لائیو , متحدہ عرب امارات کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر میں دھماکے کی اطلاع، مصر میں فیول ٹینکر حادثے میں 30 سے زائد افراد ہلاک
مصر کی وزارتِ صحت کے مطابق قاہرہ میں ایک مصروف شاہراہ پر فیول ٹینکر کے حادثے کے بعد لگنے والی آگ میں 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے ہیں۔یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کو دبئی سے 50 ناٹیکل میل مغرب میں متحدہ عرب امارات کے پانیوں میں ایک دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
شینژو 24 کا عملہ تیانگونگ خلائی سٹیشن میں داخل: ’چین اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی خلائی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز‘
چین کا انسان بردار خلائی مشن شینژو 24 تقریباً ساڑھے تین گھنٹے کے سفر کے بعد کامیابی سے تیانگونگ خلائی سٹیشن سے منسلک ہوا
مشن کے عملے میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں
محمد ذیشان علی تیانگونگ خلائی سٹیشن کا سفر کرنے والے پہلے پاکستانی خلا باز ہیں
یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلا بازوں پر مشتمل پہلی مشترکہ خلائی پرواز ہے
لائیو کوریج
پیٹرول کی قیمت میں چار روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے کمی
حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کر دی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں چار روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 314 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی پانچ روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 348 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق 26 نومبر کے لیے ہوگا۔
تعز میں حوثیوں کی گولہ باری، خاتون ہلاک، بچے سمیت سات افراد زخمی
،تصویر کا ذریعہSaba News
یمن کے شہر تعز کے جنوب مشرق میں مبینہ طور پر حوثیوں کی گولہ باری میں ایک خاتون ہلاک جبکہ ایک بچے سمیت سات دیگر شہری زخمی ہو گئے ہیں۔
یمن کے سرکاری خبر رساں ادارے صبا نیوز نے ایک مقامی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ گولہ باری جبل صبر کے علاقوں صبر الموادم اور المصرخ میں واقع دیہات کو نشانہ بنا کر کی گئی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ حملوں کے نتیجے میں کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
مصر میں فیول ٹینکر حادثہ، 30 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی
،تصویر کا ذریعہAl-Ahram Gate
مصر کی وزارتِ صحت کے مطابق قاہرہ میں ایک مصروف شاہراہ پر فیول ٹینکر کے حادثے کے بعد لگنے والی آگ میں 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ حادثہ پرانے شہر کے مرکز کے شمال میں واقع الوراق کے علاقے میں رنگ روڈ کے ایک حصے پر پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں آگ کے بڑے شعلے اور سیاہ دھواں رات کے آسمان کی طرف بلند ہوتے دکھائی دیے، جبکہ قریب کھڑی متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہو گئیں۔
حکام نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ آگ کیسے بھڑکی، تاہم سرکاری میڈیا کے مطابق ٹینکر الٹ گیا تھا، جس کے باعث قریب موجود گاڑیوں پر پٹرول پھیل گیا۔
بیان کے مطابق ابتدائی اندازوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ کاروں اور موٹر سائیکلوں سمیت 27 گاڑیاں جل گئی ہیں، جب کہ نقصانات کا اندازہ لگانے اور حادثے کی وجوہات اور اس کی ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
علاقائی سرکاری پراسیکیوٹر نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں سے ڈی این اے نمونے لینے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کی شام پیش آنے والے اس واقعے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں جلنے اور دھواں سانس میں جانے سے متاثر ہونے والے افراد کا علاج کیا گیا۔
سرکاری اخبار الاہرام نے تحقیقات سے آگاہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ نجی ٹھیکیدار کی ملکیت یہ ٹینکر شاہراہ پر سفر کر رہا تھا جب ایک ہائی وولٹیج کیبل اس کے سامنے آ گری، جس کے نتیجے میں ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا۔
اخبار کے مطابق اس کے بعد ٹینکر درمیانی حفاظتی پٹی عبور کر کے الٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔
،تصویر کا ذریعہAl-Ahram Gate
واقعے کی تصاویر میں آگ بجھائے جانے کے بعد شاہراہ پر لوگوں کا بڑا ہجوم دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ امدادی اداروں نے داخلی راستے بند کر رکھے تھے۔
وزارتِ صحت نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے اور متاثرین کی مدد کے لیے 39 ایمبولینسیں روانہ کی گئیں۔ وزارت نے مصر کے وزیرِ صحت کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں وہ قاہرہ کے ایک ہسپتال میں زخمیوں کے علاج کی نگرانی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ مصر میں حالیہ برسوں کے دوران آتشزدگی کے کئی مہلک واقعات پیش آ چکے ہیں۔
مصر میں ٹریفک حادثات بھی عام ہیں، جن کی ایک وجہ گاڑیوں اور سڑکوں کی ناکافی دیکھ بھال اور ٹریفک قوانین کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزی کو قرار دیا جاتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال مصر کی سڑکوں پر تقریباً 6,000 افراد ہلاک ہوئے، جو اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں کئی سو زیادہ ہیں۔
سرکاری نشریاتی ادارے این ایم اے کے مطابق امدادی عملے نے بعد ازاں شاہراہ کو صاف کر کے دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا۔
اس سے قبل جائے وقوع پر ایک بلڈوزر کو جل کر تباہ ہونے والی گاڑیوں کا ملبہ ہٹاتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر میں دھماکے کی اطلاع
یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) کو دبئی سے 50 ناٹیکل میل مغرب میں متحدہ عرب امارات کے پانیوں میں ایک دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
ادارے نے ایکس پر جاری بیان میں ایک آئل ٹینکر کے کپتان کے حوالے سے بتایا کہ جہاز کے قریب کسی نامعلوم پروجیکٹائل کے اثرات کے باعث دھماکا ہوا
،تصویر کا ذریعہUK_MTO
یو کے ایم ٹی او نے کہا کہ ٹینکر پر سوار عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں اور ان سے رابطہ قائم ہے، جبکہ جہاز کو نقصان پہنچنے یا ماحولیاتی آلودگی کے کوئی شواہد تاحال سامنے نہیں آئے ہیں۔
اب تک کی اہم خبروں کا خلاصہ
بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم جمعرات کے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے قبل گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
امریکہ نے چین، انڈیا اور یورپی یونین سمیت بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات (ٹیرف) عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ محصولات مختلف صنعتی شعبوں میں ضرورت سے زیادہ پیداوار اور اضافی پیداواری صلاحیت سے متعلق سیکشن 301 کی تحقیقات کے بعد عائد کیے جا رہے ہیں۔
سعودی عرب کی قیادت میں حوثیوں کے خلاف لڑنے والے فوجی اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ اس نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع جدہ بندرگاہ کے قریب حوثیوں کا ایک ڈرون تباہ کردیا ہے، جبکہ یمن کے حوثی جنگجوؤں نے سعودی عرب کی جدہ اور جازان بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران کی ادویات سازی کی صنعت سے متعلق اسرائیل کے الزامات کو ’جھوٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل ان الزامات کے ذریعے امریکہ کو ایک اور جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔
حوثیوں کے فوجی ترجمان حیحیٰ سریع نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر سعودی اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ پر بمباری کی اپنی دھمکی پر عمل کیا تو جدہ بندرگاہ اور بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کے تمام بندرگاہیں ہماری افواج کا ہدف ہوں گی
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
بلوچستان کے دو مختلف اضلاع کیچ اور مستونگ میں حملوں کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر حملہ کرکے پانچ گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا، جبکہ مستونگ میں معدنیات لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ سے ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے 190 ملین پاونڈ کے مقدمے میں سزا کے خلاف سابق وزیر اعظم عمران خان اور بشری بی بی کی اپیلوں کی سماعت کے دوران مجرمان کے وکیل کی جانب سے عدالتی کارروائی کی لائیو سٹریمنگ کی درخواست کو سننے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں یہ معاملہ انتظامی کمیٹی کے پاس ہے جس کے قواعد ابھی تک نہیں بنائے گئے۔
منگل کے روز امریکی ریاست مسیسیپی کے ساحل کے قریب ایک طیارہ گرنے کے نتیجے میں دو بچوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق سیسنا 210 طیارہ نیو اورلینز سے فلوریڈا کے شہر فورٹ مائرز جا رہا تھا۔
2022 میں یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک کم از کم 4 لاکھ 90 ہزار 334 روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔روسی ادارۂ شماریات (روس سٹاٹ) کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین جنگ کے نتیجے میں روس کو بہت بڑی انسانی قیمت چکانی پڑی ہے۔
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں شاہراہ فیصل کے قریب ایک چھ منزلہ زیر تعمیر عمارت کے گرنے کے نتیجے میں حکام نے ملبے کے نیچے سے تین لاشیں اور 14 زخمی افراد کو نکالنے کی تصدیق کر دی ہے۔
بریکنگ, سعودی عرب کے جدہ بندرگاہ کے قریب حوثی ڈرون تباہ، حوثیوں کا جدہ اور جازان بندرگاہوں پر حملے کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
سعودی عرب کی قیادت میں حوثیوں کے خلاف لڑنے والے فوجی اتحاد نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ اس نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع جدہ بندرگاہ کے قریب حوثیوں کا ایک ڈرون تباہ کردیا ہے، جبکہ یمن کے حوثی جنگجوؤں نے سعودی عرب کی جدہ اور جازان بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
حوثیوں نے ان حملوں کو یمن کی ایک بندرگاہ پر سعودی حملے کے جواب میں قرار دیا ہے۔ دونوں فریقوں کے درمیان گذشتہ چند روز میں جھڑپوں میں شدت آئی ہے۔
حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے کہا کہ جدہ اور جازان بندرگاہوں پر کیے گئے دونوں حملوں میں مطلوبہ اہداف کو نقصان پہنچا۔
اس سے قبل سعودی قیادت میں فوجی اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ اس نے یمن کے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع حدیدہ بندرگاہ کو نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ حوثیوں کی جانب سے داغا گیا ایک پروجیکٹائل جازان بندرگاہ پر گرا تھا، جس سے معمولی نقصان ہوا، تاہم کوئی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
ان کے مطابق پروجیکٹائل کی نوعیت معلوم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
سعودی فوجی اتحاد نے جدہ بندرگاہ کے قریب حوثیوں کا ڈرون تباہ کرنے کے حوالے سے کہا کہ ڈرون کے ملبے کے گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی چیز کو نقصان پہنچا۔
حوثیوں نے اس سے قبل سعودی عرب کی راس تنورہ آئل ریفائنری اور ریاض کے مالیاتی ضلع کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
جدہ بندرگاہ سعودی عرب کی بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اہم بندرگاہوں میں سے ایک ہے اور ملک میں سامان اور کنٹینرز کی نقل و حرکت کا ایک بڑا مرکز ہے۔
