امریکہ: نائب صدارتی امیدواروں کا مباحثہ

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 12 اکتوبر 2012 ,‭ 10:00 GMT 15:00 PST

گذشتہ ہفتے صدارتی امیدواروں کے بیچ ہونے والے مباحثے میں صدر باراک اوباما کی کارکردگی اتنی اچھی نہیں رہی تھی

امریکی نائب صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف عائد بین الاقوامی اقتصادی پابندیوں نے اُس کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے اور انھوں نے اپنے ریپبلکن حریف پال رائن کو چیلنج کیا کہ وہ بتائیں کہ ان کی ایران پالیسی اوباما حکومت سے مختلف کیسے ہو گی۔

یہ بات انھوں نے امریکہ میں صدارتی انتخاب کے سلسلے میں نائب صدر کے امیدواروں کے درمیان جمعرات کی شب مباحثے کے دوران کہی۔

اس بحث میں قومی سلامتی، معیشت اور قومی نظامِ صحت کے موضوعات پر دلچسپ بحث ہوئی۔

موجودہ نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن نے جارحانہ انداز اپنایا ہوا تھا جبکہ ان کے حریف ریاست وسکاسن کے کانگرس مین پال رائن قومی سطح پر اپنے پہلے مباحثے میں قدرے پُر اطمینان نظر آئے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے صدارتی امیدواروں کے بیچ ہونے والے مباحثے میں صدر باراک اوباما کی کارکردگی اتنی اچھی نہیں رہی تھی۔

بعد میں صدر نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا برتاؤ شاید زیادہ نرم تھا۔

مباحثے کا آغاز لیبیا میں امریکی سفیر کی ہلاکت اور اس معاملے میں اوباما حکومت کے ردِ عمل پر بات چیت سے ہوا۔

دونوں امیدواروں نے ایران کے موضوع اور امریکہ اسرائیل تعلقات پر بحث کی۔

پال رائن کا کہنا تھا کہ ’جب باراک اوباما منتخب ہوئے، اس وقت ایران کے پاس ایک بم بنانے کے لیے جوہری مواد تھا اور آج ان کے پاس پانچ بم بنانے کے لیے مواد موجود ہے۔‘

پال رائن نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ صدر اوباما کو ایک انتہائی کمزور معیشت ورثے میں ملی تھی تاہم ان کا کہنا تھا ہم اس وقت غلط سمت میں جا رہے ہیں۔

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>