یہ صفحہ اب مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا
بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی نو مئی کے واقعات سے متعلق درج کیے گئے آٹھ مقدمات میں ضمانت منظور کرلی ہے۔ یاد رہے کہ ان آٹھ مقدمات میں ضمانت ملنے کے باوجود عمران خان جیل سے رہا نہیں ہو سکیں گے کیونکہ انھیں ایک سو نوے ملین پاؤنڈ میں چودہ سال قید کی سزا ہو چکی ہے جبکہ توشہ خانہ ٹو میں ان کی گرفتاری ڈالی جاچکی ہے
بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاوہ بعض دیگر علاقوں میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس کو 16روز بعد جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے۔ بلوچستان ہائیکورٹ میں موبائل فون پر انٹرنیٹ سروس کی بندش کے خلاف درخواست کی سماعت کے بعد کوئٹہ شہر میں دوپہر کو انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بلوچستان بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس کو چھ اگست سے 31 اگست بند کردیا گیا تھا۔ اس کے خلاف بلوچستان کنزیومر سوسائٹی کے چیئرمین خیرمحمد شاہین نے بلوچستان ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی۔
گذشتہ سماعت پر عدالت نے بلوچستان کے ان تمام علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا حکم دیا تھا جہاں سکیورٹی خدشات نہیں ہیں۔ تاہم صبح درخواست کی سماعت شروع ہونے تک کسی بھی علاقے میں انٹرنیٹ سروس بحال نہیں ہوئی تھی۔
ہائیکورٹ کے چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی نے درخواست کی سماعت میں وقفہ کرتے ہوئے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم دوبارہ سماعت کے بعد درخواست کی سماعت 25 اگست تک ملتوی کردی گئی۔
درخواست کی سماعت کے بعد کوئٹہ شہر میں موبائل انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع ہوگئی۔ رابطہ کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان عدنان بشارت ایڈووکیٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ ہائیکورٹ کی ہدایت پر بلوچستان حکومت نے موبائل فون انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت کو مراسلہ بھیجا تھا جس پر انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال کردی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے جس کی وجہ سے بلوچستان میں وائی فائی کو کہیں بھی بند نہیں کیا گیا۔ اگرچہ کوئٹہ اور بلوچستان کے بعض دیگر علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بحال ہوگئی ہے لیکن اکثر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بدستور بند ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس نامعلوم افراد نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کی لاہور میں واقع رہائش گاہ پر حملہ کر کے اان کے کے بیٹے کو اغوا کر لیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ، عمر ایوب اور زلفی بخاری نے ایکس پر یہ اطلاع دیتے ہوئے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان نامعلوم افراد نے ملازمین کو بھی زدوکوب کا نشانہ بنایا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے اور اوچھے ہتھکنڈے عمران خان، ان کے خاندان والوں اور کارکنان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
عمر ایوب خان کے مطابق یہ ’ہائی برڈ ریجیم‘ مکمل طور پر بپھری ہوئی ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ہم ہی فاتح ہوں گے اور جلد ملک کے وزیر اعظم عمران خان ہوں گے۔

،تصویر کا ذریعہAPP
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ چین کی انڈیا کے ساتھ شراکت داری کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہے اور نہ ہی کسی دوسرے ملک پر اس کا اثر پڑے گا۔
وانگ ژی نے اسلام آباد میں پاکستانی وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ جمعرات کو مشترکہ پریس بریفنگ میں ان خیالات کا اظہار کیا۔
امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے انڈیا کے خلاف اضافی ٹیرف کا اعلان انڈیا کے لیے رحمت ہے یا زحمت یہ تو آنے والے وقت میں پتہ چلے گا لیکن فی الحال اس کی نہ صرف روس سے دوستی مضبوط ہوتی نظر آ رہی ہے بلکہ چین کے ساتھ جاری کشیدگی میں بھی بہت حد تک کمی ہوتی نظر آ رہی ہے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے منگل کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور اس کے بعد وہ پاکستان آئے جہاں چینی وزارت خارجہ کے مطابق وہ پاکستان کے وزیر خارجہ کے ساتھ سٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کی۔
چینی وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس بریفنگ میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، یہ پالیسی تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے پر مبنی ہے جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مساوات پر استوار ہے اور عالمی امن و استحکام کے لیے ہے۔
