آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

بطور وزیرِ اعلیٰ عمران خان کے منشور پر عمل کروں گا، احتجاج اور جلسے پارٹی کا کام ہے: سہیل آفریدی

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ اڈیالہ جیل عمران خان سے ملاقات کے لیے آئے تھے لیکن عدالتی حکم کے باوجود انھیں ان کے لیڈر سے نہیں ملنے دیا گیا۔ ’عدالتی حکم کے باوجود آج ہمیں اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیا گیا۔ اگر عدالتی احکامات نہیں مانے جا رہے تو یہ ہماری کمزوری نہیں ہے، یہ عدالتوں کی بے بسی ہے۔‘

خلاصہ

  • انٹرنیشنل اٹامک انرجی کمیشن کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس 400 کلو گرام یورینیم کے ذخائر موجود ہیں جن کی افزودگی کی شرح 60 فیصد ہے۔
  • یوکرین کا کہنا ہے کہ روس کے میزائل اور ڈرون حملوں میں دو بچوں سمیت کم سے کم سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
  • امریکہ نے روس پر نئی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے روس کی دو بڑی آئل کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
  • پاکستان اور افغانستان کے مابین جنگ بندی کے بعد بھی سرحدی آمدورفت مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی، مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
  • اگر حماس نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو مشرقِ وسطیٰ اور آس پاس کے اتحادی ممالک غزہ میں داخل ہونے کے لیے تیار ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے!

    بی بی سی اردو کی لائیو پیج کوریج جاری ہے تاہم یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔

    24 اکتوبر کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں

  2. گذشتہ ہفتے اغوا ہونے بلوچستان پولیس کے افسر کی لاش مل گئی: حکام, محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع نوشکی کے اغوا ہونے والے پولیس افسر محمد یوسف ریکی کی لاش مل گئی ہے۔

    ڈی ایس پی محمد یوسف ریکی کو نامعلوم مسلح افراد نے گذشتہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب نوشکی سے کوئٹہ کی جانب سفر کے دوران ضلع مستونگ میں گرگینہ کے علاقے میں اغوا کیا تھا۔

    یوسف ریکی ضلع نوشکی میں ڈی ایس پی کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے تھے ۔

    اغوا کاروں نے ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاش ضلع مستونگ کے علاقے کردگاپ میں ہی چھوڑ دی تھی۔

    ضلع مستونگ میں انتظامیہ کے ایک اہلکار خلیل احمد نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لاش بدھ کے روز کرگاپ کے علاقے سے برآمد کی گئی ہے۔

    ہلاک کیے جانے والے ڈی ایس پی کی لاش کو کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں فیاض سُنبل پولیس لائن میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

    ان کی نماز جنازہ میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، صوبائی وزرا، کورکمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم خان ، انسپیکٹر جنرل پولیس محمد طاہر اور دیگر سویلین اور فوجی حکام نے شرکت کی۔

    کسی گروہ نے تاحال ڈی ایس پی یوسف ریکی کے اغوااور ہلاکت کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    اس سے قبل مستونگ پولیس کے ایک ڈی ایس پی حمزہ رفیق کو بھی سوراب کے علاقے سے نامعلوم افراد نے گذشتہ ماہ اغوا کیا تھا، تاہم تین روز بعد انھیں بازیاب کر لیا گیا تھا۔

    درایں اثنا ضلع مستونگ ہی کے علاقے دشت سے نامعلوم مسلح افراد نے سات مزدوروں کو بھی اغوا کیا ہے۔

    ضلع مستونگ میں انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اغوا ہونے والے مزدور ایک زیر تعمیر سرکاری عمارت میں کام کررہے تھے۔

    تاحال ان مزدوروں کے اغوا کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

  3. اسلام آباد پولیس کے ایس پی عدیل اکبر اپنی گاڑی میں ’فائر لگنے‘ سے ہلاک، مزید تفتیش جاری ہے: ترجمان

    اسلام آباد پولیس کے ایک سینیئر سپرینٹینڈنٹ (ایس پی) عدیل اکبر کی اپنی گاڑی میں گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ ایس پی ’آئی نائن‘ عدیل اکبر کانسٹیٹیوشن ایونیو سے اپنے دفتر کی طرف جا رہے تھے کہ راستے میں اپنی ہی گاڑی کے اندر فائر لگنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اس مقدمے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

    انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ یہ واقعہ دن ساڑھے چار بجے کانسٹیٹیوشن ایونیو پر پیش آیا ہے۔

    علی ناصر رضوی کے مطابق ’سیف سٹی کی فوٹیج میں کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا اور یہ واقعہ گاڑی کےاندر ہی ہوا ہے۔‘

    آئی جی کے مطابق ایس پی کے پاس جو فون تھا وہ ’لاک ہے اس کا بھی فرانزک کیا جائے گا۔‘

    وزیرمملکت برائے وزارت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ’اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی چیزیں بتائیں گے۔‘

  4. بطور وزیرِ اعلیٰ عمران خان کے منشور پر عمل کروں گا، احتجاج اور جلسے پارٹی کا کام ہے: سہیل آفریدی

    خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ بطور صوبے کے چیف ایگزیکٹو عمران خان کے منشور اور نظریے پر عملدرآمد کریں گے، جبکہ احتجاج اور جلسے منعقد کرنا ان کی جماعت کا کام ہے۔

    جمعرات کو اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ’احتجاج اور جلسے پارٹی اور تنظیم کا کام ہے۔ بطور پی ٹی آئی کارکن میں پارٹی کی طرف سے آنے والی ہدایات پر من و عن عمل کروں گا۔‘

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اڈیالہ جیل عمران خان سے ملاقات کے لیے آئے تھے لیکن عدالتی حکم کے باوجود انھیں ان کے لیڈر سے نہیں ملنے دیا گیا۔

    ’عدالتی حکم کے باوجود آج ہمیں اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیا گیا۔ اگر عدالتی احکامات نہیں مانے جا رہے تو یہ ہماری کمزوری نہیں ہے، یہ عدالتوں کی بے بسی ہے۔‘

