سکاٹ لینڈ سے روس کا سفر: ’رشوت کی قیمت، ایک مصافحہ دو سگریٹ‘

گاڑی پر سکاٹ لینڈ سے روس جانے میں کتنی دیر لگتی ہے؟ فوٹوگرافر جیمز پارکر نے اپنا کیمرا اٹھایا اور اپنی کلاسک گاڑی مورس مائنر میں بیٹھ کر تقریباً 10 ہزار میل کا سفر طے کیا اور ساتھ ساتھ چندے کے لیے رقم بھی جمع کی۔

19 ممالک، تین صحرا اور دو دریاؤں سے گزر کر جیمز اپنی منزل تک 53 دن پر محیط سفر طے کر کے پہنچے۔

اس سفر کے دوران ان کی خصوصی توجہ راستے میں ملنے والے مردوں پر تھی جن سے مل کر وہ یہ جاننا چاہتے تھے کہ مغرب سے مشرق کے سفر کے دوران صنفی تفریق کس طرح بدلتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سفر کے دوران 'مجھے اس بات کا احساس ہوا کہ میں ان لوگوں کو، ان چیزوں کو، اس صورتحال کی تصاویر بنا رہا تھا جہاں مجھے خود اپنی پہچان اور موجودگی محسوس ہو رہی تھی۔'

اس وجہ سے جیمز کی زیادہ تر تصاویر اپنے جیسے نوجوانوں کی تھی۔ انھوں نے ان نوجوانوں سے دوستیاں کیں اور ان دوستیوں کا اصل سبب ان نوجوانوں کی گاڑیاں اور سائکلیں تھیں۔ 'سائیکل ایک ایسی عالمگیر چیز ہے جسے استعمال کرنے کے لیے آپ کو کسی زبان سیکھنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔'

اس کے علاوہ جیمز کو اپنی گاڑی کی وجہ سے بھی کافی فوائد ملے۔

'ہم کہیں بھی سستانے کے لیے رکتے، فوراً ہمیں کوئی نہ کوئی کافی پلانے کے لیے مل جاتا۔ دس میکینک پہنچ جاتے، گاڑی کا بونٹ کھول لیتے اور وہاں ایسا لگتا کہ ہم فارمولا ون کے گیراج میں ہیں، بس بڑی توند والوں کے ساتھ ۔۔۔ '

اس سفر سے جیمز کی بہت سی اچھی یادیں وابستہ ہیں لیکن ان کو بہت جلد احساس ہوا کہ دن میں دس گھنٹہ گاڑی چلانا بہت تھکن آور ہو سکتا ہے۔

اس کے علاوہ دوسرا مسئلہ جو ان کو درپیش آیا وہ کہ کس طرح انھیں بیابان علاقوں میں گاڑی کے لیے پیٹرول اور کھانے کا سامان ملے گا۔

کئی جگہوں پر انھیں پولیس نے روکا لیکن جیمز نے کہا کہ 'سفر کے دوران کم سے کم رشوت جو میں نے دی وہ ایک مصافحہ اور دو سگریٹ تھے۔'

کئی جگہوں پر انھیں پولیس نے روکا لیکن جیمز نے کہا کہ 'سفر کے دوران کم سے کم رشوت جو میں نے دی وہ ایک مصافحہ اور دو سگریٹ تھے۔'

لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود ان کا کہنا تھا کہ 'گوبی صحرا میں رات بسر کرنا، استنبول میں فوج کے تختہ الٹنے کی کوشش کے دوران راستہ بھٹک جانا، کاپاڈوچیا میں علی الصبح غبارے میں سفر کرنا بہت یاد گار تھا۔'

لیکن پورے سفرکی سب سے خاص بات؟ تمام راستے جیمز کی گاڑی ایک دفعہ بھی پنکچر نہیں ہوئی۔

* تمام تصاویر جیمز پارکر نے لی ہیں۔