اسرائیل کی کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق ’جھوٹے‘ الزامات کا مقصد امریکہ کو دوبارہ جنگ میں دھکیلنا ہے: عباس عراقچی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران کی ادویات سازی کی صنعت سے متعلق اسرائیل کے الزامات کو ’جھوٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل ان الزامات کے ذریعے امریکہ کو ایک اور جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اسرائیل ایران پر ادویات سازی کے کارخانوں میں ایسے ہولناک ہتھیار تیار کرنے اور چھپانے کا الزام لگا رہا ہے۔
ان کے مطابق اس کا مقصد امریکہ کو اسرائیل کی خاطر ایک اور جنگ میں شامل کرنے کے لیے دھوکہ دینا ہے۔
عراقچی نے لکھا کہ اسرائیل گذشتہ ایک سال کے دوران دو مرتبہ امریکہ کو ایران کے ساتھ ایسی جنگ میں گھسیٹ چکا ہے جس میں امریکہ کو شکست ہوئی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پر یہ الزامات ایسے وقت میں لگائے جا رہے ہیں جب وہ کیمیائی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) اور کیمیائی ہتھیاروں کے خاتمے کی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کا رکن ہے، جبکہ ایران خود بھی صدام حسین کی حکومت کو مغربی جرمنی کی جانب سے فراہم کیے گئے کیمیائی ہتھیاروں کا نشانہ بن چکا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران پر کیمیائی ہتھیار تیار کرنے کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل تہران کو ایسی صلاحیت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
بلوچستان: کیچ میں تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر حملہ، پانچ گاڑیاں نذرِ آتش، مستونگ میں ڈرائیور ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ
بلوچستان کے دو مختلف اضلاع کیچ اور مستونگ میں حملوں کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر حملہ کرکے پانچ گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا، جبکہ مستونگ میں معدنیات لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ سے ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔
ایک سرکاری اہلکار اکرم بلوچ نے کیچ میں حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع کے علاقے بل نگور میں مچات کے مقام پر پیش آیا۔
ان کے مطابق حملے میں کیمپ سائٹ پر موجود گاڑیوں کے علاوہ دیگر اشیا کو بھی آگ لگائی گئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
انھوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے سائٹ پر موجود کارکنوں کو نشانہ نہیں بنایا، تاہم انھیں کام بند کرنے کی وارننگ دی گئی۔
تعمیراتی کمپنی کے مالک رئوف شہزاد نے فون پر بتایا کہ حملہ آوروں نے پانچ گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا، جن میں دو ٹینکر، دو ٹریکٹر اور ایک ڈبل ڈور پک اپ شامل ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ سے متصل ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد نے معدنیات لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے اس کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔
مستونگ میں ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گاڑی کو کھڈکوچہ کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈرائیور نور علی کا تعلق ضلع قلعہ عبداللہ سے تھا۔
اس سے قبل کھڈکوچہ ہی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ایک پل کو بھی دھماکہ خیز مواد سے نقصان پہنچایا تھا۔
سندھ میں مسیحی شہری بے وفائی ثابت کیے بغیر طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر سکیں گے, ریاض سہیل، بی بی سی اردو کراچی
سندھ ہائی کورٹ نے طلاق ایکٹ 1869 کی دفعہ 7 کو 1981 میں حذف کرنے کے اقدام کو سندھ کی حد تک کالعدم قرار دیتے ہوئے بحال کردیا ہے، جس کے بعد مسیحی شہری ازدواجی بے وفائی یا کسی مخصوص غلطی کا الزام ثابت کیے بغیر بھی طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرسکیں گے۔
جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس عبدالمبین لاکھو پر مشتمل سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ایک آئینی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے دفعہ 7 کی بحالی کا حکم دیا۔
طلاق ایکٹ 1869 مسیحی شہریوں کے ازدواجی معاملات کو منظم کرتا ہے۔ اس قانون کی دفعہ 7 کے تحت عدالتوں کو انگلینڈ کی ازدواجی عدالتوں کے اصولوں اور قواعد کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمات کا فیصلہ کرنے کی ہدایت تھی، تاہم 8 جولائی 1981 کو فیڈرل لاز (ریویژن اینڈ ڈیکلریشن) آرڈیننس کے ذریعے یہ دفعہ حذف کردی گئی تھی۔
اس کے بعد مسیحی شہریوں کے لیے طلاق حاصل کرنے کے قانونی راستے محدود ہوگئے تھے اور انہیں قانون کی دفعہ 10 کے تحت مخصوص وجوہات، مثلاً ازدواجی بے وفائی، ثابت کرنا پڑتی تھیں۔
عدالت کے مطابق ظلم و زیادتی یا دو سال سے زائد عرصے تک ترک تعلق جیسے اسباب عدالتی علیحدگی کی بنیاد تو بن سکتے تھے، لیکن ان کی بنیاد پر شادی ختم نہیں کی جاسکتی تھی۔
سندھ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ کسی شخص کو ایک ناکام ازدواجی رشتے میں رہنے، ازدواجی بے وفائی جیسے سنگین الزامات عائد کرنے یا اپنا مذہب چھوڑنے جیسے انتخاب پر مجبور کرنا آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق سے مطابقت نہیں رکھتا۔
فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 9 کے تحت زندگی اور شخصی آزادی، آرٹیکل 14 کے تحت انسانی وقار، آرٹیکل 20 کے تحت مذہبی آزادی اور آرٹیکل 25 کے تحت مساوات اور عدم امتیاز کے اصولوں کا حوالہ دیا گیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ 1981 میں دفعہ 7 کو حذف کرنے کا اقدام آئین کے آرٹیکل 8(1) کے تحت سندھ کی حد تک کالعدم ہے اور یہ دفعہ اپنی اصل صورت میں بحال تصور ہوگی۔
عدالت نے واضح کیا کہ دفعہ 7 کو دفعہ 10 کے ساتھ ملا کر پڑھا جائے گا۔ اس طرح مسیحی میاں یا بیوی شادی کے ناقابلِ اصلاح طور پر ختم ہوجانے کو طلاق کی بنیاد بنا سکیں گے، جبکہ دفعہ 10 کے تحت پہلے سے موجود مخصوص الزامات کی بنیاد پر طلاق کا قانونی راستہ بھی برقرار رہے گا۔
یہ فیصلہ سندھ میں طلاق ایکٹ کے تحت پہلے سے زیرِ التوا مقدمات اور آئندہ دائر ہونے والی درخواستوں پر بھی لاگو ہوگا۔ عدالت نے رجسٹرار کو فیصلے کی نقول متعلقہ عدالتوں تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
مقدمے میں کراچی کے آرچ بشپ نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مسیحی مذہبی تعلیمات، خصوصاً رومن کیتھولک عقیدے میں شادی ایک مقدس بندھن ہے اور اس کے معاملات کلیسائی قوانین کے تابع ہیں۔ انھوں نے اس معاملے پر وسیع مشاورت کے بعد یکساں قومی قانون سازی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
تاہم عدالت نے واضح کیا کہ ریاستی قانون کے تحت شادی ختم کرنے کا فیصلہ چرچ کے مذہبی عقائد، شادی کی مذہبی حیثیت یا دوبارہ شادی سے متعلق کلیسائی ضوابط کو تبدیل نہیں کرتا۔
امریکہ کا چین اور انڈیا سمیت بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات کا اعلان
،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ نے چین، انڈیا اور یورپی یونین سمیت بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات (ٹیرف) عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ محصولات مختلف صنعتی شعبوں میں ضرورت سے زیادہ پیداوار اور اضافی پیداواری صلاحیت سے متعلق سیکشن 301 کی تحقیقات کے بعد عائد کیے جا رہے ہیں۔
اس تحقیق میں انڈیا کے علاوہ چین، یورپی یونین، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ویتنام، تائیوان، بنگلہ دیش اور جاپان شامل ہیں۔
مختلف ممالک اور مختلف مصنوعات پر مختلف شرحوں سے محصولات عائد کیے جائیں گے۔
چین کو سب سے زیادہ، یعنی 40 فیصد تک محصولات کا سامنا ہو گا۔ اس کے بعد ویتنام پر 35 فیصد تک محصولات عائد کیے جائیں گے، جبکہ دیگر ممالک کو 20 یا 25 فیصد تک محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
کچھ ممالک پر 25 فیصد تک محصولات عائد ہوں گے، جن میں تھائی لینڈ اور انڈیا شامل ہیں۔ جاپان سمیت دیگر ممالک کو 20 فیصد تک محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ برطانیہ اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔
تاہم ان میں سے بعض محصولات کی شرحیں درحقیقت کم ہو جائیں گی کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی بعض ممالک کے ساتھ محصولات کی حد مقرر کرنے پر اتفاق کر چکے ہیں۔
ان محصولات کا کیا مقصد ہے؟
امریکہ کے تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے کہا کہ نئے محصولات ’امریکی ورکرز کے لیے مواقع کو مساوی بنائیں گے اور عالمی معیشت کے لیے ایک نئے اور زیادہ پائیدار راستے کا تعین کریں گے۔‘
انھوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ کے بہت سے تجارتی شراکت داروں نے ’کئی دہائیوں‘ سے ایسی صنعتی حکمت عملیاں اپنائی ہیں جن میں ’مینوفیکچرنگ کو ہدف بنانا، اجرتوں اور محنت کشوں کو دبانا‘ اور ’دیگر ایسی پالیسیاں شامل ہیں جو منڈی کو مسخ کرتی ہیں، تجارتی توازن کو اپنے حق میں جھکاتی ہیں اور امریکہ کے صنعتی شعبے کو کمزور کرتی ہیں۔‘
تاہم ماہرینِ معاشیات نے خبردار کیا ہے کہ محصولات مہنگائی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں اور اگر کاروباری ادارے بڑھتی ہوئی لاگت صارفین پر منتقل کریں تو اشیا کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ عالمی تجارت کو بھی سست کر سکتے ہیں۔
ٹرمپ اپنی دوسری مدتِ صدارت کے دوران بارہا محصولات عائد کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں یا انھیں نافذ کر چکے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ پالیسی امریکہ کے صنعتی شعبے کو فروغ دے گی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔
وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کمزور کارکردگی کے باوجود صدر اپنی نمایاں تجارتی پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ٹرمپ امریکہ کے تجارتی خسارے کو بھی کم کرنا چاہتے ہیں، جو ان اشیا کی مالیت کے درمیان فرق ہے جو امریکہ دیگر ممالک سے خریدتا ہے اور ان اشیا کی مالیت جو وہ انھیں فروخت کرتا ہے۔
اس اعلان سے امریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے۔ دنیا کی یہ دو بڑی معیشتیں اس وقت بھی تجارتی تنازع اور مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں ایک دوسرے کے مقابل ہیں۔
امریکہ اور چین جوابی محصولات کی ایک جنگ میں بھی الجھے ہوئے ہیں، جسے فی الحال روک دیا گیا ہے۔
گذشتہ ہفتے ٹرمپ اور صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے باوجود دونوں فریقوں نے تجارتی جنگ میں جنگ بندی کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا۔ یہ جنگ بندی 10 جنوری کو ختم ہونے والی ہے۔
یورپی کمیشن نے نئے امریکی محصولات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی وجوہات کا جائزہ لے گا۔ کمیشن نے نشاندہی کی کہ محصولات کی شرح 15 فیصد کی اس حد تک محدود ہے جس پر پہلے ہی اتفاق کیا جا چکا تھا۔
واشنگٹن حوثیوں کی آمدن کے ذرائع ختم کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے: امریکی سفیر
،تصویر کا ذریعہx/USEmbassyYemen
یمن میں تعینات
امریکی سفیر کا کہنا ہے کہ ان کا ملک حوثیوں کی آمدن کے ذرائع ختم کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
یمن میں امریکی سفارتخانے
نے ناظم الامور نیل ہوپ اور وزیرِ تیل محمد بامقا کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا
ہے کہ یمن میں تیل اور گیس کے شعبے اور معاشی حالات کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے حوالے
سے یمنی وزیرِ سے بامعنی گفتگو ہوئی۔
’امریکہ ان تمام کوششوں
کی بھرپور حمایت کرتا ہے جن کا مقصد حوثیوں کے آمدنی کے ذرائع کو ختم کرنا ہے، جن
