آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
قطر پر پابندیاں برقرار رہیں گی: سعودی عرب
سعودی عرب اور اس کے تین عرب اتحادی ممالک کی جانب سے قطر کو پیش کیے گئے مطالبات مسترد کیے جانے کے بعد قطر پر پابندیاں برقرار رکھنے کا کہا ہے۔
بدھ کو قاہرہ میں چار عرب ممالک کے وزرا خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کہا گیا ہے کہ انھیں مطالبات کی فہرست پر قطر کے ’منفی‘ ردعمل پر افسوس ہوا ہے۔
وزرا خارجہ کا کہنا تھا کہ ’قطر نے صورتحال کی سنجیدگی اور اہمیت کو سمجھنے کی کوشش نہیں کی۔‘
خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت چار عرب ممالک مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ انتہاپسندی کی معاونت کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کو جب قطر کو دی جانے والی دس روزہ ڈیڈ لائن ختم ہو گئی تھی تو اسے عرب ممالک نے مزید 48 گھنٹوں کی مہلت دی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل سعودی عرب نے بدھ کو کہا تھا کہ چاروں ممالک کو قطر کا جواب موصول ہوا ہے اور وہ اس کا 'درست وقت پر' جواب دیں گے۔
چار عرب ممالک کے وزرا خارجہ کے درمیان یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایک روز قبل ہی ان چاروں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان نے قاہرہ میں ملاقات کی تھی۔
قطر کے وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے پیر کو سرکاری جواب کویتی حکام جو کہ اس معاملے میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے کے حوالے کیا تھا تاہم اس جواب کو ابھی تک خفیہ رکھا گیا ہے۔