ویبھو سوریاونشی: آئی پی ایل ریکارڈ قائم کرنے والے 15 سالہ بلے باز کا شاہد آفریدی سے موازنہ کیوں کیا گیا؟

،تصویر کا ذریعہIPL
انڈیا کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی کی آئی پی ایل 2026 میں شاندار کارکردگی، طاقتور بیٹنگ اور جارحانہ انداز کو دنیا بھر کے سابق کرکٹرز نے خوب سراہا ہے اور پاکستان میں بھی بہت سے لوگ ان کی تعریف کر رہے ہیں۔
ویبھو کے ٹیلنٹ کی سچن تندولکر سے لے کر ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرس گیل تک سبھی نے تعریف کی ہے۔ پاکستان کے سابق کپتان اور سٹار بلے باز محمد یوسف نے ویبھو کو ایک نڈر، دھماکہ خیز، اور توانائی سے بھرپور بلے باز کے طور پر بیان کیا اور ان کا موازنہ پاکستان کے سابق سٹار شاہد آفریدی سے بھی کیا ۔
یوسف نے ایکس پر لکھا کہ 15 سالہ ویبھو سوریاونشی ’مجھے ایک نوجوان شاہد آفریدی کی یاد دلاتا ہے۔ نڈر، دھماکہ خیز اور توانائی سے بھرپور۔ ویبھو کا مستقبل روشن ہے۔‘
اگرچہ محمد یوسف کا تبصرہ مثبت تھا لیکن کچھ انڈین شائقین کو ویبھو کا شاہد آفریدی سے موازنہ پسند نہیں آیا۔ سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے اس موازنے پر محمد یوسف کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
محمد یوسف کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے ابھینو راجپوت نامی ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا ’جہاں تک مجھے یاد ہے، آفریدی بنیادی طور پر بالنگ کے حوالے سے بہت اچھے تھے۔ ایسا لگتا ہے کہ بیٹنگ تکنیک، مستقل مزاجی اور میچ کنٹرول بالکل مختلف سطح پر ہے۔‘
سینئر پاکستانی سپورٹس جرنلسٹ عبدالغفار نے ایکس پر لکھا کہ ’مجھے یقین نہیں آتا کہ ویبھو کی عمر صرف 15 سال ہے۔ وہ ڈومیسٹک اور آئی پی ایل کرکٹ میں جو کچھ کر رہا ہے وہ یقیناً متاثر کن ہے، لیکن اصل امتحان بین الاقوامی کرکٹ میں ہوگا۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اس کی اوسط فی الحال صرف 17 ہے۔ ٹیلنٹ واضح ہے، لیکن تکنیک کا طویل المدتی ٹیسٹ، مستقل مزاجی اور دباؤ سے نمٹنے کے لیے ثابت قدم رہنا ہے۔‘
پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ ’وہ ابھی ایک بچہ ہے، لیکن وہ پہلے ہی مسٹر یونیورس بن چکا ہے۔ میں اسے پیار سے ببلو کہتا ہوں، حالانکہ آپ اسے سوریاونشی کہتے ہیں۔‘
باسط علی نے کہا ’پوری دنیا کے گیند باز آپ سے ڈریں گے۔ مشرق ہو یا مغرب، سوریا ونشی بہترین ہیں۔ اس نے سب کو ہلا کر رکھ دیا اور یہ بچہ آنے والے دنوں میں دنیا پر راج کرے گا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل سابق پاکستانی وکٹ کیپر کامران اکمل نے کہا تھا کہ ’ویبھو سوریاونشی اب بین الاقوامی کرکٹ کے لیے تیار ہیں اور انھیں آئی پی ایل کے رواں سیزن کے اختتام کے بعد انڈین ٹیم کی جانب سے کال مل سکتی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
یاد رہے کہ انڈیا کے ابھرتے ہوئے بلے باز ویبھو سوریاونشی نے انڈین پریمیئر لیگ میں ایک اور ایسی اننگز کھیلی ہے جس کے بعد ایک طرف تو کرس گیل نے انھیں ’چھکے مارنے والی مشین‘ قرار دیا ہے تو دوسری جانب سابق انگلینڈ کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ اب وقت آ چکا ہے کہ انڈیا اس 15 سالہ کھلاڑی کو قومی ٹیم میں شامل کر لے۔
