پاکستان کے خلاف تیسرے میچ میں سٹوکس کی جگہ فِن شامل

،تصویر کا ذریعہReuters

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ایجبسٹن میں تین اگست سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے زخمی سٹوکس کی جگہ سٹیون فِن کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق انگلش ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک نے منگل کو فِن کو تیسرے ٹیسٹ میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔

25 سالہ بین سٹوکس اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بولنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔

کپتان کک نے سٹوکس کی جگہ سٹیون فن اور فاسٹ بولر جیک بیل میں سے ایک کا انتخاب کرنا تھا۔

سٹوکس اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بولنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسٹوکس اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بولنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے

کک نے سٹیون فن کے انتخاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ’فن کو ان کے ثابت شدہ ریکارڈ کی وجہ سے جگہ ملی اور وکٹوں حاصل کرنے قابلیت کی وجہ سے شامل کیا گیا۔‘

انگلینڈ کی جانب سے ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کے فیصلے کا مطلب ہے کہ معین علی ٹیم میں واحد سپنر ہوں گے جبکہ عادل رشید کو نہیں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ نو ماہ میں بین سٹوکس تیسری مرتبہ انجری کا شکار ہوئے ہیں۔گذشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں وہ کندھے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے اور ایک روزہ اور ٹی 20 میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

رواں سال مئی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں وہ گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوکر ایک ماہ کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے تھے۔