امریکہ میں شٹ ڈاؤن نیو یارک میں میئر کے انتخاب میں شکست کی بڑی وجہ، ڈیموکریٹس اقتدار میں آئے تو ’بہت خراب صورتحال‘ ہو گی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹرز کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ اگر ڈیموکریٹس اقتدار میں آتے ہیں تو ’یہ بہت خراب صورتحال ہو گی۔‘ واضح رہے کہ امریکی شہر نیویارک میں میئر کے انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی پہلے مسلمان میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ان کی جیت کو ریپبلکن صدر ٹرمپ کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے

خلاصہ

  • ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی نیو یارک کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہو گئے
  • صدر آصف علی زرداری نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو پاکستان اور قطر کے درمیان دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی پیشکش کی ہے
  • فلپائن میں سمندری طوفان سے 66 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ
  • امریکہ میں کارگو طیارے کو حادثہ، سات افراد ہلاک
  • واشنگٹن نے غزہ میں بین الاقوامی فورس بنانے کے لیے کوششیں شروع کر دیں

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے!

    بی بی سی اردو کی لائیو پیج کوریج جاری ہے تاہم یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔

    چھ نومبر کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

  2. اسحاق ڈار کا امیر متقی کے چھ مرتبہ فون کال کرنے کا بیان ’حقائق کے منافی‘ ہے: افغان وزارت خارجہ

    افغانستان کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر حافظ ضیا احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے اپنے افغان ہم منصب امیر خان متقی کے حوالے سے دیے گئے حالیہ بیانات حقائق کے برعکس ہیں۔

    حافظ ضیا احمد نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’پاکستان کے وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا تھا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی نے ان سے ایک دن میں چھ بار رابطہ کیا، ان کا یہ بیان غلط اور غیر حقیقی ہے۔‘

    یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منگل کے روز ایوان بالا سے خطاب میں کہا تھا کہ ’ہمارے مسائل ہیں 2012 سے بھی زیادہ بڑھ گئے ہیں، مجھے متقی صاحب کی کُل چھ مرتبہ کال آئی، میں نے کہا ہمیں آپ سے صرف ایک چیز چاہئے کہ آپ کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو۔‘

    بدھ کے روز اسحاق ڈار کے اس بیان کے جواب میں افغانستان کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر حافظ ضیا نے دعویٰ کیا کہ درحقیقت دونوں فریقوں کے درمیان پہلا ٹیلیفون رابطہ باہمی افہام و تفہیم اور ہم آہنگی کے مقصد سے ہوا تھا۔

    انھوں نے لکھا کہ ’اسلامی جمہوریہ کی وزارت خارجہ اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ریاستوں کے درمیان تعلقات کی بنیاد باہمی احترام اور حقائق پر مبنی روابط ہیں۔ لہٰذا ایسے غلط بیانات دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور سفارتی طرز عمل کی روح کے خلاف ہیں۔‘

    انھوں نے لکھا کہ ’امارت اسلامیہ نے ہمیشہ پڑوسی ممالک کے ساتھ احترام، افہام و تفہیم اور تعمیری تعاون کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے کی کوشش کی ہے۔ افغانستان امید کرتا ہے کہ پاکستانی حکومت کے اعلیٰ حکام اپنے سرکاری بیانات دیتے وقت حقائق کو درست طریقے سے پیش کرنے پر خصوصی توجہ دیں گے۔‘

  3. امریکہ میں شٹ ڈاؤن میئر کے انتخاب میں شکست کی بڑی وجہ، ڈیموکریٹس اقتدار میں آئے ہیں تو ’بہت خراب صورتحال‘ ہو گی: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہWhite house

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹرز کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ اگر ڈیموکریٹس اقتدار میں آتے ہیں تو ’یہ بہت خراب صورتحال ہو گی۔‘

