سنگاپور میں منی لانڈرنگ کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی، 735 ملین ڈالر کے اثاثے ضبط

،تصویر کا ذریعہSINGAPORE POLICE FORCE
- مصنف, اینابیل لیانگ
- عہدہ, کاروباری رپورٹر
سنگاپور پولیس نے منی لانڈرنگ کے خلاف اپنی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کے دواران تقریباً 735 ملین ڈالر کے اثاثے ضبط کیے ہیں۔ ان میں لگژری گھر، گاڑیاں اور گھڑیاں شامل ہیں۔
چھاپوں میں پکڑی جانے والی دیگر اشیا میں سونے کی اینٹیں، ڈیزائنر ہینڈ بیگ، شراب اور تقریباً 17 ملین ڈالر نقد بھی شامل ہیں۔
پولیس نے کارروائی میں دس افراد کو گرفتار کیا جن میں سے تمام کے پاس غیر ملکی پاسپورٹ تھے۔
اس پیمانے کے چھاپے سنگاپور میں کم ہی ہوتے ہیں جہاں جرائم کی شرح باقی دنیا کے مقابلے سب سے کم ہے۔
سنگاپور پولیس فورس نے ایک بیان میں کہا کہ منگل کو ریاست میں بیک وقت چھاپے مارے گئے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا کہ 94 مکانات اور 50 گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہSINGAPORE POLICE FORCE
31 سے 44 سال کے درمیان دس افراد کو منی لانڈرنگ اور جعلسازی کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد کے پاس چین، کمبوڈیا، ترکی اور وانواتو کے پاسپورٹ تھے۔
پولیس کے مطابق اس گروپ پر ’بیرون ملک منظم جرائم کی سرگرمیوں بشمول سکیم اور آن لائن جوئے سے حاصل ہونے والی رقم کی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا شبہ تھا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات کرنے والے پولیس کے کمرشل افیئر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ڈیوڈ چیو نے کہا ’ہم مجرموں کا سنگاپور کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنا برداشت نہیں کرتے۔‘

،تصویر کا ذریعہSINGAPORE POLICE FORCE
انھوں نے مزید کہا کہ ’ان مجرموں کے لیے ہمارا پیغام سادہ ہے۔ اگر ہم آپ کو ڈھونڈھ لیتے ہیں تو ہم آپ کو گرفتار کر لیں گے۔ اگر ہمیں آپ کے ناجائز منافع کا پتا چلتا ہے تو ہم انھیں ضبط کر لیں گے۔ ہم آپ کے ساتھ اپنے قوانین کے مطابق پوری حد تک نمٹیں گے،‘
پولیس نے کہا کہ مزید 12 افراد تحقیقات میں مدد کر رہے ہیں جبکہ آٹھ دیگر افراد اس وقت مطلوبہ لوگوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
ملک کے مرکزی بینک اور مالیاتی ریگولیٹر مانیٹری اتھارٹی آف سنگاپور نے کہا کہ وہ مالیاتی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں ’جہاں ممکنہ طور پر مشکوک فنڈز کی نشاندہی کی گئی ہے۔‘


























