جنوبی وزیرستان کے سیشن جج شاکر اللہ مروت کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا: پولیس

خیبر پختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے سیشن جج شاکر اللہ مروت کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کا نوٹس لیا ہے اور آئی جی کو جج کی بحفاظت بازیابی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

خلاصہ

  • خیبر پختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے سیشن جج شاکر اللہ مروت کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے
  • وزیراعظم شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے
  • پاکستانی حکومت کے پاور ڈویژن نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے سولر پینلز پر نیا ٹیکس لگایا جا رہا ہے
  • سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق عدلیہ مکمل طور پر آزاد ہونی چاہیے
  • این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان میں 29 اپریل تک طوفان اور سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے
  • اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ

لائیو کوریج

  1. وزیراعظم شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے

    شہباز شریف

    ،تصویر کا ذریعہAPP

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کےلیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

    خبر رساں ادار ے اے پی پی کے مطابق سنیچر کو ریاض کے رائل ائیر پورٹ پر ریاض ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبد الرحمن بن عبد العزیز نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف 28 اور 29 اپریل کو منعقد ہونے والے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے بارے میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔

    وزیر اعظم اور ان کا وفد تجارت اور سرمایہ کاری کے اقدامات، سرمایہ کاری کے نئے فریم ورک، سپلائی چین کی تنظیم نو، پائیدار ترقی اور توانائی کے منظر نامے سے متعلق مسائل پر ڈبلیو ایم ایف کی بات چیت میں شرکت کریں گے۔

    تقریب کی سائڈ لائن پر وزیراعظم اور ان کا وفد عالمی رہنماؤں جن میں سعودی قیادت، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور تقریب میں شریک دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

  2. بریکنگ, جنوبی وزیرستان کے سیشن جج شاکر اللہ مروت کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا: پولیس

    خیبر پختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے سیشن جج شاکر اللہ مروت کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔

    ضلع ڈی آئی خان کے تھانہ ہتھالہ کی انفارمیشن رپورٹ کے مطابق اطلاعات ہیں کہ یہ واقعہ ڈیرہ ٹانک روڈ پر بھگوال نامی گاؤں کے قریب ہوا۔ شاکر اللہ مروت جنوبی وزیرستان میں تعینات ہیں اور وہ ٹانک سے ڈی آئی خان آ رہے تھے۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کا نوٹس لیا ہے اور آئی جی کو جج کی بحفاظت بازیابی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’جج کو بازیاب کرانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔‘

    نامہ نگار عزیز اللہ بتاتے ہیں کہ شاکر اللہ مروت سیشن جج وزیرستان کے عہدے پر تعینات ہیں لیکن وزیرستان میں سورشُ کی وجہ سے ان کی عدالت ضلع ٹانک میں قائم ہے۔

    یہ واقعہ بنیادی طور پر ضلع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کی سرحد پر پیش آیا ہے۔

    پولیس اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ پولیس ٹیمیں اغوا کاروں کی تلاش میں نکل گئی ہیں۔

    لکی مروت سے مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ سیشن جج شاکراللہ مروت قومی جرگہ کے سپریم کمانڈر اور سابق بیورو کریٹ اختر منیر خان کے رشتہ دار ہیں۔

    مروت قومی جرگہ کے زیر انتظام دو روز پہلے گرینڈ جرگہ منعقد ہوا تھا جس میں ممکنہ فوجی آپریشن کی مخالفت کی گئی تھی۔

    اس جرگے میں قائدین نے کہا تھا کہ لوگوں میں خوف ہے کہ لکی مروت میں ایک بڑے فوجی آپریشن کی تیاری ہو رہی ہے اور لکی مروت کے لوگ اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

  3. کوئٹہ: محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری معطل, محمد کاظم، بی بی سی کوئٹہ

    کوئٹہ کے ایک جوڈیشل مجسٹریٹ نے تحفظِ آئینِ پاکستان تحریک اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کے گرفتاری کے وارنٹ معطل کر دیے ہیں۔

    کوئٹہ پولیس کی جانب سے تھانہ گوالمنڈی میں محمود خان اچکزئی کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا اور ان کی گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کیے گئے تھے۔

    سنیچر کو محمود خان اچکزئی کی وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے کے خلاف بطور احتجاج وکلا نے عدالتوں کی کاروائی کا بائیکاٹ بھی کیا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ مہینے محمود خان اچکزئی کی جانب سے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد پولیس کی ایک بھاری نفری ان کے گھر پہنچی تھی۔

    پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب دعویٰ کیا گیا تھا کہ محمود خان اچکزئی کو ’سیاسی انتقام‘ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ چھاپہ محمود خان اچکزئی کے گھر پر نہیں مارا گیا بلکہ پولیس ان کے گھر کے برابر میں واقع ایک زمین پر سے ناجائز قبضہ چھڑوانے کے لیے گئی تھی۔

    سینچر کو مقدمے کی سماعت کے دوران تفتیشی آفیسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ محمود خان اچکزئی کے اسلام آباد میں ہونے کے باعث وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوسکی۔

    وکلا تنظیموں کی جانب سے محمود خان اچکزئی کے خلاف مقدمے کے اندراج اور وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے خلاف بطور احتجاج عدالتوں کی کاروائی کی بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن اس مقدمے کی سماعت کے دوران وکلا کی بہت بڑی تعداد جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں محمود خان اچکزئی کی پیروی کے لیے پیش ہوئی۔

    بلوچستان بار کونسل کے عہدیدار راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ وکلا بلوچستان بار کونسل، بلوچستان ہائیکورٹ باراور کوئٹہ بار کی جانب سے محمود خان اچکزئی کے خلاف غیر قانونی مقدمے کے اندراج کے خلاف عدالت میں پیش ہوئے۔

    پشتونخوا لائیرز فورم سے تعلق رکھنے والے جہانگیر خان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ وکلا کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا گیا کہ محمود خان اچکزئی چونکہ اس وقت ملک میں حزب اختلاف کی تحریک کی قیادت کررہے ہیں، اس لیے ان کے خلاف انتقامی بنیادوں پر مقدمات قائم کیے جارہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے تفتیشی آفیسر کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد محمود خان اچکزئی کے خلاف جاری وارنٹ گرفتاری کو معطل کردیا اور مقدمے کی سماعت 31 مئی تک ملتوی کر دی۔

    جہانگیر خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر دائر کیا گیا ہے جس کے خاتمے کے لیے دوسرے عدالتی فورمز سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

  4. عاصمہ جہانگیر کانفرنس: جرمن سفیر کے خطاب کے دوران طالب علموں کے غزہ کے حق میں نعرے

    جرمن سفیر، پاکستان، عاصمہ جہانگیر کانفرنس، لاہور، غزہ

    ،تصویر کا ذریعہAGHS Legal Aid Cell, Asma Jahangir's Law Firm - X

    لاہور میں جاری عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے دوران جرمن سفیر کے خطاب کے دوران اس وقت بدنظمی دیکھنے میں آئی جب وہاں موجود طالب علموں نے فلسطین کے حق میں نعرے لگائے اور جرمن حکومت پر الزام لگایا کہ وہ غزہ کے حامی مظاہرین کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جرمن سفیر الفریڈ گراناس کے خطاب کے دوران ایک نوجوان انھیں مخاطب کر کے کہہ رہا ہے کہ: ’ایکسکیوز می مسٹر ایمبیسیڈر، مجھے آپ کی دلیری پر حیرانی ہو رہی ہے کہ آپ یہاں انسانی حقوق کی بات کر رہے ہیں جبکہ آپ کا ملک فلسطینیوں کے حق میں بولنے والوں پر ظلم کر رہا ہے۔‘

    جرمن سفیر نے اس بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ چیخنا چاہتے ہیں تو باہر چلے جائیں، وہاں آپ چیخ سکتے ہیں کیونکہ چیخنا چلّانا کوئی بات چیت کا طریقہ نہیں۔‘

    بائیں ہاتھ کے نظریات رکھنے والی طلبہ تنظیم ’پروگریسو سٹوڈنٹس کلیکٹو‘ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ جرمن سفیر کے خطاب میں خلل ڈالنے والے طالب علم کا تعلق ان کی تنظیم سے ہے۔

    طلبہ تنظیم کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ ان کے کارکنان پر عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے منتظمین کی جانب سے تشدد بھی کیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک اور ویڈیو میں کچھ افراد کو نعرے بازی کرنے والے نوجوانوں کو کانفرنس ہال سے باہر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اب تک اس کانفرنس کے منتظمین نے اس واقعے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

    خیال رہے دو روزہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس کا آج پہلا دن تھا اور اس کانفرنس میں غیر ملکی سفیروں، انسانی حقوق کے کارکنان اور سیاستدانوں سمیت متعدد نمایاں شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔

  5. سولر پینل پر نئے ٹیکس نہیں لگائے جا رہے: پاور ڈویژن

    سولر پینل، پاکستان، ٹیکس

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستانی حکومت کے پاور ڈویژن نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے سولر پینلز پر نیا ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل پاکستانی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ حکومت نے سولر پینلز پر 30 فیصد اضافی ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے شیری رحمان، شرمیلا فاروقی اور فواد چوہدری سمیت متعدد افراد کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