    ٹرمپ کے مطابق میئر کا انتخاب جمہوری تھا تاہم یہ ریپبلکنز کے لیے یہ قطعاً اچھا نہیں رہا۔

    واضح رہے کہ امریکی شہر نیویارک میں میئر کے انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی پہلے مسلمان میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ 34 سالہ زہران ممدانی کی جیت کو ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے جن کی دوسری مدت صدارت کے آغاز سے اب تک یہ سب سے اہم انتخاب ہیں۔

    اپنی گفتگو میں صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کو حکومتی شٹ ڈاؤن کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ امریکہ میں شٹ ڈاؤن میئر کے انتخابات میں شکست کی بڑی وجہ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر کو شروع ہونے والا شٹ ڈاؤن امریکی تاریخ کا سب سے طویل ترین شٹ ڈاؤن ہے۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سینیٹ میں ’قدامت پسند ڈیموکریٹ‘ اراکین نے حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرنے میں ’صفر دلچسپی‘ ظاہر کی ہے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم اس وقت طویل ترین شٹ ڈاؤن کا سامنا کررہے ہیں ہم امید کرتے ہیں کہ یہ جلد ختم ہو جائے گا۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ اب ہم ایسی قانون سازی کرنے جارہے ہیں جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئی۔

  4. پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی، انڈیکس میں 1700 پوائنٹس سے زائد کی کمی, تنویر ملک ، صحافی

    روپے کی قدر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا۔ مارکیٹ میں حصص کی فروخت کے رجحان کی وجہ سے انڈیکس میں 1703 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انڈیکس 159578 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روزبھی انڈیکس میں 1563 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ انڈیکس میں دو دنوں میں ہونے والی کمی مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے اور سوموار کے روز ہونے والی تیزی کے بعد ہوئی۔

    مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں کمی کی وجہ مارکیٹ میں پرافٹ سیلنگ کی وجہ سے ہوئی کیونکہ انڈیکس میں کافی اضافہ ہو گیا تھا جس کے بعد منافع سمیٹنے کے لیے سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کی جا رہی ہے۔

    تجزیہ کار شہر یار بٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ مارکیٹ میں کمی کی دو وجوہات ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایک تو مارکیٹ میں اضافہ ہو ا تھا جس کے بعد منافع کمانے کے لیے حصص کی فروخت ہونا تھی۔

    شہر یار بٹ نے کہا کہ میوچل فنڈز اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت ہوئی ہے۔

    ان کے مطابق ’اس کے ساتھ معاشی میدان میں کوئی ایسی مثبت خبر بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی آئے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے تجارتی خسارے میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے روپیہ دباؤ کا شکار ہے۔

  5. صدر زرداری کی قطر کے امیر سے ملاقات

    ،تصویر کا ذریعہ@PresOfPakistan

    صدر آصف علی زرداری نے دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی پیشکش کی ہے۔

    صدر آصف علی زرداری نے امیرِ قطر کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی جسے قبول کرتے ہوئے قطر کے امیر نے آئندہ سال کے آغاز میں پاکستان کے دورے کا اعلان کیا۔

    یاد رہے کہ صدر آصف علی زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر قطر میں موجود ہیں۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی پیشکش پر قطر کے امیر نے مثبت ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ حکام کو پاکستان کے ساتھ فوری طور پر بات چیت شروع کرنے کی ہدایت کریں گے۔

    امیرِ قطر نے پاکستان اور سعودی عرب کے حالیہ دفاعی معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوش آئند اور بروقت اقدام ہے جو پہلے لیا جانا چاہیے تھا۔

    اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے زراعت اورتحفظِ خوراک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز بھی دی۔

    دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ صدر زرداری نے مذاکرات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سفارت کاری کے مرکز کے طور پر قطر کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار کی تعریف کی اور غزہ کے لوگوں کے لیے جنگ بندی اور انسانی امداد کی حمایت کرنے پر قطر کے امیر کو خراج تحسین پیش کیا۔