انھوں نے کہا کہ چین پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگِ بنیاد ہے اور ہم دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک بڑے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی معاملات پر مکمل ہم آہنگی اور اتفاق رائے رکھتے ہیں۔
’سی پیک۔۔ سٹریٹجک شراکت داری کی اساس‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ وانگ ژی کا وژن خوش آئند ہے جس میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا اور سی پیک کو اگلے مرحلے میں لے جانا شامل ہے۔ اسحاق ڈار نے ’پاکستان کی خودمختاری‘، ’علاقائی سالمیت‘ اور ’قومی وقار کے تحفظ‘ میں چین کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔
چینی وزیر خارجہ نے سی پیک کو پاکستان-چین سٹریٹجک شراکت داری کی اساس قرار دیا اور کہا کہ موجودہ ترجیح سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چھٹے سٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوران دونوں فریقین نے سی پیک کو ’گروتھ کوریڈور، عوامی فلاحی کوریڈور، گرین کوریڈور اور اوپن کوریڈور‘ میں اپ گریڈ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وانگ ژی نے کہا ’ہم محنت کریں گے تاکہ صنعتی، زرعی اور معدنی شعبوں میں تعاون کو گہرا کیا جا سکے، پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود بہتر بنائی جا سکے، پاکستان کی خود کفیل ترقی کی صلاحیت کو تیز کیا جا سکے اور معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ چین گوادر پورٹ کی ترقی و آپریشن اور قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ منصوبے کی بھی حمایت کرتا ہے۔ انھوں نے ایم ایل-1 (مین لائن ریلوے) منصوبے میں تیسرے فریق کی شمولیت کا خیر مقدم کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ ڈائیلاگ پاکستان۔چین-افغانستان وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس کے بعد منعقد ہوا جو کابل میں ہوا تھا۔ انھوں نے کہا کہ یہ میکنزم اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں اور پاکستان۔چین دوستی کے ثمرات خطے اور اس سے باہر کے ممالک کے ساتھ بانٹنا چاہتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں فریقین نے کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا، بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں، جہاں پاکستان دو سالہ مدت کے لیے غیر مستقل رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔
شبہاز شریف کے دورہ چین پر بات چیت
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کی تیاریوں پر بھی بات چیت کی، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اگلے برس پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائیں گے جس سلسلے میں دونوں ممالک نے تقریبات منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ چین وزیر اعظم شہباز شریف کو ایس سی او اجلاس کے لیے گرمجوشی سے خوش آمدید کہے گا اور دونوں ممالک آئندہ سال پاکستان-چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں مشترکہ تیاری کریں گے۔
چین کا پاکستان میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار، ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان
چین وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاکستان میں شدید بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور فوری طور پر ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ملک میں دہشت گردی سے متعلق وانگ ژی نے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ چین کو یقین ہے کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان موثر طور پر چین کے شہریوں اور اداروں کی حفاظت کر رہا ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ایک فریم شدہ تصویر پیش کی، جو پاکستان کے دفترِ خارجہ میں سولرائزیشن منصوبے کی تکمیل کی یادگار تھی۔ اس موقع پر چین کی وزارت خارجہ نے پاکستان کی وزارت خارجہ کو دفتر خارجہ کی سولرائزیشن کے لیے 20لاکھ یوآن (آر ایم بی) کا تحفہ دیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر تُلسی گبارڈ نے اپنی ایجنسی کے عملے کی تعداد کو 50 فیصد تک کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تُلسی گبارڈ کا کہنا ہے کہ پچھلی دو دہائیوں میں ان کی ایجنسی ’بہت پھیل چکی ہے اور ناکارہ‘ ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل انٹیلی جنس کے بجٹ میں بھی 700 ملین ڈالر کی کمی کی جائے گی۔
تلسی گبارڈ کے مطابق یہ ’سنجیدہ تبدیلیاں‘ ایجنسی کی ٹیموں کو یکجا کریں گی اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ وہ ’غیر جانبدار انٹیلی جنس وقت پر‘ فراہم کرنے کا اپنا مشن پورا کریں۔
جب تُلسی گبارڈ نے نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر کے عہدے کا چارج سنبھالا تھا اس وقت ایجنسی کے ملازمین کی تعداد 1800 تھی۔ وہ پہلے ہی اپنے عملے کی تعداد میں 25 فیصد کمی کر چکی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہRescue 1122
کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے ایک گودام میں لگنے والی آگ کے سبب کم از کم 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
بی بی سی اردو کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق پٹاخوں کے گودام میں لگنے والی آگے کے سبب آس پاس علاقے دھماکوں کی آواز سے گونج اُٹھے تھے۔
ریسکو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 13 افراد کو جناح ہسپتال جبکہ سات کو سِول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے وزیرِ داخلہ ضیا الحسن لنجار نے ڈی آئی جی ساؤتھ کو واقعے کی تفتیش کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے جلد اس کی رپورٹ جمع کروانے کو کہا ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کے بیانات سمیت جائے وقوعہ پر دستیات شواہد کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جائے۔

،تصویر کا ذریعہUS Justice Department
کیلیفورنیا میں امریکی بحریہ کے ایک اہلکار کو چین کے لیے جاسوسی کرنے اور ایک چینی ایجنٹ کو راز فروخت کرنے کا قصور وار ٹھہرا دیا گیا ہے۔
جنچاؤ وے کو یکم دسمبر کو سزا سنائی جانی ہے اور انھیں اس مقدمے میں عمر قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔
چینی ایجنٹ نے جنچاؤ کو سوشل میڈیا کے ذریعے جاسوسی کرنے پر راضی کیا تھا۔
چینی انٹیلی جنس ایجنٹ نے ان سے فروری 2022 میں امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس ایسکس سے متعلق معلومات کے لیے رابطہ کیا تھا۔ جنچاؤ یو ایس ایس ایسکس سمیت امریکی بحریہ کے متعدد جہازوں پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
تقریباً 18 مہینوں کے دوران چینی انٹیلی جنس افسر نے جنچاؤ کو 12 ہزار ڈالر دیے تھے۔
جنچاؤ کو پیٹرک وے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ انھیں اگست 2023 میں جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
امریکی بحریہ کے اہلکار کے خلاف فیصلہ سنائے جانے کے بعد ایک بیان میں امریکی اٹارنی ایڈم گورڈن کا کہنا تھا کہ ’مدعا علیہ کی سرگرمیوں سے اس اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے جو امریکی فوج کے رکن پر کیا جاتا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہUS Justice Department
’چین کو پیسے کے عوض عسکری راز فروخت کر کے نہ صرف انھوں نے اپنی ساتھی بحری اہلکاروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا ہے بلکہ پوری قوم اور اتحادیوں کی سکیورٹی کو بھی خطرے میں ڈالا ہے۔‘
واضح رہے جنچاؤ کو امریکی بحریہ کے جہازوں سے متعلق حساس معلومات تک رسائی حاصل تھی۔
ان کے خلاف مقدمے کی ایک ہفتے پر محیط سماعتوں کے دوران پروسیکیوٹرز نے ان کے خلاف متعدد ثبوت پیش کیے جن میں ٹیلی فونک گفتگو، برقی اور آڈیو پیغامات بھی شامل تھے۔
جنچاؤ نے اپنے چینی کنٹیکٹ کو ’بِگ برادر اینڈی‘ کا نام دیا تھا اور وہ ان سے رابطے کے لیے انکرپٹڈ ایپس کا استعمال کرتے تھے تاکہ ان کے روابط خفیہ رہ سکیں۔ اس کے عوض انھوں نے چینی افسر سے پیسے بھی لیے۔
عدالت میں جنچاؤ اور ان کی والدہ کے درمیان تحریری پیغامات بھی پیش کیے گئے جن سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکی بحری اہلکار اس بات سے واقف تھے کہ وہ چین کے لیے جاسوسی کر رہے ہیں۔
انھوں نے اپنی والدہ کو یہ پیغام بھیجا تھا: ’امریکی بحریہ میں شامل دیگر چینی افراد بھی یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اضافی پیسے کیسے کمائے جائیں اور وہ ٹیکسیاں چلا رہے ہیں۔ جبکہ میں راز لیک کر رہا ہوں۔‘
ان کی والدہ نے جواب دیا: ’گُڈ جاب۔‘
جنچاؤ کے ساتھ امریکی بحریہ کے ایک اور اہلکار وین ہینگ ژاؤ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر ایک چینی انٹیلی جنس افسر کے ساتھ حساس تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے اور اس کے عوض 14 ہزار 800 ڈالر وصول کرنے کا الزام تھا۔
انھیں گذشتہ برس 27 ماہ قید کی سزا سُنائی جا چکی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو 9 مئی سے متعلق آٹھ مقدمات میں ضمانت دینے کے فیصلے کو پی ٹی آئی نے اپنی ’فتح‘ قرار دیا ہے۔
جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ’آج عدالت میں ثابت ہوا ہے کہ عمران خان کے خلاف کچھ بھی (ثبوت) نہیں ہیں۔‘
سپریم کورٹ کی جانب سے آٹھ مقدمات میں ضمانت کے باوجود عمران خان جیل سے رہا نہیں ہو سکیں گے کیونکہ انھیں 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں بھی 14 برس قید کی سزا ہو چکی ہے، جبکہ توشہ خانہ ٹو کیس میں بھی ان کی گرفتاری ڈالی جا چکی ہے۔
تاہم پریس کانفرنس کے دوران سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ابھی ان کی جماعت کے بانی کے خلاف ’ٹرائل چلے کا اور ہم ٹرائل میں بھی بھرپور مقابلہ کریں گے۔‘