    اس موقع پر انھوں نے واضح کیا کہ وہ عمران خان سے ملاقات اور ان کی ہدایات کے بغیر اپنی صوبائی کابینہ نہیں تشکیل دیں گے۔

  5. وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کروائی جائے: اسلام آباد ہائی کورٹ, شہزاد ملک، بی بی سی اردو اسلام آباد

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی جیل میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کروانے کا حکم دے دیا ہے۔

    جمعرات کو عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں کے عدالتی حکم پرعملدرآمد کا حکم دیا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ جو فہرست دیں گے اس میں شامل افراد کی ملاقاتیں لارجر بینچ کے فیصلے میں دیے گئے ایس او پیز کے مطابق کروائی جائیں۔

    دوسری جانب ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے پنجاب پرزن رولز میں قیدیوں کی سیاسی گفتگو پر پابندی کی شق ختم کرنے کا عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل لارجر بینچ نے عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں کے لیے دائر درخواستوں اور پنجاب حکومت کی جیل رولز اور طے شدہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

    ایڈوکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے جیل ملاقاتوں میں سیاسی گفتگو پر پابندی کا جیل رول کالعدم قرار دیا ہے اور اس دوران اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس نہیں جاری کیے گئے۔

    جسٹس ارباب محمد طاہر نے پوچھا کہ کیا قانون کالعدم قرار دینے سے پہلے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرنا لازمی ہے؟

    ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ مثالیں موجود ہیں اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری ہونا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جیل میں قیدیوں کی سیاسی گفتگو پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔

    دورانِ سماعت سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے باوجود عمران خان کی ملاقاتیں نہیں کروائی گئیں۔

    سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کی باقاعدہ ملاقاتیں ہوتی ہیں اور سلمان اکرم راجہ کی طرف سے ان کے پاس کوئی ملاقاتیوں کی کوئی فہرست نہیں آئی۔

    عدالت نے عدالتی فیصلے کے مطابق عمران خان کی جیل میں ملاقاتیں کورانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

  6. غربِ اردن کے الحاق کا اسرائیلی اقدام غزہ منصوبے کو خطرے میں ڈال سکتا ہے: امریکی سیکریٹری خارجہ

    امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کا غربِ اردن کے الحاق کا کوئی بھی اقدام غزہ میں تنازع کے خاتمے کے منصوبے کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

    اسرائیل روانگی سے قبل سیکریٹری روبیو کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک ایسی چیز ہے جس کی ہم ابھی حمایت نہیں کر سکتے۔‘

    خیال رہے اسرائیل میں انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں نے ایک ایسے بِل کی ابتدائی منظوری دی ہے جس کا مقصد اسرائیل کو غربِ اردن کے الحاق کا اختیار دینا ہے۔ یہ بظاہر ان کی جانب سے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کو شرمندہ کرنے کا ایک حربہ ہے۔

    دوسری جانب فلسطینیوں کا دعویٰ ہے کہ سنہ 1967 سے اسرائیل کے قبضے میں موجود غرب اردن ان کی آزاد ریاست کا حصہ ہوگا۔

    گذشتہ برس اقوامِ متحدہ کی عدالت انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس نے بھی کہا تھا کہ غربِ اردن پر اسرائیلی قبضہ غیرقانونی ہے۔

    نیتن یاہو بھی ماضی میں غربِ اردن کے الحاق کی حمایت میں بولتے رہے ہیں، تاہم ان کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اُٹھایا گیا تھا کیونکہ وہ اسرائیل کے اہم اتحادی امریکہ کو ناراض کرنے کا خطرہ نہیں اُٹھانا چاہتے تھے۔

    وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی اتحادی حکومت میں شامل انتہائی قوم پرست شخصیات متعدد مرتبہ غرب اردن کے الحاق کا مطالبہ کر چکی ہیں، تاہم پارلیمنٹ میں جن اراکین نے اس حوالے سے بِل پیش کیا ہے ان کا تعلق حکومتی گروہوں سے نہیں ہے۔

    اس بِل کی ابتدائی منظوری کے باوجود بھی یہ واضح نہیں ہے کہ اسے 120 نشستوں پر مشتمل اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظوری حاصل ہوگی یا نہیں۔ دوسری جانب نیتن یاہو اس بِل کو شکست دینے یا اسے تاخیر کا شکار کرنے کا اختیار بھی رکھتے ہیں۔

    فلسطینی وزارتِ خارجہ نے اس معاملے پر مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو کبھی بھی فلسطینی زمین پر خودمختاری حاصل نہیں ہوگی۔

    اسرائیل نے غرب اردن اور مشرقی یروشلم پر قبضے کے دوران یہاں 160 آبادیاں بنائی ہیں جن میں سات لاکھ یہودی رہتے ہیں۔

    بین الاقوامی قوانین کے مطابق یہ آبادیاں غیرقانونی ہیں۔

  7. غریب اور ترقی پذیز ممالک میں کینسر کی دیر سے تشخیص زیادہ اموات کی وجہ

    معروف طبی جریدے دی لینسٹ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق دنیا کے غریب اور ترقی پذیر ممالک میں چھاتی اور سرویکل کینسر میں مرض کے آغاز میں بیماری کا پتہ لگانے کی شرح بہت کم ہے۔

    طبی جریدے کا کہنا ہے کہ غریب ممالک میں صرف 20 فیصد کیسز میں بیماری کے آغاز میں اُس کی تشخیص ہوتی ہے جبکہ دنیا کے امیر ممالک میں ہر پانچ مریضوں میں سے دو مریضوں میں چھاتی اور سرویکل کینسر کی تشخیص ابتدائی سطح پر ہو جاتی ہے۔

    تحقیق کے مطابق کم آمدن والے ممالک میں ان دونوں کینسرز کی تشخیص اُس وقت ہوتی ہے جب عموماً یہ اگلی سٹیج میں داخل ہو جاتے ہیں اور مریض کے مکمل صحتیاب ہونے کا امکان کم رہ جاتا ہے۔