  6. کیا زہران ممدانی امریکی صدر کے لیے انتخاب لڑ سکتے ہیں؟

    زہران ممدانی کی انتخابی مہم کا موازنہ باراک اوباما کے پہلے سیاہ فام امریکی صدر بننے کی تاریخی دوڑ سے کیا جاتا ہے تاہم کیا ممدانی ان کے نقش قدم پر وائٹ ہاؤس تک بھی جا سکتے ہیں؟ اس کا جواب ’نہیں‘ میں ہے۔

    زہران ممدانی 2018 میں امریکی شہری بن گئے تھے تاہم وہ اپنی پیدائش سے امریکی شہری نہیں رہے جو موجودہ قانون کے تحت کسی شخص کےلیے صدر یا نائب صدر بننے کے لیے ضروری ہے۔

    مممدانی 1991 میں یوگنڈا میں پیدا ہوئے اور ان کے والدین انڈیا سے تعلق رکھتے تھے جن میں سے کوئی بھی اس وقت امریکی شہری نہیں تھا اور جب وہ سات سال کے تھے تب وہ امریکہ منتقل ہوئے تھے۔

  7. زیران ممدانی کی جیت کی دھوم انڈیا میڈیا کی شہہ شرخیوں میں, گیتا پانڈے، بی بی سی نیوز

    زہران ممدانی

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    جب ہم نے پہلی بار زہران ممدانی کے بارے میں انڈیا میں سنا تو ان کا تعارف انڈین نژاد امریکی فلمساز میرا نائر کے بیٹے کے طور پر کروایا گیا تھا۔ لیکن اب ایسے جملوں میں تبدیلی آئی ہے اور میرا نائر کا تعارف بطور ممدانی کی والدہ کروایا جا رہا ہے۔

    ممدانی کی انتخابی مہم کو انڈیا میں قریب سے دیکھا گیا ہے اور ان کی جیت ان کے انڈیا کے ساتھ تعلق کی وجہ سے یہاں سرخیوں میں ہے اور بدھ کی صبح سے انڈیا کے ساتھ ممدانی کے تعلق کو شہہ سرخیوں میں پیش کیا جا رہا ہے۔

    ان کی جیت کی تقریرکو ’آزاد انڈیا‘ کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کی تاریخی تقریر سے جوڑا جا رہا ہے اور پھر جب آخر میں وہ سٹیج سے اتر رہے تھے تب پس منظر میں بالی ووڈ کی مقبول دھن ’دھوم مچا لے‘ گونجتی رہی۔

    یہ مشہور بالی ووڈ گانا ایک ایسی مہم کے لیے موزوں سمجھا گیا جب امریکی سیاسی منظر نامے میں ممدانی کی نیویارک سے فتح کی گونج انڈیا بھر میں سنی جا سکتی ہے۔

  8. راما دواجی: نیویارک کے پہلے مسلمان میئر زہران ممدانی کی بیوی کون ہیں؟

    زہران ممدانی راما دواجی

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    نیویارک شہر کے نو منتخب میئر زہران ممدانی کے ساتھ ساتھ ان کی بیوی راما دواجی بھی اب سپاٹ لائٹ میں ہیں۔

    28 سالہ شامی نژاد امریکی راما دواجی ایک فنکار اور اینیمیٹر ہیں۔ وہ اپنے کام کے ذریعے اکثر مشرقِ وسطیٰ کے مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

    رواں سال مئی کے مہینے میں ممدانی نے ایک پوسٹ میں لکھا، ’راما صرف میری بیوی نہیں؛ وہ ایک بہترین فنکار بھی ہیں جنھیں اپنے بل پر پہچانے جانے کا حق ہے۔‘ انھوں نے اس ہی پوسٹ میں اعلان کیا کہ تین ماہ قبل ان کی راما سے شادی ہوئی ہے۔

