
ہاشم عاملہ شاندار اننگز پر مین آف دی میچ رہے
جنوبی افریقہ نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو اسی رنز سے شکست دے دی ہے۔
انگلینڈ کے شہر ساؤتھ ہمٹن کے روز باؤل گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ کی خاص بات جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کی ایک سو پچاس رنز کی شاندار اننگز تھی۔
دو سو اٹھاسی رنز کے ہدف کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم چالیس اعشاریہ چار اوورز میں دو سو سات رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کے اوپنر سمیت تین بلے باز اپنا کھاتہ نہیں کھول سکے اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔
بیل اور پٹیل پینتالیس، پینتالیس رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
جنوبی افریقہ کے مورکل، پیٹرسن اور پرنیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر دو سو ستاسی رنز بنائے۔
ہاشم آملہ نے سولہ چوکوں کی مدد سے ایک سو پچاس رنز بنائے اور مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے۔
اس کے علاوہ سمتھ نے باؤن رنز سکور کیے۔
انگلینڈ کے سوان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کو پانچ میچوں کی سریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔
چوبیس اگست کو کھیلے جانے والا پہلا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔
اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔






























