آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
موصل سے پسپائی اختیار نہ کریں: ابوبکر البغدادی
خود کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم نے اپنے سربراہ ابو بکر البغدادی کا ایک نیا آڈیو پیغام جاری کیا ہے جو اس کے بقول ان کے سربراہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
اگر یہ پیغام صحیح ہے تو گذشتہ ایک برس کے دوران ابو بکر البغدادی کی جانب سے جاری ہونے والا یہ پہلا عوامی پیغام ہے جو ان افواہوں کو دور کرتا ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔
آڈیو پیغام میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ عراقی فوج کے خلاف موصل شہر کا دفاع کریں جو شدت پسندوں سے موصل کو دوبارہ واپس لینے کی کوشش کر رہی ہے۔
دولتِ اسلامیہ کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری ہونے والے پیغام میں کہا گیا ہے 'عزت سے اپنے موقف پر ڈٹے رہنا شرمندگی سے پسپا ہونے سے ہزارگنا زیادہ آسان ہے۔'
آڈیو پیغام میں مزید کہا گیا ہے ' پسپائی اختیار نہ کریں، اس مکمل جنگ اور عظیم جہاد نے ہمارے ایمان کو پختہ کیا ہے کہ انشا اللہ فتح ہماری ہی ہو گی۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دولت اسلامیہ کے سربراہ ابو بکر البغادی کے ٹھکانے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے لیکن کچھ حکام کا کہنا ہے کہ شاید وہ موصل میں شدت پسندوں کے ساتھ ہو سکتے ہیں۔
دولت اسلامیہ کے سربراہ کے صوتی پیغام کی حقیقت کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
ابو بکر البغادی کی موت کے حوالے سے کئی برسوں سے افواہیں گردش کرتی رہی ہیں۔ گذشتہ سال بھی عراقی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے ان کے قافلے کو نشانہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ دولتِ اسلامیہ نے دو برس قبل موصل میں البغدادی کی خلافت کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب عراقی افواج کی موصل کے تین اہم محاذوں کی جانب پیش قدمی جاری ہے اور اس نے کرد پیشمرگاہ، شیعہ ملیشیا اور سنی عرب قبائلیوں کی مدد سے شہر کے مضافات میں موجود درجنوں دیہاتوں اور ضلعوں پر قبضہ کر لیا ہے۔
عراقی فوج نے بدھ کو شہر کے مشرقی حصے پر واقع ضلع کوکجلی پر قبضے کے بعد وہاں کی گلیوں میں دولتِ اسلامیہ کے بچ جانے والے جنگجوؤں کو تلاش کیا۔
اس سے قبل انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا تھا کہ اس بات کے شواہد بڑھتے جا رہے ہیں کہ کچھ سنی ملیشیا قبائل دولت اسلامیہ سے تعلق کے شبہے مقامی مردوں اور لڑکوں کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہے ہیں۔