عمر اکمل اور اسد شفیق کی ون ڈے سکواڈ میں واپسی

ایک روزہ سیریز کے لیے منتخب ٹیم میں بلے بازوں عمر اکمل اور اسد شفیق کی واپسی ہوئی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنایک روزہ سیریز کے لیے منتخب ٹیم میں بلے بازوں عمر اکمل اور اسد شفیق کی واپسی ہوئی ہے

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اس ماہ کے آخر میں شروع ہونے والی تین میچوں کی ایک روزہ کرکٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات کے طویل دورے پر ہے جہاں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کا آغاز 30 ستمبر سے ہوگا اور اس کے بعد تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے دو میچوں میں پاکستان کامیاب رہا ہے۔

کرکٹ مبصرین اس بات پر متفق ہیں کہ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو زیر کرنا ممکن نہ ہوگا لیکن وہ محدود اوورز کے میچوں میں برابر کا مقابلہ دیکھ رہے ہیں۔

ایک روزہ سیریز کے لیے منتخب ٹیم میں بلے بازوں عمر اکمل اور اسد شفیق کی واپسی ہوئی ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف کھیلنے والی ٹیم میں سے سمیع اسلم اور عمر گل کو چنا نہیں گیا۔ فٹنس کے مسائل کے پیشِ نظر محمد حفیظ کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے منتخب کی گئی ٹیم کی کپتانی اظہر علی کو ہی سونپی گئی ہے جبکہ حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے کپتان سرفراز احمد نائب کپتان ہوں گے۔

منتخب ایک روزہ ٹیم میں اس کے علاوہ شرجیل خان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد رضوان، محمد نواز، عماد وسیم، یاسر شاہ، راحت علی، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی اور سہیل خان بھی شامل ہیں۔