سے یمنی عوام اور خطے کے خلاف ان کی پرتشدد سرگرمیوں کو مالی معاونت مل رہی ہے۔‘
حوثیوں کی سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی، جہاز رانی کی کمپنیوں اور عملے کو فوری انخلا کا مشورہ
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
یمن کی بین
الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی مدد کے لیے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد
کی جانب سے یمن کے علاقوں الحدیدہ، صعدہ اور امران میں کارروائیوں کے دعوے کے بعد
حوثیوں نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کی تمام بندرگاہوں کو نشانہ بنانے
کی دھمکی دی ہے۔
حوثیوں کے فوجی
ترجمان حیحیٰ سریع نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر سعودی اتحاد نے
الحدیدہ بندرگاہ پر بمباری کی اپنی دھمکی پر عمل کیا تو جدہ بندرگاہ اور بحیرہ
احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کے تمام بندرگاہیں ہماری افواج کا ہدف ہوں گی۔
انھوں نے سعودی
بندرگاہوں پر کام کرنے والے افراد کو فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کا مشورہ دیا۔
’ہم ان بندرگاہوں میں کام کرنے والے
ملازمین اور کارکنوں، نیز ان کے آس پاس موجود افراد کو فوری طور پر وہاں سے نکل
جانے اور دور رہنے کی تنبیہ کرتے ہیں۔‘
اس کے علاوہ
حوثیوں بحری جہاز رانی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی کشتیوں اور
جہازوں کو ان بندرگاہوں سے ہٹا لیں۔
کراچی: ’غیرقانونی‘ زیر تعمیر عمارت گرنے سے تین افراد ہلاک، مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
کراچی میں حکام نے پی ای
سی ایچ ایس بلاک فور میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے کے نیچے سے تین لاشیں اور
14 زخمی افراد کو نکالنے کی تصدیق کر دی ہے۔
ریسکیو 1122 سندھ کے
ترجمان حسان الحسیب نے بی بی سی اردو کو واقعے میں تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق
کرتے ہوئے بتایا کہ عمارت کے ملبے کے نیچے سے نکالے گئے 14 افراد کو جناح پوسٹ
گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق ملبے تلے دبے
مزید ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اس سے قبل کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے اس علاقے کا دورہ کیا تھا اور اس عمارت
کو ’غیرقانونی‘ قرار دیا تھا۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر بلدیات اور وزیر
اعلیٰ سندھ سے بھی بات کریں گے ’یہ کام اب بند ہونا چاہیے کہ غیرقانونی تعمیرات
ہوں، شہریوں کی جان و مال کو نقصان ہو۔‘
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ’میں نے خود ابھی ایک خط دیکھا ہے جس میں
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کہہ رہی ہے کہ ہم عمارت کو گرانے کا کام
اس لیے نہیں کر سکتے کیونکہ کہ ہمیں عدالتی سٹے آرڈر کا سامنا ہے۔‘
یمن میں تین لاکھ 64 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر، انسانی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے: اقوام متحدہ
،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
اقوام متحدہ کے انسانی
حقوق کے انڈر سیکریٹری جنرل ٹام فلیچر نے یمن کے شہر عدن کے دورے کے دوران خبردار
کیا ہے کہ ملک میں انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
ٹام فلیچر نے سوشل
میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ سال اگست سے اب تک یمن
میں تین لاکھ 64 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں سے دسیوں ہزار
افراد کو حالیہ ہفتوں کے دوران نقل مکانی کرنی پڑی۔
اقوام متحدہ کے عہدیدار
کا کہنا ہے کہ یمن وہ جگہ ہے جہاں ادارہ اس سال آٹھ کروڑ 70 لاکھ افراد تک زندگی بچانے والی
انسانی امداد پہنچانے کے اپنے ہدف سے سب سے زیادہ دور ہے۔
فلیچر نے حوثیوں
سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں کے کارکنوں کو ’فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کریں۔‘
انھوں نے مزید کہا
کہ ’ہماری
سرگرمیوں اور ہمارے عملے کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔‘
سیٹلائٹ تصاویر میں سعودی عرب کی راس تنورہ آئل ریفائنری کے اوپر دھوئیں کے بادل
،تصویر کا ذریعہNASA Worldview
یمن کے حوثیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے سعودی عرب کے راس تنورہ آئل ریفائنری اور ریاض کے مالیاتی ضلع پر حملہ کیا ہے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع کا کہنا تھا کہ ریفائنری پر حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ ریاض کے مالیاتی ضلع کو تین مراحل میں نشانہ بنایا گیا۔
راس تنورہ ریفائنری سعودی عرب کی سب سے بڑی آئل ریفائنری ہے اور اس کا شمار ملک خام تیل کی برآمد کے اہم مراکز ہوتا ہے۔
اس سے قبل سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا تھا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں راس تنورہ کے علاقے میں چار ڈرونز کو تباہ کر دیا تھا۔
ناسا کے فائر ٹریکنگ سسٹم نے راس تنورہ کے صنعتی علاقے میں درجہ حرارت میں اضافے کا اندراج کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے بھی دھوئیں کے بادل کی ایک سیٹلائٹ تصویر شائع کی ہے اور اندازہ ظاہر کیا ہے کہ سیاہ دھوئیں سے متاثرہ علاقے کا رقبہ تقریباً 600 مربع کلومیٹر (230 مربع میل) ہے۔
’عمران خان 74 برس کے ہیں‘: مجھے یہ الفاظ سنہری حروف میں اپنے پاس لکھ لینے چاہیئیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ, شہزاد ملک، بی بی سی اردو، اسلام آباد
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنسابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فائل فوٹو۔
اسلام آباد ہائی کورٹ
کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے 190 ملین پاونڈ کے مقدمے میں سزا کے خلاف سابق وزیر اعظم
عمران خان اور بشری بی بی کی اپیلوں کی سماعت کے دوران مجرمان کے وکیل کی جانب سے عدالتی