    ممدانی اور راما کی ملاقات ڈیٹنگ ایپ ہنج (Hinge) پر ہوئی تھی۔ جون میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ممدانی نے کہا کہ ’اس کا مطلب یہ ہے کہ ان ڈیٹنگ ایپس سے اب بھی امید لگائی جا سکتی ہے۔‘

    نیویارک کے میئر کے الیکشن میں جیت کے بعد تقریر کرتے ہوئے انھوں نے اپنی اہلیہ راما کو حیاتی کہہ کر پکارا۔عربی زبان میں حیاتی کے معنی میری زندگی کے ہوتے ہیں۔

    ممدانی نے کہا کہ آپ کے سوا ایسا کوئی نہیں جسے میں اس لمحے اور ہر لمحے میں اپنے ساتھ دیکھنا چاہتا ہوں۔

  9. عدالتی احکامات کے باوجود عمرے پر جانے سے روک دیا گیا: شیخ رشید

    شیخ رشید

    ،تصویر کا ذریعہx/ShkhRasheed

    سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود انھیں بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔

    شیخ رشید کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انھیں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روک دیا گیا۔

    سابق وزیر کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ جسٹس صداقت علی خان نے انھیں عمرے پر جانے کی اجازت دی تھی اور عدالتی احکامات کی کاپی بھی متعلقہ اداروں کو بھیجی گئی تھی۔

    ان کا کہنا ہے کہ عدالت نے واضح ہدایات دی تھیں کہ کوئی شکایت نہ ہو۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ایئر پورٹ پہنچا تو عمرے پر جانے سے روک دیا، کہا گیا آپ نہیں جا سکتے۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ توہین عدالت کے لیے جسٹس صداقت علی خان کی عدالت میں جائیں گے۔

  10. فلپائن میں سمندری طوفان سے 66 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ

    سمندری طوفان کلمیگی

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    فلپائن میں حکام کا کہنا ہے کہ اس سال آنے والے اب تک کے سب سے طاقتور طوفان کے نتیجے میں کم از کم 66 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ لاکھوں افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    سمندری طوفان کلمیگی کے نتیجے میں فلپائن کے سے زیادہ آبادی والے جزیرے سیبو کے تمام قصبوں میں سیلاب آیا ہے۔ اس جزیرے پر سب سے زیادہ، 49، اموات ہوئی ہیں۔

    سول ڈیفنس کے ایک اہلکار نے بدھ کو ایک ریڈیو انٹرویو میں بتایا ہے 26 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

    فلپائن سے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ عمارتوں کی چھتوں پر پناہ لیے ہوئے ہیں، جبکہ گاڑیاں اور شپنگ کنٹینرز سڑکوں پر بہہ رہے ہیں۔

    مرنے والوں میں فوجی ہیلی کاپٹر کے عملے کے چھ ارکان بھی شامل ہیں جو منگل کے روز سیبو کے جنوب میں واقع منڈاناؤ جزیرے پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس ہیلی کاپٹر کو امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے وہاں تعینات کیا گیا تھا۔

  11. امریکہ میں کارگو طیارے کو حادثہ، سات افراد ہلاک

    لوئی ول ایئر پورٹ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    امریکہ کی ریاست کینٹکی کے گورنر کا کہنا ہے کہ لوئی ول کے ایئرپورٹ سے اڑان بھرتے ہوئے کوریئر کمپنی یو پی ایس کا کارگو طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق، طیارہ لوئی ول کے محمد علی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھر رہا تھا جب حادثہ پیش آیا۔ اس واقعے میں 11 دیگر افراد بھی زخمی ہیں۔

    کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیئر کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں طیارے کے عملے کے تین افراد کے شامل ہونے کا امکان ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جس نے بھی حادثے کی تصاویر اور ویڈیو دیکھی ہے وہ جانتا ہے کہ یہ حادثہ کتنا خوفناک تھا۔

    حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    یو پی ایس کی پرواز 2976 ہونولولو، ہوائی کے لیے 38,000 گیلن (144,000 لیٹر) ایندھن لے کر روانہ ہوئی تھی جب یہ لوئی ول میں رن وے سے پھسل کر قریبی عمارتوں سے جا ٹکرائی۔ طیارہ کے گرنے کے بعد آسمان پر سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔

    دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس نے کم از کم دو قریبی کاروباروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جن میں ایک پٹرولیم ری سائیکلنگ کمپنی بھی شامل ہے۔

    مزید ممکنہ دھماکوں اور فضائی آلودگی کے خدشات کے پیش نظر ابتدائی طور پر ہوائی اڈے کے پانچ میل کے اطراف میں مقیم لوگوں کو پناہ گاہوں میں جانے کا حکم جاری کیا گیا تھا لیکن بعد میں اس حد کو کم کر کے ایک میل کر دیا گیا۔

    لوئی ول ایئرپورٹ
  12. ممدانی کا ٹرمپ کو پیغام: ’ہم میں سے کسی ایک تک پہنچنے کے لیے آپ کو ہم سب سے ہو کر گزرنا پڑے گا‘

    ٹرمپ ممدانی

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    اپنی تقریر کے دوران بیشتر وقت زہران ممدانی کی توجہ نیویارک کے شہر کے لیے اپنے وژن پر ہی مرکوز رہی لیکن پھر ان کے سب سے بڑے ناقد کا ذکر آ گیا۔

    ’ڈونلڈ ٹرمپ، مجھے پتا ہے کہ آپ دیکھ رہے ہیں، آپ کے لیے چار الفاظ ہیں: وولیوم اونچا کر لیں۔‘

    اس کے ساتھ ہی ان کے اشارے پر وہاں تقریر سننے کے لیے جمع ہوئے لوگوں نے ایک ساتھ زوردار آواز نکالی۔

    ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے ممدانی نے کہا: ’ہم میں سے کسی ایک تک پہنچنے کے لیے آپ کو ہم سب سے ہو کر گزرنا پڑے گا۔‘

    جب ممدانی ٹرمپ کے بارے میں بات کر رہے تھے اس ہی وقت امریکی صدر نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا: ’۔۔۔۔۔ اور یہ شروع ہو گیا۔‘

  13. نیویارک والوں نے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا ہے: زہران ممدانی

    زہران ممدانی

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    نیویارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرے دوستو، ہم نے ایک سیاسی خاندان کو شکست دے دی ہے۔‘

    انھوں نے اپنے مخالف اینڈریو کوومو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ: ’میں اینڈریو کوومو کے لیے ان کی نجی زندگی میں صرف بہترین کا خواہشمند ہوں۔‘

    ’لیکن آج رات آخری دفعہ ہو گا جب میں ان کا نام لے رہا ہوں۔‘

    ممدانی کا کہنا ہے کہ ووٹرز نے انھیں ’تبدیلی کے لیے مینڈیٹ‘ دیا ہے اور ایک ایسا شہر بنانے کے لیے جہاں ہم سب اپنا گزارا کر سکیں۔

    ممدانی نے نیویارک کے ان تمام متنوع ووٹنگ گروپوں کے بارے میں بات کی جنھوں نے ان کی مہم کو کامیاب بنانے میں مدد کی، جن میں ’یمنی بوڈیگا مالکان‘ اور "سینیگالی ٹیکسی ڈرائیورز‘ سے لے کر ازبک نرسیں اور ایتھوپیا کی ’آنٹیاں‘ شامل ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نے واضح الفاظوں میں بتا دیا ہے کہ امید اب بھی زندہ ہے۔

    ممدانی کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک ایسا دور ہو گا جس میں نیویارک کے لوگ اپنے لیڈروں سے جرات مندانہ وژن کی توقع کریں گے۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ آج کی جیت ان ایک لاکھ سے زائد رضاکاروں کی جیت ہے ’جنھوں نے اس مہم کو ایک نہ رکنے والی قوت میں تبدیل کر دیا۔‘

