک اس کے 17 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ انھوں نے حزب اللہ پر سینکڑوں راکٹ اور ڈرون حملے کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

    واضح رہے کہ حزب اللہ گزشتہ ماہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کا فریق نہیں تھا، تاہم تنظیم نے کہا تھا کہ اگر اسرائیل معاہدے کی شرائط پر عمل کرے تو وہ بھی اسے ماننے کے لیے تیار ہے۔

    اس کے برعکس اسرائیلی فوج کا مؤقف ہے کہ یہ معاہدہ انھیں ’حملوں‘ کے خلاف کارروائی کی اجازت دیتا ہے، جبکہ لبنانی حکام اسے مسترد کرتے ہوئے اسرائیل پر جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہیں۔

  3. متحدہ عرب امارات کے لیے فجیرہ اتنا اہم کیوں ہے؟

    جیسا کہ ہم رپورٹ کر چکے ہیں کہ متحدہ عرب امارات نے ایران پر فجیرہ کے آئل انڈسٹری زون کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

    یہاں اب سوال یہ ہے کہ فجیرہ آئل انڈسٹری زون، جسے ’فوائز‘ کے نام سے جانا جاتا ہے دراصل ہے کیا اور یہ یو اے ای کے لیے اتنا اہم کیوں ہے؟

    فوائز یعنی فجیرہ متحدہ عرب امارات کے مشرقی ساحل اور آبنائے ہرمز کے ٹھیک جنوب میں واقع ہے جس کے باعث بحیرۂ عرب اور بحرِ ہند تک براہِ راست رسائی فراہم کرتا ہے۔

    فجیرہ آئل انڈسٹری زون مشرقِ وسطیٰ میں تیل ذخیرہ کرنے کی سب سے بڑی تنصیبات میں شمار ہوتی ہے، جہاں تقریباً سات کروڑ بیرل تیل ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔ موازنہ کیا جائے تو دنیا بھر میں روزانہ 10 کروڑ بیرل سے زائد تیل استعمال ہوتا ہے۔

    ابوظہبی کے تیل کی تنصیبات سے فجیرہ تک ایک پائپ لائن بچھائی گئی ہے، جس کی مدد سے محدود مقدار میں خام تیل کو ٹینکروں میں بھر کر عالمی منڈیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے، حتیٰ کہ ایسے حالات میں بھی جب آبنائے ہرمز مؤثر طور پر بند ہو۔

  4. وزیراعظم پاکستان کی امارات میں شہری تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے گذشتہ شب متحدہ عرب امارات پر میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے ایکس پر جاری بیان میں امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان یو اے ای میں شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

    بیان میں اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان اس مشکل وقت میں اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔‘

    شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان جنگ بندی کا ہر صورت احترام اور اس پر مکمل عملدرآمد نہایت ضروری سمجھتا ہے، تاکہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی راہ ہموار کی جا سکے۔‘

  5. امارات پر حملوں کی سخت مذمت، شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا قابلِ قبول نہیں: نریندر مودی

    انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ ’ہم متحدہ عرب امارات پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جن میں تین انڈین شہری زخمی ہوئے۔ شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔‘

    ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’انڈیا متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور تمام تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔‘

    انڈین وزیراعظم نے ایکس پر جاری بیان کے آخر پر اس بات پر زور دیا کہ ’آبنائے ہرمز سے محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت کو یقینی بنانا خطے میں دیرپا امن و استحکام اور عالمی توانائی سلامتی کے لیے نہایت اہم ہے۔‘

  6. امریکہ نے توانائی ترسیل خطرے میں ڈال دی ہے: قالیباف کا امریکہ پر الزام

    ایرانی قیادت میں اہم کردار ادا کرنے والے رہنما اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ’آبنائے ہرمز کے حوالے سے نئی حکمتِ عملی کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔‘

    ایکس پر جاری بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ ’امریکی اقدامات اور اُن کے اتحادیوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور ناکہ بندی مسلط کیے جانے کے باعث بحری جہاز رانی اور توانائی کی ترسیل کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔‘

    باقر قالیباف کا مزید کہنا تھا کہ ’امریکی انتظامیہ کی یہ ’بدنیتی‘ بالآخر کمزور پڑ جائے گی۔‘

