میں اور نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی دھمکی کو ایک ہی نگاہ سے دیکھتے ہیں: بنیامن نتن یاہو

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ اور ڈونلڈ ٹرمپ ’ایرانی دھمکی ‘ اور ’اس سے پیدا ہونے والے خطرے‘ کو یکساں اہمیت دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں نے ’گزشتہ چند دنوں میں‘ تین بار بات چیت کی ہے۔

خلاصہ

  • وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نومبر یعنی رواں ماہ احتجاج کی کال دیں گے
  • صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں آج صبح ریلوے سٹیشن پر ہونے والے ایک دھماکے میں حملہ آور سمیت 25 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوئے ہیں
  • امریکی حکومت نے ایک افغان شہری پر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے سے قبل ان کے قتل کی مبینہ ایرانی سازش تیار کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں
  • پاکستان کے صوبہ پنجاب کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کچے کے علاقے میں رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں لُنڈ گینگ کا سرغنہ ڈاکو شاہد لُنڈ ہلاک ہو گیا ہے

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ اب مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا!

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے تاہم یہ صفحہ اب مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں کے لیے اس لنک پر کلک کیجیے۔

  2. روس اور یوکرین کے درمیان ڈرون حملوں کا تبادلہ

    روس

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    روس اور یوکرین نے ایک دوسرے کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد سے سب سے طاقتور ڈرون حملہ کیا گیا۔

    روس کی وزارتِ دفاع کا کہنا تھا کہ اس نے 84 یوکرینی ڈرونز کو چھ علاقوں کے اوپر تباہ کیا ہے جن میں سے کچھ ماسکو کی فضا میں بھی تباہ کیے گئے اور اس کے باعث ماسکو میں موجود تین بڑے ایئرپورٹس سے فلائٹس کو دیگر ایئرپورٹس پر لینڈ کروانا پڑا۔

    یوکرین کی ایئرفورس کا کہنا ہے کہ روس نے سنیچر کی رات ملک کے ہر حصے پر 145 ڈرونز داغے جن میں اکثر کو تباہ کر دیا گیا۔

    یہ حملے ایک ایسے موقع پر کیے گئے ہیں جب نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے یہ توقعات کی جا رہی ہیں کہ وہ اس تنازع کو ختم کرنے کے لیے دونوں فریقوں پر دباؤ ڈالیں گے۔

    یوکرین کی جانب سے ماسکو پر کیا گیا حملہ جنگ کے آغاز کے بعد سے روس کے دارالحکومت پر کیا گیا سب سے بڑا حملہ ہے۔

    روس کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ماسکو کے جنوب مغرب میں موجود علاقے رامینسکوئے میں ڈرونز کا ملبہ گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوئے اور چار مکانوں کو آگ لگ گئی۔ وزارتِ دفاع کے مطابق اس علاقے کے اوپر 34 ڈرونز کو تباہ کیا گیا۔

    یوکرین میں دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ یوکرینی ایئرفورس کا دعویٰ ہے کہ اس نے 62 ایرانی ساختہ روسی ڈرون یوکرین میں مار گرائے ہیں۔

  3. میں اور ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی دھمکی کو ایک ہی نگاہ سے دیکھتے ہیں: بنیامن نتن یاہو

    بنیامن نتن یاہو،ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ اور ڈونلڈ ٹرمپ ’ایرانی دھمکی ‘ اور ’اس سے پیدا ہونے والے خطرے‘ کو یکساں اہمیت دیتے ہیں۔

    ایک بیان میں نتن یاہو کا کہنا تھا کہ دونوں نے ’گزشتہ چند دنوں میں‘ تین بار بات چیت کی ہے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے یہ بات چیت بہت اہم تھی۔‘

    ان کے بیان میں ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی فٹ بال شائقین پر ہونے والے حالیہ حملوں کا بھی ذکر کیا گیا۔

    اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا ہتھا کہ ’ہم وہ کریں گے جو اپنے اور اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے کرنے کی ضرورت ہے۔‘

    اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ منگل کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کریں گے۔ ہرزوگ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق وہ غزہ اور لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    بنیامن نتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے سابقہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ نتن یاہو نے ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کا بہترین دوست قرار دیا اور وہ نومنتخب صدر کو مبارکباد دینے والے پہلے عالمی رہنماؤں میں سے ایک تھے۔

    ٹرمپ نے اس سے قبل ایران کے جوہری معاہدے کو منسوخ کرکے اور یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے حمایت حاصل کی تھی۔ لیکن ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ مہنگی جنگوں کے خواہاں نہیں ہیں اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی کچھ بستیوں کے مخالف ہیں۔

    انھوں نے اسرائیل پر بھی زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کو جلد ختم کرے۔

    حالیہ جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ دو تہائی سے زیادہ اسرائیلی ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں واپس دیکھنا چاہتے ہیں لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ان کی غیر یقینی طبیعت اور ان کے نقطہ نظر کے بارے میں متنبہ کرتے ہیں۔

