آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
نیویارک کے پل پر روسی صدر کی تصویر سے سب حیران
امریکہ کے شہر نیویارک میں جمعرات کو مین ہٹن کے علاقے میں واقع پل پر ایک بڑا بینر دکھائی دیا جس پر روسی صدر ولادی میر پوتن کی تصویر اور لفظ ’پیس میکر‘ یا امن کا داعی درج تھے۔
جب اس بینر کو نیو یارک میں مین ہٹن اور بروکلین کو آپس میں جوڑنے والے پل پر لٹکایا گیا تو اس پر روسی صدر اور ان کے ملک کا جھنڈا بنا ہوا تھا۔
اس پراسرار بینر کی تصاویر فوراً ہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ٹرینڈ کرنے لگیں۔
بعد میں پولیس اہلکاروں نے جلد ہی اس بینر کو وہاں سے ہٹا دیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا، تاہم فی الحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
خیال رہے کہ امریکہ اور روس کے درمیان حالیہ دنوں میں شدید تناؤ کی صورتحال ہے۔
امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی پر ہونے والے سائبر حملوں کے بعد سے روس پر امریکی صدارتی انتخابات میں دخل اندازی کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔
اس کے علاوہ گذشتہ ماہ شام میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہوا اور رواں ہفتے کے آغاز میں امریکہ نے شام میں روس کے ساتھ مل کر شدت پسندوں کے خلاف مربوط فضائی حملے کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات بھی معطل کر دیے ہیں۔