    انھوں نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’ہمیں بخوبی اس بات کا اندازہ ہے اور ہم یہ جانتے ہیں کہ موجودہ صورتحال کا برقرار رہنا امریکہ کے لیے ناقابلِ برداشت ہے مگر ابھی تک ہماری جانب سے کسی کارروائی کا باضابطہ آغاز بھی نہیں ہوا۔‘

    واضح رہے کہ باقر قالیباف امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکراتی دور کی قیادت کر چُکے ہیں۔

  7. لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری، گذشتہ چار روز کے دوران 110 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق سوموار کے روز جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہوئے، جو جنگ بندی کے آغاز کے دو ہفتے سے زائد عرصے بعد کے سب سے خونریز دنوں میں شمار ہوتے ہیں۔

    وزارت کے مطابق جمعرات سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 110 ہو چکی ہے۔ اسرائیلی افواج کا کہنا ہے کہ اُن کی جانب سے لبنان میں شدت پسند تنظیم حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    لبنانی حکام کی جانب سے جاری کردہ ہلاکتوں کے اعداد و شمار میں شہریوں اور جنگجوؤں میں فرق نہیں کیا گیا، تاہم وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دو بچے شامل تھے، جبکہ 14 زخمی بھی بچے ہی ہیں۔

    تاہم اسرائیل کا کہنا ہے کہ اسی عرصے میں اس کے 17 فوجی ہلاک ہوئے ہیں اور اس نے حزب اللہ پر سینکڑوں راکٹ اور ڈرون حملے کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

    دوسری جانب حزب اللہ نے بھی متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، جن میں جنوبی لبنان میں اسرائیلی سرحد کے قریب واقع ناقورہ میں اسرائیلی فوجیوں پر ڈرون حملے اور ملک کے جنوب مشرقی علاقے قنطارہ میں فوجی اہداف پر راکٹ داغے جانا بھی شامل ہیں۔ تنظیم کی جانب سے اسے جوابی کارروائی قرار دیا گیا ہے۔

  8. اماراتی شہری تنصیبات پر ایرانی حملے بلاجواز اور ناقابلِ قبول ہیں: فرانسیسی صدر

    فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے متحدہ عرب امارات کے خلاف ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انھیں بلاجواز اور ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔

    فرانسیسی صدر کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب امارات نے اعلان کیا کہ امریکہ اسرائیل جنگ میں ایران کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی کے نافذ ہونے کے بعد پہلی مرتبہ اسے میزائلوں اور ڈرون حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    صدر میکخواں نے منگل کے روز ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’امارات کی شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملے کسی بھی طور قابلِ قبول نہیں۔‘

    انھوں نے امارات اور خطے کے اتحادی ممالک کی اپنے علاقوں کے دفاع کے لیے فرانس کی حمایت کا اعادہ کیا۔

    فرانسیسی صدر نے اپنے بیان میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور استحکام کی بحالی کے لیے آزاد بحری آمدورفت ناگزیر ہے۔

  9. جرمنی کے شہر لائپزگ میں گاڑی کے ہجوم پر چڑھ دوڑنے سے دو افراد ہلاک، متعدد زخمی

    جرمنی کے مشرقی شہر لائپزگ میں سوموار کے روز ایک گاڑی کے ہجوم پر چڑھ دوڑنے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔

    مقامی حکام کے مطابق واقعے میں مجموعی طور پر 22 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

    لائپزگ کے میئر برخارڈ یونگ نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور، جس کی عمر 33 سال ہے اور وہ جرمن شہری ہے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ تاحال حملے کے محرکات واضح نہیں ہو سکے۔

    پولیس کے مطابق گاڑی نے شہر کے مرکزی علاقے گِرمائشے شٹراسے میں کئی افراد کو ٹکر ماری، جس کے بعد وہ وہاں سے نکل گئی۔ بعدازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔

    صوبہ سیکسنی کے وزیرِاعلیٰ مائیکل کریچمر نے کہا کہ مشتبہ شخص ماضی میں ذہنی مسائل کا شکار رہا ہے۔ واضح رہے کہ ، لائپزگ صوبہ سیکسنی کا ایک اہم اور مصروف شہر ہے۔

