وہ پائلٹ جنھوں نے انجانے میں اسامہ بن لادن کو سوڈان سے افغانستان پہنچایا

آریانا افغان ایئرلائن کے پائلٹ محمد عمر افضل
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 7 منٹ

یہ اس پرواز کی کہانی ہے جس میں اسامہ بن لادن کو مبینہ طور پر سوڈان سے افغانستان پہنچایا گیا تھا۔

مئی 1996 میں ایک طیارہ افغانستان سے سوڈان کے دار الحکومت خرطوم روانہ ہوا۔

11 ستمبر 2001 کے حملوں کی 25ویں برسی کے موقع پر آریانا افغان ایئرلائن کے سابق پائلٹ محمد عمر افضل نے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ اس پرواز کے ذریعے اسامہ بن لادن سوڈان سے افغانستان آئے، تاہم اُس وقت انھیں معلوم نہیں تھا کہ مسافروں میں القاعدہ کا سربراہ بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ اسامہ بن لادن شدت پسند تنظیم القاعدہ کے سربراہ تھے۔ ان پر 11 ستمبر 2001 کو امریکہ میں ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔ وہ مئی 2011 میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکی فوج کے ایک آپریشن میں ہلاک کیے گئے تھے۔

بی بی سی سے گفتگو میں محمد عمر افضل نے اُس پرواز کی تفصیلات بیان کیں جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ بعد میں معلوم ہوا کہ اس میں اسامہ بن لادن بھی سوار تھے۔

محمد عمر افضل بتاتے ہیں کہ پرواز کے کپتان سید نبی آغا تھے (جو اب وفات پا چکے ہیں) اور اسے سوڈانی حکومت نے چارٹر کیا تھا۔

’طیارہ دن کے تین یا چار بجے بگرام سے اُڑا اور جلال آباد پہنچا، منصوبہ یہ تھا پشاور سے آنے والے سوڈانی مسافروں کو ان کے ملک پہنچایا جائے گا۔‘

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

محمد عمر کو اس پرواز کے غیر معمولی ہونے کا پہلا اشارہ اس وقت ملا جب طیارہ سعودی عرب کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔

وہ بتاتے ہیں کہ پرواز کا کال سائن ایف جی 602 تھا، جو عام طور پر جدہ جانے والی پروازوں کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ کال سائن ہوا بازی میں کسی پرواز کی شناخت کے لیے استعمال ہونے والا مخصوص کوڈ یا نام ہوتا ہے، جس کے ذریعے فضائی ٹریفک کنٹرول اور پائلٹ ایک دوسرے سے رابطہ کرتے ہیں۔

عمر افضل کے مطابق جب طیارے نے سعودی فضائی حدود میں داخل ہو کر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا تو سعودی حکام نے انھیں نیچے اترنے کی ہدایت دی۔ عملے نے جواب دیا: ’نہیں، ہم تو خرطوم جا رہے ہیں۔‘

اس پر سعودی حکام نے طیارے کو فوراً آگے بڑھنے کی اجازت دینے کے بجائے فضا میں انتظار کرنے کا کہا۔

ان کے بقول ہوا بازی کی اصطلاح میں اسے ’ہولڈنگ پیٹرن‘ کہا جاتا ہے، جس میں طیارہ ایک مخصوص دائرے میں گردش کرتا رہتا ہے۔ سعودی حکام کا کہنا تھا کہ ’اس پرواز کا نمبر تو جدہ کے لیے مختص ہے، مگر آپ سوڈان جا رہے ہیں۔‘

محمد عمر افضل کہتے ہیں کہ طیارے نے تقریباً سات منٹ، یا شاید اس سے کچھ زیادہ وقت، فضا میں انتظار کیا اور 360 درجے کا ایک چکر مکمل کیا۔ اس کے بعد سعودی حکام نے دوبارہ رابطہ کر کے پرواز کو خرطوم کی جانب سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

اور پھر، سوڈان پہنچنے پر مزید غیر معمولی باتیں سامنے آئیں۔ طیارے کو ایک فوجی پارکنگ ایریا میں لے جایا گیا، جہاں فوجی اہلکار اور سادہ لباس میں موجود افراد موجود تھے۔