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے عدلیہ کو سراہتے ہوا کہا کہ ’26 ویں ترمیم کے بعد ابھی بھی عدلیہ میں دم باقی ہے اور وہ انصاف کے ترازو کو مضبوطی سے تھام سکتی ہے۔‘

سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف نو مئی کے 8 مقدمات میں اپیلوں کی سماعت میں عدالت کی جانب سے اہم ریمارکس بھی دیِے گئے۔
عدالت میں دوران سماعت جب پراسیکیوٹر کے دلائل سے عدالت مطمئین نہ ہو پائی تو اس دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس میں کہا کہ ’سپریم کورٹ نے میرٹ پر آبزرویشن دی تو ٹرائل متاثر ہو گا۔‘
چیف جسٹس نے کہا کہ میرٹ پر جائیں گے تو (عمران خان کے وکیل) سلمان صفدر بھی بات کریں گے۔
جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ ’میرا کام آپ کو متنبہ کرنا تھا باقی جیسے آپ بہتر سمجھیں۔‘
جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفقار کیا کہ ’کیا اعجاز چوہدری نو مئی کو موقع پر موجود تھے؟ جس پر پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا کہ ’موقع پر موجودگی کے حوالے سے واضح جواب نہیں دے سکتا۔ عمران خان تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے۔‘
چیف جسٹس نے استفقار کیا کہ ’آپ دیگر ملزمان اور عمران خان کے مقدمے میں فرق بتائیں۔‘ سپیشل پراسیکیوٹر پنجاب نے عدالت کے روبرو بتایا کہ ’عمران خان کے خلاف زبانی اور الیکٹرانک ثبوت موجود ہیں۔‘

جسٹس حسن رضوی نے استفسار کیا کہ واقعے کے بعد گرفتاری تک عمران خان دو ماہ تک ضمانت پر تھے، کیا یہ عرصہ پولیس کو تفتیش کے لیے کافی نہیں تھا۔ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ پولیس نے پولی گرافک سمیت تین ٹیسٹ کے لیے مجسٹریٹ سے رجوع کیا، عدالت کی اجازت کے باوجود عمران خان نے ٹیسٹ نہیں کرائے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ اگر ایسا ہے تواس کے قانونی نتائج ہوں گے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سپریم کورٹ آف پاکستان نے نو مئی کے آٹھ مقدمات میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ تاہم قانونی ماہرین کے مطابق دیگر مقدمات میں ملوث ہونے کے باعث سابق وزیر اعظم کی جیل سے رہائی تاحال ممکن نہیں ہے۔
سابق وزیر اعظم کے خلاف درجنوں کیسز زیر سماعت ہیں جن میں سے کچھ میں اُنھیں سزائیں ہو چکی ہیں جبکہ کئی کیسز زیر سماعت ہیں۔
رواں برس جنوری میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں سنائے گئے فیصلے میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو 14 برس جبکہ اُن کی اہلیہ بشری بی بی کو سات برس قید کی سزا سنائی تھی۔ عمران خان نے ان سزاوں کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔
عمران خان کے خلاف ایک اور کیس توشہ خانہ کیس کا بھی ہے جس میں عدالت سے تین سال کی سزا پانے کے بعد عمران خان کو پانچ اگست 2023 کو لاہور میں اُن کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ یہ کیس بھی اعلِی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی نو مئی کے واقعات سے متعلق درج کیے گئے آٹھ مقدمات میں ضمانت منظور کیے جانے کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ ان کی اگلی منزل اسلام آباد ہائی کورٹ ہے۔
جمعرات کے روز جاری ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے بعد جب ان سے اس متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا، ’اگلا سٹاپ اسلام آباد ہائی کورٹ۔‘
’اب ہم [اسلام آباد ہائی کورٹ کے] چیف جسٹس [سردار محمد سرفراز] ڈوگر صاحب کے پاس واپس جائیں گے جو ہمیں تاریخ نہیں دے رہے۔‘
انھوں نے دعویٰ کیا کہ چیف جسٹس ڈوگر پچھلے چار ماہ سے القادر ٹرسٹ کیس صمانت کی سماعت نہیں کر رہے، ’اس لیے اب ہم سارے اسلام آباد ہائی کورٹ جا رہے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی نو مئی کے واقعات سے متعلق درج کیے گئے آٹھ مقدمات میں ضمانت منظور کرلی ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی۔ عدالت نے مختصر دلائل سننے کے بعد عمران خان کی آٹھ مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں۔
تاہم یاد رہے کہ ان آٹھ مقدمات میں ضمانت ملنے کے باوجود عمران خان جیل سے رہا نہیں ہو سکیں گے کیونکہ انھیں ایک سو نوے ملین پاؤنڈ میں چودہ سال قید کی سزا ہو چکی ہے۔
جبکہ توشہ خانہ ٹو میں ان کی گرفتاری ڈالی جاچکی ہے۔ ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے کے فیصلے کو عمران خان کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نو مئی کے واقعات کے احکامات عمران خان نے دیے تھے۔
انھوں نے کہا کہ یہ آٹھ مقدمات انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دو سال سے مخلتف عدالتوں نے ان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کی ہیں۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت مقدمے کے ٹرائل میں نہیں جائے گی اور صرف ضمانت کی حد تک معاملے کو دیکھے گی۔