    لائپزگ پولیس کی ترجمان سوزان لوبکے نے بتایا کہ ایک شخص نے آگسٹس پلاٹس سے گزرتے ہوئے گاڑی کو گِرمائشے سٹریٹ اور پھر مارکیٹ سے تیز رفتاری سے گزرتے ہوئے لوگوں کو زخمی کیا۔

    انھوں نے تصدیق کی کہ ’اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اور افسوس کے ساتھ دو ہلاکتوں کی بھی تصدیق کی جا رہی ہے۔‘

    لائپزگ انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں 63 سالہ خاتون اور 77 سالہ مرد شامل ہیں اور ان دونوں کا تعلق جرمنی سے ہی تھا۔

  10. فجیرہ پر حملے میں تین انڈین شہری زخمی: انڈیا موجودہ صورتحال میں مذاکرات اور سفارت کاری کا حامی ہے، وزارتِ خارجہ

    انڈیا نے آبنائے ہرمز سے آگے متحدہ عرب امارات کے مشرقی ساحل پر واقع شہر فجیرہ میں ہونے والے حملے کو نا قابلِ قبول قرار دیا ہے۔ اس حملے میں تین انڈین شہری زخمی ہونے کی اطلاعت کی انڈین وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے۔

    انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا فوری طور پر ان کارروائیوں کے خاتمے، شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے اور بے گناہ شہریوں پر حملوں کو روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

    وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق انڈیا موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا حامی ہے، تاکہ مغربی ایشیا میں امن اور استحکام بحال ہو سکے۔

    انڈیا نے بین الاقوامی قوانین کے مطابق آبنائے ہرمز سے آزاد اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت اور تجارت کی بھی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انڈیا مسائل کے پُرامن حل کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کے لیے تیار ہے۔

  11. چین کے صوبہ ہونان میں آتش بازی کا سامان بنانے والے کارخانے میں دھماکہ، 21 افراد ہلاک، 61 زخمی

    چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق صوبہ ہونان میں آتش بازی کا سامان بنانے والے ایک کارخانے میں ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے ہیں۔

    یہ دھماکہ سوموار کے روز مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 40 منٹ پر شہر لیویانگ میں قائم ’ہوا شینگ فائر ورکس فیکٹری‘ میں پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو حکام نے کارخانے کے تین کلومیٹر کے دائرے میں موجود تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

    حکام کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشنز اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تقریباً 500 اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ عمارت کے اندر پھنسے افراد کو تلاش کرنے کے لیے روبوٹس کی مدد بھی لی گئی۔

    چینی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور آتش بازی کا سامان بنانے والی کمپنی کے ذمہ دار فرد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    حکام نے بتایا کہ فیکٹری کے احاطے میں موجود دو بارود کے گودام ریسکیو کارروائیوں کے دوران شدید خطرے کا باعث بنے رہے۔

    ریسکیو ٹیموں نے تین کلومیٹر کے دائرے میں انخلا کے علاوہ علاقے کو نم رکھنے جیسے حفاظتی اقدامات بھی کیے تاکہ ’ریسکیو کے دوران کسی اور حادثے‘ سے بچا جا سکے۔

    سرکاری ٹی وی چینل سی سی ٹی وی کے ایک رپورٹر نے جائے وقوعہ سے براہِ راست رپورٹنگ کے دوران بتایا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    چین کے صدر شی جن پنگ نے ہدایت کی ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

  12. آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کے جہاز میں آتش زدگی کا معاملہ: تحقیقات کا آغاز جہاز کے قریبی بندرگاہ پر پہنچے کے بعد کیا جائے گا، وزارتِ خارجہ

    جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کے زیرِ استعمال ایک بحری جہاز میں آگ لگنے کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کی جائیں گی۔

    وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں تحقیقات کا آغاز بحری جہاز کو کسی قریبی بندرگاہ منتقل کیے جانے کے فوراً بعد ہوگا۔

    وزارتِ خارجہ کے مطابق واقعے کی اصل وجہ کا تعین اُس وقت کیا جائے گا جب جہاز کو بندرگاہ تک کھینچ کر لے جایا جائے گا اور اسے پہنچنے والے نقصان کا تفصیلی جائزہ مکمل ہو جائے گا۔

    بیان میں حادثے کی نوعیت یا عملے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

  13. ’ایرانی جزیرے قشم اور ساحلی علاقے بندرعباس میں زور دار دھماکوں کی آوازوں سے گھر لرز اُٹھے‘

    ٹیلی گرام چینل واحد آن لائن نے اپنے قارئین کے حوالے سے یہ خبر دی ہے کہ ’ایرانی جزیرے ’قشم‘ اور ساحلی علاقے ’بندرعباس‘ میں متعدد شہریوں نے زور دار دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے، جو ان کے بقول ’جنگ کے زمانے میں ہونے والے بم دھماکوں‘ سے مشابہ تھیں۔‘

    وحید آن لائن کو موصول ہونے والے پیغامات کے مطابق یہ دھماکے سوموار اور منگل کی درمیانی شب سنے گئے۔

    ایک شہری نے بتایا کہ ’بندرعباس میں دو زور دار دھماکوں کی آواز سُنائی دی یہ آواز بالکل ویسی ہی تھی کہ جیسی امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ایران کی کشیدگی کے دوران سُنائی دی جاتی رہی۔۔۔ یہ دھماکے اس قدر شدید تھے کہ ان سے گھروں کے در و دیوار تک لرز اُٹھے۔‘

  14. امریکہ نے ایرانی فوج کی نہیں بلکہ عام شہریوں کی مال بردار چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنایا جس سے پانچ افراد ہلاک ہوئے: پاسدارانِ انقلاب

    پاسدارانِ انقلاب سے منسلک ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے ایک بار پھر پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی یعنی ایرانی فوج کی تیز رفتار کشتیوں کو نشانہ بنائے جانے کی تردید کی ہے۔

    تسنیم کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امریکی فوج کی جانب سے ’چھ ایرانی فوج کی تیز رفتار کشتیوں‘ کو نشانہ بنانے کے بے بنیاد دعوے کے بعد چونکہ پاسدارانِ انقلاب کے کسی بھی جنگی جہاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اس خبر کی نوعیت جانچنے کے لیے مقامی ذرائع سے تحقیقات کی گئیں۔

    ادارے کے مطابق تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ ’امریکی افواج نے خُصَب (عمان کے ساحل) سے ایران کے ساحلوں کی جانب جانے والی عوامی سامان بردار دو چھوٹی کشتیوں پر حملہ اور فائرنگ کی اور انھیں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ان میں سوار پانچ عام شہری ہلاک ہو گئے۔‘

    واضح رہے کہ سوموار کے روز ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی افواج نے ایران کی سات چھوٹی فوجی کشتیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

    امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کشتیوں کو نشانہ بنانے کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کیے گئے۔

    تاہم پاسدارانِ انقلاب نے امریکی فوج کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔

  15. محمد بن سلمان اور زاید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ: متحدہ عرب امارات پر ایرانی حملوں کی مذمت

    سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ولی عہد اور وزیرِاعظم محمد بن سلمان نے منگل کے روز متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران یو اے ای کے خلاف ایران کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ان حملوں کو بلا جواز قرار دیا۔

    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی ولی عہد نے امارات کی سلامتی اور استحکام کے دفاع کے لیے اپنے ملک کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا اور پورے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ممکنہ طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔

    دوسری جانب سعودی وزارتِ خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے نہایت سخت لہجے میں ایران کے ان حملوں کی مذمت کی ہے، جنھیں وزارت نے ’میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں غیر شہری اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے‘ کے مترادف قرار دیا۔

    وزارتِ خارجہ نے ایک اماراتی کمپنی کے زیرِملکیت جہاز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کی بھی شدید مذمت کی ہے۔

    تاہم ایران نے پیر کے روز امارات پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ اس کا امارات کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔

    تاہم پاسدارانِ انقلاب سے قریبی تعلق رکھنے والی خبر رساں ایجنسیوں نے ان حملوں سے متعلق خبریں بارہا شائع کیں، جبکہ ایک رپورٹ کے مطابق ’حنظلہ‘ نامی ہیکر گروہ نے فجیرہ کی تیل تنصیبات سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے اور حملے سے چند منٹ قبل انھیں منظرِ عام پر لانے کی کوشش کی۔

