پاکستان کی جیت لیکن ٹاپ آررڈ بیٹنگ پھر ناکام

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
ایشیا کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے متحدہ عرب امارات کو سات وکٹوں سے شکست دے دی لیکن ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کی ناکامی ایک بار پھر سائے کی طرح اس کے ساتھ لگی رہی۔
130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو چوتھا اوور ختم ہونے سے پہلے ہی اس کی تین وکٹیں حریف کپتان امجد جاوید نے حاصل کر کے پاکستانی ڈریسنگ روم میں بے سکونی پیدا کردی تھی۔ تاہم عمراکمل اور شعیب ملک کی نصف سنچریوں اور چوتھی وکٹ کے لیے 114 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے پاکستانی ٹیم کو دو پوائنٹس دلا دیے۔
یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں چوتھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت بھی ہے۔
محمد حفیظ کی ٹی ٹوئنٹی میچوں میں مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ دراز ہوتا جارہا ہے ۔ اس بار وہ صرف 11 رنز بنا سکے۔
شرجیل خان ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے۔ ری پلے نےدکھایا کہ گیند اوپر لگی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
خرم منظور جو پہلے میچ میں شعیب ملک کی غلطی کے سبب رن آؤٹ ہوئے تھے اس بار پہلی ہی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہونے کے خود خِطاوار تھے۔
شعیب ملک اور عمر اکمل کو الگ کرنے کا سنہری موقع متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے اس وقت ضائع کردیا جب شعیب ملک کا 41 کے انفرادی سکور پر عثمان مشتاق نے کیچ گرا دیا۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں پر 129 رنز بنائے۔
پاکستانی فاسٹ بولرز محمد عامر، محمد سمیع اور محمد عرفان نے چار اوورز میں تین وکٹیں حاصل کر ڈالیں جس کے بعد شائمن انور، محمد عثمان اور کپتان امجد جاوید کی کوششوں کے نتیجے میں امارات کی ٹیم تین ہندسوں میں داخل ہوئی۔
عالمی کپ میں سنچری بنانے والے شائمن انور نے 46 رنز سکور کیے۔
محمد عامر ایک بار پھر حریف بیٹسمینوں پر چھائے رہے اور انھوں نے چار اوورز میں صرف چھ رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عرفان کے حصے میں بھی دو وکٹیں آئیں۔
شاہد آفریدی جنھوں نے بھارت کے خلاف اہم ترین میچ میں بولنگ کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی تھی چار اوورز کا کوٹہ مکمل کر تے ہوئے ایک وکٹ حاصل کی اور 92 میچوں میں اپنی وکٹوں کی تعداد بھی 92 تک پہنچادی البتہ اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے محمد نواز تین اوورز میں 26 رنز دے کر وکٹ سے محروم رہے۔