اسامہ بن لادن
،تصویر کا کیپشنآریانا افغان ایئرلائن کے پائلٹ محمد عمر افضل کا دعویٰ ہے کہ وہ سوڈان سے ایک پرواز افغانستان لائے تھے، اور بعد میں انھیں معلوم ہوا کہ اُس طیارے میں اسامہ بن لادن سوار تھے

محمد عمر افضل کے مطابق خرطوم پہنچنے پر عملے کے پاسپورٹ چیک کیے گئے نہ کوئی جانچ پڑتال ہوئی، اور انھیں سیدھا ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔

اگلی صبح 10 بجے، جب جہاز کا عملہ ناشتے سے فارغ ہوا تو اطلاع ملی، ’نیچے آ جائیے، افغان سفیر ہم سے ملاقات کریں گے۔‘

افغانستان کے سفیر نے عملے کو بتایا کہ چار افراد کے لیے ویزے جاری کیے گئے ہیں اور تقریباً 11 ٹن (11 ہزار کلوگرام) کارگو افغانستان منتقل کیا جانا ہے، ’جب وہ تیار ہو جائیں گے تو آپ کو آگاہ کر دیا جائے گا، تب آپ اُڑان بھریں گے۔‘

محمد افضل نے بی بی سی کو بتایا کہ طیارے کا عملہ تقریباً چار روز تک خرطوم میں مقیم رہا اور پھر واپسی کی تیاری کے لیے ہوائی اڈے پہنچا۔

تاہم جب وہ طیارے میں سوار ہوئے تو ایک اور حیرت ان کا انتظار کر رہی تھی۔

افغان سفیر نے انھیں بتایا تھا کہ چار افراد کو ویزے جاری کیے گئے ہیں، ’لیکن جب ہم طیارے میں داخل ہوئے تو وہ مسافروں سے بھرا ہوا تھا۔‘

محمد عمر افضل کہتے ہیں کہ یہ صورتحال نہ صرف ان کے لیے حیران کن تھی بلکہ فضائی سفر کے معمول کے طریقۂ کار کے بھی خلاف تھی۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا: ’سچ پوچھیں تو یہ ایک غیر معمولی صورتحال تھی۔ ہم یہ سمجھ رہے تھے کہ جب ہم طیارے میں سوار ہوں گے تو اس میں چار افراد بیٹھے ہوں گے اور باقی جہاز خالی ہو گا، جبکہ 11 ٹن کارگو سامان بردار حصے میں رکھا ہو گا۔‘

ان کے مطابق عملہ بوئنگ 727 کے عقبی دروازے سے طیارے میں داخل ہوا، جہاں سیڑھیاں بھی لگی ہوئی تھیں، مگر اندر پہنچ کر وہ حیران رہ گئے۔

محمد عمر افضل کے مطابق عقبی نشستوں کے قریب کتابیں اور کمپیوٹر رکھے ہوئے تھے، طیارے میں چار سے چھ خواتین بھی موجود تھیں جبکہ مجموعی طور پر مسافروں کی تعداد تقریباً 95 تھی۔

یہ تعداد ابتدا میں دی گئی معلومات سے کہیں زیادہ تھی، جب عملے نے اس بارے میں اعتراض کیا تو طیارہ چارٹر کرانے والوں کے رابطہ کار کا جواب تھا: ’ہم نے یہ طیارہ چارٹر کیا ہے اور اس کی ادائیگی بھی کی ہے۔ ہم کیا منتقل کر رہے ہیں، یہ ہمارا معاملہ ہے۔ آپ کو صرف طیارہ اُڑانا ہے۔‘

محمد عمر افضل (بائیں) بی بی سی پشتو کے ندیم اشرف کو انٹرویو دے رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنمحمد عمر افضل (بائیں) بی بی سی پشتو کے ندیم اشرف کو انٹرویو دے رہے ہیں