  14. اینڈریو کوومو اور کرٹس سلیوا کی ممدانی کو نیویارک میئر بننے پر مبارکباد: ’وہ اچھا کام کریں گے تو یہ ہم سب کے لیے بھی اچھا ہو گا‘

    سابق گورنر اینڈریو کوومو اور ریپبلکن امیدوار کرٹس سلیوا نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی کو نیو یارک کا الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    سابق گورنر اینڈریو کوومو اور ریپبلکن امیدوار کرٹس سلیوا نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی کو نیویارک کا الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

    اینڈریو کوومو جو کہ نیویارک کے میئر بھی رہ چکے ہیں نے ممدانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ شہری حکومت کی ہر طرح سے مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    مامدانی کے ریپبلکن حریف کرٹس سلیوا نے نیویارک کے میئر کی دوڑ میں اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے منگل کی رات اپنے حامیوں کے ایک گروپ کو بتایا، ’ایک میئر منتخب ہو چکا ہے۔‘

    ’ظاہر ہے میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کروں گا کیونکہ اگر وہ اچھا کام کریں گے تو یہ ہم سب کے لیے بھی اچھا ہو گا۔‘

  15. اوباما کی ڈیموکریٹک امیدواروں کو مبارکباد: ’اب مستقبل تھوڑا سا روشن نظر آ رہا ہے‘

    متعدد میڈیا ہاؤسز کی جانب سے زہران ممدانی کے نیویارک شہر کے میئر منتخب ہونے کی خبر کے بعد سابق امریکی صدر براک اوباما نے ’آج رات جیتنے والے تمام ڈیموکریٹک امیدواروں‘ کو مبارکباد دی ہے۔

    اوباما نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا، ’یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب بھی ہم کسی مضبوط، مستقبل کی جانب دیکھنے والے رہنماؤں کے ارد گرد اکٹھے ہوتے ہیں جو لوگوں کے مسائل کا خیال رکھتے ہیں، تو ہم جیت سکتے ہیں۔‘

    ’ہمیں ابھی بھی کافی کام کرنا ہے، لیکن اب مستقبل تھوڑا سا روشن نظر آ رہا ہے۔‘

  16. ’زہران ممدانی نے ڈیموکریٹک اسٹیبلشمنٹ کو مات دے دی‘, انتھونی زرچر، بی بی سی کے نامہ نگار برائے شمالی امریکہ

    ممدانی

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    نیو یارک سٹی کے نومنتخب میئر زہران ممدانی کئی حوالوں سے قابل ذکر ہیں۔ وہ 1892 کے بعد شہر کے میئر بننے والے سب سے کم عمر شخص ہوں گے۔ اس کے علاوہ وہ نیو یارک کے پہلے مسلمان میئر کے ساتھ ساتھ افریقہ میں پیدا ہونے والے شہر کے پہلے میئر ہوں گے۔

    صرف یہی باتیں ان کی سابق گورنر اینڈریو کوومو اور ریپبلکن امیدوار کرٹس سلیوا کے خلاف ان کی فتح کو قابل ذکر بناتی ہیں۔ لیکن اس سے بڑھ کر، ممدانی اس قسم کی سیاست کی نمائندگی کرتے ہیں جس کی پارٹی میں موجود بائیں بازو کے بہت سے لوگ برسوں سے منتظر تھے۔

    وہ نوجوان اور کرشماتی شخصیت کے مالک ہیں۔ وہ اپنی نسل کے باعث ڈیموکریٹک پارٹی کو مختلف نسلوں میں حاصل حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔ وہ کسی بھی سیاسی لڑائی سے پیچھے نہیں ہٹے اور بڑے فخر کے ساتھ اپنے بائیں بازو کے خیالات کا دفاع کرتے ہیں۔