    سنیچر کو پاور ڈویژن نے ’سولر پاور پر فکسڈ ٹیکس‘ لگانے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاور ڈویژن نے حکومت کو ایسی کوئی سمری نہیں بھیجی۔‘

    تاہم پاور ڈویژن سے جاری بیان میں یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ انھیں نیٹ میٹرنگ کے موجودہ نظام کے تحت امیر لوگ ’بے تحاشہ سولر پینل لگا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں گھریلو اور صنعتی صارفین سمیت حکومت کو بھی سبسڈی کی شکل میں 1 روپے 90 پیسے کا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔‘

    پاور ڈویژن کے مطابق موجودہ نظام کے نتیجے میں تقریباً ڈھائی کروڑ غریب صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔

    ’اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو اگلے دو سالوں میں ان ڈھائی سے تین کروڑ غریب صارفین کے بِلوں میں کم از کم 3 روپے 35 پیسے فی یونٹ کا مزید اضافہ ہوجائے گا۔‘

  6. شہباز شریف سعودی عرب روانہ

    شہباز شریف

    ،تصویر کا ذریعہPMO

    وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

  7. ایسا نظام بنانے کی ضرورت ہے جو کسی فرد کے تابع نہ ہو: جسٹس منصور علی شاہ

    پاکستانی سُپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق عدلیہ مکمل طور پر آزاد ہونی چاہیے اور ’ایک ایسا شفاف نظام بنانے کی ضرورت ہے جو کسی فرد کے تابع نہ ہو۔‘

    سنیچر کو لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں 24 لاکھ مقدمات زیرالتوا ہیں اور اگر آرٹیفشل انٹیلی جنس اور ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کیا گیا تو ان مقدمات کو نمٹانے میں ’20 سال لگ جائیں گے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جو جج کارکردگی نہ دکھا سکیں اور انھیں نکالنا ہوگا۔

    جسٹس منصور علی شاہ نے مزید کہا کہ ’یہ کیس اس جج کے پاس لگادو کیونکہ مجھے یہ نتیجہ چاہیے، یہ نہیں ہو سکتا۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ عدالتوں کو ایک شفاف کیس مینجمنٹ سسٹم کی ضرورت ہے تاکہ مقدمات شفاف طریقے سے الاٹ ہو سکیں۔

  8. اسلام آباد میں غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے لیے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد میں امن عامہ کی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس کو غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وفاقی وزیر کا پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریڈ زون سمیت تمام مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سیف سٹی کے نظام کو لاہور سیف سٹی کی طرح جدید تقاضوں سے لیس کرنا ہو گا۔

    وزیرِ داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

  9. عالمی اقتصادی فورم کا اجلاس: وزیرِاعظم شہباز شریف آج سعودی عرب جائیں گے

    وزیراعظم کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور عالمی اقتصادی فورم کے چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب کی جانب سے دی گئی ہے

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وزیرِاعظم شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے آج سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچیں گے۔

    وزیراعظم کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور عالمی اقتصادی فورم کے چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب کی جانب سے دی گئی ہے۔

    عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں اور عالمی اداروں کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

    اس دورے پر وفاقی کابینہ کے اہم اراکین بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

  10. آڈیو لیکس کیس: علی امین گنڈاپور پر فرد جرم 25 مئی تک مؤخر

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیکس کیس میں فرد جرم 25 مئی تک مؤخر کر دی گئی ہے۔

    سنچر کے روز، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اسلام آباد میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالغفور کاکڑ کی عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کے خلاف آباد تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے۔

    پیشی کے موقع پر، علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہورِ الحسن ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ عدالت نے آج فرد جرم عائد کرنی تھی۔

    تاہم، عدالت نے فرد جرم آئندہ تاریخ تک مؤخر کرتے ہوئے سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی۔

  11. پاکستان میں 29 اپریل تک طوفان اور سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے: این ڈی ایم اے

    Rain

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 29 اپریل تک شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات سے محتاط رہنے کا کہا ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر کے مختلف شہروں میں ممکنہ طور پر موسلادھار بارش، اولے اور طوفان کی پیشگوئی ہے جس سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز بارشوں سے انفراسٹرکچر اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، عوام غیر ضروری سفر کرنے اور دریاؤں اور نہروں کو عبور کرنے سے گریز کریں، کچے مکانات کی مرمت کریں اور پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔

  12. نواز شریف سے پارٹی کی قیادت سنبھالنے کی درخواست کر دی گئی ہے: رانا ثنااللہ

    رانا ثنااللہ

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا ثنااللہ نے لاہور میں پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’نواز شریف سے پارٹی کی قیادت دوبارہ سنبھالنے کی درخواست کر دی گئی ہے۔‘

    رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پارٹی نے شہباز شریف اور مریم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ شہباز شریف ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ مریم نواز پنجاب کے عوام کو بھرپور ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت شہباز شریف بطور وزیراعظم مصروف ہیں۔

    ان کے مطابق یہ فیصلہ ہوا ہے کہ پارٹی کو ایک نئے ولولے اور جذبے کے ساتھ آگے لے کر جانا ہے۔

  13. عدم پیشی پر محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری, محمد کاظم، بی بی سی اردو

    محمود خان اچکزئی

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی ایک جوڈیشل مجسٹریٹ نے چیئرمین پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور تحفظ آئین پاکستان تحریک کے سربراہ محمود خان محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے تھانہ گوالمنڈی میں درج کے ایک مقدمے میں محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

    صدارتی امیدوار بننے کے بعد کوئٹہ پولیس نے محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مارا تھا اور وہاں سے ان کے ایک ذاتی محافظ کو گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق یہ چھاپہ محمود خان اچکزئی کے گھر کے قریب سرکاری اراضی پر قبضے کو واگزار کرانے کے لیے مارا گیا تھا لیکن چھاپے کی راہ میں رکاوٹ ڈالی گئی۔

    جس وقت یہ چھاپہ مارا گیا اس وقت محمود خان اچکزئی کوئٹہ میں نہیں بلکہ اسلام آباد میں تھے۔ پولیس کی جانب سے کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے کے خلاف تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت درج مقدمے کا چالان جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کی گئی۔

    عدالت میں پیش نہ ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

  14. کوئٹہ میں شدید بارش میں تحریک انصاف کا احتجاج, محمد کاظم، بی بی سی اردو

    PTI

    پاکستان کے دوسرے شہروں کی طرح بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اور عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنمائوں کی رہائی کے لیے مظاہرہ کیا۔

    شدید بارش کے باوجود کوئٹہ پریس کلب کے باہر ہونے والے مظاہرے میں خواتین بھی شریک تھیں۔ مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ عوام نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو ووٹ دیا لیکن ایک سازش کے تحت عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مینڈیٹ کے برعکس حکومت مسلط کرنے سے ملک کے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید سنگین ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام نے عمران خان اور تحریک انصاف کے قائدین کے خلاف الزامات کو مسترد کرکے انھیں بھرپور ووٹ دیا۔ مظاہرے کے شرکا نے عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

  15. افغان شہریوں کو غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ کے اجرا میں ملزم اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا گرفتار

    افغان شہریوں کو غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ کے اجرا کے معاملے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا کو ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ملزم بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا آفس بلیو ایریا میں تعینات تھا۔

    ملزم کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد میں مقدمہ درج تھا۔ گرفتار ملزم افغان شہریوں کو غیر قانونی طور پر شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث تھے۔

    ملزم نے افغان شہریوں کو 250000 روپے فی کس کے عوض نادرا شناختی کارڈ جاری کیے۔ ملزم کو ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

    سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد کی جانب سے ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ کی گئی۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  16. منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز پاکستان اور اُس کے عوام کی ترقی کے لیے کام کرنے سے نہیں روک سکتے: آرمی چیف

    پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے گرین پاکستان انیشیٹیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز ہماری توجہ پاکستان اور اُس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے سے نہیں روک سکتے۔‘

    آرمی چیف نے کہا کہ ’پاکستان کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے والوں کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔‘

    آرمی چیف نے کہا کہ ’آج کے دور میں معاشی استحکام کے بغیر مکمل خود مختاری کا تصور ممکن نہیں ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے سفر میں کسی قسم کا عدم استحکام برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    اپنے خطاب میں جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، انشاء اللّٰہ عوام کے تعاون اور سپورٹ سے۔ آئیے، ہم سب ملکر منفی قوتوں کو ردّ کریں اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کے سفر پر مرکوز رہیں۔‘

  17. ’اب تک متعدد کمپنیوں نے پی آئی اے کی نجکاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے‘: وفاقی کابینہ کو بریفنگ

    آج وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری برائے نجکاری نے کابینہ کو پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کی حالیہ پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

    وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے دو اپریل کو قومی و بین الاقوامی اخبارات میں اظہارِ دلچسپی کی دعوت کے اشتہارات شائع ہوچکے ہیں جن کی آخری تاریخ 3 مئی ہے اور اب تک متعدد کمپنیوں نے پی آئی اے کی نجکاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