محمد عمر افضل کے مطابق عملے نے صورتحال پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور افغان سفیر سے رابطہ کرانے کا مطالبہ بھی کیا، تاہم انھیں بتایا گیا کہ طیارہ چارٹر کیا جا چکا ہے اور پرواز اُڑانا ان کی ذمہ داری ہے۔

وہ بتاتے ہیں کہ چونکہ عملہ مسافروں کی ان کے ناموں سے شناخت نہیں کرتا بلکہ صرف یہ تصدیق کرتا ہے کہ ان کی تعداد کتنی ہے، اس لیے یہ معلوم نہ ہو سکا کہ طیارے میں سوار افراد کون تھے۔

واپسی کے سفر میں طیارہ دبئی میں مختصر قیام کے بعد افغانستان روانہ ہوا۔ محمد عمر افضل کے مطابق منصوبے کے تحت طیارے کو بگرام میں اترنا تھا، لیکن کابل رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ اب منزل تبدیل ہو چکی ہے۔

کنٹرول ٹاور سے موصول ہونے والا پیغام تھا: ’آپ کو کابل میں لینڈنگ کی اجازت نہیں ہے، اس کے بجائے آپ کو جلال آباد میں اترنا ہو گا۔‘

محمد عمر افضل کے مطابق جب طیارہ جلال آباد میں اترا تو مسافروں کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ ’وہاں افغانوں کے علاوہ عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی موجود تھے۔ میں نے مختلف تنظیموں کے افراد کو دیکھا، جن میں جمعیتِ اسلامی، حزبِ اسلامی اور دیگر جماعتوں کے لوگ شامل تھے۔‘

وہ بتاتے ہیں کہ ’جب مسافر طیارے سے اترے تو وہاں خوشی کا سماں تھا۔ لوگ ایک دوسرے کو گلے لگا رہے تھے، مبارک باد دے رہے تھے اور بعض تو خوشی سے رو بھی رہے تھے۔‘

اس وقت تک عملے کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ان مسافروں میں کون لوگ شامل ہیں۔ محمد عمر افضل کا دعویٰ ہے کہ کئی برس بعد انھیں پتا چلا کہ اس پرواز کے مسافروں میں اسامہ بن لادن بھی موجود تھے۔

آریانا افغان ایئرلائن کا طیارہ

وہ کہتے ہیں کہ جب طالبان نے کابل کا کنٹرول سنبھال لیا تو وہ دوبارہ کابل، قندھار، دبئی، شارجہ اور جلال آباد کے درمیان اپنی معمول کی تجارتی پروازیں اڑا رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس زمانے میں آریانا کے تین یا چار بوئنگ 727 طیارے روزانہ ان فضائی راستوں پر پرواز کرتے تھے۔

محمد عمر افضل کے بقول ایک روز وہ ایک پرواز کے دوران اپنے ساتھی کپتان سید نبی کے ساتھ تھے، جب سید نبی نے ان سے کہا: ’عمر، میں تمھیں ایک بات بتاتا ہوں۔‘

سید نبی نے پوچھا: ’تمھیں معلوم ہے کہ سوڈان سے جس پرواز کو ہم لے کر آئے تھے، اس میں مسافر کون تھا؟‘

محمد عمر افضل کا کہنا ہے کہ انھوں نے جواب دیا: ’مجھے کیا معلوم؟‘ اس پر سید نبی نے انھیں بتایا: ’وہی شخص، وہی آدمی، اسی پرواز میں سوار تھا۔‘

افضل کہتے ہیں کہ اس پر انھوں نے حیرت سے پوچھا: ’کپتان صاحب، آپ کو یہ کیسے معلوم ہے؟‘ تو سید نبی نے جواب دیا: ’مجھے خود مولوی منصور نے بتایا تھا۔‘

مولوی منصور طالبان کے پہلے دورِ حکومت میں وزیر برائے شہری ہوا بازی تھے۔

محمد عمر افضل کے مطابق مولوی منصور کا سید نبی آغا کے ساتھ قریبی تعلق تھا، اور انھوں نے کہا تھا: ’انھیں (اسامہ بن لادن کو) تم ہی لوگ افغانستان لے کر آئے تھے۔‘

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