آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
آندرے رسل ان فٹ ہوکر پی ایس ایل سے باہر
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام،دبئی
اسلام آباد یونائٹڈ کے ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل ہمسٹرنگ کی تکلیف کے سبب پاکستان سپر لیگ سے باہر ہوگئے ہیں۔
انتیس سالہ آندرے رسل کراچی کنگز کے خلاف شارجہ میں کھیلے گئے میچ کے دوران فیلڈنگ کے دوران میدان سے باہر چلے گئے تھے اور پھر وہ دوبارہ فیلڈنگ کرنے نہیں آئے تھے۔
اس سے قبل لاہور قلندر کے خلاف میچ میں آندرے رسل نے مستفیض الرحمن کو چھکا لگاکر اپنی ٹیم کو سپر اوور میں کامیابی سے ہمکنار کردیا تھا۔
آندرے رسل کا ان فٹ ہوجانا اسلام آباد یونائٹڈ کے لیے بہت بڑا دھچکہ ہے جو پہلے فاسٹ بولر رومان رئیس کے ان فٹ ہوجانے کی وجہ سے سخت پریشان ہے۔
یہ بھی پڑھیے
رومان رئیس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے گھٹنا زخمی ہوجانے کے سبب میدان سے باہر جانے پر مجبور ہوگئے تھے۔
کپتان مصباح الحق بھی ہمسٹرنگ کی تکلیف کے نتیجے میں پہلے دو میچز نہیں کھیل سکے تھے۔
اسلام آباد یونائٹڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ اور بولنگ کوچ وقاریونس نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ چونکہ ٹی ٹوئنٹی تیز فارمیٹ ہے لہذا کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس فرنچائز کرکٹ میں ہر ٹیم کے پاس اکیس کھلاڑی ہوتے ہیں اور ہر کھلاڑی کا متبادل موجود ہے۔ رومان رئیس اور آندرے رسل کا ان فٹ ہونا یقیناً اسلام آباد یونائٹڈ کے لیے بڑا نقصان ہے لیکن انہیں امید ہے کہ جن کھلاڑیوں کو ابھی تک موقع نہیں ملا ہے وہ ملنے والے موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