انھوں نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اس سے مقدمے میں عمران خان کے خلاف کون سے ثبوت ہیں جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ اس معاملے میں تین گواہان کے بیانات بھی ریکارڈ پر موجود ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ اس سے پہلے سابق سینیٹر اعجاز چوہدری کی بھی نو مئی کے مقدمے میں ضمانت منظور کی تھی اور اب پراسیکوشن یہ بتائے کہ یہ کیس اعجاز چوہدری کے کیس سے الگ کیسے ہے؟
پراسیکوشن اس معاملے میں عدالت کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پولی گرافک ٹیسٹ بھی نہیں دیا اس لیے وہ ضمانت کے مستحق نہیں ہیں۔
بینچ میں موجود جسٹس اظہر حسن رضوی نے پراسیکوشن سے استفسار کیا کہ کیا اعجاز چوہدری نو مئی کے واقعات میں موقع پر موجود تھے جس پر پراسیکوٹر نے جواب دیا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس بنیادی معلومات ہی نہیں ہیں۔
عمران خان کے وکیل کے دلائل
عدالت نے عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کو دلائل دینے کا حکم دیا اور انھوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ان آٹھ مقدمات میں سے پانچ مقدمات میں نامزد ہی نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پراسیکیوشن نے اس حوالے سے متعلقہ عدالت میں چالان پیش کیے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں بھی ضمانت کی درخواستوں میں یہی موقف اختیار کیا تھا لیکن ان کا موقف تسلیم نہیں کیا گیا۔
عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ضمانت پر ملزم کا حق ہے اور ان کے موکل کو دو سال تک اس حق سے محروم رکھا گیا۔ عدالت نے مختصر دلائل سننے کے بعد عمران خان کی آٹھ مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں۔
یاد رہے اس سے قبل عمران خان کی ضمانتوں کی درخواستیں سننے والا بینچ تبدیل بھی ہوا۔ تین رکنی بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جگہ جسٹس حسن اظہر رضوی کو شامل کیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے اندر قائم بلال مسجد کی جی پی ایس لوکیشن انڈین خفیہ ایجنسی کو فراہم کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
عبید جہانگیر نامی شہری کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ دفعہ 3/3a کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
تھانہ صدر مظفرآباد میں درج مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ راولاکوٹ کا رہائشی عبید جہانگیر انڈین خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کر رہا تھا۔
یاد رہے کہ انڈیا نے چھ مئی کی رات کو مظفرآباد کی بلال مسجد پر میزائل داغ کر حملہ کیا تھا۔
مقدمے کے مطابق ملزم نے اہم حساس تنصیبات کی تصاویر، خفیہ ملکی راز اور اطلاعات دشمن ملک کی ایجنسی کو دیے۔
ایف آئی ار کے مطابق بلال مسجد کی جی پی ایس لوکیشن، تصاویر بذریعہ واٹس ایپ ماڈرن ڈیوائسز، حساس مقامات کی تصاویر انڈین ایجنسی کو فراہم کرنے کے عوض ملزم نے بھاری رقوم حاصل کیں۔
تھانہ صدر کے ایس ایچ او نوید الحسن نے ایف ائی آر کے اندراج اور عبید جہانگیر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے کی تفتیش کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کر رہا ہے۔ ان کے مطابق عبید جہانگیر خود بھی گرفتار ہو چکا اور اس کے دیگر ساتھی بھی گرفتار ہیں جن سے تفتیش جاری ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کراچی سمیت سندھ میں حالیہ بارشوں میں گزشتہ دو روز کے دوران 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش برسانے والا سلسلہ اس وقت بھی موجود ہے جس کے زیر اثر دن کے کسی بھی حصے میں کہیں معمول کے مطابق اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں منگل کے روز سے ہونے والے بارشوں کا سلسلہ آج رات سے کمزور پڑنے کا امکان ہے۔

صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں ہونے والی 10 ہلاکتیں کراچی اور دو تھرپارکر میں ہوئی ہیں۔
یہ ہلاکتیں آسمانی بجلی گرنے، دیوار گرنے ، کرنٹ لگنے اور ڈوبنے کی وجہ سے ہوئیں ہیں۔
بارشوں کے باعث سڑکوں کی بندش
شدید بارشوں کی وجہ سے کراچی کے کئی علاقوں میں سڑکوں کی حالت خراب ہو گئی ہے اور ان پر جا بجا گڑھے پڑ گئے ہیں۔

ملیر ندی میں پانی کے بہاؤ کی وجہ سے قیوم آباد سے کورنگی کراسنگ اسی طرح گدام چورنگی آنے والی سڑک کو بند کردیا گیا ہے۔
شاہراہ فیصل پر ناتھا خان پل پر آج دوسرے روز بھی ٹریفک کا دباؤ ہے جہاں پل پر تعمیری کام جاری ہے۔
گرو مندر پرجہانگیر روڈ اور تین ہٹی جانے والی سڑک پر گڑھوں کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہو رہی ہے ۔ لیاقت آباد انڈر پاس، شہید ملت انڈر پاس، ڈرگ روڈ انڈر پاس، ناظم آباد، سہراب گوٹھ انڈر پاس ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

لوڈ شیڈنگ اور احتجاج
کراچی کے بعض علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی بجلی کی طویل بندش کے خلاف مقامی لوگوں نے سڑکوں پر احتجاج بھی کیا ہے۔