    اس تحقیق کے لیے ’وینس کینسر‘ پراجیکٹ کے تحت ریسرچرز نے 39 ممالک سے تعلق رکھنے والی دو لاکھ 75 ہزار خواتین کا ڈیٹا جمع کیا۔

    جس میں بین الاقوامی گائیڈ لائنز کے تحت تشخیص اور علاج کے ٹرینڈز کا معائنہ کیا گیا۔

    ریسرچرز کا کہنا ہے کہ صحت کے بنیادی مراکز کی کمی، سکرینگ کی سہولیات کی عدم موجودگی اور معاشرتی رویوں کے سبب ترقی پذیر ممالک میں کینسر کی تشخیص تاخیر سے ہوتی۔

  8. چیک پوسٹ پر تلاشی میں مبینہ تاخیر کی وجہ سے بچے کی ہلاکت، وزیراعلیٰ بلوچستان کا تحقیقات کا حکم, محمد کاظم بی بی سی نیوز کوئٹہ

    پاکستان کے صوبے بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے مبینہ طور چیک پوسٹ پر مسافر بس کی تلاشی میں تاخیر کی وجہ سے کمسن بچے کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

    بچے کی ہلاکت کا واقعہ منگل کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں کوسٹ گارڈز کی چیک پوسٹ پر پیش آیا تھا۔

    بچے کی ہلاکت کے خلاف اوتھل میں لوگوں نے بطور احتجاج کوئٹہ کراچی ہائی وے کو بند کر دیا تھا۔

    اس معاملے کی بازگشت بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بھی سنائی دی۔

    گوادر سے رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی چیک پوسٹوں پر لوگوں کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ اس پر آواز اٹھاتے ہیں لیکن کسی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

    بچے کی ہلاکت پر لواحقین کا کیا کہنا ہے ؟

    اس واقعے کے حوالے سے سماجی رابطوں ویب سائٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک کمسن بچے کی لاش ایک خاتون کے سامنے پڑی ہے۔

    ویڈیو میں خاتون براہوی زبان میں یہ کہہ رہی ہے کہ بچے کو بخار ہوا تھا اور ہم کراچی جارہے تھے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چھ گھنٹے تک اوتھل میں چیک پوسٹ پر روکا گیا جس کے باعث بچے ہلاک ہو گیا۔

    بچے کی ہلاکت کے خلاف لوگوں نے بطور احتجاج اس مقام پر کوئٹہ کراچی شاہراہ کچھ دیر کے لیے بند کیا۔

    کمشنر قلات ڈویژن کو تحقیقات کا حکم

    ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ عوام کے ساتھ غیر انسانی رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے کمشنر قلات ڈویژن کو ہدایت جاری کیں کہ وہ اس واقعے کے بارے انکوائری کر کے حقائق پر مبنی رپورٹ فوری طورپر پیش کریں۔

    انھوں نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور وہ وفاقی اداروں سے رابطے میں ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

  9. غیر قانونی تارکینِ وطن کی کشتی کو حادثہ، بچے سمیت 40 افراد ہلاک

    تیونس کے ساحلی علاقے میں غیر قانونی تارکینِ وطن کی ایک کشتی ڈوب گئی ہے۔ اس حادثے میں کم سے کم 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یہ رواں سال کشتی ڈوبنے کا سب سے زیادہ مہلک حادثے ہے اور ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

    خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ کشتی بحیرہ روم کی مہدیہ بندرگاہ کے قریب ڈوبی اور اس میں 70 غیر قانونی تارکینِ وطن سوار تھے جن میں سے 30 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

    کشتی پر سوار افراد کا تعلق کن ممالک سے ہے اس بارے میں زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں لیکن کہا جار رہا ہے کہ کشتی پر سوار افراد صحرائے صحارا کے ذیلی کے علاقوں سے تھے۔

    اس حالیہ حادثے سے ظاہر ہوتا ہے کہ افریقی ممالک سے لوگ غیر قانونی طور پر بحیرہ روم کے راستے یورپی ممالک جا رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق سنہ 2023 میں دو لاکھ دس ہزار افراد نے بحیرہ روم عبور کر کے یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس کوشش کے دوران 60 ہزار کو حراست میں لیا گیا اور دو ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تیونس کے حکام تحقیقات کر رہے ہیں کہ کشتی ڈوبنے کی وجہ کیا بنا۔

    تیونس پر دباؤ ہے کہ وہ غربت اور تنازعات سے تنگ آئے افراد کی جانب سے غیر قانونی طور یورپ میں داخلے کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔

    2023 میں یورپی یونین اور تیونس نے غیر قانونی ہجرت روکنے کے لیے ایک معاہدہ کیا تھا۔118 ملین ڈالر کے اس معاہدے کا مقصد انسانی سمگلنگ روکنے، سرحد پر سکیورٹی بڑھانے اور حراست میں لیے گئے تارکینِ وطن کو واپس بھیجنے کے لیے اقدامات کرنا تھا۔

  10. ایران کے پاس 400 کلو گرام افزودہ یورینیم موجود ہے: سربراہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی کمیشن

    انٹرنیشنل اٹامک انرجی کمیشن کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس 400 کلو گرام یورینیم کے ذخائر موجود ہیں جن کی افزودگی کی شرح 60 فیصد ہے۔

    کمیشن کے سربراہ رافیل گروسی کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس موجود افزودہ یورینیم جوہری ہتھیار بنانے کے لیے درکار شرح سے بس تھوری ہی کم ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اگر ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے میں سفارت کاری ناکام ہو جاتی ہے تو خدشہ ہے کہ ایران کے خلاف دوبارہ طاقت کا استعمال ہو سکتا ہے۔

    رافیل گراسی نے انٹرویو کے دوران کہا کہ اگر ایران افزودگی کا عمل جاری رکھتا ہے تو ’ایران کے پاس اتنا مواد ہے کہ اس سے دس جوہری بم بنائے جا سکتے ہیں۔‘

