اٹلی: سی آئی اے کے افسران کی سزا برقرار

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 20 ستمبر 2012 ,‭ 02:14 GMT 07:14 PST

ابو عمر کا کہنا ہے کہ ان پر سات ماہ تک زیرِ حراست تشدد کیا گیا

اٹلی کی اعلیٰ ترین اپیل عدالت نے تئیس امریکیوں کو ایک مبینہ دہشت گرد کے اغواء کے الزام میں قصوروار قرار دیے جانے کے ذیلی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

ان امریکی شہریوں میں سے ایک کے سوا تمام خفیہ ادارہ سی آئی اے سے تعلق رکھتے ہیں۔

اس مقدمے کا تعلق دو ہزار تین میں ایک مصری امام کے اطالوی شہر میلان سے اغواء سے ہے۔

ابو عمر نامی اس شخص کو مبینہ طور پر مصر لے جایا گیا تھا اور اس پر تشدد کیا گیا۔

امریکی شہروں پر مقدمہ ان کی غیر موجودگی میں چلایا گیا ہے۔

یہ اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ تھا جہاں سی آئی اے کے اس اقدام پر غور کیا گیا جس میں خفیہ ایجنسی ملزمان کو ایسے ممالک میں لے جاتی ہے جہاں قیدیوں پر تشدد کی اجازت ہوتی ہے۔

سی آئی اے کے اس تفتیشی انداز کی انسانی حقوق کی تنظیمیں مذمت کرتی ہیں اور اسے بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیتی ہیں۔

امریکی شہریوں کے اس گروہ میں سی آئی اے کے بائیس افسران اور فضائیہ کے ایک پائلٹ شامل ہیں۔ مانا جاتا ہے کہ وہ امریکہ میں ہی رہائش پذیر ہیں اور یہ غیر متوقع ہے کہ یہ افراد اس مقدمے میں سنائی گئی سزائیں کاٹیں گے۔

اٹلی نے کبھی بھی کسی ملزم کو ملک میں منتقل کرنے کی درخواست نہیں کی ہے تاہم ان کا یورپ میں سفر کرنا گرفتاری کے خطرے سے خالی نہ ہوگا۔

ان ملزمان میں میلان میں سی آئی اے کے سٹیشن سربراہ رابرٹ سیلڈن بھی شامل ہیں۔ وہ ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ اس امام کو اغوا کرنے کے سلسلے میں ان کی مخالفت کو رد کر دیا گیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>