    نیتن یاہو واحد سیاسی رہنما نہیں ہیں جو بدھ کو ہونے والے انتخابات کے نتائج کے بعد سے ٹرمپ سے فون پر بات کر رہے ہیں۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی، میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام اور یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لیئن نے بھی ان سے بات کی ہے۔

    یاد رہے ک ٹرمپ 20 جنوری 2025 کو حلف برداری کے دن تک باضابطہ طور پر صدر نہیں بنیں گے۔

  4. بریکنگ, ڈونلڈ ٹرمپ کا صدارتی انتخاب کی کایا پلٹنے والی ساتوں سوئنگ ریاستوں میں کلین سویپ

    امریکی انتخاب

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کے نو منتخب صدر ٹرمپ ملک کی تمام سات سوئنگ ریاستوں میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

    ایریزونا کے رائے دہندگان طویل عرصے سے صدارتی انتخابات میں رپبلکنز کو ووٹ دیتے آئے ہیں۔ اس بار ٹرمپ کو 52.65 فیصد ووٹ ملے۔

    سنہ 1940 کی دہائی سے اب تک ایریزونا نے صرف اور صرف دو مرتبہ ڈیموکریٹس کی حق میں ووٹ دیا۔ سنہ 2020 سے پہلے سنہ 1996 میں ایریزونا کے لوگوں نے بل کلنٹن کو منتخب کیا تھا۔

    لیکن پچھلی بار، 2020 میں، ریاست کے انتخابی نقشے نیلے رنگ میں رنگے تھے اور رائہ دہندگان نے ڈیموکریٹس کے امیدوار جو بائیڈن کو ووٹ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ امریکہ میں 50 ریاستیں ہیں اور ان میں سے زیادہ تر ہر انتخابات میں ایک ہی پارٹی کو ووٹ دیتی ہیں۔ تاہم سوئنگ ریاستیں ایسی ہیں جہاں کوئی بھی فریق جیت سکتا ہے۔

    ان ریاستوں میں سے سات کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان پاس اس بار وائٹ ہاؤس کی کنجی ہوگی۔ یہ ریاستیں ایریزونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولائنا، پنسلوانیا اور وسکونسن ہیں۔

    اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ تمام ساتوں ریاستوں میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

    امریکی انتخاب

    شمالی امریکہ میں بی بی سی نامے نگار پیٹر بوئس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ان ریاستوں میں کلین سویپ کیا ہے۔

    ایریزونا جیتنے سے انھیں اضافی 11 الیکٹورل کالج ووٹ ملیں گے اور کملا ہیرس کے 226 کے مقابلے میں مجموعی طور پر 312 ووٹ ملیں گے۔

    ملک بھر میں ڈالے گئے ووٹوں کی اکثریت رپبلکن امیدوار کے حصے میں آئی۔ ان کی پارٹی ایوان نمائندگان کا کنٹرول برقرار رکھنے کی راہ پر گامزن ہے اور سینیٹ میں پہلے ہی کامیاب ہو چکی ہے۔

    اس کا مطلب یہ ہے کہ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے دوران کیے گئے پالیسی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے مضبوط مینڈیٹ کے ساتھ واشنگٹن واپس آئیں گے۔

  5. امریکہ میں صدارتی انتخاب کا عمل مکمل، ٹرمپ کو ساتوں سوئنگ ریاستوں میں واضح برتری حاصل

    US Election

    ٹرمپ نے سات سوئنگ ریاستوں میں سے ایک اور ایریزونا میں بھی فیصلہ کُن برتری حاصل کی ہے اور اب انھیں امریکہ کی تمام سات سوئنگ سٹیٹس میں واضح برتری حاصل ہے۔

    ان سات ریاستوں میں ایریزونا، جارجیا، مشیگن، نیواڈا، شمالی کیرولینا، پینسلوینیا اور وسکونسن شامل ہیں اور انھیں ’سوئنگ سٹیٹس‘ کہا جاتا ہے جن کے پاس وائٹ ہاؤس کی چابیاں ہیں۔

    ایریزونا میں کامیابی کے بعد اضافی 11 الیکٹورل ووٹوں کے ساتھ ٹرمپ کے پاس اب الیکٹورل کالج ووٹوں کی تعداد کُل 312 ہو گئی ہے جبکہ کملا ہیرس کو کل 226 الیکٹورل کالج ووٹ ملے ہیں۔

    امریکہ کے جنوب مغرب میں واقع ریاست ایریزونا میں ووٹوں کی گنتی چار روز تک جاری رہی۔ انتخابی نتائج اتوار کی صبح جاری کیے گئے۔

    5 نومبر کو جاری ہونے والے امریکی انتخابی نتائج میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار امریکہ کے صدر منتخب ہو گئے۔

