بنگلہ دیش:جماعت اسلامی پر پابندی کا امکان

آخری وقت اشاعت:  پير 18 فروری 2013 ,‭ 00:41 GMT 05:41 PST

ڈھاکہ میں مظاہرین جماعت اسلامی کے رہنما کو پھانسی دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں

بنگلہ دیشی پارلیمنٹ نے آئین میں ایک ایسی ترمیم منظور کر لی ہے جس کے تحت جماعت اسلامی پر1971 کی جنگ آزادی کی مخالفت کرنے اور انسانیت کےخلاف جرائم کا ارتکاب کےجرم میں پابندی عائد کی جا سکے گی۔

اس ترمیم کے تحت جماعت اسلامی کے رہنما عبد القادر ملا کو دی جانے والی عمر قید کی سزا کو موت سزا میں تبدیل کرانے کے لیے حکومت اپیل دائر کر سکے گی۔

دو ہفتے قبل بنگلہ دیش میں جنگی جرائم کے ایک ٹربیونل نے ملک کی بڑی اسلام پسند سیاسی جماعت اسلامی کے ایک رہنما عبدالقادر مُلا کو 1971 میں جنگ کے دوران انسانیت کے خلاف جنگی جرائم کا مرتکب پایا اور انہیں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

آئینی ترمیم کے تحت خصوصی ٹرائیبونل کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی ایسی تنظیم یا سیاسی جماعت پر پابندی عائد کر سکے جو جنگی جرائم میں ملوث رہی ہو۔

بنگلہ دیش کے وزیر قانون شفیق احمد نے کہا ہے کہ جنگی جرائم کا الزام ثابت ہوگیا تو جماعت اسلامی کو کالعدم قرار دیا جا سکےگا۔

جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ آئین میں ترمیم کا مقصد صرف اور صرف جماعت اسلامی کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔

پارلیمنٹ سے قانون کی منظوری کے بعد ڈھاکہ میں ہزاروں افراد نے آئینی ترمیم کے حق میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ جماعت اسلامی کے رہنما عبد القادر ملا کو عمر قید کی بجائے پھانسی کی سزا سنائی جائے۔

آئین میں ترمیم ایک ایسے وقت کی گئی ہے جب جماعت اسلامی اپنے رہنما کو دی جانے والی سزا کے خلاف ملک گیر احتجاج جاری رکھے ہوئے ہے جس میں ابتک تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بنگلہ دیش کی جماعت اسلامی نے پیر کے روز ملک گیر ہڑتال کی اپیل کر رکھی ہے۔

بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس نے 1971 کی جنگ آزادی میں پاکستان کا ساتھ دیا تھا۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس آئینی ترمیم کا مقصد جماعت اسلامی کو نشانہ بنانا ہے جس نے بنگلہ دیش کی پاکستان سے آزادی کی مخالفت کی تھی-

جنگی جرائم کے الزام کے تحت جن افراد کے خلاف مقدمہ چلا رہا ہے ان میں آٹھ کا تعلق جماعت اسلامی سے اور دو حزب اختلاف کی جماعت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی سے ہے۔

جماعت اسلامی اس حزب مخالف کا حصہ ہے جو وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کا سخت مخالف سمجھا جاتا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>