کارروائی کی لائیو سٹریمنگ کی درخواست کو سننے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن
میں یہ معاملہ انتظامی کمیٹی کے پاس ہے جس کے قواعد ابھی تک نہیں بنائے گئے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر
کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے عمران خان اور بشری بی بی
کی اپیلوں کی سماعت کے دوران ان کے وکیل سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے
عدالت میں یقین دہانی کروائی تھی کہ دلائل کا آغاز کریں گے جس پر سلمان صفدر کا کہنا
تھا کہ انھوں نے دلائل کا اغاز کر دیا ہے اور وہ اس میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔
انھوں نے کہا کہ وہ
عدالتی وقار بڑھانے کے لیے ایک درخواست لے کر آئے ہیں جس پر بینچ کے سربراہ نے سلمان
صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس درخواست کو نہیں سنیں گے کیونکہ آپ نے یقین دہانی
کروائی تھی کہ کوئی اور متفرق درخواست نہیں دیں گے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا
کہ انھوں نے گذشتہ سماعت پر ہی لائیو سٹریمنگ
کی استدعا مسترد کر دی تھی۔
انھوں نے کہا کہ جب
تک لائیو سٹریمنگ کے متعلق قواعد نہیں بن جانے تب تک کارروائی براہِ راست نشر نہیں
کی جا سکتی۔
عمران خان کے وکیل کا
کہنا تھا کہ آج کل جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے اور وڈیو لنک پر دلائل
ہو رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ
ایک بین الاقوامی نوعیت کا کیس ہے اس سے لیے مقدمے میں لائیو سٹریمنگ ہونی چاہیے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے
کہا کہ وہ یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد لائیو اسٹریمنگ کی مخالفت
کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ
مفاد عامہ کا کیس ہے جسے عوام دیکھنا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کی 74 سال
کے ہیں اور چار سال سے عمران خان اور بشری کے خلاف مقدمات بن رہے ہیں۔ انھوں نے 190
ملین پاؤنڈ مقدمے کے عدالتی ٹرائل کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف
اب تک کے آنے والے فیصلوں میں یہ سب سے متنازعہ فیصلہ تھا۔
عمران خان کے وکیل
کا کہنا تھا کہ نو مئی کا واقعہ ہی نہ ہوتا اگر نیب کے اہلکار اس کیس میں عمران خان
کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی حدود سے گرفتار نہیں کرتے۔
جب بیرسٹر سلمان صفدر
نے ایک مرتبہ بھر دھرایا کہ سابق وزیر اعظم کی عمر اب 74 سال ہے تو اس پر چیف جسٹس
نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یہ الفاظ سنہری حروف میں اپنے پاس لکھ لینے چاہیئیں۔‘
انھوں نے کہا کہ عمران
خان کو اس کیس میں 13 نومبر 2023 کو گرفتار کیا گیا اور وہ فیصلے تک گرفتار رہے
جبکہ بشری بی بی کو اس کیس میں ٹرائل کے دوران کبھی گرفتار نہیں کیا گیا۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنسابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فائل فوٹو۔
’پاکستان میں 190 ملین پاؤنڈز نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈز آئے‘
دورانِ سماعت عدالت نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب چارج شیٹ بھی پڑھ دیں جس پر سلمان صفدر نے پہلے ریفرنس پڑھنے کی اجازت مانگی اور کہا کہ اس ریفرنس میں مرزا شہزاد اکبر، ملک ریاض، فرحت شہزادی، زلفی بخاری سمیت چھ ملزمان غیر حاضر رہے جبکہ عدالت نے صرف دو ملزمان کی حد تک کیس کو آگے بڑھایا۔
انھوں نے کہا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے تحقیقات کیں، مجسٹریٹ نے ملک ریاض فیملی کے اکاؤنٹس منجمد کیے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ 14 دسمبر 2018 کو برطانیہ کے ایک جج کی طرف سے پہلا اکاؤنٹ فریزنگ آرڈر بیس ملین پاؤنڈ کا آیا اور اس کے ساتھ ساتھ ہائیڈ پارک کی ایک پراپرٹی اور 120 ملین پاؤنڈ کا ایک اور فریزنگ آرڈر ہوا یوں یہ کل رقم ملا کر 190 ملین پاؤنڈ بنتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں 190 ملین پاؤنڈز نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈز آئے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا غلط رپورٹ کرتا ہے اور یہ 190 ملین پاؤنڈز کا کیس ہی نہیں۔
انھوں نے کہا کہ 12 اگست 2019 کو ملک ریاض برطانیہ میں کورٹ کے قابو آتے ہیں اور پیسہ ضبط ہوتا ہے جبکہ انھوں نے اپریل 2019 میں وہ پہلے ہی زمین دے چکے تھے۔
سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بندہ رشوت تو تب دیتا ہے جب وہ کہیں پھنستا ہے اور بندہ ابھی پھنسا ہی نہیں اور اس نے پہلے ہی زمین دے دی۔
انھوں نے کہا کہ رقم واپس لینے کے لیے دو دسمبر کو نوٹ بنا جو کابینہ نے تین دسمبر کو منظور کر لیا۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ نیب کے مطابق مرزا شہزاد اکبر نے وزیراعظم کو ایک نوٹ بنا کر دیا جو کابینہ نے منظور کیا اور نیب کے مطابق مرزا شہزاد اکبر نے این سی اے کے ساتھ خفیہ معاہدے پر دستخط کیے۔
انھوں نے کہا کہ مقدمے کے مطابق یہ رقم سٹیٹ بینک کے بجائے سپریم کورٹ رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں منگوائے گئے۔
بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ یہ وہی اکاؤنٹ تھا جو سپریم کورٹ کی جانب سے بحریہ ٹاون کراچی کے حوالے سے ملک ریاض کے 460 ارب روپے جرمانے کی جو سزا سنائی گئی تھی، اس کی ادائیگی کے لیے کھلوایا گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ یہ 458 کنال زمین کچھ عرصہ ذوالفقار بخاری کے نام رہتی ہے اور پھرجنوری 2022 کو زمین القادر ٹرسٹ کے نام منتقل ہوتی ہے۔
عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کا یہ کیس نہیں کہ 171 ملین پاؤنڈ کی رقم عمران خان یا بشری بی بی کے اکاؤنٹ میں آئی بلکہ ان کا کیس یہ ہے کہ ملک ریاض کا پیسہ سٹیٹ بینک کے بجائے رجسٹرار سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آیا۔
انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں پڑا ہوا یہ پیسہ دو گنا ہو گیا تو پھر قومی خزانے کو نقصان کیسے پہنچا؟
بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ ملک ریاض 28 کروڑ 50 لاکھ روپے القادر ٹرسٹ کو بھجواتے ہیں جس سے القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی بلڈنگ اور اس کے لیے فرنیچر سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کیں۔
انھوں نے کہا کہ القادر یونیورسٹی میں 150 سے زائد طلبہ سکالرشپ پر پڑھ رہے تھے۔
بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ وہ ائندہ سماعت پر اس بات پر دلائل دیں گے کہ کس طرح اس مقدمے میں ان کے موکل پر ان جرائم کی فرد جرم عائد کی گئی جو انھوں نے سرزد ہی نہیں کیے۔
عدالت نے ان اپیلوں کی براہ راست لآئیو سٹریمنگ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے اپیلوں پر سماعت اگلے ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دی۔
اس موقع پر بشری بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے اپنی موکلہ سے ملاقات کی اجازت چاہی تو عدالت نے کہا کہ وہ اس بارے میں مناسب ارڈر جاری کریں گے۔
کراچی: ’غیرقانونی‘ زیر تعمیر عمارت گرنے سے ایک شخص ہلاک، کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ
،تصویر کا ذریعہRescue 1122
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں شاہراہ فیصل کے قریب ایک چھ منزلہ زیر
تعمیر عمارت کے گرنے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے، جبکہ آٹھ افراد کو ملبے
کے نیچے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔
ریسکو 1122 سندھ کے ترجمان حسان الحسیب نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ریسکیو
اہلکاروں نے آٹھ افراد کو ملبے کے نیچے سے زندہ نکالا ہے اور ابھی مزید افراد کے
دبے ہونے کا خدشہ برقرار ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری
ہے۔
کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے بھی علاقے کا دورہ کیا اور انھوں نے اس
عمارت کو ’غیرقانونی‘ قرار دیا۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر بلدیات اور وزیر
اعلیٰ سندھ سے بھی بات کریں گے ’یہ کام اب بند ہونا چاہیے کہ غیرقانونی تعمیرات ہوں، شہریوں
کی جان و مال کو نقصان ہو۔‘
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا
کہ ’میں نے خود ابھی ایک خط دیکھا ہے جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی
اے) کہہ رہی ہے کہ ہم عمارت کو گرانے کا کام اس لیے نہیں کر سکتے کیونکہ کہ ہمیں عدالتی
سٹے آرڈر کا سامنا ہے۔‘
دوسری جانب پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے صوبائی حکومت کو عمارت
منہدم ہونے کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کروانے اور ذمہ داری کا تعین
کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عمارت کی تعمیر
اور حفاظت کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں میں کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں
ہے۔‘
شینژو 24 کی کامیابی پر پاکستانی اور چینی صدور کی ایک دوسرے کو مبارکباد
چین کے صدر شی جن پنگ اور پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے بدھ کے روز دونوں ممالک کے خلا بازوں کی جانب سے انجام دیے گئے مشترکہ خلائی مشن پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے پیغام میں شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے خلا بازوں کی مشترکہ خلائی تحقیق دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کا ایک واضح مظہر ہے اور یہ دوطرفہ تعاون کی ایک اور اہم کامیابی بھی ہے۔
شی نے کہا کہ چین پُرامن مقاصد کے لیے بیرونی خلا کے استعمال کو فروغ دینے اور خلائی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
دوسری طرف آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو اس تاریخی کامیابی پر بے حد فخر ہے جو دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کا ایک اور ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ چین مینڈ سپیس ایجنسی اور پاکستان کے خلائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو) کے درمیان تعاون نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔
لیبیا کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی سے رابطہ منقطع، باجوڑ میں بے یقینی اور انتظار, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو پشاور
،تصویر کا ذریعہGetty Images
لیبیا کے ساحل سے کچھ فاصلے پر تارکینِ وطن کو یورپ لے جانے والی ایک
کشتی سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاع کے بعد خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں بے چینی
اور سوگ کی فضا پائی جاتی ہے۔
تاحال پاکستانی حکام یا متعلقہ بین الاقوامی اداروں کی جانب سے کشتی
کے مسافروں، ان کی تعداد یا کسی جانی نقصان کے بارے میں کوئی سرکاری تصدیق سامنے
نہیں آئی ہے۔
لیبیا میں تعینات ایک پاکستانی سفارتکار نے بی بی سی اردو کے نامہ
نگار روحان احمد کو بتایا کہ اس واقعے کی اطلاعات انھیں خبروں کے ذریعے ہی ملی
ہیں، جس کے بعد سفارتخانہ اس واقعے کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم
نے لیبیا کے حکام اور اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف مائیگریشن
سے اس حوالے سے تفصیلات طلب کی ہیں، تاہم تاحال کسی نے اس واقعے کی تصدیق نہیں کی
ہے۔‘
تاہم باجوڑ کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس کشتی میں
ضلع سے تعلق رکھنے والے متعدد نوجوان سوار تھے، جو لیبیا کے راستے یورپ جانے کی
کوشش کر رہے تھے۔
اس واقعے کے بعد باجوڑ کے کئی خاندان اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات
کے منتظر ہیں جبکہ بعض دیہات میں لاپتہ افراد کے لیے غائبانہ نمازِ جنازہ بھی ادا
