لیاقت عباس بھٹی قتل کیس: ملزمان گاڑیاں بیچ کر افغانستان فرار ہونے والے تھے، پولیس کا دعویٰ

Punjab Police
    • مصنف, شہزاد ملک اور احتشام احمد شامی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 7 منٹ

انتباہ: اس تحریر میں شامل چند تفصیلات قارئین کے لیے پریشان کن ہو سکتی ہیں۔

پاکستان کے صوبے پنجاب کے شہر حافظ آباد کی پولیس نے سابق وزیر مملکت لیاقت عباس بھٹی کے قتل کیس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان ’ایک ماہ سے قتل کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور ان کا لوٹا گیا اسلحہ اور گاڑیاں بیچ کر افغانستان کے راستے بیرونِ ملک فرار ہونے کا ارادہ تھا۔‘

یاد رہے کہ پنجاب کے ضلع حافظ آباد کے تھانہ سٹی میں سابق وزیر مملکت چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے قتل کے الزام میں ان کے چار ذاتی محافظوں سمیت 11 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے مقدمے میں نامزد تین افراد کو خیبر پختونخوا کے علاقے ملاکنڈ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اس مقدمے کی تفتیشی ٹیم میں شامل ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ گرفتار ہونے والے افراد میں وہ سکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے جو کچھ عرصہ پہلے مقتول لیاقت بھٹی کے ساتھ بطور سکیورٹی گارڈ ڈیوٹی کرتا تھا۔

پولیس اہلکار کے مطابق ملزمان کو گاڑیوں میں نصب سکیورٹی سسٹم کی مدد سے ٹریس کیا گیا تھا۔

گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان اشتہاری ہیں: آر پی او گجرانوالہ

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی اور) گوجرانوالہ خرم شہزاد وڑائچ نے سوموار کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’ملزمان ایک ماہ سے قتل کی پلاننگ کر رہے تھے۔‘

انھوں اسے ایک ’سوچا سمجھا اور پہلے سے طے شدہ قتل‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’ملزمان کی اگلی منزل گاڑیاں اور اسلحہ بیچ کر افغانستان فرار ہونا اور پھر افغانستان سے کسی اور ملک نکل جانا تھا۔‘

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر حافظ آباد پولیس بروقت ملزمان کا تعاقب کر کے چھاپہ مار کارروائی نہ کرتی تو کم از کم صوابی سے تعلق رکھنے والے دونوں ملزمان ملک سے فرار ہو چکے ہوتے۔‘

آر پی او کے مطابق ’ملزمان نے ایک گاڑی کا ایک کروڑ روپے میں سودا بھی کر لیا تھا اور باقی گاڑیوں اور اسلحے کا سودا کر رہے تھے۔‘

خرم وڑائچ کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان اشتہاری ہیں جن میں سے دو قتل کے مقدمات میں پہلے ہی مختلف علاقوں مطلوب تھے۔

پولیس کے مطابق اس مقدمے میں مطلوب چوتھے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک گاڑی اور کچھ اسلحہ بھی ملزم فرحان علی کے پاس ہے

آر پی اور کا کہنا تھا کہ ’اگر لیاقت عباس بھٹی نے سکیورٹی گارڈز رکھتے وقت ان کی پولیس ایپ سے رجسٹریشن کروائی ہوتی تو ملزمان کا کریمینل ریکارڈ سامنے آجاتا۔‘

انھوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ ’ملازمین رکھتے وقت ان کو پولیس ایپ پر رجسٹرڈ کروائیں تاکہ اگر کسی کا مجرمانہ ریکارڈ ہو تو سامنے آ جائے۔‘

آر پی او نے دعویٰ کیا ہے کہ ’پولیس نے قتل کی واردات کے بعد جائے وقوعہ سے چھری اور وہ رسی برآمد کرلی ہے جس سے لیاقت عباس بھٹی کو پھندا لگایا گیا۔‘

انھوں نے دعویٰ کیا کہ مقتول کے گلے پر رسی کے واضح نشانات تھے۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے 19 ثبوت اکٹھے کیے گئے تھے۔

تاہم اس سے قبل سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت عباس بھٹی کے رشتہ دار اظہر عباس بھٹی نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ لیاقت عباس بھٹی کے باڈی گارڈز، جن کو کچھ عرصہ پہلے ہی ملازمت پر رکھا گیا تھا، کی ’تمام چھان بین کی گئی تھی اور متعلقہ تھانے میں ان کا اندراج بھی کروایا گیا تھا۔‘

پولیس
،تصویر کا کیپشنپولیس افسران جائے وقوعہ پر موجود

ایف آئی آر میں کیا کہا گیا ہے؟

اس مقدمے کے مدعی پنجاب اسمبلی کے رکن چوہدری ضمیر الحسن بھٹی ہیں جبکہ مقدمہ کی ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302 (قتل) اور 395 (ڈکیتی) لگائی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق لیاقت عباس بھٹی کے قتل میں چار ملازمین شامل تھے جن میں سے دو کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ڈیڑھ سال سے بطور سکیورٹی گارڈ ملازمت کر رہے تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق یہ واردات پیٹرول پمپ سے ملحقہ رہائش گاہ پر پیش آئی جہاں چاروں ذاتی محافظوں نے مل کر لیاقت عباس بھٹی کو قتل کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے چچا مقتول لیاقت عباس بھٹی 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب دیگر دو افراد کے ساتھ عباس پیٹرول فلنگ سٹیشن حافظ آباد پر موجود تھے جب ملزمان اسلحہ سمیت اندر گھسے۔

