امن کی آشا، ’ٹوٹل سیاپا‘ کیسے بنی

،تصویر کا ذریعہofficial poster
پاکستانی گلوکار اور بالی وڈ کے اداکار علی ظفر کی نئی فلم ’ٹوٹل سياپا‘ جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے۔
تاہم اس فلم کا نام پہلے یہ نہیں تھا اور ابتدا میں اسے ’امن کی آشا‘ کا نام دیا گیا تھا۔
بی بی سی ہندی سے بات چیت میں علی ظفر نے نام کی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دراصل اس فلم کے اندر اتنا سياپا ہے کہ ہمیں لگا فلم کا نام بھی ٹوٹل سياپا ہونا چاہیے۔ جو لوگ اس لفظ کو سمجھتے ہیں انہیں پتہ ہے کہ سياپا کا مطلب ہے جھگڑا۔‘
علی کا دعویٰ ہے کہ ’فلم کے اندر اتنا سياپا مچتا ہے کہ آپ ہنس ہنس کر پریشان ہو جائیں گےاور یہ سارا جھگڑا صرف اس لیے ہے کہ ایک پاکستانی لڑکا بھارتی لڑکی کا ہاتھ مانگنے چلا جاتا ہے۔‘
علی ظفر نے اب تک ’تیرے بن لادن‘، ’میرے برادر کی دلہن‘ اور ’چشمِ بد دور‘ جیسی فلموں میں کام کیا ہے جن میں ہیرو کی زندگی اکثر الجھن کا شکار ہی رہی ہے۔
اس سوال پر کہ کیا ان کی ذاتی زندگی میں اس فلم جیسا کچھ سياپا ہوا، علی کہتے ہیں: ’زندگی میں تو چلتا ہی رہتا ہے۔ مجھے لگتا ہے سب سے زیادہ سياپا تو سیاسی ہوتا ہے۔‘
ان کے مطابق ’ہر روز ٹی وی چینلز پر ایک سياپا ہوتا ہے لگتا ہے جیسے دنیا صرف ختم ہی ہونے والی ہے۔ مجھے لگتا ہے ایک نیوز چینل ہونا چاہیے جس کا نام ہو کل سياپا۔‘
علی ظفر کو حال ہی میں ایک اخبار کی طرف سے دنیا کا سب سے پرکشش مرد قرار دیا گیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں ریتك روشن کو شکست دے کر یہ مقام حاصل کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
علی خود اس بات پر حیران ہیں اور اس کا ذکر ہونے پر بولے کہ ’مجھے نہیں پتہ کس طرح ہوا ہے۔ اچھی بات ہے اگر مداح ایسا سمجھتے ہیں تو میں خوش نصیب ہوں لیکن بہت سارے مرد مجھ سے بہتر نظر آتے ہیں اور شاید پرکشش بھی زیادہ ہیں۔‘