    تاہم انھوں نے واضح کیا کہ ’اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ تہران کا جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ ہے‘ لیکن ان کے بقول ’اسے یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی کمیشن کے معائنہ کاروں کو دوبارہ ایران آنے کی اجازت دی جائے۔‘

    جب ان سے پوچھا گیا کہ انھیں ایسا کیوں لگتا ہے کہ ایران کا جوہری ہتھیار بنانے کا اردہ نہیں ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ’اسرائیلی حملوں سے قبل انٹرنیشنل اٹامک انرجی کمیشن کے معائنہ کاروں نے ان مقامات کا دورہ کیا تھا۔ تب سے ہم سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر کی مدد سے ان مقامات کا معائنہ کر رہے ہیں اور ایران کے جوہری پروگرام پر نظر رکھنے والے دیگر ممالک بھی اس بات سے متفق ہیں۔‘

    یاد رہے کہ رواں سال جون میں ایران اور اسرائیل کی جنگ کے بعد امریکہ نے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ ایران کی جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت کو مکمل ختم کر دیا گیا ہے۔

    حالیہ کچھ عرصے کے دوران ایرانی سرکاری حکام نے کئی بار رافیل گروسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ 12 روزہ جنگ سے قبل آئی اے ای اے کی رپورٹ نے ایران کے جوہری ہتھیاروں کے حصول پر خدشات میں اضافہ کیا تھا اور ایران پر حملے کی راہ ہموار کی تھی۔

    ایران کا کہنا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانا نہیں چاہتا اورکیونکہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے فتوے کے مطابق جوہری ہتھیاروں کی تیاری ’مذہبی طور پر ممنوع‘ ہے۔

    یورپی یونین اور امریکہ کا مطالبہ ہے کہ ایران جوہری پروگرام کے پرامن ہونے کی یقین دہانی کے لیے بین الاقوامی معائنہ کاروں کا معائنہ کرنے کی اجازت دے۔

    اس وقت آئی اے ای اے کا کوئی بھی معائنہ کار ایران میں موجود نہیں ہے اور ایران کا کہنا ہے کہ اُس پر پابندیوں کے اطلاق کے بعد معائنہ کار ایران کی جوہری تنصیبات کا دورہ نہیں کر سکتے ہیں۔

  11. یوکرین میں روس کے شدید میزائل حملے، بچوں سمیت سات افراد ہلاک

    یوکرین کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں میں کم سے کم سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان ہلاک ہونے والے افراد میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف میں روسی میزائل سے ایک کنڈرگارٹن متاثر ہوا جبکہ دارالحکومت کیئو میں بھی کافی نقصان ہوا ہے۔ زخمیوں میں 27 بچے بھی شامل ہیں۔

    یوکرین کی ایئر فورس کے مطابق روس نے 405 ڈرون اور 28 میزائل حملے کیے جن میں 15 بیلسٹک میزائل تھے۔

    خارکیف میں حکام کا کہنا ہے کہ روس کے ڈرون حملے میں 40 سالہ شخص ہلاک ہوا ہے اور کنڈرگارٹن پر حملے میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں

    اس حملے سے چند گھنٹے قبل امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ صدر پوتن سے اُن کی ملاقات مؤخر ہو گئی ہے کیونکہ وہ ’بے معنی ملاقات‘ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔

    یوکرین کے صدر ولادمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ماسکو جنگ روکنے کے لیے کسی دباؤ میں نہیں آ رہا ہے۔

    یاد رہے کہ کریملن نے صدر ٹرمپ اور یورپی رہنماؤں کی جانب سے تجویر کردہ لڑائی کو موجودہ محاذ پر منجمد کر کے جنگ بندی کرنے کے تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ لڑائی جہاں ہے، اسے وہیں روک دینا چاہیے۔ ’گھر جاؤ۔ لڑائی بند کرو، لوگوں کو مارنا بند کرو۔‘

    روس نے بارہا اس تجویز کی مخالفت کی ہے۔

    منگل کے روز روسی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ماسکو صرف ’دیرپا اور پائیدار امن‘ میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس کے لیے اس تنازع کی اصل وجہ پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔

  12. امریکہ کی روس پر نئی پابندیاں، ’صدر پوتن سے بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا‘: صدر ٹرمپ

    امریکہ نے روس پر نئی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے روس کی دو بڑی آئل کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ان امریکی پابندیوں کا مقصد یوکرین کے ساتھ امن معاہدے کرنے کے لیے روس پر دباؤ ڈالنا ہے۔

    ان پابندیوں کا اعلان ایسے وقت پر ہوا ہے جب گذشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ روس کے صدر پوتن سے ہونے والی ملاقات ملتوی ہو سکتی ہے۔

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’ہر بار میری ولادمیر (پوتن) سے بات چیت بہت اچھی ہوتی ہے اور پھر کچھ ہوتا نہیں ہے۔‘

    صدر ٹرمپ نے نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک ریٹو سے ملاقات کی اور اس ملاقات میں امن مذاکرات کے بارے میں غور کیا گیا۔

    اوول آفس میں بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پوتن پر تنقید کی کہ وہ امن کے لیے سنجیدہ نہیں ہیں اور انھوں نے امید ظاہر کی کہ ان پابندیوں سے انھیں امن کے مجبور کیا جا سکے گا۔

    صدر ٹرمپ نے پابندیوں کو ’زبردست‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھیں اُمید ہے کہ اگر روس جنگ ختم کرنے پر تیار ہو گیا تو انھیں فوری ختم کیا جا سکتا ہے۔

    دوسری جانب بدھ کو روس نے یوکرین کے کئی علاقوں میں شدید بمباری کی جس میں بچوں سمیت کم سے کم سات افراد ہلاک ہوئے۔

    امریکہ کے سیکریٹری خزانہ کا کہنا ہے کہ صدر پوتن کی جانب سے جنگ ختم نہ کرنے کے سبب نئی پابندیاں عائد کرنا ضروری تھیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ آئل کمپنیاں کریملن کی ’جنگی مشینوں‘ کی فنڈنگ کرتی ہیں۔

