
جون نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے سی آئی کے ایک سابق انڈر کور ایجنٹ کا نام ایک صحافی کو بتایا تھا
امریکہ کے جاسوسی ادارے سی آئی اے کے ایک سابق ایجنٹ کو ایک جاسوس اہلکار کا نام ظاہر کرنے پر تیس مہینے جیل کی سزا ہوئی ہے۔
اڑتالیس سالہ جون کیریاکو نے 2012 میں انٹیلیجنس کے قانون کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا تھا۔
جاسوسی کے اس قانون کے تحت ستائیس سال میں کسی کو سزا نہیں ہوئی تھی۔
جون نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے سی آئی کے ایک سابق انڈر کور ایجنٹ کا نام ایک صحافی کو بتایا تھا۔
یہ سابق انڈر کور ایجنٹ زیر حراست افراد سے تفتیش اور ان پر واٹر بورڈنگ ٹارچر یا پانی سے دم گھٹنے کا تشدد کرنے میں شامل تھا۔
جون کے وکلا کا موقف تھا کہ ان کا موکل ادارے کے اندر ہونے والے غیر قانونی سرگرمیوں کو سامنے لانے والا ہے۔
جبکہ ضلعی جج لئونی برنکیما نے اس موقف کو رد کیا اور کہا کہ ان کو اگر اختیار ہوتا تو وہ جون کو اور لمبی سزا دیتیں۔
ایک سمجھوتے کے تحت جون کو تیس مہینوں کی سزا ہونی تھی۔
اس حوالے سے تحقیقات اس وقت شروع ہوئیں جب کچھ وکلا نے مشتبہ دہشت گردوں کی طرف سے قانونی درخواست دائر کی جس میں وہ تفصیلات بھی شامل تھیں جو حکومت نے مہیا نہیں کی تھیں۔
عدالت کے ریکارڈ کے مطابق یہ کڑی جون کیریاکو تک پہنچی۔
وکیل استغاثہ کے مطابق جون نے انڈر کور ایجنٹ کا نام ایک صحافی کو بتایا جنہوں پھر یہ نام گونتنامو بے میں ایک قیدی کے وکیل کے لیے ریسرچ کرنے والے کو بتایا۔
ان کا موقف تھا کہ جون نے صرف شہرت حاصل کرنے اور اپنا سماجی مقام بڑھانے کے لیے اندر کی خبر کا سودا کیا ہے۔






























