
بھارت کے دارلحکومت دہلی میں تئیس سالہ طالبہ کو ایک نجی بس میں مبینہ طور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ طالبہ اپنے مرد دوست کے ہمراہ بس میں سفر کر رہی تھیں۔ دونوں اتوار شب فلم دیکھ کر واپس آ رہے تھے کہ اُن پر بس میں چھ سے ساتھ افراد نے حملہ کیا اور دونوں کو بری طرح مار پیٹ کر بس سے باہر پھینک دیا گیا۔
دونوں ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور اطلاعات ہیں کہ خاتون کی حالت ’انتہائی تشویشناک‘ ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور دلی کی وزیرِ اعلیٰ شیلا ڈیکشت کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ہونے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دہلی شہر میں ہر سال جنسی تشدد کے سینکڑوں واقعات ریکارڈ کیے جاتے ہیں اور اسی وجہ سے اس شہر کو بھارت میں جنسی زیادتی کا مرکز بھی کہا جاتا ہے۔
نامہ نگاروں کے مطابق دہلی میں عوامی مقامات پر جنسی طور پر ہراساں کرنے، زیادتی اور اغوا کے واقعات کی شرح بڑھنے کے باعث خواتین کے لیے مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
بھارت کے قومی کمیشن برائے خواتین کی سربراہ کا کہنا ہے کہ دہلی میں ایسے واقعات کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پولیس اور حکومت کو خبردار رہنا چاہیے۔






























