آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
جنسی زیادتی کی شکار 10 سالہ بچی ماں بن گئی
جنسی زیادتی کی شکار ہوئی ایک بچی نے آج انڈیین ریاست پنجاب کے دارالحکومت چنڈی گڑھ میں بچی کو جنم دیا ہے۔ چنڈی گڑھ کے سرکاری ہسپتال میں پیدا ہوئی نوزائیدہ کا وزن ڈھائی کلو ہے۔
ہسپتال کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ماں اور بچی دونوں صحت مند ہیں۔
اس سے قبل جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی اس بچی کے رشتہ داروں نے سپریم کورٹ سے بچی کے اسقاط حمل کی اجازت مانگی تھی۔ لیکن سپریم کورٹ نے یہ کہتے ہوئے اجازت نہیں دی کہ ایسا کرنے سے ماں اور بچے دونوں کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
سپریم کورٹ نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پر فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسقاط حمل نہ تو خود اس بچی کے لیے ٹھیک ہوگا نہ ہی اس کی کوکھ میں پل رہے بچے کے لیے۔
دس سال کی بچی کے ساتھ مبینہ طور پر اس کے چچا نے ریپ کیا تھا۔ انڈیا میں قانونی طور پر 20ہفتے کے اندر ہی اسقاط حمل کی اجازت ہے۔
خبر رسان ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ماں بننے والی اس بچی کو نہیں معلوم کہ اس کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ اسے یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ وہ حاملہ تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بچی کو اس کے والدین نے بتایا ہے کہ پیٹ میں کسی بیماری کی وجہ سے ڈاکٹروں نے اس کا آپریشن کیا ہے۔ بچی کے والد نے ہسپتال سے درخواست کی ہے کہ وہ نوزائیدہ کو کسی کو گود دلوانے میں مدد کرے۔
چچا کی زیادتیوں کا شکار ہونے والی بچی کو جب پیٹ میں درد کی شکایت رہنے لگی تو والدین نے ہسپتال میں داخل کروایا تھا۔ اسی دوران ڈاکٹروں کو معلوم ہوا کہ وہ 30 ہفتوں سے حاملہ تھی۔