
تین گروہوں کی جانب سے دھمکیوں کے باوجود جے پور میں ادبی میلے کا آغاز نوبل امن انعام یافتہ دلائی لامہ کی آمد کے ساتھ بودھ منتروں اور پاکستانی مصنفوں کی گفتگو کے ساتھ ہوا۔
نوبیل انعام یافتہ دلائی لامہ سب کی توجہ کا مرکز تھے جنہوں نے امن اور آشتی پر مبنی ایک طاقتور پیغام دیا اور دوسری جانب پاکستانی مصنفوں نے بھی کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
پاکستانی مصنفوں نے بہت خوشگوار ماحول میں شرکت کی اور میلے کے منتظمین بھی کسی دھمکی کو خاطر میں لاتے دکھائی نہیں دیے۔
پاکستان کے معروف مصنف جمیل احمد نے کہا ’مجھے بہت دکھ ہے کہ پاکستان کے اجوکا تھیٹر گروپ کے ساتھ تذلیل آمیز سلوک کیا گیا۔ لوگوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے برسوں تک دونوں ممالک کے لوگوں کو قریب لانے کے لیے انتھک محنت کی ہے، یہ لوگ دوستی کے لیے کام کر رہے ہیں اور یہ بہت دکھ کی بات ہے کہ ان کو ڈرامہ پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔‘

نوبل انعام یافتہ دلائی لامہ سب کی توجہ کا مرکز تھے جنہوں نے امن اور آشتی پر مبنی ایک طاقتور پیغام دیا
دلائی لامہ نے چین اور بھارت کے درمیان دوستی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہندی چینی بھائی بھائی کے نعرے پر عملدر آمد ہونا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سزائے موت کے حق میں نہیں ہیں جبکہ ان کے خیال میں خوتین کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔
دلائی لامہ نے کہا کہ ان کے خیال میں تعلیم سب سے بڑا تحفظ ہے ۔
ایک مسلمان گروہ اور بی جے پی کے نوجوانوں کے شعبے نے اس میلے پر احتجاج کا اعلان کیا تھا مگر جب اس کا آغاز ہوا تب ایسا کوئی احتجاج نظر نہیں آیا۔
شہر میں بڑی تعداد میں لوگ ادبی میلے میں شرکت کے لیے جا رہے تھےجس میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں لوگ آئے ہیں۔
ریاست راجھستان کے وزیراعلیٰ اشوک گیہلٹ نے ان منتشر مزاج عناصر پر غصہ کا اظہار کیا جنہوں نے اس میلے کے لیے مسائل پیدا کیے۔

منتظمین کے مطابق اس میلے میں دو سو تراسی مصنف اور لکھاری شرکت کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ اشوک نے بی جے پی سمیت تین گروہوں کی جانب سے دی گئی دھمکیوں کے بارے میں کہا کہ ’ہم سب پاکستانی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کی جانے والی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں مگر پاکستانی ادیبوں اور مصنفوں کے ایسے ادبی میلے میں شرکت کو سیاسی مسئلہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ بعض اوقات کھلاڑی، فنکار، مصنف اس طرح کے تناؤ کو کم کرتے ہیں۔‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ اس میلے کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
منتظمین کے مطابق اس میلے میں دو سو تراسی مصنف اور لکھاری شرکت کر رہے ہیں۔
پہلے دن معروف بھارتی اداکارہ شرمیلا ٹیگور، شبانہ اعظمی، اور نغمہ نگار جاوید اختر نے شرکت کی۔






