    ’سوئنگ سٹیٹس‘ میں کامیابی کے بعد اب ڈونلڈ ٹرمپ مضبوط مینڈیٹ کے ساتھ واشنگٹن واپس آئیں گے۔

    ایریزونا میں ووٹنگ کی تاریخ

    ایریزونا کے رائے دہندگان کی صدارتی انتخاب میں رپبلکنز کو ووٹ دینے کی ایک طویل تاریخ رہی ہے۔ اس سال انھوں نے ایک بار پھر رپبلکنز کی حمایت میں ووٹ دیا ہے لیکن پچھلی مرتبہ 2020 یہاں سے ڈیموکریٹک اُمید وار جو بائیڈن جیتے تھے۔

    سنہ 1940 کی دہائی سے اب تک ایریزونا نے صرف اور صرف دو مرتبہ ڈیموکریٹس کی حق میں ووٹ دیا۔ سنہ 2020 سے پہلے سنہ 1996 میں ایریزونا کے لوگوں نے بل کلنٹن کو منتخب کیا تھا۔

  6. دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر

    ISPR

    ،تصویر کا ذریعہISPR

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی نمازِ جنازہ کوئٹہ میں ادا کی گئی، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ، گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے علاوہ صوبائی وزرا بھی شریک ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ کے دورے میں سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقع میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی کے خلاف مشن کو قومی عزم کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے پوری قوم ثابت قدم ہے۔‘

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ ’عوام کی حمایت، فوج اور سول اداروں کی کوششوں سے جنگ جیتیں گے۔‘

    واضح رہے کہ سنیچر کے روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے سٹیشن پر ہونے دھماکے کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  7. قطر کا اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالث کا کردار ’فریقین کی آمادگی ظاہر کرنے تک‘ معطل کرنے کا فیصلہ

    قطر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    قطر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے کے عمل کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    قطر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنا کردارد تب ادا کرے گا جب حماس اور اسرائیل کی جانب سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی جائے گی۔

    قطر کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکام کی جانب سے مبینہ طور پر یہ کہا گیا تھا کہ واشنگٹن اب قطر میں حماس کے نمائندوں کی موجودگی کو قبول نہیں کرے گا۔ امریکہ کی جانب سے فلسطینی گروپ پر غزہ میں جنگ کے خاتمے کی نئی تجاویز کو مسترد کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

    قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر نے 10 روز قبل فریقین کو ایک معاہدے تک پہنچنے کی آخری کوششوں کے دوران مطلع کیا تھا کہ اگر اس دورنیے میں کوئی معاہدہ نہیں ہوا تو وہ حماس اور اسرائیل کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو روک دے گا۔

    قطری وزارتِ خارجہ نے نشاندہی کی کہ دوحہ میں حماس کے دفتر کی موجودگی سے متعلق رپورٹس ’غلط‘ ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قطر ان کوششوں کو دوبارہ تب شروع کرے گا جب فریقین جنگ کو ختم کرنے کے لئے اپنی آمادگی اور سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے۔

    اطلاعات کے مطابق اوباما انتظامیہ کی درخواست پر 2012 سے قطر کے دارلحکومت میں حماس کا دفتر موجود ہے۔

  8. حکومت میں دہشتگردی سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے صوبے بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کے بڑھنے کے پیچھے عوامل اور ان کی روک تھام کے بارے میں غور ہورہا ہے۔

    کوئٹہ کے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا اس قوم نے دہشت گردی کے خلاف پہلے بھی جنگ لڑی تھی اور بہت ساری چیزیں بہتر ہوئی تھیں۔

    ’ہم ایک جنگ زدہ زون میں ہیں لیکن ہم بلوچستان کے لوگوں کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کی حکومت میں دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے۔‘

    خیال رہے سنیچر کی صبح کوئٹہ کے ریلوے سٹیشن پر ہونے والے ایک بم دھماکے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 12 سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

    سرفراز بُگٹی کا مزید کہنا تھا کہ ’جو لوگ حقوق انسانی کی محافظ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ اس واقعے کی مذمت کیوں نہیں کرتے اور وہ اس کے خلاف کیوں سڑکوں پر نہیں ہیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کا ’مین اسٹریم میڈیا اس کنفیوژن کا شکار کیوں ہے کہ مذہب کے نام پر تشدد کرنے والوں کو دہشت گرد کہا جاتا ہے، جبکہ قوم پرستی کے نام پر دہشت گردی کرنے والوں کو ناراض بلوچ کہا جاتا ہے۔‘

    ’اس کنفیوژن کو دور کرنا پڑے گااور جو بھی دہشت گردی کرتا ہے ان کو دہشت گرد کہنا پڑے گا۔‘

    اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ریلوے سٹیشن کو سیکورٹی کی فراہمی کی ذمہ داری ریلوے پولیس کی تھی۔

    ان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اس سلسلے میں تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر یہاں کوئی سکیورٹی کی ناکامی نظر آتی ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا مقابلہ حکومت اور عوام نے مل کر کرنا ہے اور دہشت گردی کی موجودہ لہر کو وہ ختم کرکے دکھائیں گے۔