    انھوں نے دکھایا ہے کہ وہ ان بنیادی معاشی مسائل پر توجہ مرکوز کر نے کی صلاحیت رکھتے ہیں جو ان محنت کش طبقے کے ووٹرز کی ترجیح رہی ہے جو حال ہی میں ڈیموکریٹک پارٹی سے دور ہو رپے تھے۔

    نیو یارک کے ایک سابق گورنر کوومو جو کہ خود ایک گورنر کے بیٹے ہیں کو شکست دے کر انھوں نے ڈیموکریٹک اسٹیبلشمنٹ کو مات دی ہے جس کے بارے میں بائیں بازو کے بہت سے افراد کا خیال ہے کہ وہ اپنی پارٹی اور لوگوں سے دور ہو چکے ہے۔

  17. ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی نیو یارک کے میئر بننے کی راہ پر

    ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی نیو یارک کے میئر کا الیکشن جیتنے کی راہ پر

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر سی بی ایس کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی نیو یارک کے میئر کا الیکشن جیتنے کی راہ پر ہیں۔

    34 سالہ ممدانی 100 سال سے بھی زائد عرصے میں شہر کے سب سے کم عمر میئر ہوں گے۔ وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے مسلمان اور جنوبی ایشیائی شخص ہوں گے۔

    اس سے قبل نیو یارک سٹی بورڈ آف الیکشنز نے ایکس اکاؤنٹ پر جاری ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ اس دفعہ الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ پانچ دہائیوں میں سب سے زیادہ عرصے رہا ہے۔

  18. واشنگٹن نے غزہ میں بین الاقوامی فورس بنانے کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں

    USA

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ امریکہ نے پیر کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے متعدد ارکان میں ایک مسودہ قرارداد تقسیم کیا جس میں غزہ کی پٹی میں ایک بین الاقوامی فورس کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس کا مینڈیٹ دو سال تھا۔

    یہ منصوبہ، جسے سفارت کاروں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ’حساس‘ قرار دیا ہے، جنگ کے بعد اس شعبے کے مستقبل کے انتظام اور سلامتی کے بارے میں اہم بات چیت کا رستہ ہموار کرتا ہے۔

    امریکی قرارداد کے مسودے میں کیا شامل ہے؟

    سفارتی اور پریس ذرائع کے مطابق جنھوں نے اس مسودے کو دیکھا ہے، واشنگٹن ایک ایسی فورس بنانے کی کوشش کر رہا ہے جسے ’انٹرنیشنل سکیورٹی فورس‘ (آئی ایس ایف) کہا جاتا ہے، جو ایک ایگزیکٹو فورس ہو گی نہ کہ امن فوج، اور اس میں کئی ممالک کی افواج شامل ہوں گی۔

    اس فورس کا مقصد اسرائیل اور مصر کے ساتھ غزہ کی سرحدوں کو محفوظ بنانا، شہریوں اور انسانی راہداریوں کی حفاظت، نئی فلسطینی پولیس فورس کو تربیت دینا، نیز مسلح دھڑوں کو غیر مسلح کرنا اور ان کے فوجی ڈھانچے کی تعمیر نو کو روکنا ہے۔

    مجوزہ بین الاقوامی فورس کی قیادت کون کرے گا؟

    غزہ

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    مسودہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پہلے مرحلے میں امریکہ کا اہم کردار ہو گا، دوسرے ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے آپریشنز کا انتظام کیا جائے گا۔

    اقوام متحدہ کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ بعض رکن ممالک کا خیال ہے کہ براہ راست امریکی قیادت تحفظات کا اظہار کر سکتی ہے، خاص طور پر اسلامی ممالک کے درمیان جو فوجیوں کی ممکنہ تعیناتی پر جاری مشاورت میں شامل ہیں۔