ملیر ہالٹ پر صبح کو احتجاج کیا گیا اس سے قبل پہلوان گوٹھ ، ناظم آباد اور گلشن میں احتجاج کیا گیا تھا۔
یاد رہے منگل اور بدھ کے روز ہونے والی شدید بارشوں کے بعد سے شہر میں کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی 12 گھنٹے سے بھی زائد معطل رہی جس کا اظہار سوشل میڈیا صارفین بھی کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہUS Justice Department
امریکی بحریہ کے ایک اہلکار پر چین کے لیے جاسوسی کرنے اور بحریہ کے متعلق حساس معلومات چینی ایجنٹ کو مہیا کرنے کا جرم ثابت ہو گیا ہے۔
25 سالہ جنچاؤ وی کو جاسوسی، جاسوسی کی سازش اور امریکی بحریہ کے جہازوں کے بارے میں خفیہ معلومات غیر قانونی طور پر مہیا کرنے سمیت چھ الزامات کا مرتکب پایا گیا ہے۔
امریکی اٹارنی ایڈم گورڈن نے فیصلہ سنائے جانے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ وی کے اقدامات امریکی فوج کے ایک رکن کے طور پر ان پر کیے گئے اعتماد کی سنگین غداری کی نمائندگی کرتے ہیں۔
’عوامی جمہوریہ چین کو نقد رقم کے عوض فوجی رازوں کی تجارت کرکے، اس نے نہ صرف اپنے ساتھی اہلکاروں کی زندگیوں کو بلکہ پوری قوم اور ہمارے اتحادیوں کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔‘
وی، جو پیٹرک وی کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں‘ کو اگست 2023 میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جب وہ امریکی جنگی بحری جہاز یو ایس ایس ایسیکس پر کام کے لیے پہنچے تھے۔
وی کو سکیورٹی کلیئرنس حاصل تھی اور ان کے پاس بحرالکاہل کے بحری بیڑے میں شامل جہازوں کے بارے میں حساس معلومات تک رسائی تھی۔
ہفتہ بھر چلنے والے مقدمے کی سماعت کے دوران، استغاثہ نے ثبوت کے طور پر وی کی اپنے ہینڈلر سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے ساتھ ساتھ ان کے درمیان ہونے والے الیکٹرانک پیغامات اور آڈیو پیغامات بھی پیش کیے۔
وی اپنے چینی ہینڈلر کو ’بگ برادر اینڈی‘ کہہ کر بلاتے تھے اور ان کی ہدایت پر وی نے اپنی بات چیت اور ادائیگیوں کو قبول کرنے کے لیے متعدد انکرپٹڈ ایپس استعمال کیں۔
وی نے اپنے ہینڈلر کی طرف سے فراہم کردہ ایک نیا کمپیوٹر اور فون بھی استعمال کیا۔
دوران سماعت وی اور ان کی والدہ کے درمیان ہونے والی بات چیت بھی بطور ثبوت پیش کی تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ وی جانتے تھے کہ وہ جاسوسی کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہUS Justice Department
وی نے اپنی والدہ کو بھیجے ایک پیغام میں لکھا کہ ’امریکی بحریہ میں کام کرنے والے دیگر چینی اب بھی یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کس طرح اضافی پیسہ کمایا جائے، اور ٹیکسیاں چلا رہے ہیں۔ جب کہ میں صرف خفیہ معلومت بیچ رہا ہوں۔‘
ان کی والدہ نے جواب میں کہا: ’گڈ جاب۔‘
وی سے فروری 2022 میں ایک چینی ایجنٹ نے اس وقت رابطہ کیا جب وہ امریکی شہری بننے کے عمل سے گزر رہے تھے۔
انھیں چینی انٹیلی جنس افسر نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھرتی کیا تھا۔ ایجنٹ نے پہلے خود کو بحریہ کے ایک شوقین کے طور پر پیش کیا تھا جو سرکاری ملکیت والی چائنا شپ بلڈنگ انڈسٹری کارپوریشن کے لیے کام کرتا تھا۔
شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ وی نے ایسیکس کی تصاویر اور ویڈیوز بھیجیں، امریکی بحریہ کے مختلف جہازوں کے مقام کے بارے میں بتایا اور ایسیکس پر موجود دفاعی ہتھیاروں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں۔
ان معلومات کے بدلے میں، چینی انٹیلی جنس افسر نے وی کو 18 ماہ کے دوران 12 ہزار ڈالر سے زیادہ کی ادائیگی کی۔ وی کو یکم دسمبر کو سزا سنائی جائے گی اور اسے عمر قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بی بی سی نے تبصرے کے لیے وی کے وکیل سے رابطہ کیا ہے۔
وی کو 2023 میں پیٹٹی آفیسر وینہنگ ژاؤ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا جن پر 14 ہزار 800 ڈالرز کے عوض ایک چینی انٹیلی جنس افسر کو حساس تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کا الزام تھا۔

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ شہر پر قبضہ کرنے کے اپنے منصوبے کے تحت زمینی حملے سے قبل ابتدائی کارروائیاں شروع کر دی ہیں جبکہ غزہ شہر کے مضافات اس کے فوجیوں کے قبضے میں ہے۔
ایک فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے زیتون اور جبالیہ کے علاقوں میں زمینی حملے سے قبل ضروری کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ یاد رہے کہ اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے منگل کو اس حملے کی منظوری دی تھی اور رواں ہفتے کے آخر میں اس منصوبے کو حتمی منظوری کے لیے سکیورٹی کابینہ سے سامنے رکھا جائے گا۔