اس اننگز کے دوران سوریاونشی نے، جو پہلے ہی اپنی جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے کم عمری میں ہی مشہور ہو چکے ہیں، کرس گیل کا ریکارڈ توڑتے ہوئے آئی پی ایل میں کے کسی ایک سیزن میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی کرس گیل نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’کیسا بہترین کھلاڑی ہے ویبھو۔ نئی سکس مشین۔‘
اس اننگز کے دوران سوریاونشی نے راجھستان رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف صرف 29 گیندوں پر 97 رن سکور کیے جس میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کے خلاف ایک ہی اوور میں تین گیندوں پر تین چھکے بھی شامل تھے۔ انھوں نے صرف 16 گیندوں میں نصف سنچری بنا لی تھی۔

،تصویر کا ذریعہX/@henrygayle
یہی نہیں بلکہ سات گیندوں پر لگاتار باوئنڈریز سکور کرنے کے بعد وہ کرس گیل کا ایک اور ریکارڈ توڑنے کے قریب تھے۔ یہ ریکارڈ ہے آئی پی ایل کی سب سے تیز سنچری کا۔ لیکن آٹھویں اوور میں وہ آؤٹ ہو گئے۔
اس موقع پر ویبھو کافی مضطرب دکھائی دیے لیکن ان کے مخالفین نے بھی انھیں مبارک بار دی جبکہ سٹیڈیم میں سب تماشائی بھی سیٹوں سے اٹھ کھڑے ہوئے۔
اس موقع پر راجھستان کی ٹیم نے آٹھ اوورز میں 125 رن بنا لیے تھے۔
سابق انڈین کپتان سنیل گواسکر نے کمنٹری کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ اننگز یاد رکھی جائے گی۔‘ اس اننگز کے بعد سوریاونشی آئی پی ایل کے رواں سیزن میں سب سے زیادہ رن بنانے والوں میں بھی سرفہرست ہیں۔
ان کی مخالف ٹیم کے لیے کھیلنے والے پیٹ کمنز نے کہا کہ ’اگر آپ کا یارکر تھوڑا سا بھی ادھر ادھر ہوتا ہے تو وہ چوکتا نہیں ہے۔‘
سوریا ونشی کے پولین لوٹنے کے بعد سنرائزرز کی ٹیم نے راجھستان کو 243 رنز پر محدود کیا لیکن پھر 47 رنز سے ہار گئے۔
انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے ابھیشیک شرما کو دوسری ہی گیند پر آؤٹ کر دیا جبکہ ایشان کشن نے 33 اور ٹریوس ہیڈ نے 17 رن بنائے۔
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
واضح رہے کہ ویبھو سوریاونشی اس وقت سے شہ سرخیوں میں ہیں جب انھوں نے اپریل 2025 میں صرف 14 سال کی عمر میں آئی پی ایل کھیلتے ہوئے پہلی گیند پر ہی چھکا مارا تھا۔ اسی سیزن میں وہ ٹی ٹوئنٹی سنچری سکور کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے تھے۔
رواں سال کے آغاز میں انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے سوریاونشی نے 175 رن سکور کیے تھے۔ اس کے بعد آئی پی ایل کے دوران انھوں نے ایک اور سنچری بنائی اور اس وقت بھی مخالف ٹیم حیدرآباد ہی تھی۔
سوریاونشی کو آئندہ ماہ سری لنکا میں ہونے والی ایک روزہ سہ فریقی سیریز کے لیے انڈیا اے کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے تاہم بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ اب وقت آ چکا ہے کہ انھیں قومی ٹیم میں شامل کیا جائے جس کے لیے موسم گرما میں انگلینڈ دورہ ایک اچھا موقع ہو سکتا ہے۔
سابق انگلینڈ کپتان مائیکل وان نے ایکس پر لکھا کہ ’سوریاونشی دنیا میں ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بہترین اوپنر ہے۔ انڈیا کو چاہیے کہ اسے ٹیم میں شامل کریں۔‘
سابق انڈین کھلاڑی محمد کیف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’ہم ایک معجزہ دیکھ رہے ہیں، ایک مستقبل کا سٹار جو حیران کن چھکے مارتا ہے اور جس نے آئی پی ایک میں یونیورس باس کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اور ابھی وہ 15 سال کا ہے۔‘



