  9. بریکنگ, صوابی جلسے میں حلف: ’چاہے جیلوں میں چلے جائیں، عمران خان کی رہائی تک گھر واپس نہیں آئیں گے‘

    علی امین گنڈاپور

    ،تصویر کا ذریعہYOUTUBE/ALIAMINGANDAPUR

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نومبر یعنی رواں ماہ احتجاج کی کال دیں گے۔

    صوابی میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں عمران خان کا پیغام دے رہا ہوں اور عمران نے حکم دیا ہے کہ نومبر یعنی اسی ماہ عمران خان کال دے گا اور کال یہ ہوگی کہ جب گھروں سے نکلیں گے تو اگر ہم گھروں میں نہ پہنچیں تو جنازے پڑھ لینا اور ہم تب تک واپس نہیں آئیں گے جب تک عمران کو رہائی نہیں مل جاتی ہے۔‘

    علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ’تحریک انصاف میں فیصلے کا اختیار صرف عمران خان کو ہے۔ عمران خان کا دیا ہوا ہر حکم اور فیصلہ قبول کریں گے اور عمل کریں گے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’عمران خان سن لو! تمھاری قوم فائنل کال کی تاریخ کا انتظار کرے گی۔ چاہے جیلوں میں چلے جائیں، چاہے قبرستانوں میں چلے جائیں۔ سب حلف اٹھاؤ۔‘

    علی امین گنڈاپور کی تقریر کے دوران شرکا نے ہاتھ اٹھا کر یہ حلف لیا کہ ’ہم چاہے جیلوں میں چلے جائیں، چاہے مر جائیں، ہم لڑیں گے، مقابلہ کریں گے۔ جب تک عمران خان کو رہا نہیں کیا جاتا ہم گھر واپس نہیں آئیں گے۔‘

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’تیاری شروع کر دو۔ سر پر چادر لے کر نکلنا اور جب عمران خان پکارے گا تو پھر ہم وہ حال کریں گے کہ تمھاری داستان بھی نہ رہے گی داستانوں میں ہے۔‘

    علی امین گنڈاپور کے خطاب کے بعد پی ٹی آئی کا جلسہ ختم ہوگیا۔

    اس سے قبل تحریک انصاف کے سربراہ بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا ہے کہ عوام نے ’حکومتی ظالمانہ قوانین کو مسترد کر دیا ہے۔‘

    انھوں نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف اگلے ہفتے ’عدلیہ کو کنٹرول کرنے والے‘ قوانین کو چیلنج کرے گی جس کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔

    پی ٹی آئی کے سربراہ کا اشارہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد میں اضافے کی طرف تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ حالیہ قانون سازی کے ذریعے ’یہ خود کو این آر او دے رہے ہیں۔‘

    بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’ہم خود عمران خان کی رہائی کی تحریک چلائیں گے اور عدلیہ کے ذریعے عمران خان کو رہا کروائیں گے۔‘

    ’عمران خان کو جیل میں رکھ کر حکومتیں مضبوط نہیں ہوسکتیں، سیاست چل نہیں سکتی ہے۔ عمران خان کی رہائی بہت قریب ہے۔‘

  10. صوابی جلسے کی تیاریاں مکمل ’علی امین گنڈا پور عمران خان کی ہدایات پر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے‘, محمد زبیر، صحافی

    Credit: Yar Muhammad

    ،تصویر کا ذریعہCredit: Yar Muhammad

    خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

    جلسے کے لیے آج شام تین بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا اور شرکا کی سکیورٹی و حفاظت کے لیے صوابی پولیس سرگرم عمل ہے جس نے جلسے کے حوالے سے ٹریفک پلان بھی جاری کیا۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان برائے ڈیجیٹل میڈیا یار محمد خان کے مطابق جلسے میں شرکت کے لیے صوبے بھر سے قافلے نکل چکے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس وقت صوابی جلسہ گاہ میں میزبان اور کارکناں تیار ہیں۔ تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اور تھوڑی دیر میں خیبر پختونخوا سے قافلے جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو جائیں گے جبکہ پنجاب اور سندھ کے کچھ وفود رات ہی کو پہنچ گئے تھے۔

    یار محمد خان کا دعویٰ ہے کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کی حدود میں موٹروے اور جی ٹی روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کی ہیں لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اور پنجاب اور دیگر صوبوں سے بھی قافلے اپنے وقت پر پہنچ جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم توقع کررہے ہیں کہ یہ ایک تاریخی جلسہ ہو گا اور اس جلسے میں علی امین گنڈا پور عمران خان کی ہدایات کے مطابق اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

  11. کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دھماکہ

    ،ویڈیو کیپشنکوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دھماکہ
  12. کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دھماکے میں حملہ آور سمیت 25 افراد ہلاک، 53 زخمی, محمد کاظم، بی بی سی کوئٹہ

    صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں آج صبح ریلوے سٹیشن پر ہونے والے ایک دھماکے میں حملہ آور سمیت 25 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے بی بی سی کو بتایا کہ 25 افراد کی لاشیں سول ہسپتال لائی گئی ہیں اور ہلاک ہونے والوں میں حملہ آور کے علاوہ ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

    کوئٹہ کے ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    ریلوے سٹیشن پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ عام افراد کے ساتھ ساتھ فوجی بھی اس سٹیشن کو نقل و حمل کے لیے استعمال کرتے ہیں اور ہلاکتوں اور زخمیوں میں فوجی و سول دونوں شامل ہیں۔

    ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ دھماکہ ریلوے سٹیشن میں اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس کے مسافر ریل گاڑی کے انتظار میں پلیٹ فارم پر موجود تھے اور ان میں سے زیادہ تر اس دھماکے کی زد میں آئے ہیں۔

    دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے وقت پلیٹ فارم پر درجنوں افراد ریل گاڑی کے انتظار میں شیڈ کے نیچے موجود ہیں۔

    ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق دھماکے کے وقت وہاں کم از کم 150-200 افراد جمع تھے۔

    محمد بلوچ کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے افراد کو سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    بلوچ عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

    بی ایل اے کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ’آج صبح کوئٹہ ریلوے سٹیشن میں پاکستانی فوج کے ایک دستے پر فدائی حملہ کیا گیا ہے۔‘

    جیئند بلوچ کا دعویٰ ہے کہ ’حملہ بی ایل اے کی فدائی یونٹ مجید بریگیڈ نے سر انجام دیا جس کی تفصیلات جلد میڈیا کو جاری کی جائیں گی۔‘

    تاحال پاکستانی فوج کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

    bbc

    وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

    وزیر اعلٰی بلوچستان کا کہنا ہے یہ واقعہ معصوم افراد کو نشانہ بنانے کا تسلسل ہے اور دہشت گردوں کا ہدف اب عام معصوم افراد، مزدور بچے اور خواتین ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ معصوم افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد قابل رحم نہیں ہیں۔

    وزیر اعلٰی بلوچستان کا مزید کہنا ہے کہ صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، متعدد واقعات میں ملوث دہشت گرد پکڑے جا چکے ہیں اور اس واقعے میں ملوث دہشت گردوں کا پیچھا کرکے انھیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

  13. ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی مبینہ ایرانی سازش کے الزام میں امریکہ میں افغان شہری پر فردِ جرم عائد

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی حکومت نے ایک افغان شہری پر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے سے قبل ان کے قتل کی مبینہ ایرانی سازش تیار کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

    محکمہ انصاف نے جمعہ کو 51 سالہ فرہاد شکیری کے خلاف فرد جرم عائد کیا۔

    فرہاد پر الزام ہے کہ انھیں ٹرمپ کو قتل کرنے کا ’منصوبہ بنانے‘ کا کام سونپا گیا تھا۔

    امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ شکیری کو گرفتار نہیں کیا گیا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ایران میں ہیں۔

    مینہٹن کی عدالت میں دائر کی گئی ایک مجرمانہ شکایت میں استغاثہ نے الزام لگایا ہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب کے ایک اہلکار نے ستمبر میں شکیری کو ہدایت کی تھی کہ وہ ٹرمپ کی نگرانی اور قتل کا منصوبہ بنائیں۔

    امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’محکمہ انصاف نے ایرانی حکومت کے ایک ایجنٹ پر فردِ جرم عائد کی ہے جسے ایرانی حکومت نے مجرمانہ ساتھیوں کے نیٹ ورک کو چلانے کی ہدایت کی تھی تاکہ وہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اپنے دیگر اہداف کے قتل کی سازشوں کو عملی جامہ پہنا سکے۔ ‘

    محکمہ انصاف نے ایران کی ناقد ایک امریکی صحافی کو قتل کرنے کے لیے مبینہ طور پر بھرتی کیے گئے دو دیگر افراد پر بھی فردِ جرم کیا ہے۔

    محکمہ انصاف نے دو دیگر افراد کی شناخت 49 سالہ کارلیسل رویرا اور 36 سالہ جوناتھن لوڈ ہولٹ کے نام سے کی ہے۔

    دونوں جمعرات کو نیو یارک کے جنوبی ضلع کی عدالت میں پیش ہوئے اور مقدمے کی سماعت کے دوران انھیں حراست میں لے لیا گیا۔

  14. بریکنگ, پنجاب پولیس کا راجن پور کے کچے میں پولیس مقابلے میں اشتہاری ڈاکو شاہد لُنڈ کی ہلاکت کا دعویٰ

    shahid

    ،تصویر کا ذریعہSocial Media

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کچے کے علاقے میں رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں لُنڈ گینگ کا سرغنہ ڈاکو شاہد لُنڈ ہلاک ہو گیا ہے۔

