ویسٹ انڈیز نے بھارت کو ایک وکٹ سے ہرا دیا

ویسٹ انڈیز میں کھیلی جا رہی سہ ملکی کرکٹ سیریز کے دوسرے میں میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے دی ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے جیت کے لیے دو سو تیس رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ ویسٹ انڈیز نے نو وکٹوں کے نقصان پر سینتالیس اعشاریہ چار اوورز میں حاصل کر لیا۔
ویسٹ انڈیز کی اننگز کے بہترین بلے باز جونسن چالز تھے۔ انھوں نے ستانوے رنز بنائے تاہم وہ اُس وقت آوٹ ہوئے جب ٹیم کو جیت کے لیے صرف انیس رنز درکار تھے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈوئین براوو نے بھی نصف سینچری بنائی۔
بھارت کی جانب سے امیش یادوو نے تین، اشانت شرما اور ایشون نے دو دو جبکہ رائنہ اور کمار نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر دو سو انتیس رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے کامیاب ترین بلے باز روہت شرما رہے جنہوں نے ساٹھ رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کمار روچ، ٹینو بیسٹ اور ڈیرن سیمی نے دو دو جبکہ سیمیوئلز نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
اس سے قبل ٹونامنٹ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
سیریز کا اگلا میچ دو جولائی کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان کنگسٹن میں کھیلا جائے گا۔



