متنازع بگرام جیل، افغان حکام کے زیر انتظام

آخری وقت اشاعت:  پير 10 ستمبر 2012 ,‭ 08:53 GMT 13:53 PST

افغانستان میں امریکی فوج نے متنازع بگرام جیل کا کنٹرول افغان حکام کے حوالے کر دیا ہے۔

تاہم افغان حکومت کی طرف سے اعتراض کے باوجود امریکیوں نے کئی سو قیدیوں کا کنٹرول اپنے پاس ہی رکھا ہے۔ ان میں سے کچھ کو حال ہی گرفتار کیا گیا تھا جب کہ کچھ غیر ملکی قیدی ہیں۔

اس جیل میں تین ہزار کے قریب طالبان اور مشتبہ دہشت گرد نظر بند ہیں۔ اس جیل میں سات کے قریب پاکستانی بھی قید ہیں۔

بگرام جیل سرکاری طور پر پروان ڈیٹینشن سینٹر کے نام جانی جاتی ہے اور افغانستان میں نیٹو افواج کے بڑے فوجی اڈوں میں سے ایک میں واقع ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران اس جیل کو قیدیوں سے بدسلوکی کے واقعات کے الزامات میں بھی مرکزی حیثیت حاصل رہی ہے۔

اسی جیل میں ہی امریکی فوجیوں کے قرآن کو جلائے جانے کے واقعے کے بعد افغانستان بھر میں کئی دن تک احتجاجی مظاہرے جاری رہے تھے۔

افغانستان سے نیٹو افواج کے واپس جانے سے پہلے امریکہ کے زیر انتظام افغان جیلوں کو افغان حکام کے حوالے کرنے کا معاملہ صدر حامد کرزئی کے بنیادی مطالبات میں شامل رہا ہے تاہم جیلوں کے انتظامات مکمل طور پر افغان حکام کے حوالے کرنے پر امریکہ اور صدر کرزئی میں اختلافات بھی پائے جاتے ہیں۔

امریکہ چاہتا ہے کہ امریکی حکام کو جیل میں عمل دخل حاصل رہے اور وہ بعض قیدیوں کی رہائی کو روک یا ان پر نطر رکھ سکیں۔

کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق امریکی فوج چاہتی ہے کہ جیل کا ایک حصہ اس کے کنٹرول میں رہے اور وہ چند قیدیوں کو چھوڑنا نہیں چاہتا ہے کیونکہ اس کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران گرفتار کیے جانے والے شدت پسندوں کو رکھنا اس کا حق ہے۔

نامہ نگار کے مطابق امریکی حکام کو تشویش ہے کہ جیل میں قید اہم شدت پسندوں کو چھوڑ دیا جائے گا یا ان پر تشدد کیا جائے گا۔

امریکہ اور افغانستان کے درمیان ایک معاہدہ تھا جس کے تحت بگرام سمیت افغانستان کی تمام جیلیں اب افغان حکام کے زیر انتظام آ جائیں گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جیلوں کے انتظام کا معاملہ نیٹو جنگجو دستوں کے 2014 میں واپس جانے اور افغانستان سے مستقبل میں لمبی مدت کے تعلقات کے لیے ہونے والے مذاکرات میں بھی آڑے آتا رہا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>