    پنجاب پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے ڈاکو شاہد لُنڈ کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

    پنجاب پولیس کے بیان کے مطابق ڈاکو شاہد لنڈ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں، قتل ،ڈکیتی جیسے 28 سے زائد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب بین الاضلاعی اشتہاری تھا۔

    پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکو شاہد لُنڈ کے خلاف رحیم یار خان اور ضلع راجن پور کے مختلف تھانوں میں کئی مقدمات درج تھے۔

    پولیس بیان کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف اہم ترین کامیابی پر رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچے کا علاقے سے دہشت گردوں، ڈاکوؤں، شر پسند عناصر کا خاتمہ مشن ہے۔

    پولیس بیان کے مطابق رحیم یار خان اور راجن پور پولیس گذشتہ دو ماہ سے اس آپریشن پر کام کر رہی تھی اور پولیس نے باقاعدہ منصوبہ بندی، موثر حکمت عملی کے تحت اپنا ہدف حاصل کیا۔

  15. بریکنگ, وفاقی حکومت کا سردیوں میں بجلی کے اضافی استعمال پر 26 روپے فی یونٹ تک ریلیف دینے کا اعلان

    بجلی کی قیمت

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے موسم سرما کے لیے بجلی سہولت پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت سردیوں کے تین ماہ دسمبر تا فروری اضافی بجلی کے استعمال پر بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جارہی ہے، بجلی سہولت کا اطلاق اس سال دسمبر سے اگلے سال فروری تک کے بلوں پر ہوگا۔

    اسلام آباد میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس بجلی سہولت پیکیج کے تحت گھریلو صارفین کے لیے اضافی بجلی کے استعمال پر فلیٹ ریٹ 26 روپے سات پیسے فی یونٹ ہو گا، گھریلو صارفین کو مختلف سلیبس میں 11 روپے 42 پیسے سے لیکر 26 روپے سات پیسے فی یونٹ تک بچت ہو گی۔

    شہباز شریف نے مزید کہا کہ اس پیکیج کے تحت کمرشل صارفین کو موسم سرما کے تین ماہ کے دوران بجلی کے اضافی استعمال پر 13 روپے 46 پیسے سے لے کر 22 روپے فی یونٹ بچت ہوگی جوکہ 34 سے 47 فیصد فی یونٹ بنتی ہے۔

    Shahbaz

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انھوں نے کہا کہ اس پیکیج کے نتیجے میں بجلی کی لاگت میں کمی سے پاکستان میں صنعت کا پہیہ تیز ہو گا، زراعت ہری بھری ہو گی، کاروبار اور برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی اور پیداوار میں اضافہ ہوگا جبکہ معیشت مزید مضبوط ہو گی۔

    اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتی کاوشوں سے معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے، معیشت آہستہ آہستہ بہتر ہو رہی ہے، پالیسی ریٹ کے ساتھ مہنگائی میں بھی کمی ہوئی ہے، شرح سود میں کمی سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، امداد کی بجائے تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ شرح سود کے ساتھ مہنگائی میں بھی کمی ہوئی ہے، پچھلے سال جو مہنگائی 32 فیصد پر تھی آج چھ اعشاریہ سات فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

  16. خیبر پختونخوا کے پرائمری سکولوں کے اساتذہ کی ہڑتال اور دھرنا چوتھے روز بھی جاری

    احتجاج

    ،تصویر کا ذریعہAkhtar Nawaz

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے پرائمری سکولوں کے اساتذہ کے جانب سے اپنے مطالبات کے لیے ہڑتال اور دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوچکا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت پورے صوبے میں تقریباً ایک لاکھ سکولوں میں تعلیم کا سلسلہ معطل ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    جمعے کے روز پشاور میں جاری دھرنے میں صوبہ بھر کے اساتذہ شریک ہیں۔ دھرنے میں شریک آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع ہری پور کے صدر اختر نواز کے مطابق ہم انتہائی مجبور ہو کر انتہائی قدم پر اترے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ’ہم ہڑتال، دھرنا، احتجاج نہیں کرنا چاہتے مگر ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔ اساتذہ کے سکیل کی اپ گریڈیشن کا مطالبہ سابقہ دور میں تحریک انصاف ہی کی حکومت میں تسلیم کر لیا گیا تھا مگر ابھی تک اس پر عمل در آمد نہیں ہوا۔‘

