
مشتعل ہجوم نے کئی گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا
بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں ہونے والے فسادات کے خلاف ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔
ریاستی حکومت نے تشدد کے واقعات کے بعد ممبئی سمیت مہاراشٹر بھر میں ہائی الرٹ کرنے اور حفاظتی انتظامات سخت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سنیچر کو جنوبی ممبئی کے علاقے آزاد میدان میں ہزاروں افراد آسام میں ہلاکتوں کے خلاف مظاہرہ کرنے کے لیے جمع ہوئے۔
دیکھتے ہی دیکھتے اس ہجوم نے تشدد کی راہ اپنا لی اور متعدد گاڑیوں میں آگ لگانے کے علاوہ کئی بسوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
اس پر پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی اور لاٹھی چارج بھی کیا۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ان پرتشدد جھڑپوں میں کم از کم پچپن افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو نے بعد میں ہسپتال میں دم توڑ دیا۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، ہلاک ہونے والوں کی شناخت محمد عمر اور الطاف شیخ کے طور پر ہوئی ہے۔ ان دونوں کو علاج کے لیے سینٹ جارج ہسپتال لایا گیا جہاں انہوں نے دم توڑ دیا۔
سنیچر کو رات گئے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیراعلی پرتھوی راج چوان نے کہا ہے کہ ’اس واقعہ کے بعد ممبئی اور پوری ریاست میں ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گیے ہیں‘۔
بھارت کے مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے نے ممبئی میں تشدد کی مذمت کی ہے اور لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے افواہ پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی وارننگ بھی دی ہے۔






