’لیاقت عباس بھٹی نے جب مزاحمت کی تو ایک گن مین نے ان کو بیڈ پر گرا دیا اور دوسرے نے ان کے بازو پکڑ لیے، دو ملزمان نے ٹانگوں سے پکڑ لیا جس کے بعد ایک ملزم نے گلہ دبا کر قتل کر دیا اور گھر سے سامان لوٹ کر لے گئے۔‘

مدعی مقدمہ کے مطابق وہ خود 19 نومبر کی دوپہر جائے واردات پر پہنچے جہاں انھوں نے دیکھا کہ ان کے ’چچا بیڈ پر مردہ حالت میں پڑے ہیں اور سامان بکھرا ہوا ہے۔ دوسرا کمرا کھولا تو گواہان رسیوں سے بندھے ہوئے تھے جن کو آزاد کروایا اور انھوں نے واقعے کے بارے میں بتایا۔‘

لیاقت عباس بھٹی

ایف آئی آر کے مطابق ’ملزمان جاتے ہوئے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا پچاس تولے سونا، بیس لاکھ روپے نقد، تین قیمتی گاڑیاں، اسلحہ اور گھر سے سارا سامان بھی لوٹ کر لے گئے۔‘

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ تین گاڑیوں میں ایک پراڈو، ایک ویگو ڈالا اور ایک لینڈ کروزر شامل ہیں جو ملزمان چرا کر ساتھ لے گئے۔

لیاقت عباس بھٹی کون ہیں؟

لیاقت عباس بھٹی ہائوسنگ اینڈ ورکس کے وزیر مملکت رہ چکے ہیں۔ وہ ضلع حافظ آباد کے حلقہ این اے 103 سے سال 2002 اور 2008 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

وہ سال 2013 میں بھی اسی حلقے سے منتخب ہوئے تاہم انتخابی بے ضابطگیوں کے باعث یہ انتخاب کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔

ان کا تعلق حافظ آباد کے علاقے پنڈی بھٹیاں کے معروف سیاسی بھٹی خاندان سے تھا۔ وہ سابق ایم این اے مہندی حسن بھٹی کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی حسن بھٹی کے چچا تھے، تاہم ان دنوں لیاقت عباس بھٹی کی سیاسی راہیں اپنے بھائی سے الگ ہو چکی تھیں۔

2018 میں انھوں نے اپنے بھتیجے شوکت علی بھٹی کے مدمقابل این اے 87 سے انھوں نے الیکشن لڑا لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

ابتدائی طور پر پولیس کا کیا کہنا تھا؟

ابتدائی طور پر آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد وڑائچ نے بی بی سی اردو کو بتایا تھا چودھری لیاقت عباس بھٹی کی موت مشکوک حالات میں ہوئی تھی جس کی پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

آر پی او نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث سکیورٹی گارڈز، مقتول کی ذاتی گاڑیوں کے ہمراہ غائب ہیں، جبکہ مقتول کا ذاتی اسلحہ بھی رہائش گاہ سے غائب پایا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس کی ٹیمیں ذاتی ملازمین کا سراغ لگانے اور گاڑیاں برآمد کرنے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس

آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد وڑائچ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ابتدائی تحقیقات میں یہ واضح ہو گیا ہے کہ لیاقت بھٹی کو رسی سے پھندا دیکر قتل کیا گیا۔‘ ان کے مطابق لیاقت بھٹی کے گلے پر ’رسی کا واضح نشان موجود ہے۔‘

آر پی او خرم شہزاد کے مطابق ’لیاقت بھٹی کے منھ سے خون نکلنے کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔‘ انھوں نے بتایا کہ نعش رہائش گاہ سے ملحقہ ڈیرے کے کمرے سے ملی ہے۔

حافظ آباد پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ واردات کے بعد لیاقت عباس بھٹی کے پٹرول پمپ سے ان کی تینوں گاڑیوں کی ٹینکیاں فل کروائی گئیں، اور یہی تینوں گاڑیاں اس واردات کے بعد سے غائب ہیں۔

جائے وقوعہ کا دورہ کرنے والے تفتیشی ٹیم میں شامل پولیس افسران کا کہنا ہے کہ’ لیاقت عباس بھٹی نے واسکٹ پہن رکھی تھی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ واردات کے وقت وہ سوئے ہوئے نہیں تھے بلکہ جاگ رہے تھے اور ملزمان نے مل کر انھیں قتل کیا۔‘

ڈیرے پر کام کرنے والے ملازمین نے پولیس کو بتایا کہ لیاقت بھٹی رات ساڑھے گیارہ بجے تک اپنی رہائش گاہ سے ملحقہ خالی پلاٹ میں صفائی کا کام کرواتے رہے، جس کے بعد گھر چلے گئے۔

ان کی فیملی لاہور میں مقیم ہے اور وہ گھر میں اکیلے تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فواد احمد نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور میڈیا کو بتایا کہ ’نعش کی حالت سے لگتا ہے کہ لیاقت بھٹی کو مارنے کے بعد لٹا کر کمبل دے دیا گیا، تاکہ یہ لگے جیسے یہ سو رہے ہیں۔‘

مقتول کی نعش کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال حافظ آباد سے رات گئے پوسٹمارٹم کروا لیا گیا تھا جس کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

انھوں نے کہا کہ ملزمان کو ملازمت پر رکھے ہوئے کچھ ماہ ہی ہوئے تھے کہ یہ واقعہ ہو گیا۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