اسرائیلی فوج نے غزہ شہر پر حملے سے قبل تقریباً 60 ہزار ریزرو فوجی اہلکاروں کو طلب کر لیا ہے تاکہ اس زمینی حملے کے لیے ریگولر فوجی اہلکار دستیاب ہوں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حماس نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ معصوم شہریوں کے خلاف وحشیانہ جنگ جاری رکھنے کی غرض سے جنگ بندی کے معاہدے میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ غزہ شہر پر قبضے کے اس نئے منصوبے کے تحت لاکھوں فلسطینیوں کو شہر سے نکل جانے اور جنوبی غزہ میں پناہ گاہوں کی طرف جانے کا حکم دیا جائے گا۔
بدھ کے روز ٹی وی پر بریفنگ دیتے ہوئے اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈیفرین کا کہنا تھا کہ 22 ماہ کی جنگ نے حماس کو کمزور کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ڈی ایف آپریشن شروع کرنے کا ’انتظار نہیں کر رہی‘ بلکہ ابتدائی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ شہر کے مضافات میں آئی ڈی ایف کے دستے قابض ہیں۔
آئی ڈی ایف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ زیتون کے علاقے میں دو بریگیڈ کارروائیاں کر رہی ہیں جبکہ تیسری بریگیڈ جبالیہ کے علاقے میں کام کر رہی ہے۔
اسرائیل کے بہت سے اتحادیوں نے اس کے اس منصوبے کی مذمت کی ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میخوان نے بدھ کے روز خبردار کیا ہے کہ یہ منصوبہ دونوں جانب کے لوگوں کے لیے تباہی کا باعث بن سکتا ہے اور پورے خطے کو مستقل جنگ میں دھکیل سکتا ہے۔
دوسری جانب، ریڈ کراس نے کہا ہے کہ مزید نقل مکانی اور لڑائی میں شدت سے غزہ کی 21 لاکھ کی آبادی کے لیے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے جو کہ پہلے ہی تباہ کن حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔
غزہ میں حماس کے زیر انتظام شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان محمود بسال نے منگل کے روز خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ شہر کے زیتون اور صابرہ کے علاقوں محلوں میں صورتحال ’انتہائی خطرناک اور ناقابل برداشت ہے۔‘
ادارے کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی حملوں اور فائرنگ سے 25 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ غزہ حکام کے مطابق، مارے جانے والوں میں تین بچے اور ان کے والدین بھی شامل ہیں جو اس وقت ہلاک ہوئے جب غزہ شہر کے مغرب میں واقع شاتی پناہ گزین کیمپ کے بدر علاقے میں ان کے گھر پر بمباری کی گئی۔

کراچی میں گزشتہ دو روز کے دوران بارش کے دوران مختلف حادثات اور واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دس ہو گئی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق بدھ کو دو مزید افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم اس سے قبل منگل کے روز بارش کے دوران مختلف حادثات اور واقعات میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ اموات دیوار گرنے، کرنٹ لگنے اور گٹر میں گرنے کی وجہ سے ہوئیں۔
صوبہ سندھ کے وزیرِ تعلیم سردار شاہ کی جانب سے کل بروز جمعرات بارشوں کے پیش نظر کراچی ڈویژن کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بدھ کے روز وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں بارش کے سلسلے اور شہر کی صورتحال پر کہا کہ ’لوکل باڈیز، پولیس اور انتظامیہ نے لوگوں کی مُشکلات کم کرنے کے لیے پوری کوشش کی۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’کراچی کے نکاسی ٓاب کا نظام اتنی بھاری بارش کے لیے ڈیزائن نہیں کیا ہوا۔ اگر اب 100 ملی میٹر کی بارش کے نکاسی کا نظام بنانا ہے تو پورا شہر پھر کھودنا ہوگا۔‘
تاہم اب محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ وسطی سندھ اور جنوبی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں سے سندھ کے نشیبی علاقوں کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپورخاص، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ اور جامشورو میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
اسی کے ساتھ ساتھ محکمے کے مطابق بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے انڈیا میں کالعدم عوامی لیگ کی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’انڈیا کی سرزمین پر عوامی لیگ کی سرگرمیوں نے انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستانہ تعلقات، کثیر الجہتی تعاون اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اعتماد کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔‘
وزارتِ حارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بنگلہ دیش کی حکومت نے دہلی اور کولکتہ میں کالعدم سیاسی جماعت اور بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ کے دفاتر کھولنے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تاہم بنگلہ دیش کی جانب سے سامنے آنے والے اس بیان کے جواب میں انڈیا کی وزارت خارجہ نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے نامناسب قرار دیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ’انڈین حکومت کو عوامی لیگ کے مبینہ ارکان کی جانب سے مُلک میں ’بنگلہ دیش مخالف‘ سرگرمیوں کے بارے میں علم نہیں ہے اور نہ ہی ایسے کسی اقدام کے بارے میں معلومات نہیں ہیں جو انڈین قانون کے خلاف ہو۔ انڈیا اپنی سر زمین کو کسی اور مُلک کے خلاف سیاسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جانے کی اجازت نہیں دیتا۔‘