    کابینہ نے پی آئی کی نجکاری میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت جاری کی۔ کابینہ نے سیکریٹری ایوی ایشن سے پاکستان کے ہوائی اڈوں خصوصاً لاہور اور کراچی میں سہولیات کی بہتری کے حالیہ اقدامات پر بریفنگ لی۔

    کابینہ کو بتایا گیا کہ ہوائی اڈوں پر سروس کاؤنٹرز میں اضافہ کیا گیا ہے اور سہولیات کی مزید بہتری پر کام جاری ہے۔

    بلوچستان میں انسداد منشیات کی عدالت کے قیام کی منظوری

    وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون وانصاف کی سفارش پر صوبہ بلوچستان میں انسدادِ منشیات کے مقدمے نمٹانے کے لیے مکران ڈویژن میں ایک اضافی خصوصی عدالت قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس خصوصی عدالت کا دائرہ اختیار ضلع پنجگور، کیچ، گوادر، حب اور لسبیلہ تک ہوگا۔

    کابینہ نے ہدایت کی کہ خصوصی عدالت میں اچھی شہرت کے ججز تعینات کیے جائیں اور استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

    افغان مہاجرین کے کارڈ کی معیاد میں توسیع کی منظوری

    وفاقی کابینہ نے سیفران کی سفارش پر افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈز کی معیاد میں یکم اپریل 2024 سے 30 جون 2024 تک توسیع کرنے کی منظوری دے دی۔

    کابینہ کو بتایا گیا کہ اس توسیع سے پی اور آر کارڈ ہولڈرز پاکستان میں سکولوں، بنک اکاؤنٹس اور دیگر سہولیات کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔

    ان پی او آر کارڈ ہولڈرز کو غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکی باشندوں کو وطن واپس کرنے کے پروگرام کے تیسرے مرحلے میں اپنے وطن واپس بھیجا جائے گا۔ جبکہ بغیر کسی شناختی کاغذات کے پاکستان میں مقیم غیر ملکی باشندوں کو وطن واپس بھجینے کا پہلا مرحلہ جاری ہے۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ شعبہ زراعت میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز سے ڈرون پالیسی کے حوالے سے مشاورت حتمی مراحل میں ہے اور جلد کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ نے انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کے بورڈ کے چار بربنائے عہدہ ممبران کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے18 اپریل 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

  18. چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے دو ہزار پولیس اہلکار بھرتی کریں گے: وزیرِ داخلہ محسن نقوی

    محسن نقوی، اسلام آباد، پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہAPP Screenshot

    پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزارتِ داخلہ اسلام آباد پولیس میں مزید 2 ہزار نئی بھرتیاں کرے گی کیونکہ انھیں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے نفری درکار ہے۔

    جمعے کو اسلام آباد میں پولیس افسران کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’ہم 2 ہزار بھرتیوں کے لیے فوراً وفاقی حکومت کو پروپوزل بھیج رہے ہیں کیونکہ ہمیں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے فورس چاہیے۔‘

    پاکستانی وزیرِ داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی ذمہ داری دارالحکومت میں جرائم کی شرح کو کم کرنا ہے۔ انھوں نے پولیس افسران کو خبردار کیا کہ ’اگر کوئی ایف آئی آر درج نہیں کرے گا، کرائم ریٹ نیچے نہیں لائے گا تو وہ اپنا ذمہ دار خود ہوگا۔ اس پر کوئی معافی نہیں ہے۔‘

    ’یہ نہیں ہو سکتا کہ کوئی میرے پاس آئے اور کہے کہ ہم تین دنوں سے دھکے کھا رہے ہیں اور ہماری ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی۔‘

    اس موقع پر وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اپنے اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے تعلقات پر بھی ایک سوال کے جواب میں تبصرہ کیا اور کہا کہ ’وزیرِاعظم سے میرا تعلق 25 برس کا ہے اور وہ میرے بڑے بھائیوں کی طرح ہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ان وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ایک مضبوط تعلق ہے اور یہ کسی کی خواہش پر خراب نہیں ہوگا۔

  19. اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہو گی: اسلام آباد پولیس

    جمعے کو ایک طرف تحریک انصاف نے احتجاج کی کال دے رکھی ہے تو دوسری طرف ملک کے دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ کی طرف سے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اس وقت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذالعمل ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ راستوں کو بند کرنے اور معمولاتِ زندگی میں رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    ترجمان پولیس کے مطابق قانون سب کے لیے برابر ہے اور خلاف ورزی پر حرکت میں آئے گا۔

    واضح رہے کہ جمعے کے دن تحریک انصاف نے احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