    اختر نواز کے مطابق سابقہ صوبائی حکومت کی کابینہ نے پرائمری سکول اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی تھی۔ جس میں کہا گیا تھا کہ پرائمری ٹیچر کو سکیل بنیادی پے سکیل 14 دیا جائے گا۔ سنیئر ٹیچر کو پے سکیل 15 اور ہیڈ ماسٹر کو سولہ سکیل دیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی اساتذہ نے اس کو ناچاہتے ہوئے بھی قبول کیا تھا حالانکہ ہمارا مطالبہ تھا کہ پرائمری ٹیچر کو سکیل پندرہ، سنیر ٹیچر کو سولہ اور ہیڈ ماسٹر کو سترہ سکیل دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب پرائمری، مڈل اور ہائی سکول کے اساتذہ کی تعلیم ایک ہے تو سکیل میں بھی فرق نہیں ہونا چاہیے۔ اختر نواز کا کہنا تھا کہ اب جب کہ صوبائی کابینہ کی جانب سے اپ گریڈیش کو 2023 میں منظور کیا گیا تھا۔ مگر ابھی تک اس کو نافذ العمل نہیں کیا گیا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس کو فی الفور نافذ کیا جائے۔ اس کے علاوہ پنشن میں اصلاحات قابل قبول نہیں ہیں۔ پنشن میں اصلاحات کے نام پر کٹوتیاں ڈالی جارہی ہیں جو کہ ظلم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہمارا مطالبہ ہے کہ 2022 کے بعد جن پرائمری اساتذہ کو کنڑیکٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے ان کو مستقل کیا جائے۔

  17. غزہ کے اہم عالم کا حماس کے اسرائیل پر حملے سے متعلق فتوی:’یہ حملہ جہاد سے متعلق اسلامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے‘, رشدی ابوالوف، بی بی سی کے غزہ کے نامہ نگار

    GAZA

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    غزہ کے ایک اہم اور معروف اسلامی عالم نے حماس کے اسرائیل پر سات اکتوبر کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایک غیر معمولی فتویٰ جاری کیا ہے۔

    حماس کی جانب سے گذشتہ برس سات اکتوبر کو ’آپریشن طوفان الاقصیٰ‘ کے نام سے اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس نے فلسطینی سرزمین میں تباہ کن جنگ کو جنم دیا ہے۔

    پروفیسر ڈاکٹر سلمان الداعی کا فتویٰ چھ صفحات پر مشتمل ہے جس میں انھوں نے اسرائیل پر حماس کے سات اکتوبر کے حملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ حملہ جہاد سے متعلق اسلامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔‘

    پروفیسر ڈاکٹر سلمان الداعی، جو حماس سے منسلک اسلامی یونیورسٹی غزہ میں فیکلٹی آف شریعہ اور قانون کے سابق ڈین ہیں، خطے کے سب سے زیادہ قابل احترام مذہبی عالم میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں۔ اس لیے ان کی قانونی رائے غزہ کی بیس لاکھ آبادی جن میں زیادہ تر سنی مسلمان ہیں میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔

    مذہب اسلام میں فتویٰ ایک قابل مذہبی عالم کی طرف سے ایک غیر پابند اسلامی قانونی حکم ہے جو عام طور پر قرآن یا سنت یعنی پیغمبر اسلام کے اسوہ حسنہ کی روشنی پر مبنی ہوتا ہے۔

    پروفیسر ڈاکٹر سلمان الداعی نے اپنے فتوے میں مزید کہا ہے کہ ’اگر جہاد کے ستون، اسباب یا شرائط پوری نہیں ہوتیں تو لوگوں کی زندگیوں کو تباہ کرنے سے بچنے کے لیے اس سے گریز کرنا چاہیے۔ یہ وہ چیز ہے جس کا اندازہ لگانا ہمارے ملک کے سیاست دانوں کے لیے آسان ہے، اس لیے اس حملے سے گریز کیا جانا چاہیے تھا۔‘

    انھوں نے فتوے میں مزید کہا کہ ’سات اکتوبر کے حملے کے بعد عام شہریوں کے بنیادی انفراسٹریکچر کی وسیع پیمانے پر تباہی اور غزہ میں انسانی جانوں کے ضیاع کا مطلب ہے کہ یہ اسلام کی تعلیمات سے براہ راست متصادم ہے۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ حماس ’جنگجوؤں کو غیر محفوظ (فلسطینی) شہریوں کے گھروں اور ان کی پناہ گاہوں سے دور رکھنے، اور زندگی کے مختلف پہلوؤں جن میں سیکورٹی، اقتصادی طور پر، صحت، اور تعلیم، کافی خوراک سمیت جہاں تک ممکن ہو تحفظ فراہم کرنے کی اپنی ذمہ داریوں میں ناکام رہی ہے۔‘

    حماس کے لیے یہ فتویٰ باعث شرمندگی اور ممکنہ طور پر تنقید کی نمائندگی کرتا ہے، خاص طور پر جب یہ گروہ اکثر عرب اور مسلم ممالک کی حمایت حاصل کرنے کے لیے مذہبی دلائل کے ذریعے اسرائیل پر اپنے حملوں کا جواز پیش کرتا ہے۔

