بولٹ کا ریو میں دوسرا، اولمپکس میں آٹھواں طلائی تمغہ

،تصویر کا ذریعہAP
برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری اولمپکس مقابلوں میں جمیکا کے یوسین بولٹ نے 100 میٹر کے بعد 200 میٹر کی دوڑ میں میں بھی طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔
وہ 100 میٹر کی طرح اس ریس میں بھی تین اولمپک طلائی تمغے جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔
بولٹ نے جمعرات کو ہونے والی دوڑ میں مقررہ فاصلہ 19.78 سیکنڈز میں طے کر کے ریو اولمپکس 2016 میں دوسرا جب کہ مجموعی طور پر اولمپکس میں آٹھواں طلائی تمغہ جیتا۔
اس دوڑ میں کینیڈا کے آندرے ڈی گراس نے چاندی اور فرانس کے کرسٹو لیماٹری نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
200 میٹر کی دوڑ میں کامیابی کے بعد بولٹ نے بی بی سی سپورٹس کو بتایا ’میں اسی لیے یہاں آیا ہوں اور یہ ایک شاندار احساس ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’جب میں نے لائن کو عبور کیا تو میں خوش نہیں تھا لیکن اب میں پر جوش ہوں کہ میں نے سونے کا تمغہ حاصل کیا جو کہ اہم چیز ہے۔‘
جمیکن ایتھلیٹ بولٹ اب سنیچر کو 4x100 میٹر ریلے ریس میں حصہ لیں گے اور ان کی کوشش یہاں بھی اپنی ٹیم کو طلائی تمغہ جتوانے کی ہی ہوگی۔
وہ 2008 اور 2012 کے اولمپکس میں 100 میٹر، 200 میٹر اور 4x100 میٹر کی ریس میں گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔
بولٹ نے فروری میں کہا تھا کہ وہ سنہ 2017 میں ہونے والی عالمی چیمپیئن شپ کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔



