پاکستانی فوج کی بلوچستان کے ضلع پشین میں کارروائی، خودکش بمبار سمیت پانچ شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے علاقے پشین میں کارروائی کے دوران ایک مبینہ خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ چار دیگر شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سوموار کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے ko 22 فروری کو سکیورٹی فورسز نے ضلع پشین میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک آپریشن کیا۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’آپریشن کے دوران، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد خودکش بمبار خوارجی نے بزدلانہ انداز میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا‘۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے چار دیگر ’انڈین سپانسرڈ خوارج‘ کا تعاقب کر کے انھیں ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک ہونے والے مبینہ شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ شدت پسند عناصر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے علاقے میں کسی بھی دوسرے شدت پسند کی موجودگی کے امکان کو خارج کرنے کے لیے کارروائیاں جا ری ہیں۔