    پروفیسر ڈاکٹر سلمان الداعی نے اپنے فتوے میں ان قرآنی آیات اور سنت کا حوالہ دیا ہے جو جہاد کے لیے سخت شرائط کا تعین کرتی ہیں اور ایسے اقدامات سے گریز کرنے کی تلقین کرتی ہیں جو دشمن کو ضرورت سے زیادہ اور غیر متناسب ردعمل پر راغب کرے۔ ان کا فتویٰ اس بات پر روشنی ڈالتا ہے کہ اسلامی قوانین کے مطابق، فوجی کارروائی سے ایسا ردعمل پیدا نہیں ہونا چاہیے جو کارروائی کے مطلوبہ مقاصد سے زیادہ ہو۔

    انھوں نے اپنے فتوے میں اس بات پر بھی زور دیا کہ مسلمان رہنما ان لوگوں کی جو لڑائی میں شامل نہیں ہے کی حفاظت اور بہبود سمیت انھیں کھانا، ادویات اور پناہ دینا یقینی بنانے کے پابند ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’خدا کے نزدیک انسانی زندگی مکہ سے زیادہ قیمتی ہے۔‘

    یاد رہے کہ سات اکتوبر کے حماس کے اسرائیل پر حملے میں 1200 اسرائیلی ہلاک جبکہ 251 افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔ اسرائیل نے اس کے ردعمل میں غزہ پر فوجی کارروائی کا آغاز کیا تھا جس میں اب تک 43ہزار 400 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

    پروفیسر سلمان الداعی کے اعتدال پسند نظریات حماس کے مسلح مزاحمت کے نقطہ نظر اور شیعہ حکومت والے ایران کے ساتھ تعلقات سے متصادم ہیں۔

  18. جوڈیشل کمیشن کا اجلاس: سندھ ہائیکورٹ کے تمام ججز 24 نومبر تک آئینی بینچوں کے مقدمات کی سماعت کر سکتے ہیں، اعلامیہ

    SC

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی پیش کردہ تجویز کی توثیق کر دی گئی جس کے تحت 24 نومبر تک سندھ ہائی کورٹ کے تمام ججز آئینی بنچوں کے مقدمات کی سماعت کر سکتے ہیں۔

    سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے تحت تشکیل کردہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا دوسرا اجلاس سپریم کورٹ میں جمعہ کی دوپہر دو بجے منعقد ہوا۔

    جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین اور چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچ کی تشکیل کے واحد ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان شریک ہوئے جبکہ جسٹس جمال خان مندوخیل نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

    اس کے علاوہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حامد نائیک، سینیٹر سید شبلی فراز، رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد، رکن قومی اسمبلی عمر ایوب خان، روشن خورشید، وزیر قانون سندھ ضیا الحسن لنجار اور سندھ بار کونسل کے رکن قربان علی ملانو بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

    سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے بھی بطور کمیشن سیکریٹری شرکت کی۔

    اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں ایجنڈے پر وسیع تبادلہ خیال کیا گیا اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے ہائی کورٹ کے تمام موجودہ ججوں کو آئینی بنچوں کے ججوں کے لیے نامزد کرنے کی تجویز پیش کی گئی تاکہ مقدمات کے موجودہ بڑے بیک لاگ کو تیزی سے نمٹایا جا سکے، جس کی جوڈیشل کمیشن نے اتفاق رائے سے توثیق کر دی۔

    اعلامیے کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے تمام ججز آئینی بنچوں کے لیے 24 نومبر تک کام جاری رکھ سکیں گے، جوڈیشل کمیشن کا آئندہ اجلاس 25 نومبر کو ہو گا۔

    واضح رہے کہ پانچ نومبر کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ قائم کیا گیا تھا۔

    26ویں ترمیم کی روشنی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا پہلا اجلاس ہوا تھا، جس میں آئینی بینچز میں ججز کی نامزدگی پر غور کیا گیا۔ جسٹس امین الدین کی تقرری کی حمایت میں 12 رکنی کمیشن کے سات ارکان نے ووٹ دیا تھا جبکہ پانچ ارکان نے مخالفت کی تھی۔

  19. توشہ خانہ کیس: عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    توشہ خانہ کیس میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رُخ ارجمند نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

    جمعے کو توشہ خانہ کیس کی سماعت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ہوئی اور بشریٰ بی بی سماعت کے لیے جیل آئیں۔ اس دوران عمران خان کو بھی کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

    عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر وکلا صفائی اور سپیشل پراسیکیوٹر کے دلائل سُنے اور فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    دونوں کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ 12 نومبر کو سُنایا جائے گا۔ سپیشل جج سینٹرل شاہ رُخ ارجمند نے عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جُرم عائد کرنے کی کارروائی بھی مؤخر کر دی ہے۔

  20. سپریم کورٹ میں 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست دائر

    بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اخترمینگل اور دیگر سیاسی رہنماؤ نے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

    درخواست میں وفاق اور دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم عدلیہ کی خودمختاری کے خلاف ہے اور اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پارلیمنٹ میں آئینی ترمیم کے دوران اپنائے گئے طریقہ کار کی بھی انکوائری کروائی جائے.