شاہ رخ خان کے رہتے انوشکا کو نہیں بھولیں گے وراٹ کوہلی

اٹلی میں شادی، برفیلی وادیوں میں ہنی مون، موسم سرما کے دنوں دہلی میں استقبالیہ اور پھر ممبئی میں استقبالیہ کے ساتھ اداکارہ انوشکا شرما اور کرکٹر وراٹ کوہلی کی شادی کی تقریب اب مکمل ہوگئی ہے۔

گذشتہ روز 26 دسمبر کو انھوں نے ممبئی میں فلم انڈسٹری اور کھیل کی دنیا کے دوستوں کے لیے عشائیہ رکھا تھا۔

استقبالیہ میں فلم انڈسٹری کے کئی سٹارز شامل ہوئے اور سوشل میڈیا پر اس پارٹی پر لوگوں کی نظریں رہیں۔ 'وروشکا' نامی ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر بہت دیر تک سر فہرست رہا۔ خیال رہے کہ شادی سے قبل ہی سوشل میڈیا پر ان دونوں کے نام وراٹ اور انوشکا کو ملا کر وروشکا بنا دیا گيا تھا۔

بالی وڈ کے لیجنڈ امیتابھ بچن اس استقبالیہ میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ شریک ہوئے اور انھوں نے چند تصویریں بھی شیئر کیں اور اپنے مداحوں کو بھی اس کا حصہ بنایا۔

استقبالیہ میں مہندر سنگھ دھونی اپنے بیٹی اور اہلیہ ساکشی کے ساتھ شریک ہوئے۔

اداکار رنبیر کپور بھی ریسپشن میں نظر آئے۔ رواں سال ان کی فلم اے دل ہے مشکل فلاپ رہی تھی اور فلم میں رنبیر کپور کو انوشکا نہیں مل پاتی ہے اور اصل زندگی میں بھی ایسا نہیں ہو پایا۔ فلم میں جو دل ٹوٹتا نظر آیا تھا ریسپشن میں وراٹ اور رنویر نے اسے یوں جوڑ دیا۔

ممبئی میں دہلی کے دو لڑکے جب ملتے ہیں تو ایک سماں بندھ جاتا ہے۔ رقص کا ماحول پیدا ہو جاتا ہے اور یہی اس وقت ہوا جب بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان وہاں پہنچے۔ خیال رہے کہ انوشکا شرما کو شاہ رخ خان کی فلم 'رب نے بنا دی جوڑی' کے ساتھ سب سے بڑا بریک ملا تھا اور اس کے بعد انھوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

سوشل میڈیا انسٹا گرام پر ریسپشن پارٹی کے چند ویڈیوز شیئر کیے گئے ہیں جن میں شاہ رخ خان اپنی ہی فلم کے گیتوں پر تھرکتے نظر آئے۔

شاہ رخ کے ساتھ فلم جب تک ہے جاں میں بھی انوشکا اہم کردار میں ہیں اور اس فلم میں شاہ رخ کے کئی رومانوی مکالمے مشہور ہوئے تھے۔ ریسپشن میں بھی شاہ رخ خان ان مکالموں کو کہتے نظر آئے جس میں کچھ سوشل ایڈیٹنگ تھی یعنی چہرہ وراٹ کا اور الفاظ شاہ رخ کے۔

اس استقبالیہ میں انوشکا شرما بھی رقص کرتی نظر آئیں۔ اس ویڈیو میں ایک پنجابی گیت پر آپ شاہ رخ خان، وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کو ڈانس کرتے دیکھ سکتے ہیں۔

اس ریسپشن میں کرکٹر پانڈیا برادران بھی نظر آئے۔ پانڈیا برادران نے آئی پی ایل میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا تھا۔ ریسپشن میں ان کے انداز باراتیوں جیسے نظر آئے جسے اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔

کوہلی کی شادی رواں سال کھیل اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا کی سب سے بڑی شادی کہی جا سکتی ہے۔

گذشتہ رات کے ریسپشن میں اداکارہ کنگنا راناوت، سچن تنڈولکر، سوربھ گانگولی، انیل کمبلے، روی شاستری، ہدایت کار انوراگ کشیپ اور موسیقار اے آر رحمان بھی نظر آئے۔ ان کے علاوہ مشاہیر کی ایک لمبی فہرست ہے۔