    منصوبے میں مذکور ’امن کونسل‘ سے کیا مراد ہے؟

    مسودہ قرارداد میں ایک سویلین باڈی کے قیام کی شرط رکھی گئی ہے جسے ’امن کونسل‘ کہا جاتا ہے، جو غزہ سے تعلق رکھنے والی فلسطینی ٹیکنو کریٹک شخصیات کی ایک کمیٹی کے تعاون سے اس شعبے میں سول امور کے انتظام کی نگرانی کرے گی۔

    مسودے کے مطابق کونسل کو 2027 کے آخر تک یا فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے مطلوبہ اصلاحات کے نفاذ کے بعد مکمل ذمہ داری سنبھالنے تک بین الاقوامی قوت اور منتقلی کے مرحلے کی نگرانی کا کام سونپا جائے گا۔

    کیا غزہ میں افواج کی تعیناتی کے لیے کوئی عارضی تاریخ مقرر کی گئی ہے؟

    بی بی سی سے بات کرنے والے ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ اگلے چند ہفتوں میں اس منصوبے پر ووٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، جس میں اگلے جنوری سے پہلی یونٹس کی تعیناتی شروع ہو جائے گی، بشرطیکہ حتمی ورژن پر اتفاق ہو جائے اور مستقل رکن ممالک میں سے کوئی بھی اپنا ویٹو پاور استعمال نہ کرے۔

  19. پاکستان میں سونے کی قیمت میں 3500 روپے فی تولہ کمی, تنویر ملک، صحافی

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان میں منگل کے روز سونے کی قیمت میں 3500 روپے فی تولہ کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ یہ کمی عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمت میں کمی کے بعد پاکستان میں میں کم ہوئی ہے۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی قیمت اس حالیہ کمی کے بعد 4,20,362 روپے فی تولہ تک پہنچ گئی۔ اسی طرح 10 گرام سونا 3,001 روپے کمی کے بعد 3,60,392 روپے کا ہوگیا۔

    بین الاقوامی منڈی میں سونے کی قیمت 35 ڈالر کمی کے ساتھ 3,980 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

    مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کو بین الاقوامی ریٹس کے مقابلے میں 20 ڈالر کے پریمیم کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جاتا ہے۔

    اسی طرح چاندی کی قیمت بھی 130 روپے کمی کے بعد 5,022 روپے فی تولہ ہوگئی۔ 10 گرام چاندی کی قیمت 112 روپے کمی کے بعد 4,305 روپے تک پہنچ گئی۔

  20. نیویارک سٹی میں انتخابی عمل کا آغاز

    EPA/Shutterstock

    ،تصویر کا ذریعہEPA/Shutterstock

    امریکہ میں آج انتخابات کا دن ہے۔ نیویارک، ورجینیا اور نیو جرسی میں پولنگ مراکز کھل چکے ہیں جبکہ کیلیفورنیا میں پولنگ سینٹرز کچھ دیر بعد کھلیں گے۔

    نیویارک سٹی اپنا اگلا میئر منتخب کرے گی جہاں ایک کم عمر ترقی پسند ڈیموکریٹ کا مقابلہ پارٹی کے پرانے تجربہ کار رہنما سے ہو رہا ہے۔

    ورجینیا اور نیو جرسی کی ریاستیں نئے گورنر منتخب کریں گی اور ان انتخابات کے نتائج اگلے سال کے کانگریسی وسط مدتی انتخابات کے لیے ایک اشارہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

    کیلیفورنیا کے عوام یہ بھی فیصلہ کریں گے کہ آیا وہ اپنے امریکی ایوانِ نمائندگان کے اضلاع کے نقشے کو دوبارہ ترتیب دیں، جو کہ ایک غیر معمولی وسط مدتی ’ری ڈسٹرکٹنگ‘ ہوگی۔ ڈیموکریٹس یہ قدم اس لیے اٹھا رہے ہیں تاکہ ریپبلکن پارٹی کی ان کوششوں کا مقابلہ کیا جا سکے جن کے ذریعے وہ اگلے سال کے وسط مدتی انتخابات میں اپنے لیے برتری حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