،تصویر کا ذریعہMinistry of Information & Broadcasting
انڈین وزارتِ خارجہ نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ بنگلہ دیش میں جلد از جلد آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہونے چاہئیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ عوام کی خواہش اور مینڈیٹ کی عکاسی ہو۔
بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ ’اگر انڈیا میں رہنے والے بنگلہ دیشی شہری، بنگلہ دیش کے خلاف کوئی سیاسی سرگرمی کرتے ہیں، خاص طور پر کالعدم جماعتوں کے رہنما یا کارکن اور وہ انڈیا میں اپنے دفاتر کھولتے ہیں تو یہ بنگلہ دیش کے عوام اور حکومت کی براہ راست توہین ہے۔‘
بنگلہ دیش نے انڈیا سے کالعدم عوامی لیگ کے خلاف فوری کارروائی کی اپیل کی ہے۔ دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق بنگلہ دیش کی حکومت انڈین حکومت سے درخواست کرتی ہے کہ کسی بھی بنگلہ دیشی شہری کو انڈیا اپنی سرزمین سے ’بنگلہ دیش مخالف‘ سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت نہ دے اور اسی کے ساتھ ساتھ عوامی لیگ کے سیاسی دفتر کو فوری طور پر بند کیا جائے۔‘

،تصویر کا ذریعہAPP
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے چھٹے سہ فریقی اجلاس کے موقع پر افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ ملاوی امیر خان متقی سے دوطرفہ ملاقات کی۔ دونوں وزرا نے اپنے ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انھوں نے 21 مئی 2025 کو بیجنگ میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس کے دوران طے پانے والے معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں سفارتی نمائندگی کے درجہ میں چارج ڈی افیئرز سے سفیر کے درجہ تک ہونے والی ترقی کا خیرمقدم کیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سیاسی اور تجارتی تعلقات میں حوصلہ افزا پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ’سکیورٹی کے شعبہ خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش رفت ابھی مطلوبہ رفتار سے ہونا باقی ہے۔‘
انھوں نے افغان سرزمین سے کو استعمال کرنے والے دہشت گرد گروہوں کی جانب سے پاکستان کے اندر دہشت گردانہ حملوں میں حالیہ اضافہ کی طرف توجہ دلائی اور افغان حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)، مجید بریگیڈ جیسے گروہوں کے خلاف ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کریں۔
افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے اس عزم کی تجدید کی کہ افغانستان اپنی سرزمین کو کسی بھی دہشت گرد گروہ کے ذریعہ پاکستان یا دیگر ممالک کے خلاف استعمال ہونے نہیں دے گا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے چھٹے سہ فریقی ڈائیلاگ کی کامیاب میزبانی پر انھیں مبارکباد دی۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times via Getty Images
انڈیا کے معاشی اہمیت کے حامل شہر ممبئی میں موسلادھار بارشوں نے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے، سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں اور پروازیں اور ٹرین سروس منسوخ کر دی گئی ہیں۔
شہر کے کئی حصے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں حکام نے منگل کے روز 600 لوگوں کو مختلف علاقوں میں پانی بھر جانے کے بعد محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ سال کے ان دنوں میں ریاست مہاراشٹر جہاں ممبئی واقع ہے میں مون سون کی بارشوں کا ہونا ایک عام بات ہے۔
تاہم اس مرتبہ ان علاقے میں خاص طور پر موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں ہفتے ریاست بھر میں شدید بارش کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات میں اب تک کم از کم 21 افراد ہلاک ہو چُکے ہیں۔
انڈیا میں محکمہ موسمیات کے مطابق صرف چار دنوں میں ممبئی میں 800 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو اگست میں ریکارڈ کی گئی اوسط بارش سے کہیں زیادہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times via Getty Images
انڈیا کے محکمہ موسمیات نے شہر اور اس کے ہمسایہ اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے جس میں بدھ کے روز بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس ہفتے کے آخر میں صورتحال میں بہتری آئے گی۔
زیادہ تر سکول اور کالج بند ہیں اور تقریباً 350 افراد کو شہر کے نشیبی علاقوں سے عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times via Getty Images