آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
حلب کے محصور علاقوں میں زندگی جہنم ہے: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے ایک اعلیٰ افسر نے کہا ہے کہ حلب کے باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں بسنے والے عام شہری زندگی میں ہی 'جہنم' کی صعوبتوں سے دوچار ہیں۔
سٹیفن اوبرائن نے متحارب فریقین سے کہا کہ وہ سینکڑوں ایسے لوگوں کے انخلا کی اجازت دیں جن کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں اگلے مورچوں پر روسی جنگی جہازوں نے گزشتہ رات درجنوں حملے کیے ہیں۔ ان حملوں کی وجہ شامی فوجوں کو شہر کے شمالی علاقوں میں مزید علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے کا موقع مل گیا۔
اس کے گھنٹوں بعد شامی فوج نے باغی جنگجوؤں کو پیشکش کی کہ اگر وہ مشرقی حلب کو خالی کر دیں تو انہیں محفوظ راستہ دیا جا سکتا ہے۔
اتوار کے روز شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سنا سے جاری ہونے والے ایک بیان میں باغی جنگجوؤں کو یہ پیشکش کی گئی تھی اور انہیں کہا گیا تھا کہ روسی اور شامی فوجی قیادت ان کے لیے محفوظ راستے کی گارنٹی فراہم کرے گی اور اگر ضروری ہوا تو انہیں امداد بھی دے گی۔
حکومت کئی ماہ سے شہر کے مشرقی علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھی جو طویل عرصے سے اپوزیشن کا گڑھ چلا آ رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے اعلیٰ افسر سٹیفن اوبرائن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں شہر کے مشرقی علاقے پر ہونے والے مسلسل حملوں پر شدید تشویش ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہر کے مشرقی علاقے میں طبی سہولتیں تقریباً تباہ ہو چکی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اطلاعات کے مطابق سنیچر کو ہونے والی بمباری میں حلب کے مرکزی ٹروما ہسپتال کو تیسری بار نشانہ بنایا گیا۔
ہسپتال کے ریڈیالوجی کے شعبے میں کام کرنے والے ایک ملازم نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہسپتال اب مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا ہے۔
حلب کسی زمانے میں شام کا تجارتی اور صنعتی مرکز ہوا کرتا تھا لیکن 2012 سے یہ تقریباً دو حصوں میں بٹا ہوا ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق شام میں جاری تشدد میں اب تک ڈھائی لاکھ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ برطانیہ میں قائم ایک ادارے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی اصل تعداد چار لاکھ تیس ہزار ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اڑتالیس لاکھ افراد ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں جبکہ 65 لاکھ ملک کے اندر نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