    سیکریٹری خزانہ سکوٹ بیسنٹ نے کہا کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ ہلاکتوں کو روکا جائے اور فوری جنگ بندی کی جائے۔‘

    امریکہ کی جانب سے یہ اقدام ایسے موقع پر اُٹھایا گیا ہے جب یوکرین میں امن کے لیے روس اور امریکہ کی تجاویز میں فرق کافی واضح ہو گیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ سب سے اہم نکتہ یہی ہے کہ ماسکو نے لڑائی بند کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    روس کی سب سے زیادہ تیل و گیس کی مصنوعات برآمد کرتا ہے اور چین، انڈیا اور ترکی اُس کے بڑے خریدار ہیں۔صدر ٹرمپ نے ان ممالک پر بھی زور دیا ہے کہ وہ روس سے تیل کی خریداری بند کریں تاکہ کریملن معاشی دباؤ بڑھایا جائِے۔

  13. سرحدی کشیدگی کے بعد سرحدیں تاحال بند، پاکستان کی فلائٹس کا کرایہ 500 ڈالر تک پہنچ گیا

    پاکستان اور افغانستان کے مابین حالیہ کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے مابین جنگ بندی کا معاہدہ ہو گیا ہے لیکن سرحد پر آمدورفت کئی روز گزرنے کے بعد بھی مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے۔

    سرحدی بندش کے سبب افغانستان سے پاکستان آنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    سرحد پر آمدورفت بند ہونے کے سبب دونوں ممالک کے مابین کے سفر کرنے والے افراد فضائی روٹس استعمال کر رہے ہیں۔ جس سے ایئر لائز کے ٹکٹ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    افغانستان سے پاکستان آنے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ کابل سے اسلام آباد کا ٹکٹ 500 ڈالر میں فروخت ہو رہا ہے۔

    افغانستان کی آریانا ایئر لائن کے مطابق ٹکٹ کی قیمت 140 ڈالر ہے اور مسافر ٹریول کمپنیوں سے مہنگا ٹکٹ نہ خریدیں۔

    اس وقت افغانستان کی کام ائیر کی ایک فلائٹ روزانہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان چلتی ہے جبکہ آریانا ایئر لائن کی بھی ہفتے میں پانچ دن اسلام آباد اور کابل کے درمیان فلائٹ تھی۔

    مسافروں کے رش کے باوجود دونوں ایئر لائنز نے مزید فلائٹس شروع کرنے کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

    دوسری جانب افغان طالبان کی عبوری حکومت میں نائب وزیرِ ٹرانسپورٹ اور ہوا بازی فتح اللہ منصور نے مقامی ایئر لائنز سے کہا ہے کہ پاکستان کی فلائٹ پر ٹکٹ 140 ڈالر سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔

  14. وزیر اعلی خیبر پختونخوا جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کل یعنی جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے۔ عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔

    اس فہرست میں وزیر اعلی کا نام سرفہرست ہے جبکہ ان کے ساتھ رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان، رکن صوبائی اسمبلی مینا خان، پی ٹی آئی کے رہنما سجاد چیمہ اور رانا فراز نون شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ ابھی تک وزیر اعلی سہیل آفریدی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی ہے۔ سہیل آفریدی نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ عمران خان سے مشاورت کے بعد صوبائی کابینہ کی تشکیل کریں گے۔

  15. اسرائیل غزہ میں اقوام متحدہ کی امداد کی ترسیل یقینی بنانے کا پابند ہے: بین الاقوامی عدالت انصاف

    بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینی شہری آبادی کی بنیادی ضروریات کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ اور اس کے اداروں کے ذریعے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے کا پابند ہے۔

    اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت کی طرف سے ایک مشاورتی رائے میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیل نے اپنے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی ہے کہ اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں (انروا) میں غیرجانبداری کا فقدان ہے یا اس کے ملازمین کی ایک بڑی تعداد حماس یا دیگر مسلح گروپوں کے ارکان ہیں۔ انروا نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔

    اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر نے انروا پر آئی سی جے کی رائے کو ’شرمناک‘ قرار دیا۔ اگرچہ یہ عدالت کی رائے ہے مگر اس رائے کا اخلاقی اور سفارتی وزن بہت زیادہ ہے۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دسمبر میں آئی سی جے سے اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کے تئیں اسرائیل کی قانونی ذمہ داریوں کے بارے میں رائے طلب کی تھی۔

    یہ اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے اسرائیلی سرزمین پر انروا کی کسی بھی سرگرمی اور اسرائیلی حکام سے رابطے پر پابندی کے قوانین کی منظوری کے بعد سامنے آیا ہے۔

    آئی سی جے سے کہا گیا کہ وہ اپنی رائے میں فلسطینی شہریوں کو ضروری سامان کی بلا روک ٹوک ترسیل کی اجازت دینے کے لیے اسرائیل کے فرض کا بھی احاطہ کرے۔

    اسرائیل نے دو سال قبل حماس کے ساتھ جنگ ​​کے آغاز کے بعد غزہ پر اپنی ناکہ بندی سخت کر دی تھی اور اس کے بعد سے 2.1 ملین آبادی کے لیے خوراک اور دیگر امداد کے داخلے پر پابندیاں لگا دیں یا پھر بالکل روک دیں۔

    اس ماہ کے جنگ بندی معاہدے کے نافذ ہونے سے پہلے اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ عالمی ماہرین نے اندازہ لگایا تھا کہ 640,000 سے زیادہ افراد کو خوراک کی عدم تحفظ کی تباہ کن سطح کا سامنا ہے اور غزہ شہر میں ’مکمل طور پر انسانوں کا بنایا ہوا‘ قحط ہے۔

    اسرائیل نے قحط کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے اصرار کیا کہ وہ کافی خوراک کی اجازت دے رہا ہے۔

  16. اسرائیلی صدر کا اسرائیلیوں، فلسطینیوں اور پورے خطے کو امید فراہم کرنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور

    بدھ کو یروشلم میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کے دوران اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے ​​اسرائیلیوں، فلسطینیوں اور پورے خطے کو امید فراہم کرنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    جے ڈی وینس نے امید ظاہر کی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امن منصوبہ چیلنجوں کے باوجود آگے بڑھے گا، استحکام اور امن میں کردار ادا کرے گا۔

    جے ڈی وینس نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ کی پٹی میں جنگ کے خاتمے کے منصوبے کے تحت ایک بین الاقوامی سکیورٹی فورس قائم کی جائے گی، تاکہ اس پٹی میں امن برقرار رہے جب کہ اسرائیل اس سے دستبردار ہو جائے۔

    یروشلم میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ آج اپنی بات چیت کے بعد کیے گئے ریمارکس میں ڈی جے وینس نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے اور کچھ اہم بنیادی انفراسٹرکچر کو فعال کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

    بدھ کو اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی نائب صدر سے ملاقات بھی کی ہے۔

    ملاقات کے دوران نیتن یاہو نے اس بات پر زور دیا کہ ’امریکہ کے ساتھ شراکت داری کی بدولت دنیا میں تبدیلی آنا شروع ہو گئی ہے‘ اور یہ کہ اسرائیل ’حماس کو الگ تھلگ کرنے اور یرغمالیوں کو واپس کرنے‘ میں کامیاب ہوا ہے،۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے پاس اہداف اور انھیں حاصل کرنے کے طریقوں پر معاہدے ہیں اور ہم حماس کو تنہا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔‘

    نیتن یاہو نے کہا کہ وہ ’وہ سب کچھ کر رہے ہیں جو ہونا چاہیے، اور ہماری امریکہ کے ساتھ ایک مضبوط شراکت داری ہے جو ہمارے مفادات کو پورا کرتی ہے اور ایک غیر مستحکم خطے میں استحکام لانے میں مدد کرتی ہے۔‘

    جے ڈی وینس نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد ’غزہ میں امن کے منصوبے کو فروغ دینا‘، ’غزہ کی پٹی کی تعمیر نو میں مثبت کردار ادا کرنے‘ اور اسرائیل کے ساتھ امریکی تعاون کے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اپنے ملک کی خواہش پر زور دینا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ امریکہ نہیں چاہتا کہ اسرائیل ’امریکی سرپرستی میں‘ کام کرے بلکہ اس سے امید ہے کہ وہ ایک سٹریٹجک پارٹنر اور اتحادی بنے۔

    واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جمعرات کو 48 گھنٹے کے دورے پر اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔

  17. حماس کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کی تعمیر نو مشکل ہے مگر ہم اس کے لیے ’بہت پر اُمید ہیں‘: امریکی نائب صدر

    امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ حماس کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کی تعمیر نو مشکل کام ہے مگر وہ اس کے لیے ’بہت پر اُمید ہیں۔‘

    یروشلم میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مشرق وسطیٰ کا چہرہ بدل رہے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے بھی کہا کہ اسرائیل امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنے مؤقف میں لچک کا مظاہرہ کرے گا۔

    جے ڈی وینس نے کہا کہ ’ہم واقعی اسے ابراہام اکارڈ کو آگے بڑھانے کے ایک موقع کے طور پر دیکھتے ہیں۔ میرے خیال میں غزہ معاہدہ ابراہام اکارڈ کو دوبارہ بحال کرنے اور مشرق وسطیٰ میں اتحاد کے لیے ایک ایسے ڈھانچے کی اجازت دینے کا ایک اہم حصہ ہے جو لچکدار اور دیرپا ہو۔

    ان کے مطابق ’یہ امریکہ کے مفاد میں ہے، اور میرے خیال میں یہ اسرائیل کے مفاد میں ہے۔‘

    امریکی نائب صدر نے عرب دنیا کے اتحادیوں کی طرف بھی اشارہ کیا جو ’رضاکارانہ طور پر آگے بڑھے ہیں اور اس سلسلے میں بہت مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔‘

    بنیامین نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ ’جب اسرائیل کی سلامتی کی بات آتی ہے تو ہم وہی کرتے ہیں جو ہمیں کرنا ہے، یہ ہمیشہ سے ہوتا آیا ہے۔ لیکن امریکہ ایک مضبوط اسرائیل میں دلچسپی رکھتا ہے، جیسا کہ آپ نے نائب صدر سے سنا ہے۔ اسرائیل ایک مضبوط امریکہ میں دلچسپی رکھتا ہے۔‘

    ان کے مطابق ’خطے میں امریکہ کے دیگر مفادات ہیں اور ہم ان کو ’ایڈجسٹ‘ کرنے کے لیے لچک دکھا سکتے ہیں۔‘

    امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور داماد جیرڈ کشنر دیگر اعلیٰ امریکی حکام میں شامل ہیں جنھوں نے جے ڈی وینس سے قبل نیتن یاہو کے ساتھ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے اور غزہ کی جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر بات چیت کے لیے اسرائیل کا دورہ کیا۔

    اگرچہ جے ڈی وینس نے حماس کو غیر مسلح کرنے کی آخری تاریخ مقرر کرنے سے انکار کر دیا، لیکن انھوں نے منگل (19 اکتوبر) کو خبردار کیا کہ اگر گروپ تعاون نہیں کرتا ہے تو اسے ’تباہ کر دیا جائے گا۔‘

    ٹرمپ نے اس ماہ کے آغاز پر اپنا 20 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا اور مصر، قطر اور ترکی کی ثالثی سے غزہ میں جنگ بندی کروائی۔

    انھوں نے گذشتہ روز کہا کہ اگر حماس نے اپنا طرز عمل جاری رکھا تو مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے ’بڑے‘ اتحادی حماس کو غیر مسلح کرنے پر مجبور کرنے کے لیے سخت کارروائی کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    یہ ریمارکس غزہ میں اتوار کو ہونے والی جھڑپوں کے بعد سامنے آئے ہیں جس نے حماس اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ جنگ بندی کو ایک بار پھر خطرے میں ڈال دیا۔

