ریو 2016: امریکہ اور چین کے بعد برطانیہ تیسرے نمبر پر

،تصویر کا ذریعہGetty
برازیل کے شہر میں جاری ریو اولمپکس میں آٹھویں دن امریکہ، جمائیکا اور برطانیہ کے ایتھلیٹس کا دبدبہ رہا جبکہ پورٹوریکو نے پہلی بار طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔
امریکہ نے24 طلائی تمغوں کے ساتھ مجموعی طور60 تمغے حاصل کیے اور وہ سرفہرست ہے جبکہ چین 13 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
سنیچر کا دن برطانیہ کے لیے بہت بہتر رہا۔ اس نے آٹھویں دن آٹھ تمغے حاصل کیے اور اب وہ دس طلائی تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ جرمنی چوتھے اور جاپان پانچویں نمبر پر ہے۔
برطانیہ کے لیے محمد فرح نے گرنے کے باوجود 10 ہزار میٹر کی دوڑ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ یہ ان کا اولمپکس کھیلوں میں تیسرا طلائی تمغہ ہے۔
خواتین کی 100 میٹر دوڑ میں جمائیکا کی ایلین تھامپسن نے شیلی این فریزر کی حکمرانی کو ختم کردیا اور طلائی تمغہ حاصل کیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
سوئمنگ میں امریکی لیجنڈ تیراک مائیکل فیلپس نے ریو کا پانچواں اور مجموعی طور پر اپنے کریئر کا 23واں طلائی تمغہ حاصل کیا۔
فیلپس نے اپنا آخری طلائی تمغہ 4x100 میٹر میڈلے ریلے میں حاصل کیا۔ برطانیہ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ کانسی کا تمغہ آسٹریلیا کے حصے میں آیا۔
ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلے میں ارجنٹینا کے جوان مارٹن ڈل پوٹرو فائنل میں پہنچ گئے ہیں جہاں طلائی تمغے کے لیے ان کا مقابلہ برطانیہ کے ومبلڈن چیمپیئن اینڈی مرے سے ہوگا۔
خواتین کے سنگلز مقابلے میں پورٹوریکو کی مونیکا پوئگ فاتح رہیں اور اس طرح انھوں نے اپنے ملک کو پہلا طلائی تمغہ دلایا۔ چاندی کا تمغہ جرمنی کی اینگلیکے کیربر نے حاصل کیا۔
شمشیر زنی کے خواتین مقابلے میں روس کا دبدبہ قائم ہے اور اس نے سیبرے فینسنگ میں بھی طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ویٹ لفٹنگ میں سنیچر کو ایران نے دوسرا طلائی تمغہ حاصل کیا۔ 94 کلو گرام وزن کے مقابلے میں سہراب مرادی نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔
سائیکلنگ میں برطانیہ کی خواتین ٹیم نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ امریکہ کو نقرئی تمغے پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔
روس میں ممنوعہ ادویات کے معاملے کو اجاگر کرنے والی ایتھلیٹ یولیا سٹیپینووا حفاظتی اقدام کے تحت نامعلوم مقام پر چلی گئی ہیں۔
عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے کہا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا جس سے ان کے لوکیشن کا علم ہو سکتا تھا۔