  16. ٹرمپ کا ’پروجیکٹ فریڈم‘ نہایت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے: برطانوی تھنک ٹینک

    بحری تحفظ کے ایک ماہر نے آبنائے ہرمز میں امریکہ کی کارروائیوں کو ’انتہائی خطرناک‘ اور ’کشیدگی میں اضافے کا باعث‘ قرار دیا ہے۔

    برطانیہ کے تھنک ٹینک چیتھم ہاؤس کے پروگرام برائے عالمی سلامتی کی محقق نیتیا لیب نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا کہ موجودہ صورتحال شدید تناؤ کی عکاسی کرتی ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت کی بحالی کی شرائط پر مذاکرات کے لیے آمادہ نہیں۔

    ان کے مطابق امریکہ نے یہ مؤقف اختیار کر لیا ہے کہ جہازوں کی آمدورفت کا واحد راستہ ایسے حالات میں سفر کرنا ہے جہاں ایران کی جانب سے طاقت کے استعمال یا حملوں کا خطرہ بدستور موجود رہے۔

    محقق نیتیا لیب کا کہنا تھا کہ ’اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ کا ’پروجیکٹ فریڈم‘ بعض جہازوں کو آبنائے ہرمز سے نکالنے میں کامیاب ہو بھی جائے تو یہ اقدام زیادہ سے زیادہ عارضی طور پر مقاصد حاصل کرنے کا باعث بن سکتا ہے جبکہ اس اہم آبی گزرگاہ کی پائیدار بحالی کے لیے کہیں زیادہ وسیع اور جامع کوششوں کی ضرورت ہے۔‘

  17. امریکہ کا ’پراجیکٹ فریڈم‘ نہیں بلکہ ’پراجیکٹ ڈیڈلاک‘ ہے: عباس عراقچی

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکہ کا ’پروجیکٹ فریڈم‘ دراصل ’پروجیکٹ ڈیڈلاک‘ کے مترادف ہے۔

    ایکس پر جاری بیان میں ایرنی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ’آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے واقعات نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ سیاسی بحران کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔‘

    انھوں نے منگل کی صبح ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’پاکستان کی سنجیدہ سفارتی کوششوں کے باعث مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، تاہم امریکہ کو چاہیے کہ وہ بدخواہوں کی جانب سے کسی نئے دلدل نما تنازع میں گھسیٹے جانے سے ہوشیار رہے۔‘

    عباس عراقچی نے اپنے اسی بیان میں متحدہ عرب امارات کی انتظامیہ کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یو اے ای کو بھی اسی طرح محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔‘

    ایکس پر جاری بیان کے آخر پر ایرانی وزیرِ خارجہ نے لکھا کہ ’نام نہاد ’پروجیکٹ فریڈم‘ درحقیقت ’پروجیکٹ ڈیڈلاک‘ ثابت ہو رہا ہے۔‘

  18. سعودی عرب کا آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کا مطالبہ، پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کا اعلان

    سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے خطے میں جاری موجودہ عسکری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور فریقین سے کشیدگی کم کرنے، مزید تصادم سے گریز اور تحمل اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

    سعودی وزرات کی طرف سے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب پاکستانی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے تاکہ ایک ایسا سیاسی حل تلاش کیا جا سکے جو خطے کو مزید کشیدگی، عدم استحکام اور سلامتی کو لاحق خطرات سے بچا سکے، کیونکہ یہ صورتحال خطے اور دنیا کے مفاد میں نہیں ہے۔

    وزارتِ خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری جہاز رانی کی آزادی بحال ہونا انتہائی اہم ہے، اور صورتِ حال کو اپنی قدرتی حالت میں واپس لایا جانا چاہیے جیسا کہ یہ 28 فروری سے قبل تھی، تاکہ جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی بنائی جا سکے۔

  19. امریکی پرچم بردار تجارتی جہاز امریکی فوجی حفاظت میں آبنائے ہرمز سے گزرا: شپنگ کمپنی

