امریکی سینیٹ اور کانگریس کے انتخابات: سارا میکبرائڈ پہلی ٹرانس جینڈر سینیٹر منتخب، سیاہ فام ہم جنس پرست، سابق خلاباز بھی جیتنے والوں میں شامل

    • مصنف, ٹام گرکن
    • عہدہ, بی بی سی نیوز

سارا میکبرائڈ امریکی ریاست ڈیلاویئر سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد امریکہ کی تاریخ میں پہلی مخلوط صنف کی حامل سینیٹر بننے والی ہیں۔

انھوں نے رپبلیکن پارٹی کے امیدوار سٹیو واشنگٹن کو شکست دے کر یہ نشست حاصل کی ہے جو ڈیموکریٹ پارٹی کے سینیٹر ہیرس میکڈول نے خالی کی تھی۔

تیس سالہ میکبرائڈ ہم جنس پرست اور مخلوط صنف کے حامل افراد کی تنظیم ایل جی بی ٹی کیو کی پریس سیکریٹری رہ چکی ہیں اور وہ اوباما دور میں وائٹ ہاؤس میں بھی ایک ٹرینی کے طور پر کام کر چکی ہیں۔

وہ ملک بھر میں مخلوط صنف کے حامل افراد میں اتنے اونچے عہد پر پہنچنے والی پہلی رکن ہیں۔

اس کے علاوہ کنساس میں گہری رنگت اور مخلوط صنف کی حامل سٹیفنی بائرز بھی اس شناخت کی حامل پہلی فرد ہیں جو ریاستی قانون ساز ادارے تک پہنچی ہیں۔

اوکلاہوما میں موری ٹرنر بھی ریاستی قانون ساز ادارے میں پہنچنے والی پہلی ایسی رکن بنی ہیں جو اپنی صنف کو واضح طور پر مرد یا عورت نہیں قرار دیتے۔

چھبیس سالہ ٹیلر سمال ریاست ورمونٹ سے ایوان نمائندگان میں منتخب ہونے والی ایک اور ٹرانس جینڈر ہیں۔

نیویارک سے رچی ٹوریز کانگریس میں منتخب ہونے والے پہلے سیاہ فام ہم جنس پرست ہیں جن کی عمر 32 سال ہے۔

ان کے ساتھی جو نیویارک سے ہی امیدوار ہیں اور جن کا انتخابی نتیجہ ابھی موصول نہیں ہوا وہ مونڈرے جونز ہیں۔

ان انتخابات میں 25 برس کے میڈیسن کاتھورن بھی شامل ہیں جو نارتھ کیرولائنا سے کانگریس کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ وہ 1990 کی دہائی میں پیدا ہونے والے لوگوں میں پہلے شخص ہیں جو کانگریس میں اتنی کم عمر میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

مارجوری ٹیلر گرین جن کی عمر 46 سال ہے، وہ ریاست جارجیا سے باآسانی انتخاب میں کامیابی حاصل کر چکی ہیں۔ ان پر امریکی ذرائع ابلاغ امریکہ کی پہلی ایسی قانون ساز ہونے کی چھاپ لگا رہے ہیں جو کھلے عام ’کیواےنن‘ کے سازشی نظریے کی حمایت کرتی ہیں۔

اس بے بنیاد سازشی نظریے یا سوچ پر یقین رکھنے والوں کا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ حکومت، ذرائع ابلاغ اور تجارتی اداروں میں شامل ایسے لوگوں کے خلاف خفیہ جنگ کر رہے ہیں جو شیطان کی عبادت کرتے ہیں اور بچوں سے جنسی زیادتی کا ارتکاب کرتے ہیں۔

مارجوری ٹیلر گرین نے آن لائن ویڈیوز میں اس نظریے کو فروغ دیا ہے مگر انھوں نے اگست میں امریکی ادارے فاکس نیوز کو ایک انٹرویو میں کیو اے نن سے لاتعلقی اختیار کرنے کی کوشش کی تھی۔

انھوں نے کہا کہ انھیں ان نظریات میں 'بے بنیاد معلومات' ملی ہیں اور انھوں نے اصرار کیا کہ انھوں نے 'مختلف راستہ' چُن لیا ہے۔

لیکن انھوں نے ایک اور ریکارڈ قائم کیا ہے اور وہ شمال مغربی جارجیا سے کانگریس میں پہنچنے والی پہلی خاتون کا ہے۔

امریکہ کے سابق خلا باز مارک کیلی نے ایریزونا کی ریاست سے سینیٹ کا رکن منتخب ہونے میں کامیابی حاصل کر لی ہے لیکن وہ پہلے سابق خلاباز نہیں ہیں جنھوں نے انتخابات میں حصہ لیا ہو، اور کامیابی حاصل کی ہو۔

اوہایو کی ریاست سے سابق سینیٹر جان گلین سینیٹ کا رکن بننے والے پہلے سابق خلاباز کا اعزاز رکھتے ہیں۔ انھوں نے سنہ 1974 میں پہلی انتخابی کامیابی حاصل کی تھی اور انھوں نے یہ نشست 1999 تک اپنے پاس رکھی۔

مارک کیلی 54 دن خلا میں گزار چکے ہیں اور اُن کے جڑواں بھائی سکاٹ کیلی بھی ناسا کے ریٹائرڈ خلا باز ہیں۔