
بھارتی وزیراعظم نے براک اوباما کے دوبارہ انتخاب کو دنیا میں امن اور ترقی کا ایک سنہرا موقع قرار دیا ہے
امریکہ میں صدارتی انتخاب کے بعد صدر براک اوباما کے دوسری بار صدر بننے پر عالمی رہنماؤں اور حکومتوں کی طرف سے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے صدر براک اوباما کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
صدر کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی عوام کی جانب سے صدر اوباما کو مسلسل دوسری بار منتخب کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی عوام کو باراک اوباما کی قیادت پر اعتماد ہے۔
بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ صدر باراک اوباما کے دوسری بار منتخب ہونے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
بیان کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ وہ صدر باراک اوباما کے ساتھ مل کر دنیا میں امن، سکیورٹی، ترقی اور استحکام لانے کے لیے کام کرنے پر تیار ہیں۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لئی نے پریس بریفنگ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’چین امریکہ کے ساتھ مستقبل میں مل کر کام کرنے کو تیار ہے اور امریکہ سے تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام اور دنیا کے تمام لوگوں کی بھلائی اور بہتری ہو۔‘
بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے اپنے پیغام میں صدر اوباما کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دوسری بار انتخاب صدر اوباما کو امریکی عوام اور دنیا کے لوگوں کے لیے امن اور ترقی کا ایک سنہرا موقع فراہم کرتا ہے۔
فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے صدر اوباما کے دوبارہ منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد دی اور ان پر مشرق وسطیٰ میں امن کے حوالے سے کام کرنے پر زور دیا۔ محمود عباس نے کہا ’صدر اوباما مشرق وسطیٰ میں امن کی اپنی کوششوں کو جاری رکھیں۔‘
اس وقت ادرن کے دورے پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے عمان میں ایک بیان میں صدر اوباما کو دوبارہ انتخاب پر مبارکباد دی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ صدر اوباما کے ساتھ مل کر شام میں کشیدگی بند کرنے کے لیے حل تلاش کریں گے۔

جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے اپنے پیغام میں نے افغانستان میں جرمن تعاون کی بھی بات کی
جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے صدر اوباما کے نام دوبارہ صدر منتخب ہونے پر تہنیتی پیغام لکھا ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ امریکہ اور جرمنی کا عالمی مالیاتی بحران میں مشترکہ کردار قابل ستائش رہا ہے اور صدر اوباما نے دوستی کے ماحول میں جرمنی کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ مرکل نے افغانستان میں جرمن تعاون کی بھی بات کی جہاں جرمن فوج بڑی تعداد میں موجود ہے۔
مصر کے صدر محمد مرسی نے بھی صدر اوباما کو مبارکباد دی۔ مصر کے صدارتی ترجمان یاسر علی نے سرکاری خبر رساں ایجنسی الاحرام کو بتایا کہ ’صدر مرسی امریکی عوام کو صدر اوباما کا دوبارہ منتخب کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ انتخاب امریکی اور مصری عوام کے مفاد میں ہو گا۔‘
جاپانی چیف کیبنٹ سیکرٹری اوسامو فیوجی مورا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم صدر براک اوباما کو دوبارہ منتخب ہونے پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ صدر اوباما کی ایشیا اور بحر اوقیانوس کے خطے کے بارے میں پالیسیاں اس خطے کی اہمیت کی نشاندہی کرتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جیسے جیسے مشرقی ایشیا میں ماحول کشیدہ ہو رہا ہے اسی طرح جاپان اور امریکہ کا اتحاد بھی تقویت پا رہا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ اتحاد صدر اوباما کے دوسرے دور میں مزید مضبوط ہو گا۔‘






