    جے ڈی وینس نے گذشتہ روز کہا تھا کہ ترکی جنگ بندی کو اگلے مرحلے تک آگے بڑھانے میں ’تعمیری کردار‘ ادا کرے گا۔

    ملاقات کے دوران نیتن یاہو نے جنگ بندی کی نگرانی کے مشن کے ایک حصے کے طور پر غزہ کی پٹی میں ترک سکیورٹی فورسز کے لیے کسی بھی کردار کی مخالفت کا بھی اشارہ دیا۔

    ترکی اور اسرائیل کے درمیان اس وقت سفارتی تعلقات میں خاصی کشیدگی پائی جاتی ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوغان نے غزہ اور مشرق وسطیٰ کے دیگر حصوں پر اسرائیل کے حملوں پر تنقید کی۔

    ترکی، نیٹو کا ایک رکن جس نے حماس کو ٹرمپ کے منصوبے کو قبول کرنے پر آمادہ کرنے میں مدد کی۔ یہ ملک اب جنگ بندی کے نفاذ کی نگرانی کے لیے بین الاقوامی ٹاسک فورس میں حصہ لے گا، اور ضرورت پڑنے پر اس کی مسلح افواج فوجی یا سویلین صلاحیت میں خدمات انجام دے سکتی ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے آج بدھ 22 اکتوبر کو کہا کہ غزہ صحت کی تباہی کا سامنا کر رہا ہے جو آنے والی نسلوں تک رہے گا۔

    تیدروس ادھانوم غیبریسس نے بی بی سی کو بتایا کہ غزہ کو بھوک، بیماری اور صحت کے تباہ شدہ نظام کے مہلک امتزاج کا سامنا ہے، جسے محدود انسانی امداد کی وجہ سے بدتر بنا دیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ امداد کی تقسیم خطے کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی تعمیر نو کے لیے درکار رقم سے کم ہے۔

    انھوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کو امداد کی فراہمی پر شرائط عائد نہ کرے اور امداد کو بطور ہتھیار استعمال نہ کرے۔

  18. شکارپور کے سرینڈر کرنے والے ’ڈاکوؤں‘ کا ماورائے عدالت قتل نہیں ہوگا، صوبائی وزیر کی یقین دہانی, ریاض سہیل بی بی سی اردرور ڈاٹ کام، کراچی

    سندھ کے شہر شکارپور میں 70 کے قریب مبینہ ڈاکوؤں نے سرینڈر کیا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیالحسن لنجار نے انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کا ماوارائے عدالت قتل نہیں ہوگا اور انھیں عدالتوں میں بے گناہی ثابت کرنا ہو گی۔

    شکارپور میں بدھ کے روز منعقدہ ایک تقریب میں شکارپور اور کشمور میں سرگرم ڈاکوؤں نے سرینڈر کیا۔ صوبائی وزیر ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ سرینڈر کرنے کی پالیسی صدر آصف علی زرداری کا اقدام ہے۔

    انھوں نے سکھر میں ایک اجلاس کیا تھا جس میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکت کی تھی اس میں انھوں نے امن کی بحالی اور ڈاکوؤں کو سرینڈر کرنے کی پیشکش کی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ جو ڈاکو سرینڈر کر رہے ہیں ان کی خاندانوں کو تحفظ حاصل ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ’کچے میں روڈ بنائں گے روزگار فراہم کیا جائے گا۔‘

    انھوں نے کہا کہ بینظیر کارڈ سے لوگوں کی مدد کی جاسکتی ہے اور ہر شہری امن کا خواہ ہے۔

    اس تقریب میں پولیس اور سول انتظامیہ کے علاوہ رینجرز افسران اور مقامی سردار بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کور کمانڈر کراچی کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی تعاون سے یہ ممکن ہوسکا۔

    آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے خطاب میں کہا کہ ان دنوں چالیس سال پہلے والے صورتحال نہیں تھی لیکن شکارپور، سکھر میں مشکلات تھیں یہاں ہزاروں لوگ ہنی ٹریپ ہوئے۔

    انھوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کے پاس جو اسلحہ تھا وہ پولیس کے پاس دستیاب نہیں تھا۔ رسائی کے بھی مسائل تھے۔ موجودہ پالیسی کے تحت اس وقت تک 288 ڈاکوؤں نے سرینڈر کے لیے خود کو رجسٹرڈ کرایا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وہ ایک بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پولیس کرمنلز کو کوئی ’فیور‘ نہیں دے گی انھیں عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سرینڈر کرنے والوں میں اکثریت تیغانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ڈاکوؤں کی ہے۔

    تیغانی کمیونٹی کے سردار کہا کہنا ہے کہ ناحواندہ لوگ ہیں، ہم تعلیم یافتہ نہیں ہیں، امید ہے کہ حکومت نے جو ریلیف دیا ہے اس سے فائدہ پہنچے گا۔

    شکارپور سے رکن قومی اسمبلی شہریار مہر کا کہنا تھا کہ دیکھنا یہ ھو ہوگا کہ کہیں یہ کسی دباؤ میں آکر تو سرینڈر نہیں کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جب تک ان کی بحالی کے پروگرام پر مکمل عمل نہیں ہوتا یہ پروگرام نامکمل رہے گا۔

    پولیس کے مطابق ہتھیار ڈالنے والوں میں سونارو تیغانی کی گرفتاری پر 60 لاکھ، نور حسن جتوئی پر50 لاکھ، سکھو تیغانی پر60 لاکھ، علی گل تیغانی پر 50 لاکھ کا انعام مقرر تھا۔

  19. ریکارڈ گرمی کے بعد پہلی بار آئس لینڈ میں مچھر پائے گئے ’آخری قلعہ بھی ڈھے گیا‘

    شدید سرد ملک آئس لینڈ میں بھی مچھر پہنچ گئے ہیں۔ اس موسم بہار میں ملک میں ریکارڈ توڑ گرمی کا سامنا کرنے کے بعد پہلی بار آئس لینڈ میں مچھر پائے گئے ہیں۔

    مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ کیڑوں کے شوقین بیورن ہیجالٹزن نے گذشتہ ہفتے کئی راتوں میں مچھروں کا سامنا کیا جب وہ کیڑے کا مشاہدہ کرنے کے لیے شراب میں بھیگی ہوئی رسیوں کا استعمال کر رہے تھے۔

    ان کو دو مادہ مچھر اور ایک نر ملا جن کی بعد میں تصدیق ہو گئی کہ یہ ’کولیسٹا انولاتا‘ نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔یہ مچھروں کی ان چند انواع میں سے ایک ہے جو سردیوں میں کامیابی سے زندہ رہ سکتی ہے۔

    آئس لینڈ دریافت سے پہلے دنیا میں مچھروں سے پاک صرف دو پناہ گاہوں میں سے ایک تھا، جس کی وجہ اس کی سرد آب و ہوا ہے۔ صرف دوسرا ریکارڈ شدہ مچھروں سے پاک خطہ ’انٹارکٹیکا‘ ہے۔

    یہ مچھر آئس لینڈ کے دارالحکومت ریکجاوک کے جنوب مغرب میں برفانی وادی ’جُوس‘ میں پائے گئے۔

    آئس لینڈی میڈیا کے مطابق بیورون ہیجالٹز نے مقامی جنگلی حیات کے لیے ایک فیس بک پیج پر حشرات کی تصاویر کے ساتھ اپنی دریافت کی خبر شیئر کی، جس میں بتایا گیا کہ ’ریڈ وائن ربن پر ایک عجیب مکھی‘۔

    انھوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ’میں ابھی بتا سکتا ہوں کہ یہ وہ چیز تھی جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی‘۔

    جس کا سکرین شاٹ اور آئس لینڈ کی ایک نیوز ویب سائٹ نے شیئر کیا ہے، جس پر مزید لکھا تھا کہ ’لگتا ہے کہ آخری قلعہ بھی گر گیا ہے۔

    بیورن ہیجالٹزن نے کیڑوں کو آئس لینڈ کے انسٹی ٹیوٹ آف نیچرل ہسٹری میں شناخت کے لیے بھیجا، جہاں ماہرِ حشریات میتھیاس الفریڈسن نے ان کے شکوک کو درست قرار دیتے ہوئے آئس لینڈ میں مچھروں کی موجودگی کی تصدیق کر دی۔

    میتھیاس الفریڈسن نے سی این این کو بتایا کہ یہ نسلیں یورپ اور شمالی افریقہ کے کچھ حصوں میں عام ہیں لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ یہ مچھر آئس لینڈ تک کیسے پہنچے ہیں۔

    ورلڈ پاپولیشن ریویو نے کہا کہ آئس لینڈ کی سرد آب و ہوا اور ٹھہرے ہوئے پانی کی کمی جس میں حشرات افزائش نسل کر سکتے ہیں۔

    رواں برس ملک نے اپنے بلند درجہ حرارت کے متعدد ریکارڈ توڑ دیے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئس لینڈ میں شاذ و نادر ہی مئی میں 20 درجہ سینٹی گریڈ سے زیادہ گرمی پڑی ہے اور جب ایسا ہوتا ہے تو گرمی کی لہریں دو سے تین دن سے زیادہ نہیں رہتی ہیں۔ رواں برس ملک کے مختلف حصوں میں مسلسل 10 دن تک گرمی 20 درجے سینٹی گریڈ سے زیادہ پڑی۔

    مئی میں آئس لینڈ کا سب سے گرم ترین دن وہ تھا جب درجہ حرارت 26.6 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

    گلوبل ہیٹ ہیلتھ انفارمیشن نیٹ ورک کی طرف سے جون میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس طرح کی تبدیلیوں کے نازک ماحولیاتی نظام پر اہم‘ اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

    گذشتہ سال کو دنیا کے گرم ترین برسوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

    اقوام متحدہ کے آب و ہوا کے ادارے نے ثابت کیا ہے کہ انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے فضا، سمندر اور زمین پر درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔

    میتھیاس الفریڈسن نے مزید کہا کہ موسم بہار میں مزید نگرانی کی ضرورت ہوگی کہ آیا مچھروں کی نسل ’آئس لینڈ میں واقعی قدم جما چکی ہے۔‘

  20. وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیبر پختونخوا کے انکار کے بعد بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان حکومت کے حوالے کرنے کا اعلان

    وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی درخواست پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان حکومت کے حوالے کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت بلٹ پروف گاڑیاں لینے سے انکار کر رہی ہے تو وہ گاڑیاں بلوچستان حکومت کو منتقل کردی جائیں کیونکہ خیبرپختونخوا کی طرح بلوچستان بھی دہشگردی سے متاثر ہے۔

    ضلع نوشکی میں دو پولیس اہلکار ہلاک

    اُدھر بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

    پولیس حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ نوشکی شہر میں مغربی بائی پاس کے علاقے میں پیش آیا۔

    فون پر رابطہ کرنے پر نوشکی پولیس کے ایک اہلکار غلام محمد نے بتایا کہ دونوں اہلکار قیدیوں کی ڈیوٹی کے حوالے سے پولیس لائن جا رہے تھے کہ غریب آباد میں بائی پاس کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر حملہ کردیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ حملے کی وجہ سے دونوں اہلکار زندگی کی بازی ہار گئے۔ ان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کیا گیا۔

    مارے جانے والے اہلکاروں کی شناخت عبدالرازق اور عبیداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    حملہ آور دونوں اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ نوشکی پولیس کے ایس ایچ او ظہیر بلوچ نے بتایا کہ واقعے کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ضلع نوشکی کے ہیڈ کوارٹر نوشکی شہر بلوچستان کے دارالحکومت کو ئٹہ سے مشرق میں اندازاً 135 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس ضلع کی شمال میں سرحد افغانستان کے ساتھ لگتی ہے۔

    بلوچستان میں حالیہ شورش کے آغاز سے نوشکی میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں سمیت سنگین بدامنی کے دیگر واقعات بھی طویل عرصے سے کمی و بیشی کے ساتھ پیش آرہے ہیں۔