کی گئی ہے، اگرچہ حکام کی جانب سے کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی۔
’ایجنٹ نے بتایا
کہ کشتی سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے‘
باجوڑ کے علاقے برخلوزو سے تعلق رکھنے والے ولی جان نے بی بی سی کو
بتایا کہ انھیں ایک ایجنٹ نے منگل کی صبح اطلاع دی کہ جس کشتی میں ان کا بھانجا
ہلال خان سوار تھا، اس سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
ان کے مطابق ایجنٹ نے بتایا کہ کشتی 21 اور 22 نومبر کی درمیانی شب
لیبیا کے ساحل سے روانہ ہوئی تھی لیکن روانگی کے تقریباً دو گھنٹے بعد اس سے رابطہ
نہیں ہو سکا۔
ولی جان کے مطابق اس کے بعد سے وہ مسلسل معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر
رہے ہیں لیکن اب تک انھیں کوئی مصدقہ اطلاع نہیں مل سکی۔
انھوں نے بتایا کہ ہلال خان سے ان کا آخری رابطہ تقریباً گیارہ روز
قبل ہوا تھا۔ اس کے بعد خاندان کو ان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ملیں۔
ان کے بقول ہلال کے ساتھ ان کے علاقے کے چند دیگر نوجوان بھی تھے جن
کے اہلِ خانہ بھی اسی بے یقینی کا شکار ہیں۔
ولی جان کا کہنا ہے کہ خاندانوں کو اب تک نہ کسی سرکاری ادارے اور نہ
ہی کسی پاکستانی سفارتی مشن کی جانب سے ایسی معلومات فراہم کی گئی ہیں، جن سے
لاپتہ افراد کی حالت کے بارے میں کچھ معلوم ہو سکے۔
ان کے مطابق ہلال خان اور ان کے ساتھی پہلے سعودی عرب گئے تھے جہاں
انھوں نے عمرہ ادا کیا، جس کے بعد وہ لیبیا پہنچے۔
بعض علاقوں میں غائبانہ نمازِ جنازہ
باجوڑ کے بعض علاقوں میں بدھ کے روز لاپتہ افراد کے لیے غائبانہ نمازِ
جنازہ ادا کی گئی جبکہ چند دیہات میں مقامی سطح پر اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔
،تصویر کا ذریعہحسبان اللہ
تاہم بعض خاندانوں نے اس امید پر انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں کشتی اور اس کے مسافروں کے بارے میں مزید معلومات سامنے آ سکتی ہیں۔
حکام کا ردعمل
باجوڑ سے تعلق رکھنے والے رکنِ قومی اسمبلی اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے قبائلی امور مبارک زیب نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ کشتی میں سوار پاکستانیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے بھی اپنے سوشل میڈیا پیج پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ایسے ایجنٹس کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے جو نوجوانوں کو غیر قانونی اور خطرناک راستوں سے یورپ بھیجنے میں ملوث ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے ذریعے نوجوانوں کو بیرونِ ملک بھیجنے کا رجحان تشویشناک ہے اور اس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں خطرے میں پڑ رہی ہیں۔
یورپ جانے کی کوششوں کے پیچھے کیا وجوہات ہیں؟
باجوڑ کے سماجی کارکن شاہ ولی خان کہتے ہیں کہ ضلع میں کئی برس کے دوران بدامنی اور معاشی مشکلات نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع محدود کر دیے ہیں۔
بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بہت سے نوجوان پہلے ملک کے مختلف حصوں میں مزدوری یا چھوٹے کاروبار سے وابستہ تھے، لیکن معاشی مشکلات کے باعث اب ان میں سے کئی بیرونِ ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں۔
شاہ ولی خان کے مطابق بہتر مستقبل کی امید میں بعض نوجوان انسانی اسمگلروں کو بھاری رقوم ادا کرتے ہیں۔ بعض خاندان اس مقصد کے لیے زمین فروخت کرتے ہیں جبکہ بعض گھریلو زیورات بیچ کر رقم جمع کرتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ لاپتہ قرار دیے جانے والے بعض نوجوانوں کے خاندان اس وقت شدید ذہنی دباؤ اور بے یقینی کا شکار ہیں اور اپنے پیاروں کے بارے میں کسی مصدقہ اطلاع کے منتظر ہیں۔
تاحال کشتی کے انجام، اس میں سوار افراد کی تعداد یا ان کی حالت کے بارے میں کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی، جس کے باعث باجوڑ میں متعدد خاندان امید اور خوف کے درمیان انتظار کر رہے ہیں۔
یوکرین جنگ میں اب تک تقریباً پانچ لاکھ روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں: سرکاری اعداد و شمار
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
بی بی سی کی جانب سے روسی حکومتی اعداد و شمار کے جائزے سے معلوم پڑتا ہے کہ 2022 میں یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک کم از کم 4 لاکھ 90 ہزار 334 روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
روسی ادارۂ شماریات (روس سٹاٹ) کے لیک ہونے والے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین جنگ کے نتیجے میں روس کو بہت بڑی انسانی قیمت چکانی پڑی ہے، ایک ایسی جنگ جس کے بارے میں ولادیمیر پوتن کا خیال تھا کہ چند ہی دنوں میں ختم ہو جائے گی، مگر اب اسے تقریباً پانچ برس ہو چکے ہیں۔
بی بی سی روسی سروس کو 2021 سے ستمبر 2026 کے دوران ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ اموات کے ریکارڈ تک رسائی حاصل ہوئی۔ یہ معلومات بیلاروس کے ہیکر گروپ سائبر پارٹیزنز بی وائی اور یوکرین کے سائلنٹ کرو کی جانب سے کیے گئے ہیک کے بعد سامنے آئیں۔
روس کے ادارۂ شماریات نے سائبر حملے کی تصدیق کی، تاہم اس بات کی تردید کی کہ کوئی حساس معلومات لیک ہوئی ہیں۔
بی بی سی روسی سروس نے آزاد روسی خبر رساں ادارے میڈیا زونا کے ساتھ مل کر روس سٹاٹ کے اعداد و شمار کا موازنہ فوجیوں کی تصدیق شدہ ہلاکتوں کی اپنی فہرست سے کیا، جو حملے کے آغاز سے اب تک آزاد ذرائع سے مرتب کی گئی تھی۔ اس جائزے میں 90 فیصد ریکارڈز میں مماثلت پائی گئی۔
فوجی ماہرین کے مطابق بی بی سی کی مرتب کردہ دو لاکھ 90 ہزار 12 ہلاکتوں کی فہرست، جو سرکاری بیانات، سوشل میڈیا، نئی یادگاروں اور قبروں کی معلومات پر مبنی ہے، ممکنہ طور پر حقیقی ہلاکتوں کی تعداد کا 45 سے 55 فیصد حصہ ظاہر کرتی ہے۔ اس بنیاد پر روسی فوجی ہلاکتوں کی حقیقی تعداد پانچ لاکھ 27 ہزار 295 سے 6 لاکھ 44 ہزار 471 کے درمیان ہو سکتی ہے۔