
لندن میں جاری پیرالمپکس کے دوسرے روز میڈلز کی دوڑ میں چین سرِفہرست ہے جس نے تیرہ طلائی تمغوں سمیت کُل چونتیس میڈلز جیتے ہیں۔
چین نے دس چاندی اور گیارہ کانسی کے تمغے حاصل کیے ہیں۔
آسٹریلیا سات طلائی، چار چاندی اور آٹھ کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسرے جبکہ یوکرین چھ سونے کے تمغوں سمیت سولہ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
جمعہ کو ہونے والے مقابلوں میں خواتین کی سو میٹر ریس میں روس کے کپرانوو نے طلائی جبکہ نیدرلینڈ کی سیمنز نے چاندی اور آسٹریلیا کی لٹل نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
مردوں کی سائیکلنگ میں امریکہ کے جوزف بیرینی نے سونے، برطانیہ کے شون میککیون نے چاندی اور برطانیہ ہی کے ڈیرن کینی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
مردوں کی چار سو میٹر تیراکی میں سونے کا تمغہ چین نے حاصل کیا جبکہ چاندی اور کانسی کے تمغے برطانیہ کے تیراکوں نے حاصل کیے۔
خواتین کی چار سو میٹر تیراکی میں پہلی پوزیشن امریکہ جبکہ دوسری برطانیہ اور تیسری پوزیشن آسٹریلیا کی تیراک نے حاصل کی۔






