    شپنگ کمپنی مرسک نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اس کا ایک امریکی پرچم بردار تجارتی جہاز امریکی فوج کی حفاظت میں کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز سے باہر نکل گیا ہے۔

    مرسک کے مطابق یہ سفر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہوا اور جہاز کے تمام عملے کے ارکان محفوظ اور خیریت سے ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ الائنس فیئر فیکس نامی یہ جہاز فروری 2026 سے خلیج میں پھنسا ہوا تھا، جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا آغاز ہوا تھا۔

    مرسک کے بیان کے مطابق امریکی فوج نے کمپنی سے رابطہ کیا اور جہاز کو مدد کی پیشکش کی۔ ایک ’جامع سکیورٹی پلان‘ تیار کیے جانے کے بعد جہاز کو خلیج چھوڑنے کی اجازت دی گئی۔

    کمپنی کے مطابق بعد ازاں یہ جہاز امریکی فوجی اثاثوں کے ہمراہ خلیج سے روانہ ہوا، اور مرسک نے اس آپریشن کو ممکن بنانے پر امریکی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر رابطہ کاری کو سراہا ہے۔

    اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے بیان دیا تھا کہ امریکی پرچم بردار دو تجارتی جہاز کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز سے گزر چکے ہیں، تاہم ایران کی پاسداران انقلاب نے امریکہ کے اس دعوے کو ’واشگاف جھوٹ‘ قرار دیا ہے۔

  20. جنوبی وزیرستان میں بارود سے بھری گاڑی میں دھماکہ، ایک شہری ہلاک، 14 زخمی, عزیزاللہ خان، بی بی سی اردو پشاور

    پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں بارود سے بھری گاڑی میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم ایک نوجوان شہری ہلاک جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ پولیس افسر جنوبی وزیرستان لوئر طاہر شاہ وزیر کے مطابق یہ دھماکہ اعظم ورسک بازار کے قریب پیش آیا، جس میں زیادہ تر عام شہری متاثر ہوئے۔

    ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جان محمد شنواری نے بی بی سی کو بتایا کہ ہسپتال میں 14 زخمیوں کو لایا گیا ہے، جن میں سے تین سے چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

    مقامی افراد کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والے نوجوان محمد اقبال کرکٹ کے شوقین تھے اور دھماکے کے وقت وہ کرکٹ کھیل رہے تھے۔ زخمیوں میں آٹھ سالہ ایمل کانسی بھی شامل ہے۔ ایمل کے والد محمد اسلم نے بتایا کہ بچے اپنے گھر کے باہر کھیل رہے تھے کہ اچانک دھماکہ ہوا، جس کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ اُن کے مطابق ان کا بیٹا وہیں زخمی ہوا جسے فوری طور پر وانا ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    اعظم ورسک علاقہ، ضلعی صدر مقام وانا سے تقریباً 16 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکہ اعظم ورسک بازار سے چند میٹر کے فاصلے پر ہوا، جبکہ قریب ہی سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ بھی قائم ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جب بارود سے بھری گاڑی علاقے سے گزر رہی تھی تو سکیورٹی اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کی، جس کے بعد گاڑی میں دھماکہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق بظاہر شدت پسندوں کا ہدف سکیورٹی اہلکار تھے، تاہم ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی دھماکہ ہو جانے کے باعث زیادہ نقصان عام شہریوں کو اٹھانا پڑا۔

    خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں ایک عرصے سے تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں بم دھماکوں کے ساتھ ساتھ ڈرون حملے بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ، سرکاری ملازمین اور پولیس اہلکاروں کے اغوا اور قتل کے واقعات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

    تین روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ کے قریب ایک قبائلی رہنما ملک سیف اللہ خان کو شدت پسندوں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد مقامی افراد نے ’چیغہ پارٹی‘ تشکیل دے کر شدت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا۔ اس واقعے میں شدت پسندوں کے جانی نقصان کی اطلاعات تو موصول ہوئیں، تاہم اس کی تصدیق کے لیے کوئی واضح شواہد سامنے نہیں آئے۔

    ایک سرکاری افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ علاقے میں حالات کشیدہ ہیں اور حالیہ واقعے کے بعد لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